نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

مہک کماری کو شیلٹر ہوم بھیج دیا گیا

عدالت نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی کو حکم دیا ہے کہ وہ علیزہ کے شوہر علی رضا اور نکاح خواں پر کم سنی کے نکاح پر مقدمہ درج کریں۔
نو مسلم ہندو لڑکی کا کم عمری میں نکاح پڑھانے پر شوہر اور نکاح خواں کے خلاف مقدمہ

جیکب آباد سیکنڈ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے نو مسلم علیزہ جس کا ہندو نام مہک کماری تھا کے مقدمہ کا اپنے چیمبر میں فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا ہے کہ بچی کو دو سال کے لئے چائلڈ شیلٹر ہوم کے حوالے کیا جائے اور اس مقمہ کی مزید کارروائی بعد میں جاری رہے گی۔

اپنے حکم میں عدالت نے مزید کہا کہ نو مسلم علیزہ مسلم ہی رہے گی اور کیس کے ٹرائل کے ختم ہونے پر شوہر علی رضا سولنگی کے حوالے کیا جائے گا۔

عدالت نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی کو حکم دیا ہے کہ وہ علیزہ کے شوہر علی رضا اور نکاح خواں پر کم سنی کے نکاح پر مقدمہ درج کریں۔

ادھر نو مسلم علیزہ سے اظہار یکجہتی کے لئے مذہبی جماعتوں کی کال پر جیکب أباد شہر میں مکمل شٹر بند ہڑتال کی گئی ہے اور کاروباری مراکز بند ہیں۔

مذہبی تنظیموں کی جانب سے علیزہ کو شوہر کے حوالے کرنے کے کئیے ہائیکورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔

جے یوآئی جیکب أباد کے رہنما حماد اللّٰہ انصاری نے کہا ہے کہ لڑکی مسلمان ہو گئی ہے اس لئے اسے شوہر کے حوالے کیا جائے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق شوہر علی رضا اپنی بیوی نو مسلم علیزہ سے چائلڈ شیلٹر ہوم میں ملاقاتیں کر سکتا ہےاور اس کے علاوہ چائلڈ شیلٹر ہوم میں علیزہ کو کمپنی دے سکتا ہے۔

واضح رہے کہ جیکب آباد سے تعلق رکھنے والی ایک ہندو لڑکی جس نے چند روز قبل اپنے ہی شہر کے ایک مسلمان لڑکے کے ساتھ شادی کے بعد اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا تھا بعد میں لڑکی نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ اسے اپنے والدین کے ساتھ جانے کی اجازت دی جائے۔

لڑکی کے بیان کے بعد سیشن جج جیکب آباد نے لڑکی کو دوبارہ دارالامان بھجوا دیا تھا اور اس سلسلے میں فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

عدالت نے کم عمری کے باعث مہک کو دارالامان بھجوایا تھا جس پر جمیعت علما اسلام جیکب آباد کے رہنماؤں نے اسے مذہبی رنگ دیتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ لڑکی کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں وہ عدالت کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے اور لڑکی کے مذہب تبدیل کرنے پر بھی اسے مرتد قرار دے کر اسے سزا دلوائیں گے۔

مہک کماری نے اپنے علاقے کے مسلمان لڑکے علی رضا کے ساتھ شادی کر لی تھی۔ لڑکی نے مقامی عدالت میں 21 جنوری ک 164 کے بیان قلمبند کرائے جس پر عدالت نے مہک کو شوہر کے ساتھ رہنے کی اجازت دی تھی۔ لڑکی کا نام شوہر نے تبدیل کر کے علیزہ رکھ دیا۔

About The Author