مئی 15, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ہمارا پہلے دن سے مؤقف ہے کہ ہم کسی دھرنے کا حصہ نہیں بنیں گے، وزیراعلی سندھ

سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے این آر او کون مانگ رہا ہے؟ آپ کسی کو این آر او دے سکتے ہو؟

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمارا پہلے دن سے مؤقف ہے کہ ہم کسی دھرنے کا حصہ نہیں بنیں گے۔

کراچی میں سی پی این ای کے وفد سے گفتگو میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اسلام آباد میں دھرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے  ان کا کہنا تھا کہ ہم دھرنوں کے ذریعے حکومت گرانے میں یقین نہیں رکھتے۔

سید مراد علی شاہ نے  کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے 162 ارب روپے کراچی کو دینے کا وعدہ کیا تھا، ان میں سے 162 روپے بھی نہیں ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اگر کراچی میں ترقیاتی کام کرنا چاہتی ہے تو میں ہر طرح کی مدد کروں گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ میرے دل میں سابق وزیر خزانہ اسد عمر کیلئے بہت عزت ہے، ہم نے ساتھ کام کیا ہے، ان کو غیر سنجیدگی سے فارغ کیا گیا جو ٹھیک نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف کے علاج پر وفاقی حکومت کا رویہ افسوسناک ہے۔

وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری صحت کی خرابی کی وجہ سے آج عدالت نہیں جا سکے۔

سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے این آر او کون مانگ رہا ہے؟ آپ کسی کو این آر او دے سکتے ہو؟

ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ سے وفاقی حکومت نے مختلف استعمال کیلئے زمین لی گئیں، یہ زمین جس مقصد کیلئے حاصل کی گئی تھی اس کے لیئے استعمال نہیں ہو رہی، سندھ حکومت اس معاملے کو دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے گورنر کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں، ہم ملتے ہیں،وفاقی حکومت اگر ترقی گورنر کے ذریعے کروانا چاہتی ہے تو یہ غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم کو مختلف خطوط لکھے ہیں لیکن ایک کا بھی جواب نہیں آیا، میں وفاقی وزیر سے ملتا ہوں کام کے حوالے سے بات بھی ہوتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے استقبال سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم کا استقبال نہیں کرتا،یہ بات غلط ہے ۔

%d bloggers like this: