نومبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

چین سے ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے ہمیں دیگر ممالک کے مقابلے پر کام کرنا ہے،عمران خان

انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کا قیام وفاقی حکومت کی سربراہی میں ہو گااس مقصد کے لئے صوبوں سے بھی مسلسل رابطہ رہے گا۔

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کا قیام جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے،چین سے ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے ہمیں دیگر ممالک کے مقابلے پر کام کرنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان  نے یہ بات خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے کہی ہے۔

عمران خان  نے اس موقع پر خصوصی اقتصادی زونز میں بیرونی سرمایہ کاروں کو متاثر کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز ملکی معیشت کا پہیہ چلانے میں مددگار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کا قیام وفاقی حکومت کی سربراہی میں ہو گا،خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے لئے صوبوں سے بھی مسلسل رابطہ رہے گا۔

عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے قابل قدر پیشرفت دکھائی،خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے بعد سرمایہ کاروں کو ان اقدامات سے آگاہ کرنا ہو گا۔

اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، عمر ایوب خان، عبدالرزاق داؤد،فردوس عاشق اعوان، ندیم بابر، سید زبید حیدر گیلانی و دیگر حکام  شریک ہوئے۔

اجلاس میں موجودہ قانونی فریم ورک، مقامی و غیر مُلکی سرمایہ کاروں کی سہولت کاری پر بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بن قاسم،دھابیجی،رشاکئی اور حطار میں بجلی کی فراہمی کے لئے 2 ارب 80 کروڑ روپے جاری کئے جائیں گے۔

خصوصی اقتصادی زونز کو گیس کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی گئی ۔ 110 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی کے لئے 3 ارب 75 کروڑ روپے دیئے جا رہے ہیں۔

بیرونی سرماریہ کاری سے متعلق فریم ورک میں بہتری کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ 67 ممالک کو اس وقت ورک ویزا اور ویزا آن ارائیول کی سہولت دی جا رہی ہے۔

About The Author