دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پانچ جولائی – سیاہ دور کا اغاز || آفتاب احمد گورائیہ

‏ضیا آمریت کے دوران آئین میں کی جانے والی مذہبی اور سیاسی ترامیم نے آئین کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا۔ پیپلز پارٹی کے پچھلے دورحکومت میں کی جانے والی اٹھارویں ترمیم کے ذریعے آمرانہ دور کی بہت سی سیاسی ترامیم کو تو درست کیا چکا ہے

آفتاب احمد گورائیہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پانچ جولائی 1977 کو ایک طالع آزما بدترین آمر نے پاکستان کی پہلی منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر جمہوریت پر جو شب خون مارا اس کے نتیجے میں اگلے گیارہ سال تک ملک میں بدترین آمریت کی سیاہ رات مسلط رہی۔ سیاسی سرگرمیوں پر پابندی، منتخب وزیراعظم کوپھانسی چڑھا دینا، سیاسی کارکنوں کے لئے قید و بند اور کوڑے، انسانی حقوق کی پامالی، ذرائع ابلاغ پر پابندیاں اور سنسرشپ، قرآن کریم کی آیات پڑھ پڑھ کر جھوٹ بولنا اس دور آمریت کی سیاہ قلم سے لکھی گئی تاریخ ہے۔ ان گیارہ سالوں میں بدترین اور مکار آمرکی جانب سے کئے گئے اقدامات نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیں۔ آمرانہ دور میں شروع ہونے والی دہشت گردی، لسانیت، فرقہ واریت، مذہب کا سیاسی استعمال، کلاشنکوف کلچر، آئین میں کی جانے والی ترامیم سمیت بہت سے ایسے اقدامات ہیں جن کےنتائج آج بھی قوم بھگت رہی ہے اور نہ جانے کب تک بھگتتی رہے گی کیونکہ ان اقدامات کا زہر ملک و قوم کی رگوں میں سرایت کرچکا ہے۔ ایک پوری نسل اس عرصہ کے دوران پیدا ہو کر جوانی سے بڑھاپے میں ڈھل چکی ہے لیکن ضیا آمریت کے اثرات سےقوم آج بھی نہیں نکل سکی۔

‏پاکستان میں دہشت گردی کا آغاز افغان جنگ سے ہوا جس میں ہمارا کردار کرائے کے ٹٹو کا تھا۔ روسی فوجوں کو افغانستان سےنکالنے اور روس کو گرم پانیوں تک پہنچنے سے روکنے کے نام پر جنرل ضیا نے امریکی ایما پر افغان مجاہدین کی حمایت کا جو کھیل شروع کیا اس کے ساتھ ہی افغان مہاجرین کی پاکستان آمد شروع ہو گئی اور امریکہ سے ڈالر کی برسات ہونے لگی۔ بڑی بڑی جیبیں بھرنے لگیں۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ مہاجرین کے ساتھ ساتھ ہیروئین اور کلاشنکوف کلچر بھی پاکستان میں پہنچ گیا۔ آج چالیس سال سے اوپر کا عرصہ گزر جانے کے باوجود نہ تو ہیروئین اور کلاشنکوف کلچر کا خاتمہ ہو سکا اور نہ ہی افغان مہاجرین کو ملک سے نکالا جاسکا بلکہ اب تو بہت سے افغانی پاکستانی شناختی کارڈ بنوا چکے ہیں اور ملک کے بڑے بڑے شہروں میں اپنا کاروبار کر رہے ہیں۔افغان جنگ میں حصہ داری کے نتیجے میں شروع ہونے والی دہشت گردی آج بھی مختلف مراحل سے گزرنے کے باوجود ختم نہیں ہوسکی۔ اس دہشت گردی کے نتیجے میں ہزاروں پاکستانی اپنی جانیں کھو چکے ہیں۔

‏ضیا آمریت کا ایک اور ناقابل معافی جرم قوم کو مذہبی اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنا بھی ہے۰ اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کےلئے جنرل ضیا نے فرقہ پرست اور لسانی جماعتوں کی کھل کر حمایت کی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ مذہبی طور پر حساس قوم میں فرقہ واریت کا جو بیج جنرل ضیا نے بویا تھا آج وہ تنا آور درخت بن چکا ہے اور مذہبی بنیادوں پر نفرت کی خلیج اتنی گہری ہوچکی ہے کہ جس کوپاٹنا بظاہر ناممکن ہوچکا ہے۔ یہی حال لسانی جماعتوں کا ہے جن کی آبیاری بھی ضیا دور میں ہی کئی گئی اب یہ لسانی اور علاقائی جماعتیں بھی اتنی مضبوط اور طاقتور ہو چکی ہیں کہ قومی یکجہتی کے لئے بہت بڑا خطرہ بن چکی ہیں۔

‏ضیا آمریت کے دوران آئین میں کی جانے والی مذہبی اور سیاسی ترامیم نے آئین کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا۔ پیپلز پارٹی کے پچھلے دورحکومت میں کی جانے والی اٹھارویں ترمیم کے ذریعے آمرانہ دور کی بہت سی سیاسی ترامیم کو تو درست کیا چکا ہے لیکن حدود آرڈینینس اور توہین رسالت جیسے مذہبی قوانین کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے قانون سازی کا اگر سوچا بھی جائے تو کفر کا فتویٰ لگا دیا جاتا ہے۔

‏ضیا آمریت کا ایک اور بدترین کارنامہ غیر سیاسی سوچ کی حامل سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کی سرپرستی بھی ہے جس کے نتیجےمیں ایسا غیر سیاسی کلچر پروان چڑھ چکا ہے جس میں مخالف سیاسی سوچ یا نظریات کو برداشت نہیں کیا جاتا۔ سیاسی مخالفت کوذاتی مخالفت سمجھ لیا جاتا ہے۔ سیاسی ڈائیلاگ یا فکری مباحثے کی گنجائش باقی نہیں رہ گئی۔ اس غیر سیاسی سوچ کا منطقی نتیجہ یہ نکلا ہے کہ ایسے ایسے لوگ اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ گئے ہیں جن کی نہ کوئی سیاسی تربیت ہے اور نہ جدوجہد اور نہ ہی ان کو ملک و قوم کو درپیش مسائل کا ادراک ہے۔ سیاسی جدوجہد کے نام پر ان کا واحد کریڈٹ پس پردہ موجود غیر جمہوری قوتوں کی کاسہ لیسی ہے۔ دلیل کا جواب بدتمیزی یا گالی سے دیا جانا بہت بڑا کارنامہ سمجھا جاتا ہے۔ جو جتنی بڑی گالی دیتا ہے اس کو اتنے ہی بڑےعہدے سے نوازا جاتا ہے۰

‏اوپر بیان کی گئی ضیاالحقیوں کے نتیجے میں ملک بے شمار مسائل اور خطرات کا شکار ہو چکا ہے۔ ضیا آمریت کا دورانیہ کہنے کو تو گیارہ سال پر محیط تھا لیکن اس دور کے بد اثرات سے قوم شائد ہی کبھی نکل سکے کیونکہ ضیا کی باقیات آج بھی موجود ہیں اور اقتدار کےلئے آج بھی غیر سیاسی اور غیر جمہوری قوتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہیں۔ انتخابات صرف دکھاوے کی ایک کاروائی بن کر رہ چکے ہیں جن کے نتیجے میں عوام کی نمائندہ حکومت کا برسر اقتدار آنا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور بن چکا ہے۰ آج ضرورت اس امر کیہے کہ تمام جمہوری قوتیں اپنے تمام تر اختلافات کو بھلا کر ون پوائینٹ ایجنڈے پر اکٹھی ہوں کہ چھوٹے چھوٹے مفادات کےلئے کسی طالع آزما آمر کا ساتھ نہیں دیا جائے گا تاکہ جمہوریت کہ مستقبل میں قوم کو کسی اور پانچ جولائی کا سامنا نہ کرنا پڑے۰

‏Twitter: @GorayaAftab

پی ڈی ایم کا ملتان جلسہ ۔۔۔آفتاب احمد گورائیہ

تحریک کا فیصلہ کُن مرحلہ۔۔۔ آفتاب احمد گورائیہ

چار سالہ پارلیمانی مدت، ایک سوچ ۔۔۔ آفتاب احمد گورائیہ

About The Author