دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وڈیواسکینڈل : ملزمان کو گرفتار کر کے بلوچستان یونیورسٹی کی ساکھ بحال کی جائے،عدالت

عدالت نے ارکان اسمبلی مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ یہ ہمارے صوبے کا معاملہ ہے،

کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ میں جامعہ بلوچستان اسکینڈل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں چیف جسٹس نے احکامات جاری کیے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے یونیورسٹی کی ساکھ بحال کی جائے۔

چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جمال مندوخیل اور جسٹس عبداللہ بلوچ پر مشتمل بینچ نے جامعہ بلوچستان ویڈیو اسکینڈل سے متعلق مقدمے کی سماعت کی۔

کیس کی سماعت کے دوران فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے جامعہ بلوچستان اسکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔

بلوچستان اسمبلی کی کمیٹی کی چیئرپرسن ماہ جبین شیران سمیت قائم مقام وائس چانسلر انور پانیزئی، ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان ارباب طاہر بھی عدالت میں حاضر تھے۔

دوران سماعت چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جمال مندوخیل نے کہا کہ اگر کوئی اس واقعہ میں ملوث ہے تو صرف معطلی کا کوئی فائدہ نہیں اس کے خلاف باقاعدہ کارروائی کی جائے۔

عدالت نے ارکان اسمبلی مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ یہ ہمارے صوبے کا معاملہ ہے، ہمارے بچے جامعہ بلوچستان میں پڑھتے ہیں، خوشی اس بات کی ہے کہ اراکین اسمبلی، ایف آئی اے اور حکومت نے اس معاملے پر بھرپور ردعمل دکھایا ہے۔

چیئرپرسن پارلیمانی کمیٹی بلوچستان اسمبلی مہہ جبین شیران نے بتایا کہ ہم نے یونیورسٹی کا دورہ کیا، شکایات کے اندراج کیلئے اشتہار جاری کیا، 200 کے قریب شکایات وائس چانسلر آفس کو موصول ہوئیں جن پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان یونیورسٹی ویڈیو اسکینڈل: بی این پی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ

چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس معاملے کی خود نگرانی کررہی ہے، جو واقعہ میں ملوث ہوا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، یونیوسٹی کی ساکھ کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروے کار جائیں۔

بعد ازاں مقدمے کی سماعت  4 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔

About The Author