نومبر 24, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

آزادی مارچ کے پیچھے اندرونی اور بیرونی ایجنڈا ہے، وزیراعظم

عمران خان نے کہا کہ گرفتار رہنماؤں کو آج باہر جانے کی اجازت دوں تو زندگی آسان ہو جائے گی،پہلے بھی کہا تھا اپوزیشن کا ایک ہی مسئلہ ہے،وہ ہے این آر او۔

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ  جے یو آئی ف کے آزادی مارچ کے پیچھے اندرونی اور بیرونی ایجنڈا ہے مگر اس کے باوجود فضل الرحمان کو مارچ  کی اجازت دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہے کہ میں کسی بھی قیمت پر استعفی نہیں دونگا چاہے کچھ بھی ہوجائے ۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سینئیر صحافیوں سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مولانافضل الرحمان کا چارٹر آف ڈیمانڈ واضح نہیں ہے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کل فضل الرحمان سے ملاقات کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ گرفتار رہنماؤں کو آج باہر جانے کی اجازت دوں تو زندگی آسان ہو جائے گی،پہلے بھی کہا تھا اپوزیشن کا ایک ہی مسئلہ ہے،وہ ہے این آر او۔

انہوں نے کہا کہ مولانا کے دھرنے کی ٹائمنگ پر شک ہے ۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی مولانا کے پیچھے ہیں۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ چار حلقوں کے ثبوت لیکر میں پھرتا رہا۔ ہم اپوزیشن کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کرینگے۔

عمران خان نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اس پر کام کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف مجھ سے پوچھ کر بزنس مینوں سے ملے تھے۔سول ملٹری تعلقات تاریخ کے بہترین موڑ پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں بری طرح پھنس چکاہے،امریکی کانگریس کمیٹی نے کشمیر معاملےپر ہونے والی پیش رفت تاریخ ساز ہے۔خدشہ ہے بھارت آزاد کشمیر پر حملہ کرسکتاہے۔ آرمی چیف کو کہہ دیاہے کہ مکمل طور پر تیار رہیں۔

عمران خان نے کہا کہ  کشمیر پر دنیا کی طرف سے تاریخی ردعمل آرہاہے،بھارت نے کوئی بھی جارحیت کی تو بھرپور جواب دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ  پنجاب کو کو ہدایت کی ہے نوازشریف کوبہترین سہولیات فراہم کریں،شہبازشریف کہتےہیں نوازشریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں کوئی عدالت یا ڈاکٹر نہیں ہوں،نوازشریف کی بیرون ملک علاج کا فیصلہ عدالت نے کرناہے۔ اگر مریم نوازنے ملاقات کرنی ہےتو وہ فیصلہ بھی عدالت کرےگی۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ملک کو شفاف حکومت دینے کی بھرپور کوشش جاری ہے،ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کےپیچھے پرائیوٹ اسپتال مافیاہے۔

ایران اور سعودی عرب جنگ سے پاکستان کو نقصان ہوگا،ایران سعودی وزرا خارجہ کی پاکستان میں ملاقات کرائیں۔

About The Author