نومبر 11, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کراچی میں مبینہ کم عمر چور کو تشدد کر کے ہلاک کرنے کے کیس میں ورثا اور ملزموں میں سمجھوتا

فریقین میں صلح ہونے پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔ کیس میں آٹھ ملزم نامزد تھے۔

کراچی میں مبینہ کم عمر چور کو تشدد کر کے ہلاک کرنے کے کیس میں ورثا اور ملزموں میں سمجھوتا ہونے پر کیس نمٹادیا گیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں مبینہ چور چودہ سالہ ریحان کی ہلاکت کے کیس میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے اور جی آئی ٹی بنانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

ملزموں کے وکیل نے بتایا کہ مقتول کے ورثاء اور ملزموں کے درمیان سمجھوتا ہو گیا ہے ۔صلح نامے کی کاپی بھی عدالت میں پیش کردی گئی۔ فریقین میں صلح ہونے پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔ کیس میں آٹھ ملزم نامزد تھے۔

جن پر ریحان کو تشدد کر کے ہلاک کرنے کا الزام تھا۔ صلح سے پہلے اہل خانہ کا موقف تھا کہ مقدمہ میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کو شامل کیا جائے۔سترہ اگست دوہزار انیس کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔

جس میں چودہ سالہ لڑکے کے ہاتھ باندھ اس پر تشدد کیا جارہا تھا۔بہادر آباد پولیس نے ملزموں کو گرفتار کیا تھا۔ملزموں کا موقف ہے کہ ریحان اپنے ساتھیوں کے ساتھ چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہوا تھا۔تاہم موقع پر پکڑا گیا ۔

مدعی کے وکیل نے کہا کہ ایسے مقدمات میں فریقین کے درمیان صلح نہیں ہونا چاہیے۔ صلح سے ملزمان سزاؤں سے بچ جاتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ۔

ایسے کیسز میں اگر لواحقین پیچھے ہٹ جائیں تو سرکار کو ایکشن لیکر کیس کی پیروی کرنا چاہیے ۔

About The Author