دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پی ٹی آئی نے صوبہ سندھ کو 4 ریجنز میں تقسیم کرنے کا اعلان  کردیا

چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ مغربی سندھ شہید بےنظیر آباد (نواب شاہ) اور میرپور خاص پر مشتمل ہوگا،کراچی کے تمام اضلاع مشرقی سندھ کا حصہ ہوں گے

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم سازی کا اگلا مرحلہ شروع ہوگیاہے ۔ پی ٹی آئی نے صوبہ سندھ کو 4 ریجنز میں تقسیم کرنے کا اعلان  کردیاہے۔

چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیاہے ۔

سیف اللہ خان نیازی کی طرف سے  جاری بیان میں کہا گیاہے کہ صوبہ سندھ کو شمالی، مرکزی، مغربی اور مشرقی ریجنز میں تقسیم کیا ہے۔ لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن شمالی سندھ جبکہ حیدرآباد ڈویژن مرکزی سندھ کا حصہ ہوں گے۔

چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ مغربی سندھ شہید بےنظیر آباد (نواب شاہ) اور میرپور خاص پر مشتمل ہوگا،کراچی کے تمام اضلاع مشرقی سندھ کا حصہ ہوں گے۔

سیف اللہ خان نیازی  نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی منظوری سے مشرقی سندھ کی 16 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ خرم شیر زمان مشرقی سندھ کے صدر، سعید آفریدی جنرل سیکرٹری اور جمال صدیقی کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی سندھ کی 9 رکنی گورننگ باڈی میں صداقت علی جتوئی بطور صدر، حاجی خاوند بخش جوہجو جنرل سیکرٹری اور طفیل خٹک سیکرٹری اطلاعات کے فرائض سرانجام دیں گے،وزیراعظم کی منظوری سے خیبرپختونخوا کے پشاور اور مالاکنڈ ریجنز کی گورننگ باڈیز کا بھی فیصلہ کیا جا چکا ہے۔

 چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف کے مطابق فضل خان پشاور ریجن جبکہ فضل حکیم خان مالاکنڈ ریجن میں بطور صدر قیادت کریں گے،رضوان بنگش اور بشیر خان بالترتیب پشاور اور مالاکنڈ ریجن میں بطور جنرل سیکرٹری کام کریں گے۔

سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ نجی اللہ خٹک پشاور اور اختر خان ایڈووکیٹ مالاکنڈ ریجن کے سیکرٹری اطلاعات ہوں گے، تحریک انصاف پارٹی مینجمنٹ سیل کے ڈائریکٹر کی تعیناتی کے لئے 5 رکنی سیلکشن کمیٹی بھی قائم کی ہے۔

مرکزی سینئر نائب صدر ارشدداد کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں شیر علی ارباب، ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ، بریگیڈیئر سیمسن سائمن شرف اور سراج احمد شامل ہوں گے۔

سیف اللہ نیازی نے کہا گلگت بلتستان کے کھٹن اور دوردراز علاقوں میں پارٹی کی بہتر تنظیم کے لئے ریونیو ڈویژن کی سطح پر نیا تنظیمی ڈھانچہ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ گلگت بلتستان کی موجودہ صوبائی تنظیم بدستور فعال رہے گی۔

About The Author