مئی 10, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

دامان کے لہلہاتے کھیتوں پر ٹڈی دل کے حملے جاری

کروڑوں کی تعداد میں ٹڈی دل دامان کی فصلوں پر ایک جھلڑ کی شکل میں حملہ کرتے ہیں

رپورٹ :گلزار احمد

دامان کے لہلہاتے کھیتوں پر ٹڈی دل کے حملے جاری ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے دامان کے علاقے میں ٹڈی دل اور کسانوں کے مابین آج منگل کے روز بھی مقابلہ شدت سے جاری رہا ۔ کروڑوں کی تعداد میں ٹڈی دل دامان کی فصلوں پر ایک جھلڑ کی شکل میں حملہ کرتے ہیں

جبکہ دامان کے کسان زمین پر دوڑ دوڑ کر شور شرابہ کر کے ان کو اڑا دیتے ہیں۔ ٹڈی دل ایک کھیت سے دوسرے کھیت پر حملہ آور ہوتے ہیں تو وہاں پر کھڑے کاشتکار پٹاخے اور ٹین بجا بجا کر ان کو اترنے نہیں دیتے۔

اس طرح ٹڈی دل اور دامانیوں میں شام تک آنکھ مچولی جاری رہتی ہے۔جب شام کو ٹڈی دل کسی جنگل میں جا آرام کرتے ہیں تو کاشتکار اور ان کے بچے نیم بیہوشی کے عالم میں تھکے ہوے اپنے گھر آ جاتے ہیں

اور اگلی صبح کی منصوبہ بندی شروع کرتے ہیں۔ دامان کے عوام پچھلے پندہ دن سے یہ جنگ لڑ رہے ہیں اور حکومت کی امداد کے منتظر ہیں

جس نے ٹڈی دل کے خلاف ایمرجنسی ڈیکلیر کر رکھی ہے۔ محکمہ زراعت کے اہلکار صبح صبح کسی مقام پر بیٹھے جھلڑ کو سپرے سے ہلاک کرتے ہیں

مگر لاکھوں ایکڑ پر پھیلے کروڑوں کی تعداد میں ٹڈی دل تک پیدل یا گاڑیوں کے ذریعے پہنچنا ممکن نہیں کیونکہ یہ فضا میں پرواز کرتے دور نکل جاتے ہیں۔

ابھی تک ٹڈی دل کے پیدایش کے مقام کا بھی پتہ نہیں چلا تاکہ بریڈنگ کی جگہ پر سپرے کر کے اس کا خاتمہ کیا جا سکے۔

دامانیوں کا خیال ہے کہ جہازوں کے ذریعے فضائی سپرے کر کے ٹڈی دل ختم ہو سکتے ہیں لیکن ابھی تک حکومت اس کا بندوبست نہیں کر سکی۔

کسانوں نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ اللہ تعالے سے گڑ گڑا کر دعا مانگیں تاکہ یہ آفت ٹل جاے۔آمین

%d bloggers like this: