نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

نواز شریف کےخون کے سفید خلیوں کی تعداد پھر گھٹنے لگی، مریم نواز کو ملاقات کی اجازت

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو انکے والد سے ملاقات کی اجازت  دی جائے۔

لاہور۔ سروسزانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سروسز اسپتال) میں زیر اعلاج سابق وزیراعظم  نواز شریف کے پلیٹس لیٹس (خون کے سفید خلیے) پھر کم ہو گئے ہیں۔

باوثوق ذرائع نے ڈاکٹروں کے حوالے سے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس سات ہزار رہ گئے ہیں ااور ان کے طبی معائنے کے لیے اسلام آباد سے سینئر ڈاکٹرز طلب کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق خصوصی میڈیکل بورڈ  نواز شریف کے طبی معائنے کے لیے اسلام آباد سے سینئیر ڈاکٹرز کو طلب کرنے کی سفارش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کے طبی معائنے کے لیے اسلام آباد کے پمز اسپتال اسلام آباد سے ڈاکٹرز کو بلایا  گیا ہے۔

ادھر وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو انکے والد سے ملاقات کی اجازت  دی جائے۔

ذرائع کا کہناہے کہ مریم نواز کو والد میاں نواز شریف سے ملنے کی اجازت مل گئی ہے۔  مریم نواز کو ملاقات کی اجازت وزیراعظم کی ہدایت پر دی گئی ہے۔

مریم نواز کل دن میں نواز شریف سے ملاقات کرائی جائے گی،  مریم نواز کو 1 گھنٹے کیلئے کوٹ لکھپت جیل سے لایا جائے گا،مریم نواز کی اپنے والد سے ہفتہ وار ملاقات کل جیل کے بجائے اسپتال میں ہو گی۔
ذرائع کے مطابق  مریم نواز سے بچوں، دادی، چچا شہباز شریف کو ملاقات کی اجازت بھی ہو گی۔

نون لیگ نے مریم نواز کو ملاقات کی اجازت ملنے کی تصدیق کر دی ہے ۔

درایں اثناء وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت سروسز اسپتال میں نوازشریف کی صحت کے حوالے سے تشکیل دیے گئے خصوصی میڈیکل بورڈ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں صوبائی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ  ہیلتھ  کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن مومن آغا، سپیشل سیکرٹری میاں شکیل، پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی  پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی  پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان، ڈاکٹر فاطمہ اور نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے شرکت کی۔

وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیکل بورڈ کے ممبران سے نوازشریف کے علاج معالجہ  کے بارے تفصیلات حاصل کیں۔

پروفیسر ڈاکٹرمحمود ایاز نے وزیرصحت کونوازشریف کودی جانے والی ادویات، خوراک اورطبی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔

نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان نے میڈیکل بورڈ کی جانب سے نوازشریف کے علاج معالجہ کے حوالہ سے اظہار اطمینان کا اظہار کیا کیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ بورڈ میں شامل  بہترین  ڈاکٹرز نوازشریف کا علاج معالجہ کررہے ہیں۔ اسپتال میں نوازشریف کی بہترین دیکھ بھال کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے حوالہ سے بغیرتصدیق کسی قسم کی خبرسے اجتناب کیاجائے۔

درایں اثناء وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے شہباز شریف اور ایاز صادق سے رابطہ  کیا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور سے جاری اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ نوازشریف کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی گئی ہے۔

نیب اعلامیہ کے مطابق نوازشریف کی کوٹ لکھپت جیل سے سب جیل میں منتقلی کے ساتھ ہی ایک کارڈیک ایمبولنس اور تین ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کر لی گئی تھیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف سے انکے ذاتی معالج ڈکٹر عدنان سے ملنے سے کبھی نہیں روکا گیا۔ ڈاکٹر عدنان نے نوازشریف سے گیارہ ، انیس اور اکیس اکتوبر کو طویل ملاقاتیں کیں۔ نوازشریف اپنے ذاتی معالج کی تجویز کردہ ادویات استعمال کرتے رہے

اعلامیہ کے مطابق  نیب کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات لینے سے نوازشریف نے انکار کیا۔ شہبازشریف کی جانب سے نوازشریف کے علاج میں غلفت کا بیان مضحکہ خیز ہے۔

دوسری طرف  پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے پیغامات پہنچا دیے ہیں۔ انہو ں نے پیغام دینے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد کی عیادت بھی کی۔

صوبائی وزیر صحت نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی عیادت کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پی ایم ایل (ن) کے قائد نے ان سے خود کہا ہے کہ وہ اپنے علاج سے مطمئن ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف جب اسپتال آئے تھے تو اس وقت ان کے پلیٹس لیٹس کی تعداد دس ہزار تھی لیکن جب ٹیسٹ ہوا تو ان کی تعداد دو ہزار رہ گئی تھی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے خون میں پلیٹس لیٹس کی تعداد میں کمی کیوں واقع ہوئی؟ اس کی وجوہات ڈھونڈنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں رپورٹس آجائیں گی تو وجوہات سامنے آجائیں گی۔

پنجاب کی صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ میاں نواز شریف کو علاج کے لیے ہر قسم کی سہولتیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پی ایم ایل (ن) کے قائد کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ میں نے خود ان سے پوچھا کہ مزید کچھ چاہیے تو بتادیں؟ لیکن انہوں نے کہا کہ وہ علاج سے مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ  آج میڈیکل بورڈ کی میٹنگ میں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان شریک تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے میاں نواز شریف کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

About The Author