مئی 18, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

چینی سفارت خانے کے تین رکنی وفد کی پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹیریٹ آمد

چینی کمیونسٹ پارٹی کے ایشیاء بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہویاڈونگ اور انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ سنٹرل کمیٹی کے نمائندہ ین انزی بھی وفد میں شامل تھے۔

اسلام آباد:چینی سفارت خانے کے تین رکنی وفد کی پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹیریٹ آمد  ہوئی ہے ۔ چینی وفد نے پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات  کی ہے ۔

ملاقات میں مرکزی جوائنٹ سیکرٹری و چیف آف سٹاف کرنل امان اللہ خان بھی موجود تھے۔ وفد کی قیادت چینی سفارت خانے کے اتاشی شین یوؤنگ پی کر رہے تھے۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کے ایشیاء بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہویاڈونگ اور انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ سنٹرل کمیٹی کے نمائندہ ین انزی بھی وفد میں شامل تھے۔

پی ٹی آئی میڈیا ونگ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ  چینی وفد نے چیف آرگنائزر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان تحریک انصاف اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے مابین تعاون و اشتراک کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ پاکستان اور چین کے مابین اشتراک کی بہترین عملی مثال سی پیک کی افادیت پر بھی بات چیت ہوئی۔

چینی وفد کے سربراہ نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے عوام کے لئے یکساں افادیت و اہمیت کا حامل ہے،چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت تحریک انصاف کے ساتھ اشتراک کو نہایت اہمیت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  سیاسی و انتظامی معاملات میں باہمی تعاون کے بہت سے امکانات موجود ہیں،چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چین تشریف لائیں۔

چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سیف اللہ خان نیازی نے کہا مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر چینی عمائدین کا خیر مقدم کرتے ہیں،چینی کمیونسٹ پارٹی منظم سیاسی جماعت کی عمدہ مثال ہے۔

سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ پارٹی ڈھانچوں کو منظم اور مستحکم کرنے کے حوالے سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے تجربات سے سیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ دورہ چین کی دعوت پر چینی قیادت کے مشکور ہیں۔

پارٹی اعلامیے کے مطابق سیف اللہ خان نیازی کی قیادت میں اعلیٰ سطع وفد متوقع طور پر آئندہ برس کے آغاز میں چین کا دورہ کرے گا۔

دورہ چین کے دوران تحریک انصاف اعلیٰ سطح وفد کو چینی کمیونسٹ پارٹی کے سکولز پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے اور نظم، انسدادِ بدعنوانی اور عمدہ حکومت پر تفصیلی بریفنگز دی جائیں گی۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کا اعلیٰ سطح وفد بھی جلد پاکستان کے دورے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

%d bloggers like this: