دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے۔

حضرت محمدکی ولادت باسعادت پاکستان سمیت دنیا بھر کےمسلمانوں کو مبارک ہو ،پیر صدام حسین زکوڑی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ممتاز ماہر قانون پیر صدام حسین زکوڑی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ سرور کائنات رحمت اللعالمین حضرت محمدکی ولادت با سعادت پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارک ہو ، آقاکریم کی حیات طیبہ ایک کامل نمونہ حیات ہے، ان کی ذات اطہر ہمارے لئے راہنمائی اور دنیا اور آخرت کی نجات کا ذریعہ ہے۔انہوں نے اتوار کو عید میلادالنبی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آجنفرتوں کے خاتمے کیلئے نبی اکرم کی ذات اقدس روشن ترین مثال ہے۔آپ کی سیرت طیبہ کو اپنا کر ہم دنیا کو بتا سکتے ہیں کہ اسلام کا دامن کتنا وسیع اور دل کس قدر فراخ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ نبی رحمت نےجہالت، نفرت، عصبیت اور تنازعات کو ختم فرمایا۔آج ضرورت ہے کہ ہم بھی وہی طرز عمل اور رویہ اختیار کریں جو آقا محترم نے اپنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی اور اس کے محبوب کی اطاعت کا مطلب انسانیت سے محبت، اس کی فلاح اور خیرخواہی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم نظام کو ایسا بنائیں گے جہاں کوئی خود کو بے بس نہ سمجھے، جہاں حقوق کا تحفظ ذمہ داری نہیں، ایک مقدس فرض ہوتا ہے۔


جنوبی وزیر ستان سیشن کورٹ کے پہلے اہم مقدمہ کا فیصلہ سامنے آگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)جنوبی وزیر ستان سیشن کورٹ کے پہلے اہم مقدمہ کا فیصلہ ،جنوبی وزیر ستان کے علاقہ لدھا میں کروڑوں روپے مالیت کے قیمتی پلاٹ کے غیر قانونی قبضہ کا پہلا اور اہم عدالتی فیصلہ سامنے آگیا ،عدالت نے استغاثہ پر پلاٹ کا قبضہ اصل مالک کے حوالے کرکے ملزمان کو مفرور گرادنتے ہوئے ان کے خلاف دائمی وارنٹ گرفتاری کردیئے ۔ایڈیشنل سیشن جج جنوبی وزیر ستان شوکت احمد خان نے جنوبی وزیر ستان کے علاقہ لدھا میں کروڑوں روپے مالیت کے قیمتی پلاٹ پر غیر قانونی قبضہ ختم کروا کے پلاٹ اصل مالک محمد دین محسود کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ،مستغیثفریق کی جانب سے ڈیرہ کے معروف وکیل سلیم خان مروت ایڈوکیٹ نے عدالت میں استغاثہ کی پیروی ۔ جنوبی وزیر ستان کے علاقہ لدھا کے رہائشی محمد دین ولد فضل داد قوم محسود نے ایڈیشنل سیشن جج جنوبی وزیر ستان کی عدالت میں استغاثہ غیر قانونی قبضہ کا دائر کیا جس میں اس نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان ایاز ،قسمت خان ،ولی محمد اورفراز خان اس کے کروڑوں روپے مالیت کے رہائشی پلاٹ واقع لدھا پر غیرقانونی طو رپر قبضہ کرلیا ہے۔عدالت نے استغاثہ پر بحث سننے کے بعد پلاٹ پر غیر قانونی قبضہ کو ختم کرکے اسے اصل مالک محمد دین محسود کے حوالے کرنے کے احکامات کے علاوہ ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 512ض ف کی کاروائی کرکے انہیں مفرور گردانتے ہوئے ان کے خلاف دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں ۔


چوری کی انوکھی واردات

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) چوری کی انوکھی واردات ،پسند کی شادی پرلڑکی کے باپ اور بھائیوں نے داماد کے گھر میں چوری کرڈالی،،مکان سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات نقدی اور دیگر قیمتی سامان چوری کرنے کے الزام میںلڑکی کے باپ اور بھائیوں سمیت چار افراد کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیاگیا ۔تحصیل پروا کے علاقہ ماہڑہ میں چوری کی انوکھی واردات سامنے آئی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ماہڑہ کے رہائشی نے پولیس کا بتایا کہ میرے بیٹے نے اپنی پسند سے کورٹ میرج کرلی اور اپنی بیوی کو گھر لے آیا جس کا لڑکی کے میکے والوں کو شدید رنج ودکھ تھا ۔پسند کی شادی کا بدلہ لینےکے لئے وہ میرے گھر کی دیوارتوڑ کر مکان کے اندر داخل ہوگئے اور گھر میں موجود چھ تولہ طلائی زیورات ،دو لاکھ روپے نقد ، فریج ،اے سی ، اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے لے گئے ہیں ۔پولیس نے لڑکی کے والد اور بھائیوں سمیت چار افراد کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیا۔


اچانک گولی لگنے سے نوجوان شدید زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) شادی میں ہوائی فائرنگ کے دوران اچانک گولی لگنے سے نوجوان شدید زخمی ہوگیا ،زخمی کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ،تھانہ کڑی خیسور کی حدود علاقہ کچہ ملی خیل میں شادی کے دوران پسٹل کی ہوائی فائرنگ سے ملزم کی غفلت اور بے احتیاطی کے باعث گولی اچانک وہاں موجود نوجوان محمد اکرام ولد غلام محمد سکنہ کالا پانی کو جالگی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا ۔زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ۔پولیس نے ملزم عبدالرحمٰن کے خلاف غفلت مجرمانہ اور ہوائی فائرنگ ایکٹ مقدمہ درج کرلیاہے۔


ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ ڈیرہ ہدف سے زائد ریکارڈ پوائنٹس حاصل کر لیے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ نے پرانے زیر التواءفوجداری مقدمات نمٹانے کے لئے گزشتہ ماہ اکتوبر کے دوران 45.5 پوئنٹس ٹارگٹ پر 202.4 ریکارڈپوائنٹس لینے کا اعزاز حاصل کرلیا، زیر سماعت 221 مقدمات میں 100 مقدمات نمٹا دیئے گئے ۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن سیشن جج ڈیرہ محمد یونس خان کی سربراہی میں قائم کرمنل ماڈل ٹرائل کورٹ ڈیرہ کےجج محمد عثمان ولی خان نے گزشتہ ماہ اکتوبر کے دوران 26 دفتری ایام میں قتل ،منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کے 221 پرانے زیر التواء مقدمات سے 100مقدمات نمٹادیئے ہیں ۔ مقدمات کی سماعت کے لئے45.5 پوائنٹس کا حدف مقرر کیا گیا لیکن انہوں نے مقرر ہدف سے ریکارڈ زائد 202.4 پوائنٹس حاصل کرلیے ہیںجس پر صارفین اور وکلاءکی جانب سے انہیں شاندار کارکردگی پر خوب سراہا گیا ۔ نمٹائے گئے مقدمات میں قتل کے 10، منشیات کے 83 اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے کے 07 مقدمات شامل ہیں۔ماہ اکتوبر کے دوران26 دفتری ایام میں 08 روز وکلاءکی ہڑتال رہی جس کے باعث عدالتی کاروائی مکمل نہ ہوسکی ۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ہر ضلع کی سطح پر فوجداری اور دیوانی زیر التواء مقدمات کی فوری سماعت کے لئے ماڈل کورٹ قائم کی گئی ہیں جہاں زیر التواءمقدمات کی تیز ترین سماعت کا سلسلہ جاری ہے۔


دہشت گردوں کے ساتھ پولیس کی جھڑپ کا مقدمہ آٹھ افراد کے خلاف درج

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)دہشت گردوں کے ساتھ پولیس کی جھڑپ کا مقدمہ آٹھ افراد کے خلاف درج کرلیاگیا، تحصیل کلاچی کے علاقہ ٹکواڑہ میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں دو پولیس اہلکار جام شہادت نوش کرگئے ،پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو دہشت گرد زخمی ،دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے زخمیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ، پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی ، موقع سے کلاشنکوف کے 1600 سے زائد خالی خول اکٹھے کیے گئے، زخمی دہشت گردوں کے خون کے نشانات پر ان کا تعاقب ،متعدد مقامات پر پولیس کے چھاپے جاری ،مشکوک افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا ، شہداءپولیس کی نماز جنازہ پولیس لائن ڈیرہ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی، پولیس نے کالعدم دہشت گردوں تنظیم تحریک طالبان کے افراد کے خلاف قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقہ ٹکواڑہ کے قریب قائم چیک پوسٹ سے چند فرلانگ کے فاصلے پر ناکہ بندی پر موجود پولیس اہلکار سنیچر کی شب ساڑھے نو بجے موٹرسائیکل پر چیک پوسٹ کی جانب روانہ ہوئے کہ اس دوران پہلے سے گھات لگائے نامعلوم سات سے آٹھ مسلح دہشتگردوں نے اچانک ان پرحملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار32 سالہ محمد یوسف ولد گل حبیب قوم گنڈہ پور سکنہ ٹکواڑہ موقع پر شہید جبکہ اس کے ساتھ موجود 30 سالہ کانسٹیبل محمد بلال حبیب اللہ قوم گنڈہ پور سکنہ ہتھالہ شدید زخمی ہوا ۔زخمی پولیس اہلکارنے مردانہ وار دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور ان پر فائرنگ شروع کردی جس سے دو دہشت گرد زخمی ہوئے تاہم اس کے پاس موجودتین میگزین مکمل خالی ہوگئیں ،ایمونیشن مکمل ختم ہونے پر وہ بھی دہشت گردوں کی اندھادھند فائرنگ کا نشانہ بن کر جام شہادت نوش کرگیا۔ دہشت گرد مسلسل شدید فائرنگ کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار کی موٹرسائیکل 125 اور سرکاری اسلحہ اٹھاکر زخمی ساتھیوں کو اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوگئے ،واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری فوری موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ہونے والے دہشت گردوں کے خون کے نشانات پر ان کا تعاقب کیا ۔پولیس نے متعدد مقامات پر چھاپے مارے تاہم دہشت گردوں کا کوئی سراغ نہ مل سکا ۔پولیس ذرائع کے مطابق چھاپوں کے دوران پولیس نے درجنوں مشکوک افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ  کے لئے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔شہید اہلکاروں کی میتیںپولیس لائن ڈیرہ منتقل کی گئیںجہاں ان کی نماز جنازہ مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ اداکی گئی جس میںاسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر شمریز خان ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش ،ایڈیشنل ایس پی نجم الحنین لیاقت ،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر لیاقت خان سمیت تمام پولیس افسران نے شرکت کی ۔نمازجنازہ کے بعد شہداءکو سلامی دی گئی اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی ۔ واضح رہے کہ چند روز قبل تحصیل کلاچی علاقہ میں دو ایف سی اہلکاربھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے تھے۔سی ٹی ڈی پولیس نے ایس ایچ او کلاچی کی مدعیت میں کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے دو نامزد دہشت گردوں سمیت آٹھ افراد کے خلا ف قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے۔


دہشت گرد اب مکمل بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں ،ڈی پی او ڈیرہ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ دلاور خان بنگش نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف پولیس اور سیکورٹی اداروں کی جانب سے مسلسل کامیا ب کاروائیوں کے بعد دہشت گرد اب بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بھاگ رہے ہیں اور ان کا زور مکمل طور پر ٹوٹ چکاہے اب وہ صرف دفاعی پوزیشن اختیار کرتے ہوئے پولیس پر حملہ آور ہو رہے ہیں لیکن ہم آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک ان کا پیچھا کریں گے اورانہیں چھپنے کے لئے کوئی ٹھکانہ نہیں ملنے گا ہم انہیں پاتال میں سے بھی ڈھونڈ نکالیں گے ۔وہ گزشتہ روز تحصیل کلاچی کے علاقہ ٹکواڑہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملہ کے واقعہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔ان کا کہناتھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت تحصیل پروا ٓ کے علاقہ میں دہشت گردوں کے خلاف مسلسل کامیاب کاروائیوں کے بعد دہشت گردوں کا یہاں سے مکمل طور پر صفایا کردیاگیا لیکن تحصیل کلاچی کے علاقہ میں اب بھی چند مٹھی بھر دہشت گرد موجود ہیں جن کے خلاف پولیس اور سیکورٹی اداروں کی کاروائیاں شدت سے جاری ہیں اور ان میں مزید تیزی آرہی ہے جس کے نتیجے میں وہ اب بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بھاگ رہے ہیں لیکن ہم ان کا پیچھا کریں گے اور آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔


ڈسٹرکٹ تنظیم والجماعت کے زیر اہتمام جلوس نکالاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ملک بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں جشن عید میلاد النبی ﷺکے روایتی جلوس ا نتہائی عقیدت واحترام مذہبی جوش وخروش او رشان شوکت سے نکل کر مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پزیر ہوگئے ۔عید میلاد النبی ﷺکے سلسلے کا پہلاعظیم الشان جلوس ڈیرہ شہر میں ڈسٹرکٹ تنظیم والجماعت کے زیر اہتمام گزشتہ روز صبح آٹھ بجے حق نواز پارک سے نکالاگیا ۔جسکی قیادت ڈسٹرکٹ تنظیم اہلسنت والجماعت کے حافظ عبدالمجید گوگا خیل نے کی ۔اس موقع پر خواجہ حافظ عبدالقیوم ،،قاری محمد امیرمعاویہ ،مولاناغلام فرید ، حاجی محمد امین لالہ جانی ،مفتی عبدالواحد قریشی ،قاری محمد اسلم ،حافظ محمد شاہد ،محمد جاوید فاروقی ،ملک مشتاق ڈاراور اشفاق احمد چغتائی سمیت ہزاروں عاشقان رسول ﷺنے اس عظیم الشان جلوس میں شرکت کی ۔جلوس کے شرکاءنعت خوانی اور حمد باری تعالٰی پیش کرتے رہے جبکہ علماء کرام ومقررین شان نزول رسالت ﷺ پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے اسوة رسول ﷺکو تما م بنی نوح انسانی کی دنیاوی واخوی کامیابی کا ذریعہ قرار دیا انہوں نے کہا کہ عشق رسول ﷺ کاتقاضا ہے کہ ہم سنت نبوی ﷺکواپنی زندگیوں میں شامل کرلیں کیونکہ اسی میں دنیاوآخرت کی کامیابی اور نجات ہے ۔کوئی مسلمان اس وقت تک مسلمان نہیں ہوسکتا جب تک اسکا بھائی اسکی زبان اور ہاتھ سے محفوظ نہ ہو ۔عید میلاد نبی ﷺ کا یہ عظیم الشان جلوس اپنے روایتی راستوں توپانوالہ چوک گھاس منڈی ،رحیم بازار کلاں بازار اور چوگلہ سے ہوتاہوا میدان حافظ جمال مسلم بازار ڈیرہ میں دوپہر بارہ بجے اختتام پزیر ہوا۔جلوس کے راستوں سبیل کا اہتمام کیا گیا جبکہ میدان حفظ جمال میں خیرات تقسیم کی گئی ۔بعدازان وہاں ملک وقوم کی سلامتی وخوشحالی اور اسلام کی سربلندی کے لئے خصوصی دعامانگی گئیں ۔


شمع رسالت ﷺ پروانوںنے مختلف انداز میں بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)سرور کونین حضرت محمد مصطفی ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر ڈیرہ ،پہاڑپور ،پروا میں بھی جلوس نکالے گئے ،شمع رسالت ﷺ پروانوںنے مختلف انداز میں بارگاہ اقدس میں  عقیدت کے پھول نچھاور کیے ،تمام گلی محلوں ،سرکاری ونجی عمارتوں کو جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے ساتھ سجایاگیا ،خانہ کعبہ او رمسجد نبوی کے ماڈل بنائے گئے ،بنی کریم ﷺ کے یوم ولادت پر کیک کاٹے گئے ،جلوسوں کا سلسلہ صبح سویرے شروع ہوا ،ہر طرف رنگ ونور کی بہار تھی ،سائیکلوں ،موٹرسائیکلوں ،گاڑیوں اور گھوڑوں پر سوار عاشقان رسول عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں میں شریک ہوئے ،فضا درودوسلا م کی صداﺅں سے گونجتی رہی ۔جشن عید میلاد النبی ﷺکا عظیم الشان جلوس ضلعی جماعت اہلسنت اور چیئر میں مرکزی میلاد کمیٹی الحاج سید نزاکت حسین شاہ گیلانی قادری کی قیادت میں جماعت اہل سنت کے زیر اہتمام صبح نوبجے جامع تاج مسجد ٹاﺅن ہال ڈیرہ سے نکالا گیا جس میں قاری حافظ استاد غلام قاسم مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن انوار باہو تاج مسجد ڈیرہ ،صاحبزادہ رب نواز المروف عابدفاروقی ،سید زین العابدین شاہ ، سید جمشید اختر شاہ گیلانی ،سید مرتضٰی شاہ گیلانی ،سید حقنواز شاہ ،انجمن غلام مصطفی کے حاجی  بدالرﺅف ،محبوب قریشی ،سنی تحریک کے سید برہان الدیشن شاہ ،اسلامی جماعت ،دعوت اسلامی ،تحریک لیبک ،انجمن حلقہ چشتیاں نظامیہ ،ایوان مہر علی شاہ ، ،حاجی جان محمد ، سید شوکت شاہ ،صبغت اللہ خان ،صاحبزادہ ظہورالدین آف اٹل شریف ،قاری عبدالرحمٰن حسنی ،مولانا احمد رضا،شہزادہ توحید فاروقی ،سلطان محمد دینآف جمعہ شریف ،پیر نور احمد آف جمعہ شریف ،حق نواز شاہ آف ٹانک ،علامہ احسان اللہ ،حاجی عبدالرﺅف چشتی ،صاحبزادہ محسود الحسن ،قاری عبدالرحمٰن ،ضیاءالحق شاہ ،حاجی انعام الہی قریشی ،قاری خلیل احمد نعیمی ،جمشید شاہ گیلانی اور مولانا جمیل نظامی کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسول ﷺکا ٹھاٹھے مارتاہواسمندر جلوس میں شریک ہوا ۔جلوس کے دوران شرکاءنے نبی پاک ﷺ کو درودوسلام پیش کرتے ہوئے نعمت رسول ﷺو حمد باری تعالٰی کے ذریعے بھرپور والہانہ جزبے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا ۔جلوس میں ،ضلعی ناظم عزیز اللہ علیزئی ،راجہ شوکت علی ، ،محمد حنیف پیپا ،تاجر رہنما چوہدری جمیل احمد اور دیگر سیاسی رہنماﺅں نے بھی خصوصی شرکت کی جبکہ ڈیرہ شہر اور اس کے مضافات کے اہل سنت والجماعت سے تعلق رکھنے والے سینکٹروں چھوٹے بڑے جلوس کی شکل میں جامع تاج مسجد کے بڑے جلوس میں شامل ہوئے ۔جلوس کے شرکا ءنعت رسول ﷺاور حمد باری تعالٰی فلک شگاف نعرہ تکبیر اللہ اکبر نعرہ رسالت یارسول ﷺ سے اس پرنورفضا کو گرمائے رکھا ۔جلوس کے دوران مقررین نے اپنے خطاب کے دوران بارہ ربیع الاول کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں اتفاق اتحاد یگانگت اخوت ومحبت اور بھائی چارے کا درس دیتاہے لہذا تمام بنی نوح انسان کی کامیابی اسوة رسول ﷺ میں مضمر ہے اور اسی کے ذریعے ہم دنیاوآخرت کی فلاح اور بھلائی حاصل کرسکتے ہیں۔یہ عظیم الشان جلوس ٹاﺅن ہال جی پی او چوک اور حق نوازپارک ہوتاہوا دوپہر ایک بجے کے قریب لیاقت پارک (میلاد پارک) میں اختتام پزیر ہوا جہاں خصوصی دعا اور خیرات کا اہتمام کیا گیا ۔جلوس کے شرکاءپر گل پاشی کی گئی جبکہ جگہ جگہ چائے کی سبیلیں لگائی گئیں ،ضلع بھر پیں پندرہ سے زائد چھوٹے بڑے جلو س نکالے گئے جبکہ متعدد محافل کا انعقاد کیاگیا ،سینکڑوں پولیس اہلکاروں نے سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیئے ۔


جشن عید میلادا لنبی ﷺکے مبارک دن بھی حرام خور تاجر باز نہ آئے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)جشن عید میلادا لنبی ﷺکے مبارک دن بھی حرام خور تاجر باز نہ آئے ،ہر چیز کا خود ساختہ ریٹ مقرر کرکے سارادن شہریوں کو لوٹتے رہے ،سبزیاں ،پھل اور دیگر اشیاءکی قیمتوں میں زبردست اضافے سے شہری پریشان ،ڈی سی ڈیرہ کے اقدامات بھی بے کار ،دوکانداروں کے ریٹ کنٹرول نہ ہوسکے ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر کے حرام خور تاجروں نے ہر تہوار کو لوٹ مار کا ذریعہ بنالیا ہے اور بارہ ربیع الاول کے مقدس دن کے موقع پر بھی سبزیوں ،پھلوں ،چینی ،گھی دالوں سمیت دیگر اشیاءکے من مانے ریٹ مقرر کرکے شہریوں کو لوٹتے رہے ۔دوسری طرف پرائس مجسٹریٹ بھی اس موقع پر غائب رہے اور حرام خور تاجروں کو کھلی چھٹی دی گئی ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ پرائس کنٹرول کرنے میںمکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔دکانداروں نے ریٹ اپنی مرضی کے ہی لگائے ہوتے ہیں


شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر سخت ناکہ بندیاں

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ دلاور خان بنگش کی زیرنگرانی ڈیرہ شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر سخت ناکہ بندیاں اورعید میلاالنبی ﷺ کے جلوس کے راستوں میں حفاظتی انتظامات انتہائی سخت کیے گئے اور جماعت اہلسنت کی جانب سے نوجوانوں کی حفاظتی فورس کو تعینات کیا گیا جنہوں نے جلوس کے شرکاءکی فرداًفرداًتلاشی لی ۔جلوس کے تمام راستوں کو بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکاروں نے کلئیر کیا جبکہ پولیس نے جلوس کے تمام راستوں کو خار دار تاروں سے بند کررکھا تھا ۔پولیس اور ایلیٹ فورس کے دو ہزار سے زائد اہلکاروں کو اندرونی اور خارجی راستوں دکانوں کی چھتوں اور جلوس کے آگے پیچھے تعینات کیا گیا ۔حفاظتی اقدامات کی نگرانی آر پی او ڈیرہ سید فیروز شاہ ،ڈی پی او دلاور خان بنگش ،ڈی ایس پی سٹی اور ایس ایچ او کینٹ نے کی ۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور طبی امداد کے لئے فائر بریگیڈ کی گاڑی اور ایمبولینسزجلوس کے ہمراہ موجود رہیں ۔جلوس کے تمام راستوں گلیوں اور دکانوں کو انتظامیہ کے حکم پر مکمل بند رکھا گیا اور کسی بھی ناخشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے ہر قسم کی ٹریفک کو روک لیا گیا ۔


ٹریفک حادثات ،خودکشی اور اقدام خودکشی کے واقعات

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ میں ٹریفک حادثات ،خودکشی اور اقدام خودکشی کے واقعات میں جوانسال دوشیزہ سمیت دو افراد جاں بحق ، جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ یارک کی حدود میں مسلم پیٹرول پمپ کے قریب تیز رفتار بس اور پک اپ گاڑی کے تصادم میںگاڑی پر سوار55سالہ خورشید ولد عملدار موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 20سالہ مستان خان اور34سالہ بلال زخمی ہوگئے جنہیں طبی امددا کیلئے ہسپتال منتقل کردہی گیا۔ تھانہ یونیورسٹی کی حدود عمر ٹاﺅن میں جوانسال دوشیزہ نے اپنے گھر کے کمرے میں خود کو بند کرکے اپنے اوپر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس سے اس کی موت واقع ہوگئی ، تھانہ پروآ کے علاقہ رمک میں 23سالہ کلر خان سلیمان خیل ولد نعمت خان نے گھر میں نامعلوم وجوہات کی بناءپر کالا پتھر کھا لیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں طبی امداد کے بعد اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ۔


ہزاروں لیٹر مضرصحت دودھ اور مشروبات کوضائع کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی ڈیرہ کی کاروائی ،ہزاروں لیٹر مضرصحت دودھ اور شروبات کوضائع کرکے بیکری سمیت تین دکانوں کو سیل کردیاگیا ۔ ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی ڈیرہ نے عوامی شکایات پر کاروائی کے دوران آڑہ روڈ اور ملتان روڈ پر ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے 1ہزارلیٹرمضرصحت دودھ اور 1200لیٹر کولڈ ڈرنکس برآمد کرکے انہیں ضائع کردیا، ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی ڈیرہ کے حکام کے مطابق دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران دودھ کے غیر معیاری ہونے کی تصدیق کی گئی جبکہ غیر معیاری کولڈ ڈرنکس برآمد ہونے پر 12سو لیٹر سے زائد کولڈ ڈرنکس کو بھی ضائع کردیاگیا ہے۔۔ ملاوٹ اور ناقص صفائی کے خلاف کاروائی کے دوران بیکریوں سمیت 3دکانوں کوسیل کر کے بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

About The Author