نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

اپنا خیال رکھیئے اور خود پر خرچ کرنے کی عادت اپنائیے|| شمائلہ حسین

تیسرا ہفتہ شروع ہوچکا ہے لیکن ٹانگیں اپنے وزن کو مکمل طور پر اٹھانے سے قاصر ہیں۔ ہاتھوں کی ہڈیاں ،کلائیاں، گردن کے پٹھے اور کمر کی تکلیف ہر وقت ہے اور شدید ہے۔

شمائلہ حسین 

ٹینشن کہیں ، ڈپریشن یا دکھ کیسے ہمیں اندر ہی اندر گھلا دیتا ہے ہمیں تب تک معلوم نہیں ہوتا جب تک کوئی بڑا دھچکا ہماری صحت کو نہ پہنچے۔
پچھلے دو سال سے مسلسل ایک اذیت کو پالتے پالتے مجھے بھی اندازہ نہیں ہو پایا کہ میں اعصابی طور پر کمزور ہوتی جارہی ہوں۔
وزن تیزی سے گرتا جا رہا تھا۔ دیکھنے والے میری سمارٹ نیس کا راز پوچھتے رہ جاتے اور میں نہایت سچائی کے ساتھ کہہ دیتی کہ کوئی ڈائٹ پلان نہیں اپنایا اور نہ ہی کوئی ایکسر سائز یاجم جوائن کیا۔
بس کھانا پینا کم سے کم ہوتا گیا اور وزن بھی خود ہی کم ہوتا چلا گیا۔
پی ایچ ڈی کے مکمل ہونے کے ساتھ ساتھ میں صحت کی طرف سے غافل کیا ہوئی کہ معاملہ ایسے برے نتیجے پر آ کے رکا کہ سوچا بھی نہیں تھا۔
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ کینسر ، شوگر، ہیپاٹائٹس یا تھیلیسیمیا جیسی کسی بیماری کا شکار ہوگئی کیا؟
نہیں بھئی اللہ کا شکر ہے ایسا کچھ نہیں۔
بس اندر ہی اندر نہ جانے کب سے قامت کا توازن بگڑتا جا رہا تھا اور کیلشیم اور وٹامن ڈی ساتھ چھوڑ رہا تھا سمجھ نہ پائی اور اچانک ایک ہلکے سے بجلی کے کرنٹ نے سارے نظام کو یک دم مفلوج کر دیا۔
تیسرا ہفتہ شروع ہوچکا ہے لیکن ٹانگیں اپنے وزن کو مکمل طور پر اٹھانے سے قاصر ہیں۔ ہاتھوں کی ہڈیاں ،کلائیاں، گردن کے پٹھے اور کمر کی تکلیف ہر وقت ہے اور شدید ہے۔
نیورالوجسٹ سے علاج چل رہا ہے ایک ہفتے کی دوا سے کچھ افاقہ ہوا ہے لیکن ابھی ڈرائیو نہیں کر پارہی۔ بہت سے کام رکے ہوئے ہیں اور مسلسل آرام ، ہلکی پھلکی ورزش اور بہتر سے بہتر خوراک جاری ہے۔
انشاء اللہ میں جلد ہی صحت بہتر کر لوں گی۔
آپ کو بتانے کا مقصد کیا ہے؟
ہمدردیاں سمیٹنا یا دعائیں ؟
نہیں بھئی یہ بھی نہیں۔۔
صرف یہ استدعا کرنا چاہتی ہوں کہ بروقت اپنے مسائل کی وجہ سے صحت پر ہونے والے اثرات کو سمجھنا شروع کریں۔
اس سے پہلے کہ دکھ، ڈپریشن اور ٹینشن آپ کی جان کو کسی بڑےروگ کی طرف لے جائے۔
کسی سائیکالوجسٹ کی ضرورت ہے تو اس کی خدمات لیں، یہ مت سوچیں کہ لوگ ہمیں پاگل سمجھیں گے۔
کسی فزیو تھراپی یا دواؤں سے معاملہ حل ہوتا ہے تو بھی آگے بڑھیں اور خود کو سنبھالیں۔
کیونکہ آپ کی جان اور صحت اگر آپ کے لیے ضروری نہیں تو یقین مانیے دنیا میں کسی اور کو بیمار وجود کے ساتھ تعلق رکھنے کی کوئی خواہش نہیں رہتی۔
اپنا خیال رکھیئے اور خود پر خرچ کرنے کی عادت اپنائیے۔

About The Author