نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

16فروری2020:آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پرمبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

سائیکاٹری وارڈ کو مفتی محمود ہسپتال منتقل کرنے کا ممکنہ فیصلہ قابل مذمت ہے ،ڈاکٹر عمران خان

ڈیرہ اسماعیل خان

پاکستان سائیکاٹرک سوسائٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر ڈاکٹر عمران خان نے اپنے بیان میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ میں سائیکاٹری وارڈ کے مفتی محمود ہسپتال منتقلی کے ممکنہ فیصلے کی سخت اور شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے

کہ حکومت سائیکیاٹرک ڈاکٹر ز کی حوصلہ افزائی کی بجائے ان کی حوصلہ شکنی کررہی ہے ،پاکستان کے 22 کروڑ عوام کےلئے صرف چار ہزار سائیکاٹرک موجود ہیں جبکہ ملک بھر میں صرف چند چائلڈ سائیکاٹرک ڈاکٹر ہیں

جبکہ پورے صوبہ خیبر پختونخوا میں کوئی ایک بھی چائلڈ سائیکاٹرک ڈاکٹر موجود نہیں ہے ۔انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت صوبہ بھر کے سائیکاٹرک اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کو مراعات کے علاوہ خصوصی توجہ دے تاکہ سائیکاٹرک ڈاکٹر پاکستان میں عوام کی خدمت کو ترجیح دیں

جبکہ اس وقت زیادہ تر ڈاکٹرز امریکہ ،کینیڈا اور دوسرے ممالک میں اپنے بہتر مستقبل کے لئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ کے سائیکاٹری وارڈ کو مفتی محمود ہاسپیٹل میں منتقل ہونے سے فوری طور پر روکا جائے اور ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ میں ہی اسے فعال بنا کریہاں فوری طور مزید ڈاکٹرز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ،

ایک میڈیکل آفیسر اور دو کنسلٹنٹ ڈاکٹرکے چوبیس گھنٹے وارڈ اور اوپی ڈی وارڈ کا راﺅنڈ معائنہ ناممکن ہے ،

سائیکیاٹری وارڈ میں ڈاکٹرز کی کمی کو فوری طور دور کیا جائے اور ہسپتال میں سیکورٹی بڑھا کر ڈاکٹرز کو تحفظ فراہم کرنے کے موثر اقدامات کیے جائیں ،انہوں نے ڈاکٹرحسین کو سائیکیاٹری سوسائٹی خیبر پختونخوا کی جانب سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔


زاہد محب اللہ چغتائی ایڈووکیٹ کی والدہ ماجدہ بقضائے الہی وفات پاگئیں

ڈیرہ اسماعیل خان

جماعت اسلامی ڈیرہ کے سابق ضلعی امیر زاہد محب اللہ چغتائی ایڈووکیٹ کی والدہ ماجدہ بقضائے الہی وفات پاگئی ہیں ، (اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیہِ رَاجِعونَ )

ان کی نماز جنازہ بروز سوموار 17 فروری صبح 09 بجے وینسم کالج ڈیرہ میںادا کی جائے گی ۔مرحومہ ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے ممبر مبشر احمد چغتائی ایڈووکیٹ اور معروف قانون دان محمد اقبال غنچہ ایڈووکیٹ لاہور ہائی کورٹ کی چچی تھیں،

ان کے عزیز واقارب اور دوست احباب نے مرحومہ کی بلندی درجات اور مغفرت کی خصوصی دعا کی ہے۔


پی ٹی ایم کے رہنماﺅں اور کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان

ضلعی انتظامیہ ڈیرہ کی جانب سے جلسے جلوسوں پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر پی ٹی ایم کے26رہنماﺅں اور کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج کرکے4کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ ڈیرہ کی جانب سے ضلع بھر میں جلسے جلوسوں کے انعقاد پر پابندی عائد کرکے دفعہ144لگائی گئی ہے لیکن پی ٹی ایم کی جانب سے اس پابندی کی خلاف ورزی کر کے انڈس ہائیوے پر چودھوان موڑ کے مقام پر ریلی نکالی گئی اور نعرے بازی بھی کی گئی۔ پروآ پولیس نے دفعہ144کی خلاف ورزی پر پی ٹی ایم کے سمیع اللہ ، شعیب اور، ضیاءالرحمن اور عرفان سمیت26کارکنوں اور رہنماﺅں کیخلاف مقدمہ درج کرکے4افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔


موٹرسائیکل اور مزد ا ٹرک میں تصادم ،موٹرسائیکل سوار نوجوان شدید زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان

سرکلر روڈ جی پی او موڑ کے قریب موٹرسائیکل اور مزد ا ٹرک میں تصادم ،موٹرسائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ،زخمی کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ،

پولیس ذرائع کے مطابق موٹرسائیکل سوار نوجوان محمد فہیم توپانوالہ سے ٹانک اڈہ جارہا تھا کہ سرکلر روڈ جی پی او موڑ کے قریب پہنچنے پر وہ مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار مزدا ٹرک کے ساتھ ٹکرا گیا اور شدید زخمی ہوگیا

جبکہ موٹرسائیکل کو بھی شدید نقصان پہنچا،زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیاہے ،پولیس نے ٹریفک حادثے کی رپورٹ درج کرلی ۔


ٹریفک کے المناک حادثے میں تین مسافر جاں بحق ،دس شدید زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان

ٹریفک کے المنا ک حادثے میں تیز رفتار بس الٹ کر کھائی میں جاگری گئی، 3مسافر جاں بحق،10افراد شدید زخمی، ریسکیو1122کی امداد ی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ، امداد سرگرمیاں شروع کرکے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ،

ریسکیو کے مطابق ڈیرہ غازی خان سے راوالپنڈی جانے والی حسن کوچ کمپنی کی مسافر بس نمبرK-1175ڈیرہ چشمہ روڈ پر عمر خیل اڈا کے قریب تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی اور سڑک سے نیچے کھائی میں جاگری۔

حادثہ کے نتیجہ میں محمد عاطف ولد محمد آصف سکنہ ریلوے کالونی ڈیرہ غازی خان، محمد عمر ولد حمید اللہ سکنہ وہوا تحصیل تونسہ ضلع ڈیرہ غازی خان سمیت3افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ10افراد کے زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملتی ہی ریسکیو1122ڈیرہ کی تین ایمبولینس گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں۔ زخمیوں میں4افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جنہیں فوری طور پر چشمہ اٹانک ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دیگر زخمیوں کو پہاڑ پور اور ڈیرہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


ڈبل سواری پر پانچ روز کے لئے پابندی عائد

ڈیرہ اسماعیل خان

ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیو مہم کے دوران موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر 5 روز کیلئے پابندی عائد، پولیو ڈیوٹی اہلکار پابندی سے مستثنیٰ ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بروز سوموار 17فروی سے شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کے دوران سیکورٹی خدشات کے پیش نظر 17فروری2020ءسے 21فروری2020ءتک

ضلع بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے تاہم پولیو ڈیوٹی پر مامور اہلکار پابندی سے مستثنیٰ ہونگے۔


شادی شدہ خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں تین افراد کے خلاف مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان

یونیورسٹی پولیس نے علاقہ کٹ شہانی میں شادی شدہ خاتون کے مکان میں داخل ہوکر اسے تشدد کا نشانہ بنا نے کے الزام میں تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا،

علاقہ کٹ شہانی کی رہائشی (ش بی بی )قوم تریلی نے تھانہ نیورسٹی میں رپورٹ درج کرائی کہ ملزمان شہاب نیا ز ،رﺅف ،اور سعداللہ اقوام بنوچی ساکنان بنوں میرے گھر میں داخل ہوئے مجھے مار پیٹ کر کے تشدد کانشانہ بنایا

اور گھر میں موجود ایک موٹرسائیکل اور دو تولہ کی طلائی چوڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے ،پولیس نے خاتون کی رپورٹ پر تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔


شہریوں کے تعاون کے بغیر پولیو کے مرض پر مکمل قابو نہیں پایا جاسکتا محمد جاوید خان مروت

ڈیرہ اسماعیل خان

کمشنر ڈیرہ محمد جاوید خان مروت نے کہا ہے کہ والدین اور شہریوں کے تعاون کے بغیر پولیو کے مرض پر مکمل قابو نہیں پایا جاسکتا، والدین اپنے5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے لازمی پلائیں، کیونکہ یہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک بھرسمیت ڈیرہ اسماعیل خان میں آج بروز سوموار سے شروع ہونے والی انسداد پولیس کی قومی مہم کے سلسلہ میں افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر کمشنر ڈیرہ نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے اور فنگر مارکنگ بھی کی۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر، ڈاکٹر حفیظ اللہ اور محکمہ صحت کے ذمہ داران بھی شریک تھے۔

تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے بتایا کہ حالیہ مہم کے دوران ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں5سال تک کی عمر کے 3لاکھ34ہزار بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کی ویکسین کے قطرے پلانے کا حدف مقرر کیا گیا

جس کیلئے 1329موبائل ٹیموں سمیت 1506ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر اور عوامی مقامات پر بچوں کو انسداد پولیو کیلئے ویکیسن کے قطرے پلائینگے۔ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کیلئے پولیس فول پروف سیکورٹی فراہم کرے گی،

انشاءاللہ پولیو کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لینگے۔ کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کیلئے میڈیا کا کلیدی کردار ہے اور پولیو ویکسین میں کوئی مضر صحت عوامل نہیں ہیں۔


اسلحہ ومنشیات برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار دوسرا فرارہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان

درابن پولیس نے زڑکنی میں اسلحہ ومنشیات برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار دوسرا فرار ہوگیا ، الگ الگ مقدمات درج۔

تفصیلات کے مطابق درابن پولیس نے زڑکنی کے علاقے میں مختلف کاروائیوں میں اکرم ولد نواب سے 440گرام چرس برآمد کرکے اس کو گرفتار کرلیا

جبکہ زکریا ولد گل روز سے ایک پستول 30بور اور5کارتوس برآمد کئے تاہم ملزم پولیس کو جل دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے ان واقعات کی الگ لگ رپورٹس درج کرلی ہیں۔


پولیس افسران میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم

ڈیرہ اسماعیل خان

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن(ر)واحد محمود نے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کے اعتراف میں پولیس افسران میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں ۔

ا س حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں ایک پروقار تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ہیڈ منی کے انتہائی مطلوب دہشت گرد عمر باز ولد شاہ نواز قوم ابراہیم زئی سکنہ لونی ، عبدالحمید ولد غلام رسول سکنہ گرہ بختیارسکنہ کلاچی کو گرفتار کرنے والے افسران میں نقد انعامات و تعریفی اسناد تقسیم کیے ۔

بہترین کارکردگی کی بنیاد پر نقد انعام اور اسناد پانے والے دیگر پولیس افسران میںانسپکٹر محمد رمضان ، سب انسپکٹر عظیم اللہ ، ہیڈ کنٹسیبل محمد رمضان ، ہیڈ کنسٹیبل جاوید اکبر ، کنسٹیبل محمد عامر، کنسٹیبل قطب الدین ، کنسٹیبل محمد ادریس ،

کنسٹیبل ظریف خان، کنسٹیبل زبیر خان، کنسٹیبل گل زمان، کنسٹیبل قطب الدین، کنسٹیبل محمد عامر ، ڈرائیور کنسٹیبل اول نور ، ڈرائیور کنسٹیبل صاحب جان ، کنسٹیبل حسیب خان، کنسٹیبل عمران داﺅد اور کنسٹیبل مجید خان شامل ہیں ،

اس موقع پرڈی پی او ڈیرہ نے انعام پانے والے پولیس افسران کو باور کرایا کہ پولیس فورس میں موجود ہ سزا و جزا ءکے عمل کو اس کی اصل روح کے مطابق عملی جامہ پہناتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے والے ہر رینک کے پولیس افسران و اہلکاروں کی ہر فورم پر حوصلہ افزائی کی جائے گی

جبکہ کام چور اور فرائض منصبی میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو محکمہ سے نکال باہر کر کے ان کی حوصلہ شکنی کو یقینی بنایا جائے گا۔۔

انھوں نے پولیس افسران پر زور دیا کہ فیلڈ ورک میں عوام کے ساتھ قریبی روابط استوار کریں اور شائستہ رویہ اپناتے ہوئے کسی بھی موقع پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں۔

اپنی تمام توانائیاں صرف اور صرف انسداد جرائم ،امن و امان کے قیام اور عوام کو بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کے لئے بروئے کار لائیں۔۔


ڈیرہ پولیس کاسمگلرزکے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن

ڈیرہ اسماعیل خان

ڈیرہ پولیس کاسمگلرزکے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن ،4810 ایرانی ڈیزل، 11300کلو گرام مونگ پھلی پیج،چھلی،انورٹر، شمسی ہیٹراورموٹر پمپس پکڑ کر کسٹم حکام کے حوالے کردیئے گئے ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن(ر)واحد محمود کی ہدایات پرایس ایچ او کلاچی عطاءاللہ خان نے ٹرک نمبر859/TK، 953/TKکے خفیہ خانوں سے 2860 ایرانی ڈیزل اور11300کلو گرام مونگ پھلی بیج،

ایس ایچ او درابن رمضان خان نے گاڑی نمبر777/BMB، گاڑی نمبر1879/Cاور گاڑی نمبر5652/Cکے خفیہ خانوں سے1150لیٹر ایرانی ڈیزل ،06گٹو چھلی، 04عدد انورٹر،11عدد ہیٹر ،04عدد ہیٹر شمسی انورٹر ،09عدد واٹر پمپ اورایس ایچ او ڈیرہ ٹاﺅن صفدر خان نے گاڑی نمبر 780/LESکے خفیہ خانوں سے 800لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کیا گیا ۔

اسی طرح ڈیرہ پولیس نے گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران 16عدد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ، 14بوری چائے ،130097لیٹر ایرانی ڈیزل ،2479لیٹر ایرانی پٹرول ،937بوری خشک میوہ جات ،54بوری چلغوزہ ،1377عدد ٹائر ،01گٹو چائنہ نمک ،06کاٹن سرجیکل میڈیکل آلات،06

کاٹن سپئر پارٹس ،150کاٹن گریس ،20کاٹن موبل آئل ،01گٹو کپڑا،09گٹو شاپر 11300کلو گرام مونگ پھلی بیج ،06گٹو چھلی، 04عدد انورٹر،11عدد ہیٹر ،04عدد ہیٹر شمسی انورٹر ،09عدد واٹر پمپ سمیت دیگر متفرق سامان

جس کی مالیت اربوں روپے میں ہے جو کہ ملکی خزانے کو نقصان پہنچاتے ہوئے بغیر کسٹم ڈیوٹی سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جسے ناکام بناکر اسےکسٹم حکام کو موقع پر ان کے حوالے کر دیا گیا۔


دودھ یا زہر شہر میں دودھ کے نام پر کیمیکل ملے مشروبات کی فروخت جاری

ڈیرہ اسماعیل خان

دودھ یا زہر شہر میں دودھ کے نام پر کیمیکل ملے مشروبات کی فروخت جاری ،ڈیرہ شہر میں قائم جوس فروشوں نے کیلے ،آم اور دیگر تازہ پھلوں کے جوسز میں تازہ دودھ کی بجائے کیمیکل کا استعمال شروع کردیا

جس سے یر قان ،ہیضے جیسے امراض پھیلنے لگے ہیں جبکہ دوسری جانب ڈی سی کی ہدایت پر جعلی مشروبات کے خلاف آئے روز چھاپوں کے باوجود اندرون شہر درجنوں مشروبات کی فیکٹریاں قائم ہیں

جس کی وجہ سے انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات صرف اخباری خبروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں ،بازاروں میں جعلی مشروبات دھڑا دھڑ فروخت کیے جارہے ہیں ،شہرکے ملحقہ آبادیوں میں قائم جوس فروشوں نے انت مچادی ہے ،کیلے ،آم اور دیگر تازہ پھلوں کے جوسز میں دودھ کی بجائے کیمیکل استعمال کیے جارہے ہیں

