نومبر 24, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

محرم الحرام کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے ملک بھر کیلئے محرم الحرام کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے۔

ضابطہ اخلاق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور میں محرم الحرام کے حوالے سے ہونے والے اہم اجلاس کے بعد جاری کیا گیاہے۔

اجلاس سے خطاب میں پیر نورالحق قادری نےکہا کہ محرم الحرام کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لئے پیمرا اور میڈیا اداروں کو خطوط لکھے جائیں گے کہ میڈیا نفرت پھیلانے والے لوگوں کو اپنے پلیٹ فارم سے ہر گز موقع دے۔

وزارت مذہبی امورکی طرف سے محرم الحرام کے لئے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق میں کہا گیاہے کہ انبیاء ، صحابہ کرام ،اہلبیت ، امہات المومنین اور اولیائے کرام کی عزت و تکریم کو یقینی بنایا جائے گا۔ تمام مکاتب فکرآپس میں  محبت  اور رواداری سے پیش آئیں۔

ضابطہ اخلاق میں کہا گیاہے کہ ایک دوسرے کے اکابرین کے بارے میں احترام کیا جائے۔ اگر کوئی کسی کے اکابرین بارے نامناسب بات کرے گا تو جواب میں پھول نہیں ملیں گے۔ علما ، ذاکرین اور مقررین اپنی تقریروں میں اشتعال سے گریز کریں۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ فرقہ واریت کشمیریوں کی کسی طرح مدد نہیں کرسکتی اس لئے فرقہ واریت سے گریز کیا جائے۔

علامہ عارف واحدی نے اجلاس میں تجویز پیش کی کہ محرم الحرام کے دوران دیئے جانے والے خطبات میں کشمیر کا خصوصی ذکر کیا جائے۔

About The Author