مئی 10, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

04فروری2020:آج ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

ٹی ایم اے اہلکاروں نے ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹ آفس ڈیرہ کے دفتر پر دھاوا بول دیا

ڈیرہ اسماعیل خان:ڈیرہ اسماعیل خان ٹی ایم اے اہلکاروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ،چار ماہ سے تنخواہوں کے بل پاس نہ ہونے پر اہلکاروں کا ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹ دفتر ڈیر ہ پر دھاوا ،

ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹ آفسیر ز سعید الرحمٰن خٹک اور عطاءاللہ کے خلاف شدید نعرہ بازی ،پچاس ہزار روپے رشوت لینے کے باوجود بل پاس کرنے کے لئے حیلے بہانے بنانے کے الزامات ،

احتجاج کے دوران دونوں ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹ افسران اپنے دفاتر سے غائب ہوگئے ،فوری بل پاس کرکے تنخواہوں کی ادائیگی کی یقینی بنانے کا مطالبہ ،

ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹی ایم اے کے اہلکار چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر سراپا احتجاج بن گئے اور تنخواہوں کا بل پاس نہ ہونے پر انہوںنے ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹ آفس پر دھاوا بول دیا اور وہاں احتجاج مظاہرہ کیا ۔

مظاہرین نے ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹ افسران کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ،اس موقع پر ٹی ایم اے ڈیرہ سٹاف یونین کے صدر رفیق چشتی اور دیگر رہنماﺅں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چار ماہ سے انہیں تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں

جس کی وجہ سے ان کے گھروں کے چولہے بجھ چکے ہیں اور وہ اپنے اہل وعیال سمیت فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے ہیں ۔فیسوں کی ادائیگی نہ کرسکنے پر ان کے بچوں کو سکولوں سے نکال دیاگیاہے ،

بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر ان کے میٹر اتارے جارہے ہیں جبکہ دکانداروں نے مزید انہیں ادھار پر سودا سلف دینا بند کردیاہے جس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ اور پریشانی شدید بڑھ گئی ہے ۔

ان کا کہناتھا کہ ٹی ایم اے اہلکاروں کی مالی مشکلات کے سبب وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور نے ان کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے خصوصی فنڈ منظور کرایا

جس کا بل سیکرٹری فنانس نے پاس کرکے ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹ آفس ڈیرہ میں بھیج دیا ہے لیکن یہاں ان کا بل پاس نہیں کیا جارہا ہے اور مختلف حیلے بہانوں اور اعتراض لگا کر انہیں در بدر کی ٹھوکریں کھانے کے لئے مجبور کیا جارہاہے ۔

انہوں نے الزام عائد کیاکہ اس ضمن میں اکاﺅنٹ آفس کے افسران ان سے پچاس ہزار روپے رشوت بھی وصول کرچکے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں چکر کٹوائے جارہے ہیں ۔

اس موقع پر ایپکا کے ضلعی صدر فدا حسین اور دیگر عہدیداران وہاں پہنچ گئے اور وہاں موجود سٹاف کے ساتھ مزاکرات کے دوران انہیں دویوم کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ ٹی ایم اے کا بل منظور نہ ہونے پر وہ سب مل کر اپنے احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے ۔


ریجنل پولیس آفیسرڈیرہ فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر)سید محمد امتیاز شاہ کی صدارت میں اجلاس کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ریجنل پولیس آفس ڈیرہ میں ریجنل پولیس آفیسرڈیرہ فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر)سید محمد امتیاز شاہ کی صدارت میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔\

اجلاس میں ضلعی پولیس سربراہ ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود،ضلعی پولیس سربراہ ٹانک عارف خان،ضلعی پولیس سربراہ ساوتھ وزیرستان شوکت علی،ایس پی تفتیش ڈیرہ و ٹانک اور تینوں اضلاع کے تمام سرکل ایس ڈی پی اوز،

،ایس ایچ اوز،تمام تھانہ جات کے تفتیشی عملہ و ٹریفک انچارج نے شرکت کی۔ریجنل پولیس آفیسرڈیرہ فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر)سید محمد امتیاز شاہ نے ماہ نومبر، دسمبر 2019و جنوری 2020کے کرائم کا جائزہ لیا

اور اس حوالے سے تینوں اضلاع کے ضلعی پولیس سربراہان نے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا

جس پر آر پی اوڈیرہ نے تینوں اضلاع کے پولیس سربراہان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام تھانہ جات میں ایس ایچ اوز کی تعیناتی میرٹ کی بنیاد پر کی جائے

اور تمام ایس ایچ اوز اپنے اختیارات کا ایمانداری اور جرات مندی کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے تھانہ جات کو عدل کا نمونہ بنائیں،تھانہ میں آنے والے سائلین کے ساتھ عزت سے پیش آئیں

اپنے دروازے عام عوام کے لیے ہر وقت کھلے رکھیں اس کے ساتھ ساتھ شریف شہریوں کو بلا وجہ تنگ نہ کریں اسی طرح اپنی حفاظت کے لیے لائسنس دار اسلحہ رکھنے والے افراد کو ہر گز پریشان نہ کیا جائے اور بلاجواز یا ناجائز چھاپہ زنی سے مکمل گریز کیا جائے,

ضلعی پولیس سربراہ ساتھ وزستان کو ہدایات دیں کہ اپنے ضلع میں ہر قسم کی غیر قانونی نقل و حرکت کے حوالے سے اپنی طرف سے ایک منظم پلان ترتیب دے کر اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں

اور گاڑیوں و غیر قانونی اشیا کی سمگلنگ کی مکمل روک تھام کے لیے بہتر حکمت عملی اپنائیں۔اس کے ساتھ ساتھ تینوں اضلاع میں جاری سود کے کاروبار کے خلاف مکمل کاروائی عمل میں لائی جائے

اورسودی کاروبار میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات کا اندارج عمل میں لایا جائے۔

مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ نے کہا کہ تینوں اضلاع کے کسی بھی تھانہ سے منشیات فروشی کی شکایات موصول نہیں ہونی چاہیں خاص طور پر آئس نش کے حوالے سے کریک ڈان کیا جائے۔

غیر قانونی پیٹرول و ڈیزل ایجنسیوں کے خلاف بھی بھرپو ر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

آر پی او ڈیرہ نے تمام ایس ڈی پی اوز کو ہدایات دی کہ اپنے سرکل میں ایس ایچ اوز کے ساتھ مل کر قمار بازی،قبا خانوں،سود خوروں،پی اوز اور ہر قسم کے جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھر پور کاروائیں عمل میں لائیں اور اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔

اجلاس کے آخر میںآخر میں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ رینج فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) سید محمد امتیاز شاہ نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ز اور ٹریفک انچارج ڈیرہ و ٹانک کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ

ٹریفک کے نظام میں بہتری لائیں اور ٹریفک کی روانی کو مثر کریں اور شہر میں کالے شیشے والی گاڑیوں،بلا نمبر موٹر سائیکل،دوسرے اضلاع کی رجسٹرڈ چنگ چی رکشہ،پریشر ہارن اور ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف بھر پور کاروائی کریں۔


چور مکان کا صفایا کر گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) چوری کی سنگین وردات ، چور مکان کا صفایا کر گیا ،

تھانہ کلاچی کے علاقہ کوٹ بالا ظفر دستی میں چور گھر میں نقب لگا کر8تولہ طلائی زیورات اور 2لاکھ کی نقدی اڑا لے گئے، مالک مکان کی رپورٹ پر نامزد ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کلاچی کی حدود میں کوٹ بالا ظفر دستی میں سیف الرحمن کنڈی کے گھر میں رات کے وقت نقب لگا کر چور8تولہ طلائی زیورات اور 2لاکھ روپے کی نقدی چوری کرکے لے گئے۔

کلاچی پولیس نے اس واقعہ کا مقدمہ رمضان سکنہ کوٹ ظفر بالا دستی کیخلاف درج کرلیا ہے۔


بھٹہ خشت کے مالکان نے اینٹوں کے نرخوں میں خود ساختہ اضافہ کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ضلع بھر میں بھٹہ خشت کے مالکان نے اینٹوں کے نرخوں میں خود ساختہ اضافہ کردیا ،نئے گھر ،عمارتی وغیر ہ تعمیر کروانے والے شہریوں کی چیخیں نکل گئیں ،ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،

تفصیلات کے مطابق ہوس زر کی لت میں مبتلابھٹہ مالکان کی ہٹ دھرمی کے باعث اینٹوں وٹائلوں کی قیمتیں آسمان پر جاپہنچیں ،اینٹوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ،متعلقہ ذمہ داران کی عدم دلچسپی شہری سراپا احتجاج ہیں ۔

اس حوالے سے نئے گھر ،کوٹھیاں ،بنگلے تعمیر کروانے والے شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ڈیرہ میں متعلقہ محکموں کی عدم دلچسپی کے باعث

بھٹہ مالکان آئے روزاینٹوں کے نرخوں میں خود ساختہ اضافہ کرکے شہریوں کے مسائل میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں ،

انہوں نے کہا کہ ضلع ڈیرہ میں ریت ،مٹی ،پانی ،کوئلہ تمام اشیاءضلع ڈیرہ کے تمام علاقوںمیں وافر مقدار پائی جاتی ہیں جبکہ بھٹہ مالکان لاہور ،اسلام آباد اور کراچی کے نرخ ڈیرہ اسماعیل خان میں لاگوں کررکھے ہیں

جو کہ نئی عمارتیں تعمیر کرنے والے شہریوں کے ساتھ سخت زیادتی ہے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع ڈیرہ میں موجود بھٹہ مالکان کوفی ہزار اینٹ کے پروسی اضلاع میں نافذ نرخوں کے مطابق نرخ مقررکرنے کا پابند بنایا جائے

تاکہ شہری تعمیر ومرمت کا کام جاری رکھ سکیں اور مزدوروں کے گھروں کے چولہے جلتے رہیں ۔


ڈیرہ شہر وگردونواح میں گیس کا بحران ،شہری سراپا احتجاج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر وگردونواح میں گیس کا بحران ،شہری سراپا احتجاج ،شہریوں کا حکومت وقت سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر میں پچھلے کئی ماہ سے گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے حتیٰ کے دن کے اوقات میں کے اوقات کے ساتھ ساتھ اب رات کو بھی گیس نایاب ہوچکی ہے جس سے تمام گھریلو امور زندگی درہم براہم ہوکر رہ گئے ہیں ۔

شہریوں کو کہنا ہے کہ سوئی نادرن گیس کے حکام کی ملی بھگت سے بااثر افراد نے اپنی کوٹھیوں ،رہائش گاہوں ،گھروں اور کاروباری مراکز میں غیر قانونی طور پر کمپریسرز لگا رکھے ہیں

جہاں زبردستی گیس کھینچ کر گیس کی بندش بڑھا رہے ہیں اور بجلی بند ہونے کی صورت میں ہیوی گیس جنریٹرز کا استعمال کیا جاتاہے جس کی وجہ سے غریب شہری علاقوں میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہوجاتاہے ۔

شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس پریشر کی بہتری کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ گھروں میں موجود خواتین کو کھانا پکانے کی سہولت میسر آسکے ۔


سرکاری ملازمین کے لئے گولڈن شیک ہینڈ پالیسی مرتب کرلی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لئے گولڈن شیک ہینڈ پالیسی مرتب کرلی ہے اور صوبے و اضلاع کی سطح پرمیڈیکل بورڈ بھی تشکیل دینے کی ہدایات کی ہے

جبکہ سرکاری ملازمین کی عمر 63سال کرنے کے معاملے پر وفاق کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ممکنہ طور پر صوبائی حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کر سکتی ہے

صوبائی حکومت سرکاری ملازمین کے لئے عمر کی حد 60 سال سے بڑھا کر 63سال کرنے کے فیصلے پر ڈٹ گئی ہے۔ذرائع کے مطابق گولڈن ہینڈ شیک پالیسی صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ العمل کردی جائیگی

سرکاری ملازمین کے عمر کی مدت میں اضافہ صرف صوبائی حکومت کی جانب سے کیا گیا ہے جبکہ پنجاب، سندھ،بلوچستان اور وفاقی حکومت نے اس فیصلے پرتاحال عملدرآمد نہیں کیا ہے

بعض صوبائی حکومتوں نے اس فیصلے کی مخالفت کی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ گولڈن ہینڈ شیک پالیسی کے لئے مطلوبہ فنڈ کے لئے بھی محکمہ خزانہ سے رپورٹ طلب کی ہے

اگرممکنہ طور پرملازمین کی جانب سے درخواستیں دیدی گئی توگولڈن ہینڈ شیک کے لئے فنڈ موجود ہے کہ نہیں گولڈن ہینڈ شیک کے لئے پالیسی مختلف محکموں کی جانب سے مرتب کی گئی ہے جس میں ملازمین کی عمروں کی حدود کا تعین بھی کیا گیا ہے۔


جہیزکی وجہ سے کئی بچیاں غریب والدین کے کندھوں کا بوجھ بن جاتی ہیں،خواتین کا اظہار خیال

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کہا ہے کہ آج کل کے اس جدید دورمیں جہیز جیسی رسم موجود ہے جس کی وجہ سے کئی بچیاں غریب والدین کے کندھوں کا بوجھ بن جاتی ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ان غریب والدین کو بیٹیوں کا فرض ادا کرنے کے لیے کوئی قرضہ سکیم شروع کرے تا کہ وہ عزت سے بچیوں کی شادی کریں۔

صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے سیاسی و سماجیخاتون نے کہا کہ مسلمان ہونے کے ناطے ہم سب جانتے ہیں کہ اسلام میں جہیز کی سخت ممانعت کی گئی ہے تو بہتر یہی ہے کہ ہم دنیا میں آخرت کی فلاح کے راستے کو اپنائیں اور غریب والدین کی بچیوں کو بن جہیز اپنائیں۔

ماہر قانون خاتون نے کہا کہ اتنی ترقی ہونے کے باوجود آج بھی ہمارے ملک میں کئی ایسے لوگ موجود ہیں جو ان فرسودہ رسومات کو اپنائے ہوئے ہیں۔

ایسی بے بنیاد باتوں کی وجہ سے اکثر لڑکیاں خود کشی کر لیتی ہیں۔ ماہر تعلیم خاتون نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں لڑکے مختلف یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن اعلٰی تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود آج بھی ان نوجوانوں میں جہیز کا لالچ موجود ہے۔

اتنی ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد بھی ان میں اسلام کے مطابق شعور نہیں تو پھر ایسی تعلیم کا کوئی فائدہ نہیں ۔


مہنگائی کا رونا رونے پر خاتون عوام پر ہی پھٹ پڑی‘ناشکرے قراردیدیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مہنگائی کا رونا رونے پر خاتون عوام پر ہی پھٹ پڑی‘ناشکرے قراردیدیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک خاتون نے مہنگائی کا رونہ رونے پر عوام کو تنقید کا نشانہ بنا دیا۔

خاتون کا کہنا ہے کہ ہر ریڑھی والے کے ہاتھ میں بھی ہزاروں روپے مالیت کا موبائل فون نظر آتا ہے۔ اتنی مہنگائی میں یہ قیمتی موبائل کہاں سے آئے؟ اپنے بزرگوں سے سے سنتے آ رہے ہیں کہ مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

میری عمر چالیس سا ل ہو گئی ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کو باریاں دے رہے تھے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ کوئی بھوکا نہیں رہتا اور سب نے کپڑے پہن رکھے ہیں۔ خاتون نے پوری قوم کو ناشکری قرار دید یا۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام ٹھیک نہیں ہے ، حکومت نے عوام پر ڈنڈا چلایا ہے تو عوام کو تکلیف ہو رہی ہے۔جیسے عوام ہوتے ہیں ویسے ہی حکمران ہوتے ہیں۔

عمران خان کی ٹیم ٹھیک کام نہیں کر رہی کیونکہ یہ ٹیم وہی ہے جو ماضی کی حکومتوں سے چلی آرہی ہے۔ وزیراعلیٰ کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے خاتون نے کہا کہ وزیر اعلی بندہ ٹھیک نہیں ہے ، یہاں پر شریف آدمی نہیں کوئی بدمعاش بندہ چاہیے۔


بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ،لوڈشیڈنگ کے باعث شہری اذیت میں مبتلا، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے روز مرہ کا کام اور کاروبار بند ہو کر رہ گیا

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر اور گرد و نواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ عروج پر ہے،مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث خواتین، بزرگ، نوجوان اور بچے سبھی اذیت کا شکار ہیں

۔شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے جبکہ لوڈشیڈنگ میں اضافے سے عام شہریوں کے معاملات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نکا کاروبار تباہ ہو کر رہ گیا۔شہریوں نے متعلقہ حکام اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کے جن پر قابو پانے کے لیے زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔


یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور طریقے سے منانے کی غرض سے تیاریاں آخری مراحل میں داخل

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میںبھی یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور طریقے سے منانے کی غرض سے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں،

ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پروگرام ترتیب دے دئیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے یکجہتی مارچ صبح ساڑھے 9تا صبح 10بجے جی پی او چوک تا توپانوالہ چوک ہوگا۔10بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور10بج کر5منٹ پرآزاد جموں کشمیر اورپاکستان کا قومی ترانہ ہوگا۔

کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت تقریب سے خطاب کرینگے جبکہ یکجہتی مارچ کے شرکاءانسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائیں گے۔

مختلف سیاسی ،سماجی اور تاجر تنظیمیں اس دن کی مناسبت سے تقاریب،سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کرنے کی غرض سے تیاریوں میں مصروف ہیں ،

واضح رہے کہ اس سال مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سرکار کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور قابض بھارتی فوج کی جانب سے

مسلسل کئی مہینوں سے کرفیو کے نفاذکے بعد پاکستانی قوم اور حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اپنے لازوال عہد کی تجدید کے لئے ایک نئے جذبے کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منا نے جارہے ہیں

اور اس سلسلے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے افراد کی جانب سے مسئلہ کشمیر اور کشمیر کی آزادی کے لئے کشمیریوں کی جانب سے دی گئی قربانیوں

اور قابض بھارتی افواج کے ظلم اور بربریت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور اقوام عالم کا ضمیر بیدار کرانے کی غرض سے پروگرامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان پہلے ہی 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کو سرکاری سطح پر بھی بھرپور طریقے سے منانے کی ہدایات دے چکے ہیں

وزیر اعظم کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے سکولوں کے سطح پر اس دن کو منانے کے لئے تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔


دھان اور کپاس کے بعد گندم کاشت نہ ہونے پر سورج مکھی کاشت کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت کے ترجمان نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ جن کھیتوں میں دھان اور کپاس کے بعد گندم کاشت نہیں ہوسکی

وہاں کاشتکارسورج مکھی کی کاشت سے اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کاشتکا ر یکم فروری سی28 فروری تک سورج مکھی کاشت کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایاکہ سورج مکھی کی ہائبرڈ اقسام کی پلانٹر کے ذریعے کاشت کیلئے شرح بیج دوتا اڑھائی کلوگرام فی ایکڑ تک رکھنی چاہیے اور بوائی کے وقت ایک بوری ڈی اے پی اور ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ

جبکہ پہلے اور دوسرے پانی کے ساتھ آدھی بوری یوریا ا ور ڈوڈیاں بنتے وقت ایک بوری یوریا فی ایکڑ استعمال کرنے سے 30 من فی ایکڑ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔


ملک بھر کیلئے عام تعطیل کا اعلان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) بروز بدھ کو ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر کیلئے عام تعطیل کا اعلان، 5 فروری کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے، ملک بھر کے نجی و سرکاری ادارے بند رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس کے دوران ملک کیلئے پہلی عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے بروز بدھ 5فروری کو آزاد کشمیر سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر روایتی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ اس دن کی مناسبت سے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک کی دینی و سیاسی جماعتوں کی جانب سے جلوس او ریلیاں نکالی جائیں گی

جبکہ خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ 5 فروری کو ملک میں انسانی ہاتھوں کی خصوصی اور طویل زنجیریں بھی بنائی جائیں گی۔

اس کے علاوہ کشمیری شہداءکی یاد میں ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی۔ اعلان کیا گیا ہے کہ بروز بدھ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔

5 فروری بروز بدھ کو سول سیکرٹریت سمیت وفاقی، صوبائی، ذیلی، خود مختار ، مقامی حکومتوں کے تحت کام کرنے والے ادارے، عدالت عظمی، عدالت عالیہ اورماتحت عدالتیں، بینک ،مالیاتی ادارے اور کاروباری مراکز بند رہیں گے ۔


نرمند پاکستان پروگرام کے لئے درخواستیں دے دی گئیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان سمیت پاکستان بھر کے دو لاکھ سے زیادہ نوجوانوں نے وزیر اعظم عمران خان کے ہنرمند پاکستان پروگرام کے لئے درخواستیں دے دی ہیں۔

یہ پروگرام گذشتہ ماہ حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا تھا اور اس کا مقصد نوجوانوں کی مہارت کی ترقی اور صلاحیت میں اضافہ ہے۔

نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے عہدیدار کے مطابق درخواست گزاروں کے انٹرویو پانچ سو تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیتی اداروں میں کئے جارہے ہیں۔

حکومت نے ہنرمند پاکستان پروگرام کے لئے 30 ارب روپے مختص کیے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کے اس پروگرام کی کچھ خصوصیات درج ذیل ہیں۔

200 تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت (ٹی وی ای ٹی) کی قابلیت کی ترقی اور ایڈجسٹمنٹ، معروف بین الاقوامی ٹی وی ای ٹی انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ 50 پاکستانی ٹی وی ای ٹی انسٹی ٹیوٹ انسٹی ٹیوٹ کی بین الاقوامی منظوری اور مشترکہ ڈگری پروگراموں کا آغاز،

قومی ملازمت کے پورٹل کو بڑھانا اور نیوٹیک کے قومی مہارت انفارمیشن سسٹم کو مضبوط بنانا ، ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سیکٹر میں سیکھنے کے پروگراموں کے لئے ملک بھر میں سو سمارٹ ٹیک لیبز کا قیام ،

جن میں نرم مہارتوں کا تعارف ، ورچوئل ہنر کی ترقی اور بزنس اینڈ آئی ٹی 5 شامل ہیں، پاکستان کے دس شہروں میں دس منزل کے لئے مخصوص سہولت مراکز قائم کرنا، اس کے نتیجے میں پاکستانیوں کو بین الاقوامی منڈیوں میں جانا پڑتا ہے،

. مہارت کی ترقی کے لئے مدرسوں میں 70 نئی لیبز / ورکشاپس کی عمارت کی تعمیر، کم ترقی یافتہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے پچاس ہزار نوجوانوں کے لئے ہنر مند ترقیاتی پروگرام،

معروف یونیورسٹیوں اور پاکستان کے آرٹ ٹی وی ای ٹی انسٹی ٹیوٹ کی ریاست میں ہائی ٹیک ٹکنالوجی میں پچاس ہزار نوجوانوں کی مہارت میں ترقی کی تربیت،

صوبائی ٹی ای وی ٹی اے کے ساتھ شراکت میں اپریٹیسشپ ایکٹ 2018 کے تحت صنعت میں پچیس ہزار نوجوانوں کی اپریٹیسشپ ٹریننگ،

ایک کروڑ تشخیص کاروں کی تربیت کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بیرون ملک غیر رسمی طور پر حاصل کی گئی مہارتوں کی تصدیق کے ایک لاکھ نوجوانوں کی پیشگی لرننگ کی پہچان،

آئی سی ٹی میں قومی ایکریڈیشن کونسل کا قیام، پورے پاکستان میں دو ہزار ٹی وی ای ٹی انسٹی ٹیوٹ کی منظوری،

تکنیکی طور پر ترقی یافتہ ممالک میں پانچ سو ٹی وی ای ٹی اساتذہ کی غیر ملکی تربیت کے ذریعے ٹکنالوجی کی منتقلی اور دو ہزار ٹی وی ای ٹی اساتذہ کی ملک میں تکنیکی تربیت، کاروباری کاروبار اور خود روزگار کے فروغ کے لئے پچاس کاروباری انکیوبیشن مراکز کا آغازکرنا ہے۔


شوگر مافیا کیخلاف حکومت کا پہلا بڑا اور تگڑا ایکشن

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کاروائی شروع، شوگر مافیا کیخلاف حکومت کا پہلا بڑا اور تگڑا ایکشن، شوگر ملز کو قابو میں کرنے کیلئے چینی کی برآمد پر پابندی عائد کی جائے گی،

جبکہ بیرون ممالک سے سستی 3 لاکھ ٹن چینی بھی درآمد کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ملکی مارکیٹوں میں چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے ہونے کے بعد حکومت نے شوگر ملز مافیا کو قابو میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ماہرین کی جانب سے بتایا جاتا ہے کہ پاکستان میں بیرون ممالک سے چینی درآمد کرنے پر پابندی عائد ہے جس کی وجہ سے ملک کی شوگر ملز مافیا خوف فائدہ اٹھاتی ہے۔

اگر بیرون ممالک سے چینی خریدی جائے تو وہ سستی پڑتی ہے۔ صارفین کو بیرون ممالک سے خریدی جانے والی چینی زیادہ سے زیادہ 45 روپے فی کلو تک کے حساب سے مل سکتی ہے۔

تاہم پاکستان میں جو چینی تیار کی جاتی ہے وہ ملکی مارکیٹوں میں بہت زیادہ مہنگی فروخت کی جا رہی ہے۔شوگز ملز مالکان حکومت کو تو بیرون ممالک سے چینی خریدنے نہیں دیتے، لیکن خود چینی برآمد ضرور کرتے ہیں۔

اب اس تمام صورتحال میں حکومت نے چینی کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ چینی کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔

جبکہ وفاقی سطح پر 3 لاکھ ٹن سستی چینی درآمدبھی کی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے تمام شوگرملزمالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقرر کوٹے کی باقی چینی برآمد نہ کی جائے۔حکومت کے اس فیصلے کے باعث ملک مارکیٹوں میں چینی کی قیمت کم ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد فی کلو چینی 85 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ شوگر ملزکی جانب سے چینی کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور 100 کلوگرام چینی کے تھیلے کی قیمت 7300 سے بڑھ کر 7550 روپے ہو گئی۔


سردی کی شدت میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہونے کا امکان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ملک میں سردی کی شدت میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہونے کا امکان، بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگیا، آئندہ چند روز کے دوران موسم کی صورتحال خراب رہنے کا خدشہ۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ داخل ہوگیا ہے۔یہ نیا سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوا ہے۔

اس نئے سلسلے کے باعث کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ عمومی طور پر فروری کے ماہ سے ملک میں سردی کی شدت میں کچھ حد تک کمی ہونا شروع ہو جاتی ہے، تاہم رواں دسمبر اور جنوری کی طرح فروری کے ماہ میں بھی سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ برس موسم گرما کے دوران مون سون کی بارشوں معمول سے زیادہ ہوئی تھیں جس کے بعد ماہرین موسمیات نے پیشن گوئی کی تھی کہ اس برس کے موسم سرما میں سردی کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے۔

ماہرین کی یہ پیشن گوئی درست ثابت ہوئی اور ملک میں دسمبر اور جنوری کے مہینوں میں ریکارڈ سردی پڑی۔ جبکہ ماہرین نے یہ پیشن گوئی بھی کی تھی کہ ملک میں اس مرتبہ موسم سرما کا دورانیہ قدرے طویل ہو سکتا ہے۔

اب ملک میں بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کے داخل ہونے کے بعد یہ پیشن گوئی بھی درست ثابت ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم ابرآلود رہے گا اور کہیں کہیں بارش بھی ہو سکتی ہے۔

جبکہ پنجاب کے میدا نی علاقوں میں رات کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مری، گلگت ، بلتستا ن اور کشمیر سمیت شمالی علاقہ جات میں بارش اور برف باری کی توقع ہے۔
٭٭٭٭

%d bloggers like this: