دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

مفاہمت یا مزاحمت||ملک سراج احمد

اگر بلوچستان حکومت ٹوٹ گئی تو اس کے بہت سے معانی اور مطلب نکالے جائیں گے ۔ مختصر یہ کہ اگر جام کمال سرکار گئی تو اس کا مطلب ہے کہ سیاسی بساط لپیٹنے کی تیاری ہوچکی ہ

ملک سراج احمد

 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

لو جی ن لیگ کو بھی ایک پیج پر لانے کا فیصلہ پارٹی قائد نے کرلیا ہے ۔مذاحمت اور مفاہمت کے بیانئے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا اور ظاہری بات ہے کہ پارٹی قائد میاں نواز شریف ہی ہیں تو ان کا بیانیہ ہی چلے گا ۔اب پارٹی میں موجود خاموش لیڈروں کو کھل کر قائد کے بیانیے کی حمایت کرنی پڑے گی اور اس کے لیئے میاں جاوید لطیف نے پہلا کنکر پھینک دیا ہے ۔بہت سوچا سمجھا بیان تھا جو میاں جاوید لطیف نے دیا یا ان سے دلوایا گیا۔اس پر فوری ایکشن ہوا اور ان کو پارٹی کی طرف سے شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔اب پارٹی کی عدالت سجے گی اور میاں جاوید لطیف بولیں بلکہ خوب با آواز بلند بولیں گے اور ان کے بیان کی حمایت میں ایک شور مچ جائے گا۔
ن لیگ میں میاں جاوید لطیف کی حمایت میں بیانات کا سلسلہ شروع ہوگا اور یوں ن لیگ میں مفاہمت کا بیانیہ اکیلا رہ جائے گا اب یا تو پارٹی کے ورکرز سے مفاہمت ہوگی یا پھر ان دوستوں سے جن کے ساتھ مفاہمت کی خاطر چپ کا روزہ رکھا گیا ہے۔فیصلہ کرنا پڑے گا ویسے پارٹی ورکرز کے ساتھ ہی مفاہمت ہوگی کیونکہ موج ہے دریا میں بیرون دریا کچھ نہیں لہذا دریا میں رہنا ہی عقلمندی ہوگی۔کیونکہ عمومی تاثر یہی ہے کہ پارٹی اور ووٹ وڈے میاں صاحب کا ہے۔لہذا پارٹی قائد میاں نوازشریف اور ملک میں قائد مریم نوازشریف ہوں گی اور ن لیگ کے مطابق شائد اگلی بار وزارت عظمیٰ کی امیدوار بھی کیونکہ ایک بات تو طے ہے کہ وہ کراوڈ پلر ہیں اور یہ خاصیت میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز میں نہیں ہے
یہی نہیں کہ فقط ہم ہی اضطراب میں ہیں ہمارے چاہنے والے بھی اسی عذاب میں ہیں ۔ن لیگ کی طرح تحریک انصاف بھی مخمصے کا شکار ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر کالعدم تحریک طالبان پاکستان شدت پسندانہ کاروائیاں چھوڑ دے اور ہتھیار ڈال دے تو حکومت انہیں معاف کرسکتی ہے۔موجودہ حالات کے تناظر میں یہ بیان شائد کچھ قبل از وقت تھا ہوسکتا ہے کہ ٹمپریچر چیک کرنے کے لیے یہ بیان دیا گیا ہو اس پر طالبان کی طرف سے جو جواب ملا وہ پریشان کن ہے ۔کالعدم تحریک طالبان کے مطابق “ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم نے کبھی دشمن سے معافی نہیں مانگی مزید یہ کہ معافی کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے معافی دینے کی مشروط پیشکش دیتے ہوئے کہا گیا کہ “اگر ملک میں شرعی نظام نافذ کرنے کا وعدہ یا ارادہ کیا جائے توہم اپنے دشمن کے لیے معافی کا اعلان کرسکتے ہیں”
کالعدم تحریک کا جواب بی بی سی اردو نے وضاحت کے ساتھ دیا ہے ۔اب کالعدم تحریک کے جواب سے بہت سے نئے سوال پیدا ہوگئے ہیں۔ پہلا سوال کہ کالعدم تحریک کو مذاکرات کی میز پر کیسے لایا جائے ۔کیا یہ مذاکرات کامیاب ہوں گے اور اگر نا ہوئے تو کیا ہم ماضی کی طرح ایک نئے آپریشن کی طرف جائیں گے ۔افغانستان کے طالبان کس حد تک کالعدم تحریک پر اثر انداز ہوسکتے ہیں کیا ان کی طرف سے مدد ملے گی یا نہیں ۔اگر ہم نے کالعدم تحریک کے خلاف آپریشن شروع کیا تو افغان طالبان کا عمومی رویہ کیا ہوگا۔اس کے علاوہ اور بہت کچھ ہے جو توجہ طلب اور جواب طلب ہے۔
اس ضمن میں یہی دعا کی جاسکتی ہے کہ خدا وطن عزیز کی اس کی عوام اور اس کی افواج کی حفاظت فرمائے۔بظاہر جو نظر آرہا ہے اس کے مطابق تو یہی لگ رہا ہے کہ ہمارے لیئے ایک کڑا امتحان ابھی باقی ہے ۔ ہمارے دشمن بھی یہی چاہیں گے کہ ہم کسی نا کسی طرح اس میں الجھیں اور ہماری کامیابی یہی ہوگی کہ ہم مذاکرات کے زریعے معاملات کو سنبھال جائیں ۔لیکن انڈیا اور امریکہ کبھی بھی نہیں چاہیں گے کہ یہاں پر امن ہو ان کی کوشش ہوگی کہ کسی طرح حالات خراب ہوں۔یہاں بھی مفاہمت یا مذاحمت میں سے ایک بیانیہ اپنانا ہوگا
حالات تو بلوچستان حکومت کے بھی اچھے نہیں ہیں ۔جام کمال کے خلاف ان کی اپنی جماعت کے اراکین نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہوئی ہے۔اور معاملات کو ٹھیک کرنے کے لیے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی قیادت میں ایک وفد بلوچستان اسمبلی کے اراکین سے مذاکرات کررہا ہے بظاہر جو اطلاعات مل رہی ہیں اس کے مطابق ناراض اراکین جن کی قیادت اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو اور سردار محمد صالح بھوتانی کررہے ہیں شدید ناراض ہیں اور کھلے عام وزیراعلیٰ کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ان کے مطابق وہ پرامید ہیں کہ یہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی۔
بلوچستان اسمبلی کے اراکین کی تعداد 65 ہے اور تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے 33 اراکین اسمبلی کی حمایت ضروری ہیں ۔جبکہ اسمبلی میں اپوزیشن کے اراکین کی تعداد 23 ہے ۔دلچسپ امر یہ ہے کہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن نے نہیں بلکہ حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض اراکین نے جمع کرائی ہے اور ان کی تعداد 15 ہے۔جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے اس بلوچ اور تحریک انصاف کے میر نصیب اللہ مری بھی ناراض اراکین کے ساتھ ہیں۔اب دیکھنا یہ ہے کہ ناراض اراکین مذاحمت کرتے ہیں یا مفاہمت کے زریعے ان کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔
اگر بلوچستان حکومت ٹوٹ گئی تو اس کے بہت سے معانی اور مطلب نکالے جائیں گے ۔ مختصر یہ کہ اگر جام کمال سرکار گئی تو اس کا مطلب ہے کہ سیاسی بساط لپیٹنے کی تیاری ہوچکی ہے ۔اور یہ وفاق کے لیئے پریشان کن ہوگی ویسے بھی مہنگائی ، بے روزگاری کے سبب حکومت دباو کا شکار ہے رہی سہی کسر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ منسوخ کرکے نکال دی ہے۔اور تو اور امریکی صدر کا بھی تاحال فون نہیں آیا خدا جانے کہاں مصروف ہے ۔مطلب یہ کہ فی الوقت کہیں سے اچھی خبر سننے کو نہیں مل رہی ۔ ڈالر ہو یا پٹرول ، بجلی ہو یا گیس کسی کے نرخ کنٹرول نہیں ہو رہے۔غرض کوئی محکمہ ایسا نہیں جہاں معاملات ٹھیک چل رہے ہوں پھر بھی جناب صدر بضد ہیں کہ دنیا کو کپتان کے ویژن سے استفادہ کرنا چاہیے ۔

براے رابطہ 03334429707
وٹس ایپ 03352644777

یہ بھی پڑھیے:

ڈانسنگ ایلیفینٹ ۔۔۔ ملک سراج احمد

وہ لڑکی لال قلندر تھی ۔۔۔ملک سراج احمد

حیات جرم نہ ہو زندگی وبال نہ ہو ۔۔۔ ملک سراج احمد

بے نظیر بھٹو کی پکار: الوداع پاپا ۔۔۔ملک سراج احمد

عوام کے حق حاکمیت کی فیصلہ کن جنگ۔۔۔ ملک سراج احمد

حضرت خواجہ غلام فرید ؒ – پیلوں پکیاں نی وے، آ چنوں رل یار ۔۔۔ ملک سراج احمد

ملک سراج احمد کے مزید کالم پڑھیے

About The Author