دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

اللہ ہی جانے کون بشر ہے؟||حیدر جاوید سید

اس سے ملتے جلتے مقدمات میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے ہمارے سامنے ہیں۔ پنجاب میں حکم ہوتا ہے کہ گرفتاری سے 20دن قبل یا ایک ماہ قبل باضابطہ بتایا جائے ۔

حیدر جاوید سید

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

35روپے کلو والا آٹا تین سال بعد 80 روپے کلو ہے اور 55 روپے کلو والی چینی 110 روپے کلو ۔ ڈالر اور سونے کے بھائو پر بحث اٹھانے کی ضرورت نہیں نا ہی دیگر اشیائے ضرورت کی قیمتوں پر ۔ ذرائع ابلاغ کے دوغلے پن کا عالم یہ ہے کہ اسلام آباد کا سیکٹر 11ای بارش کے پانی میں ڈوب گیا چونکہ اسلام آباد سندھ میں نہیں اس لئے خبر اہمیت حاصل نہ کر سکی ۔
جب سندھی کہتے ہیں کہ پنجاب اور اردو میڈیا ہم سے مفتوحہ علاقوں والا برتاو کرتا ہے تو ہمارے بہت سارے دوست ناراض ہو کر اسے تعصب قرار دیتے ہیں۔
خورشید شاہ کی درخواست ضمانت کا فیصلہ صرف قانون کے طلباء کے لئے حیران کن نہیں بلکہ صحافت کے کوچے میں ساڑھے چار عشروں سے قلم مزدوری کرتے اس تحریر نویس کے لئے بھی حیرانی کا باعث ہے ۔
اس سے ملتے جلتے مقدمات میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے ہمارے سامنے ہیں۔ پنجاب میں حکم ہوتا ہے کہ گرفتاری سے 20دن قبل یا ایک ماہ قبل باضابطہ بتایا جائے ۔
ہم سوال نہیں اٹھا پارہے کیونکہ حد ادب مانع ہے ۔
مرحومہ و مغفور پی ڈی ایم کی دو سابق اتحادی جماعتوں نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے مجاہدین میں ٹھنی ہوئی ہے ۔ دونوں اترن چوک میں دھو رہے ہیں اچھا ہے کچھ رونق میلہ لگا ہوا ہے ۔
مسافر سامان باندھ رہا ہے جنم شہر یاترا کے لئے لیکن مسئلے اور بہت ہیں۔
ہماری پنجابی دانش کے نمائندے ان دنوں ثابت کر رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی اوراسٹیبلشمنٹ کے درمیان فاصلے کم ہو رہے یں ان کے بقول آزاد کشمیر میں گیارہ نشستیں کم ہوتے فاصلوں کا صلہ ہیں
ایک دوست سے پوچھا تین چار نشستیں ایسی ہیں جن پر پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو تین سے ساڑھے چار سو ووٹوں سے ہروایا گیا یاد رکھئے میں نے ”ہروایا گیا” لکھا ہے اور یہ بلاوجہ ہر گز نہیں۔ فاصلے کم ہو رہے تھے تو پھر ان تین چار نشستوں سے کیا فرق پڑتا تھا؟
جواب ملا بلاول کو آرمی چیف نے بیٹے کی شادی کا دعوت نامہ نہیں بھجوایا۔ سوال گندم جواب چنا ۔ میں نے مشورہ دیا کہ کسی دن جناب شہباز شریف کا ورائچ صاحب کو دیا گیا انٹرویو پڑھ لیجئے ”پیٹ” تک تسلی ہوجائے گی۔
لوگ کہتے ہیں(اور یہ لوگ کہاں ہیں پتہ نہیں) موجودہ حکومت کی تین سال کی کارکردگی شاندار ہے ۔ عرض کیا جی بالکل شاندار ہے ۔
فقیر راحموں بولے میں بھی شاندار کارکردگی سے متاثر ہوا ہوں سوچ رہا ہوں ساڑھے تین ہزار دوستوں اور سات سو پچاس قدردانوں سمیت تحریک ا نصاف میں شمولیت اختیار کرکے خان صاحب کے ہاتھ مضبوط کروں۔
بات ہنسی میں اڑ گئی۔ ویسے یہ کامیابیاں کتنے روپے کلو کے حساب سے فروخت ہو رہی ہیں؟
ایک عام معالج کی فیس اور دو دن کی ادویات ایک ماہ کے گھریلو بجٹ کو عدم توازن کا شکار کر دیتی ہیں۔مسائل کا سورج سوا نیزے سے کچھ مزید نیچے آگیا ہے ۔
ہمارے دو دوست ہیں ایک معلم ہیں دوسرے وکیل ہیں وکیل سکہ بند جیالے ہیں اور معلم سول سپر میسی کے ترجمان ۔
ہماری خیر دونوں سے نبھتی ہے نبھنی بھی چاہئے دوست جیسے بھی ہوں دوست ہوتے ہیں۔ اپنا کل ترکہ کتابیں اور دوست ہیں ان کے سہارے ہی اب تک کا سفر حیات طے ہوا ہے ۔
دونوں دوستوں میں اکثر ٹھنی رہتی ہے کبھی کبھی ہم چھلانگ لگا کر بیچ بچاو کروا دیتے ہیں۔ کچھ دیر قبل بھی سیز فائز کروایا ہے ۔
خیر چھوڑیں ہم حکومت کی تین سال کی بہترین کارکردگی پر بات کرتے ہیں ۔ یوٹیلٹی بلز تقریباً ڈبل ہوگئے ہیں۔ مہنگائی کا جن بے قابو ہے ‘ اوپر سے یہ کورونا وباء جس کی چوتھی لہر دستک ہی نہیں دے رہی بلکہ کچھ شہروں میں تو اس نے ادھم مچایا ہوا ہے جیسا کہ کراچی میں مگر بدقسمتی یہ ہے کہ کراچی والوں کے ایک طبقے کی سندھ حکومت سے بنتی نہیں۔ نہ بننے کی بہت ساری وجوہات کے ساتھ نسلی تعصب بھی ہے ۔
حکومت کہہ رہی ہے کورونا کا پھیلائو لاک ڈاون پر مجبور کر رہا ہے ۔ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کراچی کے رہنما کہتے ہیں لاک ڈاون نہیں ہونے دیں گے۔
تعصب دیکھیں محض نسلی نفرت میں لوگ عقل پر چاند ماری کر نے لگتے ہیں اور تو اور وہ اپنے انصافی فیثا غورث اسد عمر بھی زمینی حقائی سے یکسربرعکس باتوں میں مصروف ہیں جبکہ کراچی میں پچھلے تین دنوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسوں کی شرح 21.5 سے بڑھتی ہوئی 32.3 تک پہنچ گئی ہے ۔
لیجئے اب کورونا بھی سندھی اور مہاجر ہوگیا۔ اللہ ہدایت دے سب کو اور وہ سنجیدگی کے ساتھ حالات کی سنگینی کا احساس کر سکیں۔
پنجاب میں پچھلے دو دن خوب رونق لگی رہی وسطی پنجاب کے گوجرانوالہ ڈویژن کے کمشنر بہادر کا گھریلو پالتو کتا گم ہو گیا تھا۔ سرکاری اہلکاران کرائے کے رکشوں پر لاوڈ سپیکر لگائے اعلان کرتے پھرتے صاحب بہادر کا گھریلو پالتو کتا گم ہوگیا ہے جسے ملے حوالہ انتظامیہ کرے ورنہ جس سے برآمد ہوا اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
ٹی وی چینلز والوں نے اس کتاتلاش مہم کی ویڈیو چینلوں پر نشر کر دی لاوڈ سپیکر بند ہوگئے مگر 48گھنٹے کی تلاش مہم کے بعدبالآخر کتا مل گیا۔ ملازمین کے رکے ہوئے سانس چلنے لگے پولیس والوں نے شکر ادا کرکے ٹھنڈا پانی پیا کیونکہ اگر صاحب کا کتا نہ ملتا تو حد ہی ہو جاتی۔
ہمارے بلوچ دوست واجہ کریم داد نے ٹیلی فون پر ہم سے سوال کیا شاہ جی! کیاکسی دن حکومت لاپتہ افراد کو تلاش کرنے کیلئے اس سے (ان کی مراد کتا تلاش مہم سے تھی) پچاس فیصد کم سنجیدگی کا مظاہرہ کریگی؟۔
سچ پوچھیں تو میں نے بات ٹالتے ہوئے ان سے عید کیسی گزری لاہور کا چکر کب لگے گا جیسی باتیں شروع کر دیں وجہ یہی تھی کہ انہیں کیسے بتاتا سمجھاتا کہ لاپتہ افراد کی تلاش اولین ترجیح نہیں ہے ۔
حرف آخر یہ ہے کہ نون لیگ کے اندر محترمہ مریم نواز اور ان کے چچا میاں شہباز شریف کے گروپ میں دوریا بڑھ رہی ہیں کہا جارہا ہے کہ ان دوریوں کی وجہ سے ہی شہباز شریف آزاد کشمیر کی الیکشن مہم سے دور رہے اور پوسٹ الیکشن پریس کانفرنس عباسی اور احسن اقبال نے کی خواجہ محمد آصف بھی آج کل چپ ہیں
‘ا للہ ہی جانے کون بشر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

About The Author