اپریل 20, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ماڈل ٹاؤن سے ماڈل ٹاؤن تک|| ارشاد رائے

ارشاد رائے سرائیکی وسیب سے تعلق رکھنے والے تجزیہ کار ہیں ،سیاست سمیت مختلف موضوعات پر انکی تحریریں مختلف ویب سائٹس پر شائع ہوتی رہتی ہیں۔

ارشادرائے

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

خاکسار ماڈل ٹاؤن ضلع لیہ کی سب سے پہلی کالونی میں سکونت پذیر ہے جو فوارہ چوک سے چوک آعظم جاتے ہوۓ ایک کلو میٹر کی مسافت پر حدود کمیٹی میں واقع ہے مگر تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے نہ وہاں آج تک بجلی ہے نہ پانی ہے نہ پختہ گلیاں اور نہ نکاسی آب کا کوئی سسٹم یا منصوبہ ہے نہ کبھی کسی سیاست دان یا کمیٹی کے ذمیداران آفیسر ان نے توجہ دی ہے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بجلی پانی اور نکاسی آب کے سسٹم چلا رہے ہیں یوں سمجھو ہم آج بھی قرون اولی کے دور میں زندگی بسر کر رہے ہیں مگر دوسری طرف کل ماڈل ٹاؤن لاہور جانا ہوا لاہور تو کئی بار جا چکا مگر ماڈل ٹاؤن کل پہلی بار گیا وہاں سابق گورنر اور موجودہ صدر پاکستان پیپلز پارٹی ساؤتھ پنجاب مخدوم سید احمد محمود کے ساتھ لیہ کے تنظیمی معاملات پر میٹنگ تھی لہذا ماڈل ٹاؤن اور مخدوم ہاؤس کو ڈھونڈتے ڈھونڈتے تقریباً آدھا ماڈل ٹاؤن بھی گھوم پھر لیا وہاں کے بنگلے عالیشان کوٹھیاں پختہ اور کشادہ کارپٹ سڑکیں خوبصورت پارک لائف کی تمام بنیادی سہلولتیں اور رنگینیاں دیکھ کر مجھے میرے ماڈل ٹاؤن لیہ کے ساتھ ساتھ تمام جنوبی پنجاب کی محرومیاں یاد آنے لگیں اور میں نے گمان کیا کہ جیسے اسلام آباد کی سڑکوں کو دیکھ کر مجیب الرحمان نے کہا تھا کہ مجھے ان سڑکوں سے پٹ سن کی بُو آرہی ہے میں نے بھی دل ہی دل میں یہی سوچا کہ مجھے بھی یہاں کی سڑکوں کو دیکھ کر جنوبی پنجاب کے گنے اور کپاس کی بُو آرہی ہے یا میں کہیں کسی اور سیارے پر آگیا ہوں کیونکہ پینتیس سال سے تخت لاہور نے جنوبی پنجاب کے ساتھ جو سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا ہوا ہے وہ نہایت قابل افسوس اور قابل مذمت ہے اور اب جبکہ سی ایم پنجاب جنوبی پنجاب کا ہے اور مرکز میں بھی جنوبی پنجاب کے منتخب سمجھیں یا چنتخب سمجھیں وزیر اعظم ہیں مگر جنوبی پنجاب کی محرومیوں میں کمی لانے اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہیں لیہ سے شورکوٹ تک سڑک نہ ہونے کے برابر ہے مگر جہاں سے ن لیگ کا پنجاب شروع ہوتا ہے وہاں موٹر ویز اور دو رویہ کارپٹ سڑکوں کا جال بچھا ہوا ہے تمام بنیادی سہو لیات اچھے سکول اچھے ہسپتال اورینج ٹرین میٹرو بس سروس جیسے وائٹ ایلیفنٹ منصوبے اپر پنجاب والوں کو مہیا ہیں قارئین حضرات یہاں میں ایک عرض کرتا چلوں کہ جب محرومیاں ایک حد سے بڑھ کر ناقابل برداشت ہو جائیں اور ان کا بروقت ازالہ نہ کیا جاۓ تو نتائج پھر بنگلہ دیش اور بلوچستان جیسے نکلتا شروع ہوجاتے ہیں خیر چھوڑیں اس موضوع پر پھر کبھی طبع آزمائی کریں گے ۔ آخر کار آدھا گھنٹہ ماڈل ٹاؤن لاہور کا طواف کرنے کے بعد ہم مکان نمبر ایک سو ایک مخدوم ہاؤس پہنچ گۓ میرے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سینئر وائز پریزیڈنٹ ضلع لیہ ملک عاشق حسین کھوکھر ، سینئر رہنما عبدالرحمان مانی ، حال ہی میں پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق ایم پی اے چوہدری اشفاق احمد، سٹی انفارمیشن سیکرٹری رانا امتیاز احمد اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری فضل خان جسکانی میرے ہمراہ تھے تین بجے مخدوم صاحب سے ملاقات کا ٹائم طے تھا تقریباً پندرہ منٹ کے انتظار کے بعد مخدوم صاحب نے ہمیں بلا لیا جاتے ہی ہائی ٹی سے ہماری تواضع کی گئی مخدوم صاحب کو چونکہ وضع داری اور مہمان نوازی اسلاف سے روائتی طور پر نصیب ہوئی ہے اور وہ اس وضع داری اور مہمان نوازی کو اپنا شعار بناۓ ہوۓ ہیں لہذا چاۓ سے پہلے کھانے کا بھر پور اصرار کیا گیا کیونکہ ہم کھانا کھا چکے تھے تو ہم نے معذرت کی چاۓ سے فراغت کے بعد تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ ہماری ملاقات جاری رہی ہماری تمام باتیں اور مطالبات مخدوم صاحب نے بڑے غور اور خندہ پیشانی سے سنے اور ان کو حل کرنے کی فوری یقین دہانی کرائی جن باتوں پر ہمارے شدید تحفظات تھے اور جن باتوں پر ہم نے زیادہ توجہ دینے کی استدعا کی ان باتوں پر مخدوم صاحب نے فی الفور دو سینئر لوگوں کی کمیٹی بنا دی جو طرفین سے رابطہ کرکے لیہ کا دورہ کریں گے اور مسائل کی رپورٹ مخدوم صاحب کے روبرو پیش کریں گے ۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ میں مخدوم صاحب کا جس طرح کا تاثر اپنے ذہن میں لے کر گیا تھا مخدوم صاحب اس کے باالکل برعکس نکلے اور چند سیکنڈوں کے بعد میرا وہ تاثر زائل ہو گیا اور ایک لمحے تو مجھے ایسے لگا کہ ہم اپنے کسی ہم جولی دوست سے گفتگو کر رہے ہیں جس طرح مخدوم صاحب نے ہماری باتیں سنیں اور ہمیں ٹریٹ کیا یا سینئر رہنما ملک عاشق کھوکھر اور دیگر سینئر ورکرز کو عزت و احترام بخشا مجھے تو بینظیر بھٹو (لم یزل انھیں غریق رحمت کرے ) یاد آ نے لگیں وہ بھی اسی طرح جیالوں اور ورکروں کی کڑوی کسیلی باتیں بڑی خندہ پیشانی سے سنا کرتی تھیں اور فوری مسائل کا حل تلاش کیا کرتی تھیں ۔
اس کے بعد فوٹو سیشن ہوا مخدوم ہاؤس کے کیمرہ مین ولید نے شاندار تصویریں بنائی جب ہم ماڈل ٹاؤن سے نکلے تو شام کے اندھیرے گہرے ہونے لگے تھے سٹریٹ لائٹس آن ہوچکیں تھیں پارکوں اور بنگلوں پر برقی قمقمے دل لبھانے والا منظر پیش کررہے تھے رات دن کا منظر پیش کر رہی تھی کہتے ہیں لاہوریوں کا دن بھی شام کے بعد شروع ہوتا ہے مگر ہم نے ایک لمبی مسافت طے کر کے گھر پہنچنا تھا لہذا ساڑھے پانچ گھنٹے کی طویل ڈرائیونگ کے بعد ہم اپنے سیارے یعنی ماڈل ٹاؤن لیہ واپس پہنچے تو وہی اندھیرے بجلی کی لوڈشیڈنگ ٹوٹی پھوٹی گلیاں جگہ جگہ گندے پانی کے جوہڑ ا ہمارا استقبال کر رہے تھے اور ہم ایک مرتبہ پھر اکیسویں صدی کی دنیا سے قرون اولی کے دور میں آگۓ کہتے ہیں اپنا گھر جنت ہوتا ہے اور اس کا نعم البدل کوئی نہیں ہوتا تو بالآخر ہم اپنی جنت میں خیروعافیت سے پہنچ گۓ

یہ بھی پڑھیے:

منجھلے بھائی جان کی صحافت۔۔۔ وجاہت مسعود

ایک اور برس بڑھ گیا زیاں کے دفتر میں۔۔۔وجاہت مسعود

وبا کے دنوں میں بحران کی پیش گفتہ افواہ۔۔۔وجاہت مسعود

اِس لاحاصل عہد میں عمریں یونہی ڈھلتی ہیں۔۔۔وجاہت مسعود

ارشاد رائے کی مزید تحریریں پڑھیں

%d bloggers like this: