مئی 5, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

تحریک انصاف نے سرائیکی صوبہ تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، ملک امیر بخش کھاکھی

لک امیر بخش نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم تمام سرائیکی زمین زاد نئے سرے سے نئی منصوبہ بندی کے ساتھ منظم ہوں

اسلام آباد :سینئیر صحافی و سرائیکی دانشور ملک امیر بخش کھاکھی نے کہاہےکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سرائیکی صوبہ تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

ملتان سے اسلام آباد آمد پر  ڈیلی سویل سے خصوصی گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ سرائیکی خطے کے نام نہاد سیاستدانوں نے اپنی ذاتی مفادات کی خاطر سرائیکی صوبہ تحریک کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان لیڈران نے ہمارے بزرگوں  کی دہائیوں کی محنت کو رائیگاں کرنے کی مذموم کوشش کی ہے ۔

ملک امیر بخش نے کہا کہ ہم حوصلہ اور ہمت نہیں ہارے ہم ایک بار پھر اپنے حقیقی لیڈروں  اشولال ،رفعت عباس ،عاشق بزدار ،ظہور دھریجہ ،شاکرشجاع آبادی ،اقبال سوکڑی ،مظفر بخاری ،ظفر لُنڈ  شمیم عارف قریشی ،صابر چشتی  اور ڈاکٹر نعیم کلاسرا  کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تحریک کو پھر سے منظم کرینگے اور ان کا خواب سرائیکی صوبہ کے حصول کی صورت میں شرمندہ تعبیر کرینگے۔

انہوں نے کہاکہ کہ وہ دن دور نہیں جب سرائیکی صوبہ ایک حقیقت کا روپ دھار لے گا۔ اب ہمیں اپنے پرکھوں کے دئیے ہوئے سبق کے مطابق سرائیکی صوبہ تحریک کے لیئے کام شروع کرنا ہوگا ۔سرائیکی خطے کے نام نہاد و ڈیرے ہماری نسلوں کے ازلی دشمن ہیں ہمیں ان سفاک اور ازلی دشمنوں سے خبردار رہنا ہوگا ۔

سرائیکی دانشورملک امیر بخش  نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم تمام سرائیکی زمین زاد نئے سرے سے نئی منصوبہ بندی کے ساتھ منظم ہوں اور سرائیکی صوبہ تحریک میں نوجوان نسل کو آگے لائیں اورسرائیکی صوبہ تحریک کا شعور اجاگر کریں ۔ ماضی کی طرح چھوٹے چھوٹے اکٹھ کرکے اپنے نوجوانوں کو قصے کی صورت میں شعر و شاعری کی صورت میں آگاہی دیں ۔

ملک امیر بخش کھاکھی نے ڈیلی سویل کے توسط سے اپنے لیڈران سے اپیل کی کہ ہم نوجوان نسل جلد بازی میں آپکا دیا ہوا سبق بھول بیٹھے اور نام نہاد لیڈروں کی چکنی چپڑی باتوں میں آگئے ۔اس کوتاہی پر اپنے پرکھوں سے معافی کے طلبگار ہیں ۔ارداس کرتے ہیں کہ ایک دفعہ پھر ہمیں اپنی انگلی پکڑنے کا موقعہ دیں۔ہم آپ جیسے پرکھوں کا دیا ہوا سبق بھلا کر گمراہ ہوئے ہمیں پھر صحیح راستے پر لگائیں ۔

%d bloggers like this: