دسمبر 19, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پاکستان کا 2 سالوں میں آئی ٹی برآمدات کو دوگنا کرنے پر غور

ٹیک زونز کی تعمیر میں بیرون ممالک سے منگوائے گئے مٹیریل پر آئندہ 10 سال کے لیے ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہوگا

امریکی جریدے بلوم برگ نے بدھ کے روز اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ

پاکستان آئندہ دو سالوں میں ٹیک زونز قائم کر کے اپنی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) انڈسٹری کی برآمدات کو دوگنا کرنے پر غور کررہا ہے۔

آبادی کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے۔

اسپیشل ٹیکنالوجی اتھارٹی کے چیئرمین عامر ہاشمی کا کہنا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات بڑھانے کے لیے اگلے سال ٹیک زونز کا قیام عمل میں لارہے ہیں۔

عامر ہاشمی نے کہا کہ ٹیک زونز کی تعمیر میں بیرون ممالک سے منگوائے گئے مٹیریل پر آئندہ 10 سال کے لیے ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

اس سے آئی ٹی کی برآمدات بڑھیں گی اور پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کے مالیاتی حجم کو آئندہ 2 سالوں میں 6 ارب ڈالرز تک لے جانے میں مدد ملے گی۔

بلوم برگ کے مطابق پاکستانی حکومت کے اس اقدام سے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے

اور ای کامرس میں بڑھتی ہوئی ملازمتوں کی طلب کو بھی پورا کیا جاسکے گا۔

عامر ہاشمی نے کہا ہے کہ اسپیشل ٹیکنالوجی اتھارٹی کے پہلے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے جواب طلب کرتے ہوئے پوچھا تھا کہ

پاکستان کیوں آئی ٹی انڈسٹری میں دیگر ممالک سے پیچھے ہے؟ جس پر انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ

پاکستان میں آئی ٹی زونز کی کمی اور نوجوانوں کو مواقع میسر نہ آنا بھی بنیادی وجوہات ہیں۔

عامر ہاشمی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوگل، ایمزون یا مائیکروسافٹ جیسے بڑے اداروں کی طرح نوجوانوں کو

آئی ٹی کی جانب راغب کرنے کے لیے بہترین مراعات دینے کی ضرورت ہے۔

امریکی جریدے کے مطابق ماضی میں بھی ایسے بہت سے منصوبے شروع کیے گئے تھے

لیکن وہ اپنی تکمیل پر نہیں پہنچ پائے تھے۔ 2006 میں سافٹ ویئر کے درجنوں پارکس کی تعمیر کے لیے 1 ارب ڈالرز مختص کیے گئے تھے

تاہم منصوبے پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکے تھے۔

وفاقی حکومت نے اس مرتبہ منصوبوں کی تکمیل کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

عامر ہاشمی کے مطابق نصف درجن غیرملکی اور 50 ملکی اداروں نے ٹیک زونز کے قیام میں سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔

سرمایہ کاروں نے 1 ارب 50 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کا ہدف مقرر کیا ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے بھی آئی ٹی انڈسٹریز کو سہولتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آئی ٹی کی برآمدات بڑھنے سے ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے اور ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں مدد ملے گی۔

About The Author