نومبر 2, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کشمیر پر دنیا کی خاموشی حیران کن ہے،سابق رکن صوبائی اسمبلی ذیشان گورمانی

انہوں نے کہا کہ وہ آج اس موقع پر اپنے مظلوم اور محصور کشمیری بھائیوں کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم انکے ساتھ ہے

کوٹ ادو (محمداظہرفاروق سے)سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد ذیشان گورمانی نے کہا ہے کہ کشمیر پر دنیا کی خاموشی حیران کن ہے، معمولی سے واقعات کو بنیاد بناکر مسلمانوں کو بدنام کرنے والوں کو بھارتی ہٹ دھرمی اور مودی کا ہٹلر پن کیوں نظر نہیں آتا،کشمیری عوام اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھے،پوری پاکستانی قوم ان کیساتھ کھڑی ہے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو جمہوریت کا چیمپئن کہنے والا بھارت بتائے بھارت میں جاری ظلم اور نام نہاد قانون سازی کونسی جمہوریت ہے،معمولی واقعات پر مسلمانوں پر سیخ پا ہونے والی دنیا کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم اور مودی کے ہٹلر پن پر کیوں خاموش ہے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج 90 ہزار بچوں کو یتیم اور ایک لاکھ کشمیریوں کو شہید کرچکی، پوری کشمیری قیادت کو جیل میں ڈال دیا گیا،

انہوں کہا کہ وہ عہد کرتے ہیں کل بھی کشمیریوں کے ساتھ تھے اور ہمیشہ انکا مقدمہ لڑتے رہیں گے،محمدذیشان گورمانی نے کہا کہ اقوام عالم ہندوستان کو اس بات پر راضی کرے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دے جو ہر انسان کا بنیادی حق ہے،

انہوں نے کہا کہ وہ آج اس موقع پر اپنے مظلوم اور محصور کشمیری بھائیوں کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم انکے ساتھ ہے۔آج 5فروری ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اکٹھا ہوئے ہیں تاکہ دنیا کو یہ بتایاجاسکے کہ جموں و کشمیر کا مسلمان تنہا نہیں انکی پشت پرپوری ملت اسلامیہ کھڑی ہے انکی سفارتی اور اخلاقی مدد کرتے رہیں گے، اس موقع پر عتیق الرحمن خان گرمانی، قاضی نعیم، امجد خان گرمانی، ضیا ء الرحمن فاروقی،عبدالمطلب علی بھٹی، عمران عباس بھٹی،ملک محمد عامر کے علاوہ عمائدین علاقہ کی کثیرتعداد موجود تھی

About The Author