نومبر 1, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کسی غیر جمہوری سازش میں شامل نہیں ہوں گے،بلاول بھٹو زرداری

عوام مسلط کی گئی تبدیلی کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں۔

لاہور:

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی غیر جمہوری سازش میں شامل نہیں ہوں گے۔ حکومت صرف آئینی طریقے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔

تفصیل کے مطابق بلاول بھٹو سے پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کی قیادت نے ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت اہم ایشوز پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو نے مہنگائی کے خلاف جلسوں اور احتجاج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم سلیکٹڈ وزیراعظم کو نہیں مانتے۔ عوام مسلط کی گئی تبدیلی کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے عوام مسائل کا شکار ہیں۔ سلیکٹڈ حکمران کبھی بھی عوامی مسائل حل نہیں کر سکتے۔ آئی ایم ایف معاہدے میں عام آدمی کے مسائل کا خیال نہیں رکھا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کے ایسے اہداف رکھے جا رہے ہیں جس سے عام آدمی کی کمر ٹوٹ رہی ہے۔ ہم بھی آئی ایم ایف کے پاس گئے تھے لیکن ایسی ظالمانہ پالیسیاں نافذ نہیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اپنا پلان یہ ہے کہ ملک بھر میں جلسے، جلوس، سیمنار کریں گے اور ضلع ضلع جائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اپوزیشن کے لئے سیاست کرنا مشکل کر دیا گیا ہے۔ ہم حکومت صرف آئینی طریقہ کار سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ کسی بھی غیر جمہوری سازش میں شامل نہیں ہونگے۔

About The Author