نومبر 24, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ہم نہ ہندوستان کے آئین کو مانتے ہیں نہ آرٹیکل 370 کو، وزیراعظم آزاد کشمیر

انہوں نے کہا کہ میرپورمیں ضمنی انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور ان انتخابات کے موقع پر ہم ہندوستان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم متحد ہیں

اسلام آباد:وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کل ریاست کے دو حصے کرنا چاہتا ہے، ہم نہ ہندوستان کے آئین کو مانتے ہیں نہ آرٹیکل 370 کو، بھارت کے اس مقصد کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے ان خیالات کا اظہار آج نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں کیا ۔ پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر  بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر راجہ فاروق حیدر نے کہا بھارت کل ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کرنا چاہتا ہے مگر بھارت کی کسی قسم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، بھارت نے لائن آف کنٹرول پر بھی جنگ چھیڑ رکھی ہے،

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ہم نہ تو بھارت کے آئین کو مانتے ہیں اور نہ ہی آرٹیکل 370 کو، انہوں نے کہا کہ میرپورمیں ضمنی انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور ان انتخابات کے موقع پر ہم ہندوستان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم متحد ہیں، ہمیں الگ نہیں کیا جا سکتا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ  پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے ہماری درخواست پر عمل کیا ہم ان کے شکر گزار ہیں اورپیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے آزاد کشمیر میں اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔

پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدرچوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے موصول ہونے والی درخواست کے متعلق پارٹی کی ہائی کمان کی ہدایات پر (ن) لیگی امیدواروں کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پوری قوت سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب کریں گے، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے میاں نواز شریف، آصف علی زرداری، مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کی صحت کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ابھی ان پر صرف الزام ہے جرم ثابت نہیں ہوا، حکومت کو چاہیے کہ وہ ان کو طبی سہولیات بہتر سے بہتر فراہم کرے بلکہ دیگر قیدیوں کو بھی سہولیات دے۔

چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ  اس وقت جو حالات پیدا ہورہے ہیں ہمیں دشمن کو باور کرانا ہے کہ ہم سب متحد ہیں، ہندوستان نے باہمی اور اقووام متحدہ کی قراردادوں کی نفی کی ہے، میں نے پہلے بھی متنبہ کیا تھا کہ بھارت پانی پر تنگ کرے گا، اگر بھارتی حکومت یو این کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر سکتی ہے تو اس کیلئے ورلڈبنک کے معاہدات بھی کوئی معنی نہیں رکھتے۔

About The Author