مئی 7, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

10اپریل2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازی خان

پولیس تھانہ سٹی نے گمشدہ گونگا بہرا بچہ لواحقین سے ملا دیا۔تفصیلات کے مطابق دوران گشت ایس ایچ او پولیس تھانہ سٹی فاروق آفاق کو ایک بچہ ملا

جو پیدائشی طور پر گونگا بہرا تھا جسکی عمر 13 سال تھی اپنا نام و پتہ نہیں بتا سکتا تھا جس پر فوری کاروائی عمل میں لاتے ہوئے

ایس ایچ او فاروق آفاق نے ڈالفن سٹی اور ایگل سٹی کو احکامات جاری کرکے لواحقین کی تلاش شروع کردی۔

بالاآخر بچے کے والدین جوکہ بھٹہ کالونی کے رہائشی تھے حوالے کردیا گیا

لواحقین بچہ مل جانے کے بعد خوشی سے آبدیدہ ہوگئے اور ایس ایچ او پولیس تھانہ سٹی اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا

اس موقع پر ایس ایچ او کا کہنا تھا کے اپنے بچوں کاخاص خیال رکھیں انہیں گھر سے باہر نہ نکلنے دیں آپ گھر رہیں ہم آپکی حفاظت کے لئے گھر سے باہر ہیں۔


ڈیرہ غازیخان

سبزی منڈی میں کررونا آگاہی مہم کے سلسلہ میں مارکیٹ کمیٹی،میونسپل کارپوریشن نے نیشنل صفائی مہم کا آغاز کیا گیا

چیرمین مارکیٹ کمیٹی ملک حاجی رفیق اعوان نے میونسپل کارپوریشن کے عملے کے ہمراہ صفائی مہم کا افتتاح کیا

اور صفائی ورکرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انکو اعزاز سے نوازا اور ان پر گل پاشی کی گئی اس موقعہ پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی علی عباس کھوسہ،

حاجی رحیم آصف مجددی، خرم کنگ،ڈاکٹر محمود شیخ، کامران گشکوری،عبد المجید اور عبد الرشید بھٹی انکے ہمراہ تھے

حاجی رفیق اعوان نے کہا کہ منڈی میں صفائی مہم کا آغاز کررونا آگاہی مہم کے سلسلہ میں کیا گیا ہے اور اس کو مسلسل جاری و ساری رکھا جائے گا

شہری کی منڈی کو مثالی منڈی بنائیں گے سیاسی و سماجی شخصیات نے صفائی مہم کو نیشنل سطح کی شعوری کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ حاجی رفیق اعوان کی رہنمائی میں منڈی ایک مثالی منڈی ہو گی۔


ڈیرہ غازیخان :

مشیر صحت وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پرصوبہ میں صنعتوں کے قیام کیلئے پچاس لاکھ روپے تک کے قرضے دیئے جائیں گے.

پنجاب روزگار سکیم متعارف کرانے کیلئے پی سی ون تیار کیا جارہاہے. ریجنل ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز سلیم اللہ قیصرانی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ

پنجاب سمال انڈسٹریز کے تحت زیادہ سے زیادہ لوگوں کو قرض کی سہولت فراہم کی جائے. ریجنل ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ

ادارہ کے تحت ڈیرہ غازیخان اور جام پور تحصیل میں لکڑی کے کام، نقاشی اور ہنر مند افراد کو روزگار فراہم کرنے کیلئے پہلے مرحلے میں دو سو افراد کو پچاس ہزار سے تین لاکھ روپے تک کے قرضے دیئے جائیں گے

جس کیلئے ستر لاکھ روپے فراہم کر دیئے گئے ہیں. پنجاب سمال انڈسٹریز کی دستکاری سکیم کے تحت ڈیر ہ غازیخان اور راجن پور اضلاع کے 475سے زائد افراد میں تین کروڑ روپے کے بغیرشرح سود پر قرضے دیئے جائیں گے

جس کیلئے درخواستوں کی وصولی شروع کر دی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ مئی میں تقریبا چار کروڑ روپے کا قرضہ دیا جائے گا.

کاروبار کے فروغ کیلئے شرائط پر پورا اترنے والے افراد تین سال تک کی ماہانہ اقساط کے ذریعے ادائیگی کریں گے.

علاوہ ازیں مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہاکہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ ضلع ڈیرہ غازیخان کے افراد میں ایک ارب 84کروڑ روپے کی امداد کی سلسلہ شروع کر دیاگیا ہے

پہلے مرحلے میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ 74ہزار اور دوسرے مرحلے میں 78ہزار خاندانوں کو امداد دی جائے گی.


ڈیرہ غازی خان

عمران خان نے اپنوں کو بینقاب کر کے مثال قائم کی ملاوٹ مافیا اور ذخیرہ اندوز کسی رعایت کے مستحق نہیں نام نہاد خادم اعلی کی کمرے میں بیٹھ کر تنقید افسوسناک۔

ان خیالات کا اظہار مشیر صحت وزیر اعلی پنجاب حنیف خان پتافی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ

وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ہی جماعت کے افراد کے خلاف آٹے،چینی کے بحران کی رپورٹ پاکستان کی عوام کے سامنے لا کر اعلی مثال قائم کی ہے

جس پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں حنیف خان پتافی نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی

حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف اپنا اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔


ڈیرہ غازیخان :

آ ل پاکستان مسلم لیگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری شیر جہان ہوتانی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سابقہ صدیوں کی طرح ایک موذی وباء یعنی عذاب الٰہی ہے اور پوری دنیا کی بد اعمالی کا نتیجہ ہے

اس کی وجوہات پوری دنیا میں کمزور انسانوں کو انصاف نہ دینا با لخصوص مقبوضہ کشمیر،فلسطین،برما،یرو شیلم،ہندوستان و دیگر ممالک میں رہنے والے مسلمانوں پر مظالم اور امت مسلمہ کی آپس میں بے

اتفاقی،اسلام سے دوری اور نمائشی عبادتوں کے نتائج کا خمیازہ ہے جو پوری دنیا کو بھگتنا پڑ رہا ہے صحافیوں سے گفتگو کر تے ہو ئے ان کا کہنا تھا کہ

پاکستان میں اس وباء کو لوگوں نے مذاق بنایاہوا ہے اگر پاکستانی قوم نے حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی کی تو عوام کو سنگین نتائج کا سامنا کر نا پڑے گا

اگر امت مسلمہ اور پاکستانی قوم اس عذاب الٰہی سے نجات چاہتی ہے تو سب سے پہلے توبہ استغفار پھر احتیاطی تدابیر پر ضرور عمل کریں

حکومتی،سائنسی اور ڈاکٹروں کے مشوروں پر عمل ضروری ہے ان مشکل اور بد ترین حالات میں احتیاط کے ساتھ اپنے غریب ہمسائیوں،رشتہ داروں کا بھی خاص خیال رکھیں

انسانی،اخلاقی محبت کو بھی دور نہ کیا جا ئے یہی بچنے کا واحد راستہ ہے قوم سے اپیل ہے کہ

آوارہ گھومنے سے پرہیز کریں صرف دن رات اللہ کے حضور گڑ گڑا کر توبہ و استغفار کریں۔


ڈیرہ غازیخان :

ریجن بھر میں قائم احساس کفالت پروگرام سنٹرز پر عوام کو رقوم کی بحفاظت تقسیم کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات تفصیل کے مطابق

آر پی او ڈی جی خان عمران احمر نے ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان طاہر فاروق کے ہمراہ ضلع راجن پو ر میں قائم احساس کفالت پروگرام سنٹرز کا وزٹ کیا

آرپی او نے دوران وزٹ کیمپس پر سکیورٹی، حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کا جائزہ لیا اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ

تما م ڈسٹر کٹ پولیس آفیسران کو احساس کفالت پروگرام سنٹرز /پوائنٹ،کیمپس پر بحفاظت رقوم کی تقسیم کو یقینی بناتے ہوئے

فو ل پروف انتظامات کریں بنکوں سے احساس پروگرام سنٹر ز تک رقم پہنچانے کے لیے خاص سکیورٹی فراہم کی جائے

سنٹرز پر عملے کے ساتھ بھر پور معاونت فراہم کریں ” کرونا وائرس ” کے خلاف جنگ میں پولیس فرنٹ لائن پر لڑ رہی ہے

پولیس کو تما م مکاتب فکر اورسول سوسائٹی کا بھر پور تعاون حاصل ہے احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے آگاہی مہم کے ذریعے ہرپوائنٹ پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں

لوگوں کو ایک دوسرے سے فاپرصلہ رکھنے،آپس میں میل ملاپ غیرضروری گفتگو سے اجتناب کرنے اور سنیٹائزر کا استعمال کرنے کی تنبیہ کریں

ڈیوٹی پوائنٹ پر افسران و جوان مکمل احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوں افسران تمام اہلکاران کو ڈیوٹی سے پہلے مکمل بریف کریں گے۔


ڈیرہ غازیخان :

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے آبائی علاقے تونسہ کا دورہ کیا. انہوں نے رات گئے بغیر پروٹوکول تونسہ شہر کا معائنہ کرتے ہوئے دفعہ 144پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات،

کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کیے گئے حفاظتی اقدامات، شہر میں صفائی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور امن وامان کی صورتحال کاجائزہ لیا.

وزیر اعلی کے دورہ سے انتظامیہ بھی لاعلم رہی. وزیر اعلی نے شہریوں سے کہا کہ گھر میں رہیں آ پ کا گھر محفوظ ہے.

کورونا سے بچنے کیلئے بلاضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں کورونا کے خلاف جنگ عوام کے تعاون سے جیتی جا سکتی ہے.

انہوں نے کہاکہ آزمائش کے وقت میں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر کورونامریضوں کا علاج کرنے والے حقیقی مسیحا ہیں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موجودہ صورتحال میں مثالی کردار ادا کررہے ہیں

کورونا کے خدشے کے باوجود دلجمعی سے فرائض سرانجام دینے والے افسروں اور اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ معاشی صورتحال پر پوری نظر ہے ان حالات میں نادار طبقے کو تنہا نہیں چھوڑیں گے. وزیر اعلی نے کہاکہ

انصاف امداد پروگرام کے ذریعے بیک وقت لاکھوں خاندانوں کی مالی امداد قومی ریکارڈ ہے۔ وزیر اعلی نے معززین علاقہ کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں.

ان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہاکہ کورونا وائرس سے پاکستان سمیت پوری دنیا کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے

اوربدلتے حالات میں شہریوں کو بھی اپنے روز مرہ کے معمولات کو بدلنا ہو گا انہوں نے کہاکہ موذی مرض کو شکست صرف گھر وں میں رہنے اور سماجی فاصلے رکھنے سے دی جا سکتی ہے

پنجاب حکومت نے شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام کیا ہے شہری حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کر کے خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کو محفوظ بنائیں انہوں نے کہاکہ

تونسہ شہر کے مسائل پہلے بھی حل کئے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے.وزیر اعلی نے کہاکہ آپ سے میرا دلی رشتہ ہے اوریہ تعلق ہر آنے والے دنوں میں مضبوط تر ہو گا انہوں نے کہاکہ

اپوزیشن آج بھی سیاست چمکانے کی کوششوں میں مصروف ہے پاکستان کے عوام اپوزیشن رہنماؤں کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں

اپوزیشن جماعتوں نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو یکسر نظر انداز کیا ہے. وزیر اعلی سے تونسہ کے سینئر صحافی ملک منصور احمد کی زیرقیادت صحافیوں نے ملاقات کی.

صحافیوں کے وفد نے درپیش مسائل سے وزیر اعلی عثمان بزدار کو آگاہ کیاجس پر وزیر اعلی کی جانب سے صحافیوں کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی.

وزیر اعلی نے کہاکہ چھوٹے شہروں کے صحافیوں کے مسائل بھی حل کریں گے۔صحافی کالونی کا دائرہ کار بتدریج ڈویژن کی سطح تک بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ذمہ دارانہ صحافت وقت کا تقاضا ہے.کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی آگاہی میں صحافت کا کردار اہم ہے

ان حالات میں میڈیا کا مثبت کردار لائق تحسین ہے کورونا وائر س کے باعث صحافی بھی ڈاکٹرز کی طرح فرنٹ لائن پر اپنا فرض ادا کر رہے ہیں.

وزیر اعلی سردار عثمان احمد خان بزدار نے رات تونسہ میں قیام کے بعد دوسرے روز تحصیل تونسہ کے دور افتادہ علاقے وہوا کا دورہ کیا.

انہو ں نے آر ایچ سی وہوا، بارڈ ملٹری پولیس سمیت دیگر اداروں کا تفصیلی معائنہ کیا.انہوں نے آر ایچ سی وہوا میں ضروری ادویات، ویکسین اور طبی سامان کی دستیابی کا جائزہ لیا

اور مختلف شعبے دیکھے. وزیر اعلی نے زیر تعمیر بلاک کا بھی معائنہ کیااور ہسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے قائم آئسو لیشن وارڈکا بھی جائزہ لیا.

انہو ں نے آئسو لیشن وارڈ میں طبی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں. وزیر اعلی نے رورل ہیلتھ سنٹر وہوا کو اپ گریڈ کر کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنانے کا اعلان کیا.

اوررورل ہیلتھ سنٹر وہوا کی رابطہ سڑک فوری تعمیر کرنے کا حکم بھی جاری کیا. وزیر اعلی نے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور مریضوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ

وہوا کے ہسپتال میں ٹراما سنٹر، ایکسرے کلر ڈویلپر سمیت صحت کی جدید سہولتیں فراہم کر کے اس ہسپتال کوطبی سہولتوں کے حوالے سے ماڈل بنائیں گے.

انہوں نے کہاکہ علاقے کے لوگوں کو ان کی دہلیز پر بہترین علاج معالجہ دیں گے. وزیر اعلی نے کہاکہ عوام کو معیاری ہیلتھ کیئر فراہم کرنے کے لئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے

وہوا کے ہسپتال میں ترقی یافتہ شہروں کے برابر سہولتیں فراہم کریں گے.وزیر اعلی عثمان بزدار نے وہوا میں ریسکیو 1122 اور کالج کی زیر تکمیل عمارتوں کا بھی معائنہ کیا

انہوں نے زیر تکمیل منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں.ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن و انفراسٹرکچر،

سیکرٹری آبپاشی، کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے.

علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے وہوا میں بارڈر ملٹری پولیس پوسٹ کا دورہ کیا. انہو ں نے پوسٹ پر تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی.

انچار ج بی ایم پی وہوا نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو بریفنگ دی. وزیر اعلی نے کہاکہ بارڈر ملٹری پولیس کو عوام کے جان ومال کی حفاظت کے لئے ممکنہ وسائل فراہم کریں گے

بارڈر ملٹری پولیس کے جوان قابل قدر اثاثہ ہیں وزیر اعلی عثمان بزدار نے وہوا میں لوگوں سے بھی ملاقات کی

اورانہیں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی. وزیر اعلی نے عوام سے کہاکہ کورونا کی وباء کا پھیلاؤ روکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے

عوام احتیاطی تدابیر اختیا ر کریں کورونا کے خلاف جنگ میں شکست کا کوئی آپشن نہیں یہ جنگ عوام کے تعاون سے ہر صورت جیتیں گے.


ڈیرہ غازیخان :

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار تونسہ سے اچانک کوٹ ادو پہنچ گئے انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو کا دورہ کیا۔

ہسپتال میں طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے سہولتوں کا بھی مشاہدہ کیا

وزیر اعلی عثمان بزدارکی آئسولیشن وارڈ میں ضروری انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کیں۔

وزیر اعلی عثمان بزدار کا تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ ادو کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ

تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو میں تمام ممکنہ وسائل دے کر بہتر بنائیں گے۔وزیر اعلی نے کہا کہ ڈاکٹراور پیرا میڈیکل سٹاف کی کورونا متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کے لئے

مثالی خدمات کو سراہتے ہیں۔ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف ہمارے سر کے تاج ہیں ۔کورونا وائر س کے مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں،

نرسوں اور دیگر عملے کو ایک ماہ بنیادی تنخواہ دی جائے گی- ڈاکٹر اور سٹاف محنت سے فرائض سرانجام دیں

یہ وقت دکھی انسانیت کی خدمت کا ہے -آپ نے مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کا علاج بھی کر نا ہے اور دلجوئی بھی ۔

پنجاب حکومت آپ کی ہر ممکنہ حوصلہ افزائی جاری رکھے گی-وزیر اعلی عثمان بزدار کو ہسپتال میں مریضوں کو مہیا کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔


تونسہ شریف:

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارکوہ سلیمان کے علاقے سنگھڑندی کے کنارے چوٹی کری ماڑھ پہنچ گئے
وزیر اعلی پنجاب سردار عثما ن کو دیکھ کر چوٹی کے ارد گرد آباد قبائلی لوگ جمع ہو گئے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کی اچانک آمد پرقبائلی لوگوں کا خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔

وزیر اعلی عثمان بزدار دو گھنٹے پتھریلی زمین پر بیٹھ کر قبائلی لوگوں سے ”حال احوال“ کرتے رہے،

وزیر اعلی عثمان بزدار نے قبائلی لوگوں سے بلوچی زبان میں گفتگوکی، کری ماڑھ کے رہائشی لوگوں کا علاقے میں سکول کے قیام کا مطالبہ کیا۔

وزیر اعلی عثمان بزدار کا کری ماڑھ میں سکول بنانے کا اعلان، کمشنر ڈیرہ غازی خان کو فوری ہدایات دیں

قبائلی لوگوں نے گفتگو کے دوران، رابطہ سڑک، گندم اور آٹے کی فراہمی، ویٹرنری ڈاکٹر اور ادویات کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

وزیر اعلی عثمان بزدار نے کمشنر اور مقامی انتظامیہ کو کری ماڑھ کے لوگوں کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کا حکم دیا.

وزیر اعلی عثمان بزدار کی بزرگ قبائلی کے ساتھ آنے والی4 سالہ بچی سے ”گپ شپ“ بھی کی ۔

”تمہارا نام کیا ہے؟“”تمہارے ابو جان کا کیا نام ہے؟“وزیر اعلی عثمان بزدار کی بچی سے بلوچی میں گفتگو

”میرا نام راجو بی بی“ہے-4 سالہ بچی کی وزیر اعلی عثمان بزدار سے گفتگو

وزیر اعلی عثمان بزدار نے راجو بی بی کو نقد رقم بھی دی۔عثمان بزدار نے کہا راجو بی بی اور اس علاقے میں بسنے والے ساری بچیاں میری بیٹیوں کی مانند ہیں –

وزیر اعلی عثمان بزدارکافی دیر راجو بی بی سے گفتگو کرتے رہے

وزیر اعلی عثمان بزدار کی بی ایم پی کے اہلکاروں کو ہدایت کی سب لوگوں کو میرے پاس آنے دیں، یہ سب میرے اپنے ہیں۔

وزیراعلی عثمان بزدار روانہ ہونے لگے تو ایک بزرگ کوآتے دیکھ کر پھر زمین پر بیٹھ گئے۔ بابا بگا خان وزیر اعلی عثمان بزدار کو دیکھ کرکھل اٹھے اور باتیں کرتے رہے

”میرا بابا بیمار ہے“وزیر اعلی عثمان بزدارنے بیمار والد کے علاج معالجے کیلئے درخواست لیکر آنے والے نوجوان کی فوری داد رسی کی کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن کو علاج کے انتظامات کرنے کی ہدایت کردی ۔

وزیر اعلی عثمان بزدار نے سنگھڑ ندی کے کنارے آبی ذخیرہ کی تعمیر کے منصوبے کا جائزہ لیا۔

ڈیرہ غازی خان میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کا بہت پوٹینشل ہے –

چھوٹے ڈیموں کی تعمیر سے آبپاشی کے ساتھ پینے کا صاف پانی بھی ملے گا-

محکمہ آبپاشی چھوٹے ڈیموں کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرے –

وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہیلی کاپٹر پر کوہ سلیمان کی مختلف سڑکوں اور زیر تکمیل منصوبوں کا مشاہدہ کیا
ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن اینڈ انفراسٹرکچر، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری آبپاشی، کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے

%d bloggers like this: