مئی 4, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹٓنک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے۔

پائل کی اداﺅں سے گھائل نوجوان کی فائرنگ

ڈیرہ اسماعیل خان: شی میل پائل کی اداﺅں سے گھائل نوجوان کی فائرنگ ،پائل گھائل ہونے سے بال بال بچ گئی ،پائل کی رپورٹ پر دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ۔پولیس ذرائع کےمطابق ٹانک اڈہ کے قریب تاج پلازہ میں رہائش پزیر شی میل پائل نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے بالا خانے کے قریب موجود تھی کہ اس دوران مسلح نوجوان وہاں آیا اور پسٹل سے میرے اوپر فائرنگ کردیجس سے میں بال بال بچ گئی ، نوجوان ارتکاب جرم کے بعد ساتھی ملزم کے ہمراہ موقع سے فرار ہوگیا ۔شی میل پائل نے پولیس کو بتایا کہ نوجوان اس پر عاشقی کا دم بھرتا ہے اور اسے دوستی کرنے کے لئے بار بارتنگ کررہا ہے جبکہ میرے انکارپر اس نے میرے اوپر فائرنگ کرد ی ہے ۔ پولیس نے شی میل پائل کی درخواست پر نوجوان اور اسکے نامعلوم ساتھی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی اسینوجوان نے شی میل پائل کو اس کے رہائشی بالا خانہ پر فائرنگ سے زخمی کیا تھا اور گرفتار ہونے پر دونوں میں راضی نامہ طے پایا ۔


شٹرڈاﺅن ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لئے تاجروں میں آگاہی مہم شروع

ڈیرہ اسماعیل خان :ملک بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں 29 اور 30 اکتوبر کی شٹرڈاﺅن ہڑتال کو کامیاب بنانے اور تاجروں میں آگاہی مہم کے لئے ڈیرہ کی تمام تاجر برادری آج بروز اتواربوقت دس بجے صبح چوگلہ سے موٹرسائیکل ریلی کا اہتمام کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار سہیل اعظمی ،حامد علی رحمانی ،چوہدری جمیل ،شریف چوہان ،خالد ناز،ایوب ایوبی ،خلیل نمبردار ،محمد نواز ،محمد جاوید ودیگر نےاپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔صوبائی نائب صدر سہیل اعظمی کے مطابق حکومت اور ایف بی آر 29 اور 30 اکتوبر کی ملک گیر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف شٹرڈاﺅن ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لئے مذاکرت کاپراپیگنڈا کررہی ہے جس میں کوئی حقیقت نہیں ہے ۔پاکستان بھر کے تاجر برداری آل پاکستان تاجران کے جھنڈے تلے متحد ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہڑتال کو کامیاب بنانے کےلئے آگاہی مہم کے طور پر بروز اتوارصبح دس بجے تاجر نمائندے موٹرسائیکل ریلی ریلی کا اہتمام تمام بازاروں میں کررہے ہیں جس میں تمام تاجران سے شرکت کی اپیل ہے ۔