جو ماہرین صحت کے مطابق خطرناک بیماریاں پھیلارہا ہے ،مذکورہ کیمیکل جو س کو گاڑھا کرنے کے لئے استعمال کیا جاتاہے ،ضلعی انتظامیہ جعلی مشروبات کے خلاف کاروائیاں کررہی ہے مگر اس کے برعکس کاروبار میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ،


شہر کے مصروف ترین بازاروں ،سڑکوں پر ٹریفک کابے ہنگم اژدہا م

ڈیرہ اسماعیل خان

شہر کے مصروف ترین بازاروں ،سڑکوں پر ٹریفک کابے ہنگم اژدہا م،میونسپل کمیٹی وٹریفک پولیس خاموش تماشائی ،نہ کوئی انکروچمنٹ عملہ نہ ٹریفک پلان نہ قانون کی حکمرانی ،ریڑھیوں ،چنگ چی رکشوں نے شہر کی سڑکوں چوراہوں پر اپنی بادشاہت قائم کرلی ،

خواتین ،گاہکوں اور معمر شہریوں کا گزرنا محال ،بازار سمٹ کر تنگ وتاریک گلیوں کا روپ دھار گئے ۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل میونسپل کمیٹی اور ٹریفک پولیس کے افسران واہلکاروں کی عدم دلچسپی اور قانون پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے شہر کے بازاروں اور سڑکوں پر رش کی وجہ سے ٹریفک کے بہاﺅ میں دشواریاں پیدا ہورہی ہیں ،

کمشنری بازار ،کلاں بازار ،پوندہ بازار ،ٹانک اڈہ ،سمیت شہر کے دیگر چوک چوراہوں ،سڑکوں پر ٹریفک کا جام رہنا روزانہ کا معمول بنتا جارہا ہے ،چوک چوراہوں میں انکروچمنٹ عملے اور ٹریفک پولیس کی عدم دلچسپی کے باعث ایمبولینسز ،ریسکیو 1122 ،فائر بریگیڈ سمیت سکولوں ،سرکاری ،

نیم سرکاری اداروں کے ملازمین کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ،ٹی ایم او ڈیرہ اور ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی کی حدود میں قائم ہونے والی غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں اور ٹریفک پولیس کے افسران واہلکاروں کو ڈیوٹیاں دینے کا پابند بنایا جائے

تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے ۔


نالے بند ہونے سے گلیاں ،سڑکیں ندی نالوں کی منظر کشی کرنے لگیں

ڈیرہ اسماعیل خان

ڈیرہ شہر سے ملحقہ علاقوں میں قائم نالے بند ہونے سے گلیاں ،سڑکیں ندی نالوں کی منظر کشی کرنے لگیں ،نالوں کی صفائی ستھرائی نہ ہونے کی وجہ سے گھروں کا گندہ پانی گلیوں ،محلوں میں جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا ،

گندے پانی سے موذی امراض پھوٹنے کا اندیشہ ،علاقہ مکینوں کا ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق شہر سے ملحقہ علاقوں طارق آباد ،توصیف آباد سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں قائم نالوں کی بروقت صفائی ستھرائی نہ ہونے سے گھروں سے نکلنے والا گندہ پانی سڑکوں ،گلیوں محلوں میں جمع ہونا شروع ہوچکا ہے

جس کی وجہ سے راہ گیروں موٹرسائیکل سواروں کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے،شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے نالوں کی صفائی ستھرائی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ،

شہریوں نے کہا کہ حسب سابق روایت نالوں کی صفائی کی طرف میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ توجہ نہیں دے رہی جس کی وجہ سے نکاسی آب کے نالوں میں گندہ پانی بھر جانے کی وجہ سے پانی سڑکوں اور گلیوں میں ندی نالوں کی طرح جمع ہورہا ہے ۔

شہر کے مرکزی علاقے طارق آباد ،توصیف آباد سمیت ملحقہ آبادیوں میں گندہ پانی جمع ہونے سے علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ،

شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے بچھائی جانے والی سیوریج لائنیں ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے اکثر وبیشتر مقامات پر بند ہوچکی ہیں جس کے باعث سیوریج کا پانی گلی محلوں اور سڑکوں پر جمع ہورہاہے،

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ میونسپل کمیٹی کے سنیٹری ورکروں کو اندرون شہر کے نالوں کی صفائی ستھرائی کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں ۔


یاماہا موٹر سائیکل کی قیمتوں میں ساڑھے 8 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان

یاماہا موٹر سائیکل کی قیمتوں میں ساڑھے 8 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹسکے مطابق کہ 2019ء میں موٹر سائیکل کی خریداری میں 30 فیصد کمی واقع ہوئی جس وجہ سے موٹر سائیکل بنانے والی کمپنیاں اپنے اخرجات پورے کرنے کے لیے ایسے اقدامات اٹھا رہی ہیں

جس میں موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔جمعرات کو کمپنی کی جانب سے ڈیلرز کو جاری کردہ نوٹس میں یاماہا YB125Z ماڈل کی قیمت میں 8 ہزار اضافے کے بعد 146000 کر دی گئی ہے۔

جس میں 17 فی صد ٹیکس بھی شامل ہے۔اسی طرح YBR125G کی قیمت میں ساڑھے 8 ہزار روپے اضافہ کر کے 1 لاکھ 72 ہزار کر دی گئی۔جب کہ YBR125 کی قیمت میں 8 ہزار اضافہ کر کے ایک لاکھ 64 ہزار کر دی گئی ہے۔حکومت کی جانب سے ایس آر و 655 کی منسوخی کی خبریں زیر گردش ہیں۔

اس حکم نامے میں دی گئی رعایت کی بنیاد پر 10,15 اور زیور ڈیوٹی پر موٹر سائیکل کے پرزوں کی درآمد کی جاتی ہے۔عام طور پر آٹو کمپنیاں پرزوں کی درآمد پر 50 فیصد ڈیوٹی ادا کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان آٹو مو ٹیو مینو فیکچررز ایسو سی ایشن (پاما) کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2017-18ء میں جولائی تا مئی کے دوران یاماہا موٹر سائیکلوں کی پیداوار 17ہزار 369 یونٹس تھی جو کہ مالی سال 2018-19کے اسی عرصہ کے دوران 24 ہزار 411 یونٹس تک بڑھ گئی۔

اس طرح مالی سال 2017-18ء کے 11 ماہ کے مقابلہ میں مالی سال 2018-19 کے اسی عرصہ کے دوران یاماہا موٹر سائیکلوں کی پیدوار میں 7ہزار 42 یونٹس یعنی 40.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاما کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2017-18ءمیں جولائی تا مئی کے دوران یاماہا موٹر سائیکلوں کی فروخت 19 ہزار 823 یونٹس رہی جو مالی سال 2018-19کے اسی عرصہ کے دوران 21 ہزار 973 یونٹس تک بڑھ گئی۔

اس طرح مالی سال 2017-18ءکے 11 ماہ کے مقابلہ میں مالی سال 2018-19 کے اسی عرصہ کے دوران یاماہا موٹر سائیکلوں کی فروخت میں 2 ہزار 141یونٹس یعنی 10.80فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔


ہوم اسائنمنٹس جمع کرانے کی تاریخ میں10مارچ 2020ء تک توسیع کر دی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک بھر سے طلبہ و طالبات کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کے پیش نظر سمسٹرخزاں2019ء میں پیش کئے گئے میٹرک اور ایف اے پروگرامز کی ہوم اسائنمنٹس جمع کرانے کی تاریخ میں10مارچ 2020ء تک توسیع کر دی ہے

جبکہ بی ای/ ایسوسی ایٹ ڈگری، پی ٹی سی، سی ٹی، بی ایڈ اور تمام پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے لئے طلبہ اپنی تمام امتحانی مشقیں 15 اپریل2020ءتک جمع کرواسکتے ہیں۔ان پروگرامز میں داخل طلبہ اب نئے شیڈول کے مطابق اپنی مشقیں نئی تاریخ تک جمع کراسکیں گے۔

یونیورسٹی کے ملک کے 48 شہروں میں موجود تمام علاقائی ناظمیں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ اپنے ریجن کے ٹیوٹرز کو اس فیصلے کے بارے میں آگاہ کردیں تاکہ وہ طلبہ سے اسائنمنٹس یونیورسٹی کی طرف سے توسیع کے بعد مقرر کی گئی نئی تاریخ کے مطابق وصول کریں۔


ٹماٹر کی بہتر پیداوارحاصل کرنے کیلئے فصل کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں

ڈیرہ اسماعیل خان

زرعی ماہرین نے ٹماٹرکے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹماٹر کی بہتر پیداوارحاصل کرنے کیلئے فصل کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں تاکہ بعد ازاں فصل کو نقصان پہنچنے کی صورت میں انہیں کسی پریشانی یا مالی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ٹماٹر کی فصل پر ضررر ساں کیڑوں کا حملہ ہو سکتاہے اور یہ ضرر رساں کیڑے ٹماٹر کی فصل پر اگاﺅ سے لے کر پھل کے پکنے تک کے تمام مراحل میں کسی بھی وقت حملہ آور ہو کر ٹماٹر کے پودوں اور پھل کو سخت نقصان پہنچاسکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ چور کیڑے کی سنڈی اگتے ہوئے پودوں کو رات کے وقت سطح زمین کے قریب سے کاٹ دیتی ہے اور دن کے وقت پودوں کے قریب چھپی رہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ چور کیڑے کی سنڈی کے نقصان کو کم کرنے کیلئے تازہ کٹے ہوئے پودوں کے قریب زمین میں سے سنڈیاں تلاش کرکے تلف کر دینی چاہئیں۔

انہوں نے کہاکہ سیون 350 گرام فی ایکڑ کے حساب سے راکھ میں ملا کر پودوں کے گرد بکھیرنے سے بھی فصل کو نقصان سے بچایاجا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکن سنڈی ٹماٹر کے پھل میں داخل ہو کر اسے کھا لیتی ہے جس سے پھل قابل استعمال نہیں رہتا۔ا

نہوں نے کہاکہ امریکن سنڈی کے پروانوں کو روشنی کے پھندوں سے تلف کیاجاسکتاہے۔انہوںنے بتایاکہ چست تیلا بھی ٹماٹر کے پتوں کی نچلی سطح سے رس چوس کر پودے کو کمزور کردیتا ہے جس سے انتہائی کم پھل لگتاہے۔

انہوں نے کہاکہ پھل کے گڑوئے ٹماٹر کے کچے اور پکے پھل پر حملہ آور ہوتے ہیں لہٰذا ان سے بچاﺅ بھی اشدضروری ہے۔


زمینوں میں نامیاتی مادے کی مقدار بڑھانے کیلئے دیسی یاسبز کھادوں کے استعمال کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان

ماہرین زراعت نے کاشتکاروں ، زمینداروں ، کسانوں کو زمینوں میں نامیاتی مادے کی مقدار بڑھانے کیلئے دیسی یاسبز کھادوں کے استعمال کی ہدایت کی ہے

اور کہاہے کہ کاشتکار و زمیندار فصلوں کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کے حصول اور فی ایکڑ رقبہ سے بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے زمین میں نامیاتی مادہ کی مطلوبہ مقدار کویقینی بنائیں کیونکہ اگر زمین میں نامیاتی مادوں کی مقدار کم ہو گی تو زمین کی پیداواری صلاحیت بھی بری طرح متاثرہو سکتی ہے

جبکہ دیگر کھادوں کے استعمال کے خاطر خواہ فوائد بھی حاصل نہیں ہو سکتے ،ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کہاکہ اس مقصد کے حصول کیلئے گوبرکی گلی سڑی کھاد تین سے چار ٹرالی فی ایکڑ ضرور ڈالنی چاہیے

نیز اگر ممکن ہو تو سبز کھادکا استعمال بھی کیاجائے۔ انہوںنے کہاکہ سبز کھاد والی اہم زرعی اجناس میں گوارہ ، جنتر، برسیم ،سینجی کی فصلات شامل ہیں۔انہوںنے کہاکہ ان فصلات کو روٹا ویٹر کے ذریعے زمین میں دبا کر اس کے 30سے 35 دن بعد کاشت کیلئے زمین تیارکرنے کے انتہائی مفید نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔

About The Author