نومبر 24, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

مریم نواز آجکل ٹوئٹر پر کیا کررہی ہیں ؟

ٹوئٹر کا بغور جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ کھانے پکانے کے طریقے سیکھ رہی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدراور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اپنے علیل والد کی عیادت کے لیے لندن جانا چاہتی ہیں اور منتظر ہیں کہ ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالا جائے۔
اس انتظار کے دوران آج کل وہ نہ کوئی بیان دے رہی ہیں اور نہ ہی سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ کر رہی ہیں،

تاہم ان کے ٹوئٹر کا بغور جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ کھانے پکانے کے طریقے سیکھ رہی ہیں۔
مریم نواز اپنے ٹویٹس کے حوالے سے خاصی مشہور ہیں، تاہم چھ نومبر کو ضمانت پر رہائی کے بعد سے انہوں نے کوئی ٹویٹ نہیں کی

اس دوران کئی اہم سیاسی واقعات رونما ہوئے، لیکن مریم نواز کا نہ ہی کوئی بیان سامنے آیا اور نہ ہی کوئی ٹویٹ۔ حتیٰ کہ سابق فوجی صدر مشرف، جن کے خلاف سنگین غداری کیس ان کے والد کی حکومت نے بنایا تھا، کو خصوصی عدالت کی طرف سے سزائے موت سنانے کے فیصلے پر بھی ان کا کوئی ٹویٹ سامنے نہیں آیا۔

مگر ایسا بھی نہیں کہ مریم نواز آج کل ٹوئٹر استعمال ہی نہیں کر رہیں۔ ان کی ٹائم لائن پر ٹویٹ تو نظر نہیں آتی۔ لیکن ان کے لائیک سیکشن سے پتا چلتا ہے کہ وہ ٹوئٹر استعمال کر رہی ہیں۔
مریم نواز نے اپنی رہائی کے بعد ٹوئٹر پر جو پوسٹس لائیک کی ہیں ان میں مختلف کھانوں کی ترکیبیں سرفہرست ہیں۔
ان کی ٹائم لائن کے لائیک سیکشن میں جو ٹویٹس موجود ہیں ان میں ریسیپی گف نامی اکاؤنٹ کی طرف سے شیئر کی گئی کریمی چکن بنانے کی ترکیب شامل ہے۔

اس کے علاوہ مریم نواز نے اسی اکاؤنٹ کی طرف سے ون پاٹ کریمی چکن بنانے کی ترکیب، بیکن پیسٹو پاستا بنانے کا طریقہ، میشڈ پوٹیٹو اورکریمی گارلک پارمیسزن سلاد بنانے کے طریقے بھی لائیک کیے ہوئے ہیں۔
کھانے کے حوالے سے انہوں نے چیزی باربی کیو چکن، بیس منٹ میں پیزا بنانے کا طریقہ اور چاکلیٹ کپ بنانے کے طریقے بھی لائیک کر رکھے ہیں۔
لیکن کھانے کی ترکیبوں کے علاوہ کچھ دیگر پوسٹس کو بھی مریم نواز نے لائیک کر رکھا ہے۔ ان میں 19 دسمبر کو کی گئی امجد حفیظ نامی صارف کی ایک پوسٹ شامل ہے جس میں قرانی آیت شیئر کی گئی ہے، جس کا اردو ترجمہ ہے ’بے شک تمھارے رب کی پکڑ بہت شدید ہے۔‘

یاد رہے کہ 19 دسمبر کو خصوصی عدالت نے جنرل مشرف کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا۔
اس کے علاوہ انہوں نے 18 دسمبر کو آزاد قیدی نامی صارف کی طرف سے شیئر کی گئی ایک اردو روزنامے کی سرخی بھی لائیک کی ہوئی ہے، جس میں جنرل مشرف کی تصویر کے ساتھ سرخی لگی ہے ’میں اہم تھا۔ یہ وہم تھا۔‘
اس کے علاوہ انہوں نے سی جے ورلیمن نامی اکاؤنٹ سے انڈیا میں شہریت کے قانون کے خلاف ہونے والے بڑے مظاہرے کی ویڈیو بھی لائک کر رکھی ہے۔

انہوں نے طیبہ نامی صارف کی طرف سے کی جانے والی ایک ٹویٹ بھی لائیک کی ہے جس میں لکھا ہے کہ ’نواز شریف 154 بارعدالت میں پیش ہوئے اور صرف ایک جملہ کہا۔ میں اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑتا ہوں۔ اللہ نے دعا قبول کر لی۔‘
اس کےعلاوہ مریم نواز نے اپنے اور میاں نواز شریف کے حوالے سے کچھ خبریں، تصویریں اور حالات حاضرہ کے شوز کے ویڈیو کلپس بھی اپنی حالیہ رہائی کے بعد لائیک کیے ہیں

About The Author