زور دار بم دھماکہ،پولیس اہلکار زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان: تحصیل کلاچی کے علاقہ ہتھالہ روڈ پر پولیس وین کے قریب ریموٹ کنٹرول کے ذریعے زور دار آئی ای ڈی بم دھماکہ، ایک ایلیٹ پولیس اہلکا ر طارق نواز بنوچی زخمی ،پولیس وین میں موجود دیگر سات اہلکار خوش قسمتی سے بال بال بچ گئے ، پولیس اور سیکورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ، زخمی اہلکار کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ،زخمی اہلکار کی حالت خطرے سےباہر،پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران دس سے زائد افراد کو حراست میں لے کر چھان بین شروع کردی ،نامعلوم ملزمان کے خلاف دہشت گردی ،اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درجکرلیاگیا ،پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کلاچی کی پولیس وین پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی شیخ محمد یعقوب کی ریلی میں سیکورٹی کے لئے روانہ تھی کہ تحصیل کلاچی کے علاقہ ہتھالہ روڈ پر سڑک کے کنارےآئی ای ڈی ریموٹ کنٹرول کے ذریعے نصب بم زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پولیس وین میں سوا رایک پولیس ایلیٹ کا نوجوان طارق نواز بنوچی ولد شیر بہادر قوم بنوچی سکنہ ککی بنوں شدیدزخمی ہوگیا جبکہ پولیس وین میں موجود اے ایس آئی فضل الرحمن سمیت دیگر سات پولیس اہلکار خوش قسمتی سے بال بال بچ گئے ،دھماکے کے نتیجے میں پولیس وین کو معمولی نقصان پہنچا ۔زخمی نوجوان کوفوری طور پر طبی امداد فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا گیاجہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔دھماکہ کی اطلاع پر ڈی پی او ڈیرہ پولیس کی بھاری نفری اور بم ڈسپوزل سکواڈ کےہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے اور علاقہ کو گھیرے میں لے لیاگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے پولیس کو نشانہ بنانے کے لئے ہتھالہ کے قریب آئی ای ڈی ریموٹ کنٹرول کے ذریعے 8سے10 کلو گرام بارودی مواد سڑک کے کنارے پل کے قریب نصب کیاگیا ، ہتھالہ گاﺅں میں رکن قومی اسمبلی محمد یعقوب شیخ کی ریلی میں سیکورٹی کے لئے پولیس وین جونہی جائے وقوعہ کے قریب پہنچی تو زوردار دھماکہ کردیاگیا ۔پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران دس سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے کر ان سے چھان بین شروع کردی ہے۔ سی ٹی ڈی پولیس نے نامعلوم دہشت گردوں کے اقدام قتل ،بارودی مواد کا استعمال ، پولیس پر حملہ آور ہونے اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔


مبینہ پولیس مقابلے میں خطرناک دہشت گرد کو باپ اور بھائی سمیت گرفتارکرلیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان :ٹاﺅن پولیس کی کامیاب کاروائی ،آڑہ روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران خطرناک دہشت گرد کو باپ اور بھائی سمیت گرفتارکرلیا ،خطرناک دہشت گرداغوائیگی اور دہشت گردی کے مقدمہ میں پولیس کو طویل عرصہ سے انتہائی مطلوب بتایاگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ٹاﺅن پولیس نے خفیہ اطلاع پو لیس کی بھاری نفری کے ہمراہ علاقہ آڑہ روڈ دہشت گردی کے مقدمہ میں انتہائی مطلوب خطرناک مفرور اشتہاری ملزم خالد وزیر ولد زاویل خان وزیر سکنہ وانا حال آڑہ روڈ کی اپنے گھر میں موجودگی کی اطلاع پر اس کے مکان پر چھاپہ مارا ۔دوران چھاپہ زنی گھر میں موجود اہل خانہ نے پولیسپارٹی پر فائرنگ کرکے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے جوابی کاروائی کے دوران مکان کا مکمل گھیراﺅ کرکے ملزمان کی فرا رہونے کی کوشش مکمل ناکام بنادی اور مفرور اشتہاری ملزم کو اس کے باپ زاویل اور بھائی حامد العابد سمیت گرفتارکرلیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے 2پستول اور25کارتوس برآمد کرکے ان کیخلاف زیر دفعہ353-324-186-216-15AAکے تحت مقدمہ درجکرلیا ہے ۔


خواتین کے تنازع پر مسجد میں چھریا ں چل گئیں

ڈیرہ اسماعیل خان:خواتین کے تنازع پر مسجد میں چھریا ں چل گئیں ،چھریوں کے وار سے نمازی زخمی ،زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ،کراس رپورٹ کے لئے مخالف فریق بھی مبینہ خود کوزخمی کرکے ہسپتال پہنچ گیا ،پولیس نے دونوں جانب کی الگ الگ کراس رپورٹس درج کرلیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود بستی میکن میں واقع مکی مسجد کے اندر ظہر کی نماز کے وقت اذان دینے کے دوران ملزمان نے خواتین کے تنازع پر لاتوں مکوں اور چھریوں کے وار سے اپنے مخالف کو شدید زخمی کرلیا،ملزمان ارتکاب جرم کے بعد وہاں سے فرار ہوگئے ،زخمی کو ہسپتال منتقل کیاگیا ۔پولیس نے زخمی کی رپورٹ پر چار افراد ساکنان بستی میکن کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ اس دوران کراس رپورٹ کرنے کے لئے مخالف فریق کا ایک نوجوان مبینہ طور پر خود کو فائرنگ سے زخمی کرکے ہسپتال پہنچ گیا اور پولیس کو بتایا کہ وہ بنددریائے سندھ بستی میکن پر جارہا تھا کہ مخالف فریق کے تین افراد نے فائرنگ سے اسے زخمی کیا ۔پولیس نے اس کی رپورٹ پر بھی اس کے مخالف تین افراد کے خلاف بھی اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔


پروآ موبائل شاپ چوری کیس مرکزی ملزم کی درخواست ضمانت خارج

ڈیرہ اسماعیل خان :ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ شاکر اللہ خان نے تحصیل پروآ کے علاقہ لودھی مارکیٹ میں المدینہ موبائل شاپ سے نقب زنی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی34 عدد موبائل فون اور نقدی چوری کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم حافظ عبدلقدیر گرمانی کی ضمانت پر رہائی کی درخواست خارج جبکہ مقدمہ میں نامزد دوسرے ملزم محمد اکرام بلوچ سکنہ ہزارہ پکہ کی عبوری ضمانت منسوخ کرکے اسے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل پروآ کے علاقہ لودھی مارکیٹ میں 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب المدینہ موبائل شاپ میں نقب زنی کے دوران ملزمان لاکھوں روپے مالیت کے 31 عدد مختلف کمپنیوں کے نئے جبکہ تین عد د استعمال شدہ ٹچ موبائل فون اور پچیس ہزار روپے نقد چوری کرکے لے گئے ۔بعدازاں دکان کے اندر نصب شدہ سی سی ٹی وی کیمرے کےذریعے ملزم حافظ عبدلقدیر ولد مشتاق احمد قوم گرمانی سکنہ پروآ کی نشاندہی ہونے پر پولیس نے اسے گرفتار کرکے اس کے دیگر نامعلوم ساتھیوں سمیت اس کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے موبائل فون چوری کے مقدمہ میں دوسرے ملزم محمد اکرام ولد شاہجہان بلوچ سکنہ ہزار ہ پکہ کو نامزد کیا جس نے عدالت سے عبوری ضمانت کے لئے رجوع کیا ۔ ملزم حافظ عبدالقدیر نے عدالت میں اپنی ضمانت پر رہائی کی درخواست دائرکی ۔دونوں درخواست پر عدالت دونوں جانب کے وکلاءکی بحث سننے کے بعد ملزم عبدالقدیر کی درخواست ضمانت خارج جبکہ ملزم محمد اکرام کی عبوری ضمانت منسوخ کرکے اسےبھی گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔


نقب زنی کی واردات ناکام بنادی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان:تحصیل پہاڑپور موبائل کی دکان میں نقب زنی کی واردات ناکام،پولیس نے کامیاب کاروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے مالیت کے چوری شدہ موبائل فون برآمد کر کے چوری کی واردات ناکام بنادی ،ملزم کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیاگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل پہاڑ پور شہر میں واقع خیبر مارکیٹ کے اندر چور افنان موبائلز شاپ میں نقب لگا کر وہاں سے چور 3لاکھ69 ہزار مالیت کے24موبائل فون چوری کرکے لے گیا۔ پہاڑ پور پولیس نے دوکاندار عاشق خلیل ولد حاجی رمضان کی رپورٹ پر کاروائی کے دوران ملزم محمد جہانگیر ولد صدیق کو ٹریس کرکے اسے کامیاب کاروائی کے دوران گرفتار کرلیا۔پولیس نے ملزم کے قبضہ سے چوری شدہ تمام قیمتی موبائل فون بھی برآمد کرلیے ۔پولیس نے دکاندار کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف چوری کامقدمہ درج کرکے اسے حوالات میں بند کردیاہے۔


آزادی مارچ سے موجودہ حکومت کا خاتمہ ہوگا محمد حنیف پیپا ایڈوکیٹ

ڈیرہ اسماعیل خان : پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد حنیف پیپا ایڈوکیٹ نے کہا کہ آذادی مارچ سے انشاءاللہ موجودہ حکومت کا خاتمہ ہوگا ۔وہ 30 اکتوبر کو کارکنان کے بڑے لشکر کے ہمراہ روانہ ہوں گے اور اپنے پارٹی جھنڈوں کے سائے میں ہم آذادی مارچ اسلام آباد میں شریک ہوں گے اور ہمارا ہر اول دستہ ہوگا ۔ وہ گزشتہ روز صحافیوں سے خصوصی گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہاہم اپنے پارٹی چیئر مین بلاول زرداری بھٹو کے ہر حکم پر جان نچھاور کریںگے ۔ہمارے قافلے میں پارٹی کارکنان کے علاوہ مسلم لیگ (ن ) کے کارکنان سمیت ڈیرہ اسماعیل خان کی یونین کونسل 4 کے پارٹی کارکنان بی ہر اول دستہ کا کردار ادا کریں گے اور انشاءاللہ ہماری وآپسی موجودہ حکومت کے خاتمے پر ہی ہوگی۔


مضر صحت باسی مچھلی کی مہنگے داموں فروخت شروع

ڈیرہ اسماعیل خان :ڈیرہ متعلقہ حکام کی عدم دلچسپی مضر صحت باسی مچھلی کی مہنگے داموں فروخت شروع، شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے، شہر کی سڑکوں سمیت دیگر متعدد مقامات پر مضر صحت باسی مچھلی کی کھلے عام فروخت جاری، شہری پیٹ اور الرجی کی بیماریوں کا شکار ہونے لگے، مچھلی باسی ہونے کیوجہ سے اس قدر تعفن پھیلا ہواہوتا ہے کہ مذکورہ مقامات کے قریب سے گزرنا بھی محال ہوجاتا ہے، اگر شہرمیں فروخت ہونے والی مچھلی کا بغور جائزہ لیا جائے تو اسے ڈھانپنے کی زحمت بھی گوارہ نہیں کی جاتی بلکہ فروخت کے لئے لائی جانے والی مچھلی پر مکھیاں بھنبھناتی نظر آتی ہیں، سروے کے دوران شہریوں نے بتایاکہ مچھلی فارم مالکان تالابوں سے مچھلی کو زندہ نکالنے کی زحمت بھی گوارا نہیں کرتے، لیبر کے اخراجات بچانے کے لئے تالابوں میں زہریلے کیمیکل ڈال دیئے جاتے ہیں جس کیوجہ سے مچھلی مردہ حالت میں پانیکی سطح پر تیر آتی ہے جہاں سے پکڑ کر دکانوں میں فروخت کی غرض سے لے آتے ہیں جو کہ انتہائی مضر صحت ہے، شہریوں نے ڈی جی خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔


گرم کپڑوں اور جوتوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

ڈیرہ اسماعیل خان :ڈیرہ موسم سرما کی آمد آمد، گرم کپڑوں اور جوتوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، غریب اورمتوسط طبقہ کے افراد کے لئے تن کو ڈھانپنا بھی چیلنج بن گیا، جبکہ طالبعلموں کے یونیفارم کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔تفصیلات کے مطابق موسم کے کروٹ بدلتے ہی سردیوں میں زیب تن کئے جانے والے ملبوسات اور جوتوں کی قیمتوں میں دکانداروں نے خود ساختہ اضافہ کرکےمہنگائی کے ستائے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے کاعمل شروع کر رکھا ہے، مذکورہ اشیاءکی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو جانے کی وجہ سے موجودہ حالات میں متوسط اور غریب طبقہ کے افراد کے لئے خود کوسردی سے محفوظ رکھنا کسی چیلنج سے کم نہیں اوردوسری جانب پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ نے بھی مہنگائی کے ستائے والدین پر اپنی مرضی مسلط کرنا شروع کر دی ہے، آئے روز طلبہ کے یونیفارم میں تبدیلی کئےجانے کی وجہ سے کم آمدنی والے والدین کیلئے بچوں کی نئی جرسیاں سوئیٹر، یونیفارم اور جوتے خریدنا کسی صورت بھی آسان دکھائی نہیں دیتے۔مہنگائی کی چکی میں پسنے والے شہریوں نے گرم کپڑوں، جوتوں اوربچوں کی یونیفارم کی قیمتوں میں بے جا اضافہ پر کہا کہ ہر دکاندار اپنی دکان کے کرایہ جات اور ملازمین کے اخراجات کے حساب سے مذکورہ اشیاء کی قیمتیں مقرر کر رکھی ہیں۔ شہریوں نے مزید کہا کہ غریب اورمتوسط طبقہ کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے کپڑے اور جوتوں کی قیمتوں کا کوالٹی کے مطابق صیح سمت میں تعین کرناانتہائی ناگزیر ہے۔


مشترکہ کاوشیں ہی پولیو کے خاتمے کا باعث بن سکتی ہیں طبی ماہرین

ڈیرہ اسماعیل خان :طبی ماہرین نے کہا ہے کہ پولیو سے بچاوکے لئے حکومت سرکاری اداروں خصوصاً محکمہ صحت اور والدین کی مشترکہ کاوشیں ہی پولیو کے خاتمے کا باعث بن سکتی ہیں ہمیں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو مہم کے دوران پولیس کے قطرے پلانا ضروری ہیں، 14 ہفتے کی عمر میں تمام بچوں کو پولیو سے بچاو¿ کا حفاظتی ٹیکہ لگوانا ہے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو پولیوجیسی مہلک بیماری سے بچاسکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم انسداد پولیو کے موقع پر اخبار نویسوں کے وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے پولیو سے بچاو¿ کے لئے انسداد پولیوویکیسن کے قطرے پلانے کی اہمیت اور اس سلسلہ میں عوامی آگاہی کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے پر زور دیا، انہوں نے محکمہ صحت کے افسران، پیرا میڈیکل سٹاف اور ہیلتھ ورکرز کو انسداد پولیو کے لئے بہترین خدمات سرانجام دینے پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح دنیا سے چیچک کی بیماری کو حفاظتی ویکسین کی بدولت ختم کیا گیا، انشاءاللہ انسداد پولیوویکسین کے ذریعے اس مہلک مرض کا خاتمہ بھی قریب ہے، انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلہ میں انسداد پولیو کے لئے مربوط انداز میں مہم چلائی جارہی ہے اور انشاء اللہ وہ وقت قریب ہے جس سے پولیو کا خاتمہ ممکن ہوگا۔


جیل انتظامیہ کو چار سو زائد افراد کے انتظامات کرنے کی ہدایات جاری

ڈیرہ اسماعیل خان: ڈیرہ جیل انتظامیہ کو چار سو زائد افراد کو رکھنے کے انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ،ڈیرہ جے یو آئی (ف) اور اپوزیشن جماعتوں کے آزادی مارچ سے نبردآزما ہونے کے لئے ڈسٹرکٹ پولیس نے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کا عمل شروع کر دیا، تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کئے جانے والے متوقع آزادی مارچ سے نمٹنے کے لئے ڈسٹرکٹ پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے ڈیرہ بھکر روڈ اور چشمہ روڈ کے مقام پر کنٹینرز کو پکڑ دھکڑ کا عمل شروع کر دیا، زرائع کے مطابق کنٹینرز سڑک کے کنارے پر کھڑے کئے گئے ہیں، ان کنٹینرز کو ٹرالرز سے اتارنے کے لئے انتظامات بھی مکمل کئے جا چکے ہیں، مذکورہ آزادی مارچ میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے تاحال ضلع بھر سے کسی بھی مذہبی اور سیاسی جماعت کے کارکنوں کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی، ذرائع کے مطابق ضلع ڈیرہ کی پولیس نے درجنوں سے زائد سرگرم کارکنان کی گرفتاری کے لئے پلان تشکیل دے رکھا ہے، جن کی لسٹیں خفیہ اداروں کو مرتب کرکے افسران کے حوالے کر دی ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈیرہ جیل انتظامیہ کو چار سو زائد افراد کو رکھنے کے انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈیرہ جیل انتظامیہ کو چار سوزائد افراد رکھنے کے انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں

%d bloggers like this: