دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

نیپرا نے لوڈشیڈنگ میں اضافے کا نوٹس لے لیا

ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے

اسلام آباد:

ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ نیپرا نے ملک بھر میں بجلی لوڈشیڈنگ میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے لوڈشیڈنگ میں اضافے کے بعد تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) اور کے الیکٹرک سے لوڈ شیڈنگ کی رپورٹ طلب کر لی۔

نیپرا نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کیوں ہو رہی ہے ؟ حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی ڈسکوز کی ذمہ داری ہے۔

نیپرا نے ہدایت کی کہ صارفین کو بجلی کی بلاتعطل بجلی فراہمی یقینی بنائی جائے اور لوڈشیڈنگ سے متعلق تمام حقائق سے جمعہ تک آگاہ کیا جائے۔

گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث لیسکو ریجن میں بجلی کی طلب 4 ہزار 600 میگاواٹ بڑھ گئی اور این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 4 ہزار 150 میگاواٹ بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

لیسکو کو 450 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے فنی خرابیوں کی شکایات میں بھی اضافہ ہو گیا۔ فتح گڑھ گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔

ترجمان لیسکو کے مطابق ہائی لاسسز فیڈرز پر شیڈول کے مطابق 5 سے 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

دوسری جانب پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) نے ایک بار پھر گریڈ ا سٹیشن جا کر بجلی بحال کر دی۔ ایم پی اے فضل الہٰی کوہاٹ روڈ گریڈ اسٹیشن میں کارکنان کے ہمراہ داخل ہوئے تھے۔

ایم پی اے نے نیو دیہہ بہادر، اولڈ دیہہ بہادر اور دورہ روڈ فیڈرز کی بجلی خود بحال کر دی۔

چند روز قبل فضل الہٰی نے رحمان بابا گریڈ ا سٹیشن میں داخل ہو کر بجلی بحال کی تھی اور کار سرکار میں مداخلت پر پیسکو نے ایم پی اے کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

About The Author