نومبر 2, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

تکبر اور غرور کی بقا نہیں ہوتی۔۔۔نذیر ڈھوکی

سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کس ڈھارس پر کہہ رہے کہ اپوزیشن والوں نے استعفے دیئے تو ضمنی انتخابات ہونگے

نذیر ڈھوکی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

عظیم شاعر اور انقلابی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے فرمایا تھا کہ ” وقت بتائے گا کہ آخری قہقہہ کون لگاتا ہے ” یقینا وہ وقت قریب آچکا ہے جب آخر فتح عوام کی ہوگی، پیپلز پارٹی کے نوجوان چیئرمین نے بلآخر جمہوریت پسند سیاسی پارٹیوں کو پارٹیوں کو پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے پلیٹ فارم پر اکٹھا کر ہی دیا۔

اب وہ وقت بھی آ چکا ہے جب ایک بار پھر میثاق جمہوریت کی تجدید ہوگی تاکہ 2018 میں پارلیمنٹ کو ربڑ اسٹیمپ بنانے والوں کا احتساب بھی لازمی قرار پائے گا۔

اب یہ کوئی راز نہیں رہا کہ جنرل ایوب خان سے آج تک اسٹیبلشمنٹ کی الزام تراشی کی فیکٹری بلا ناغہ اس گورگھ دہندے میں مشغول رہی ہے ، یہ قدرت کا معجزہ ہے ، تاریخ کا انتقام ہے یا انسانی شعور کی جدت کہ جمہوریت سے نفرت کرنے والے سر بازار ننگے ہو چکے ہیں۔

سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کس ڈھارس پر کہہ رہے کہ اپوزیشن والوں نے استعفے دیئے تو ضمنی انتخابات ہونگے ، اس نالائق کو کیا معلوم کہ استعفے آخری آپشن ہوتا ہے اگر 10 لاکھ انسانوں کا سمندر نے کموں شہید عبور کرکے صادق آباد پہنچا تو کوئی مائی کا لال انسانی سمندر کے موجوں کے سامنے بند نہیں باندھ سکے گا، جی ٹی روڈ پر انسانی سمندر امڈ آیا تو منظر ہی کچھ اور ہوگا ، جب غلامی کی زندگی گذارنے والے بلوچ، سیاسی اور معاشی استحصال کے شکار اہل وصیب کا سمندر سندھ کے سمندر میں ملے گا تو یوم حساب شروع ہوگا ، پھر بنکر اور آہنی دیواریں روئی کی طرح اُڑتی ہوئی دکھائی دینگی، پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ میں سوا لاکھ وکلا بھی ہونگے ، وہ دن غرور اور تکبر کے رسوائی کا دن ہوگا جو زیادہ دور نہیں ہے۔

اسٹیبلشمنٹ کی الزام تراشی کی فیکٹری جعلسازی کے دھندے میں بدنام ہوچکی ہے ، وہ وقت قریب آ چکا ہے کہ جب فیصلہ ہوگا کہ آخری قہقہہ کون لگاتا ہے یقینا یہ قہقہہ جمہوریت کا ہوگا جب جمہوریت پسند سیاسی رہنما فتح حاصل کرنے کے بعد گڑھی خدا بخش بھٹو کے قبرستان میں جمع ہونگے ان کے فتح مند قدموں کی چھاپ سننے کیلئے عظیم انقلابی اور شاعر قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید منتظر ہیں ۔

About The Author