نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

میوات: شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج میں عوام کا لاکھوں کا مظاہرہ

میوات میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف عظیم احتجاجی مارچ نکالا گیا

میوات،

میوات میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف عظیم احتجاجی مارچ نکالا گیا ، جس کی وجہ سے نوح سے گھاسیڑہ تک کی گلیاں نعروں سے گونج اٹھیں۔ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق ریاست ہریانہ کے میوات میں لاکھوں کی تعداد میں عوام شہریت ترمیمی قانون کے خلاف میوات کی سڑکوں پر اتر آئی اور نوح ضلع سے گاؤں گھاسیڑہ تک تقریبا نوکلومیٹر کا پیدل مارچ کیا۔

میواتیوں کے ہجوم نے حکومت ہند سے شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کو واپس لینے کا پرزور مطالبہ کیا۔اس دوران میوات کی سڑکیں قانون بچاؤ ،کالا قانون نہیں چاہئے ، میواتی ہندو ومسلمان این آر سی اورسی اے اے کو نہیں چاہتے،بی جے پی مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔لاکھوں کی تعداد ہونے کے باوجود یہ مارچ پر امن طور پر اختتام پذیر ہوا۔

مظاہرے کو خود میوات کے لوگوں نے منظم کیا ۔اس مظاہرے میں رکن پارلیمان علی انور انصاری نے شرکت کی۔ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم مہاتما گاندھی کی سرزمین سے این آر سی اور سی اے اے کو نہیں ماننے کا اعلان کرتے ہیں اور گاندھی سے یہ بھی کہنے آئے ہیں گاندھی ہم شرمندہ ہیں ،

بھتیرے قاتل زندہ ہے۔میوات وکاس سبھا کے صدر سلام الدین ایڈوکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اجتماع تاریخی ہے۔اگر حکومت اس تفریق والے کالے قانون کو واپس نہیں لیتی ہے تو ہم دہلی کو گھیر لیں گے۔اس سے پہلے بھی ہم نے دہلی کو گھیرا تھا۔ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق میوات وکاس سبھا ہر برس 19 دسمبر یوم میوات کے طور پر مناتی ہے لیکن اس بار موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ‘یوم قانون بچاو’ کے طور پر منعقد کیا ہے۔

About The Author