اپریل 20, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کتنی تنخواہ پر کتنا ٹیکس کٹے گا؟

ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے ہونے کی صورت میں ماضی میں آپ کو 7500 روپے ماہانہ ٹیکس ادا کرنا ہوتا تھا، تاہم اب یہ رقم کم ہو کر 3500 روپے ماہانہ رہ جائے گی۔

اسلام آباد:حکومت نے تنخواہ داروں کو بڑا ریلیف دے دیا۔ ایک لاکھ روپے تک ماہانہ کمانے والوں کے لئے انکم ٹیکس ختم کر دیا۔ بی بی  سی کےمطابق ساٹھ ہزار سے ایک لاکھ تک ماہانہ آمدن پر صرف سو روپے انکم ٹیکس لگے گا ۔ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے ہونے کی صورت میں پہلے  7500 روپے ماہانہ ٹیکس ادا کرنا ہوتا تھا، تاہم اب یہ رقم کم ہو کر 3500 روپے ماہانہ رہ جائے گی۔

پہلے سلیب میں ایسے افراد شامل ہیں جن کی تنخواہ چھ لاکھ روپے سالانہ تک ہے، ان پر کوئی انکم ٹیکس لاگو نہیں ہوتا۔

دوسرا سلیب ایسے افراد کے بارے میں ہے جن کی سالانہ آمدن چھ لاکھ سے زیادہ مگر 12 لاکھ تک ہے۔ ایسے افراد کو صرف 100 روپے سالانہ ٹیکس ادا کرنا ہو گا،

تیسرا سلیب ایسے افراد کے لیے ہے جن کی سالانہ آمدن 12 لاکھ سے 24 لاکھ تک ہے، ان افراد کے لیے 12 لاکھ سے زیادہ آمدن پر سات فیصد کی فکسڈ شرح سے ٹیکس لاگو ہو گا۔

چوتھا سلیب ان افراد کے لیے ہے جن کی سالانہ تنخواہ 24 لاکھ سے زیادہ اور 36 لاکھ تک ہے، انھیں سالانہ 84 ہزار فکسڈ اور 24 لاکھ سے زیادہ آمدن پر 12.5 فیصد کے حساب سے ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔

پانچواں سلیب 36 لاکھ سے 60 لاکھ کی سالانہ آمدن والے افراد کے لیے ہے، جنھیں اب دو لاکھ 34 ہزار فکسڈ ٹیکس اور 36 لاکھ سے زیادہ آمدن پر ساڑھے 17 فیصد ٹیکس دینا ہو گا۔

گذشتہ فنانس بل میں 60 لاکھ سے زیادہ آمدن والوں کے لیے ایک ہی سلیب رکھا گیا تھا، تاہم اس فنانس بل میں اسے تبدیل کر دیا گیا ہے۔

چھٹا سلیب 60 لاکھ سے ایک کروڑ 20 لاکھ کی سالانہ آمدن والے افراد کے لیے ہے، جنھیں اب چھ لاکھ 54 ہزار فکسڈ ٹیکس اور 60 لاکھ سے زیادہ آمدن پر 22.5 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔

ساتواں اور آخری سلیب ان افراد کے لیے ہے جن کی سالانہ آمدن ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ ہے، انھیں اب 20 لاکھ چار ہزار فکسڈ ٹیکس جبکہ ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ آمدن پر 32.5 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔

اگر آپ کی آمدن پچاس ہزار روپے ماہانہ ہے تو آپ کو کوئی انکم ٹیکس نہیں دینا ہو گا۔ تاہم اگر یہ آمدن ایک لاکھ روپے ماہانہ تک ہے تو آپ کا سالانہ انکم ٹیکس 100 روپے ہو گا۔

ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے ہونے کی صورت میں ماضی میں آپ کو 7500 روپے ماہانہ ٹیکس ادا کرنا ہوتا تھا، تاہم اب یہ رقم کم ہو کر 3500 روپے ماہانہ رہ جائے گی۔

دو لاکھ روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے ماضی میں 15 ہزار روپے ماہانہ ٹیکس دینا پڑتا تھا، اور اب اس رقم میں کمی آئی ہے اور یہ سات ہزار روپے مہینہ رہ جائے گی۔

ایسے افراد جن کی ماہانہ آمدن ڈھائی لاکھ روپے ہے وہ اس سے قبل 23541 روپے ماہانہ ٹیکس کی مد میں دیا کرتے تھے، اب وہ 13250 روپے ماہانہ انکم ٹیکس دیں گے۔

تین لاکھ ماہانہ کمانے والے افراد پہلے ماہانہ 32500 روپے انکم ٹیکس دیتے تھے اور اب اس رقم میں 13 ہزار روپے کی کمی آئے گی اور ان کا ماہانہ ٹیکس 19500 روپے رہ جائے گا۔

ساڑھے تین لاکھ کمانے والوں کا ماضی میں ماہانہ انکم ٹیکس 42500 روپے تھا، جو اب کم ہو کر 28250 روپے رہ جائے گا۔

ایسے افراد جن کی ماہانہ آمدن چار لاکھ روپے ہے وہ اس سے قبل 52500 روپے ماہانہ ٹیکس ادا کرتے تھے، اب یہ رقم کم ہو کر 37000 روپے ہو جائے گی۔

%d bloggers like this: