دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ملتان کی خبریں

ملتان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے

ملتان

نیب عدالت ملتان نے پنجاب کانسٹیبلری کیس میں مبینہ طور پر ایک ارب 91 کروڑ 33 لاکھ روپے کی کرپشن کرکے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے والے ایس ایس پیز ،

کمانٹنڈس اور اکاؤنٹس آفس کے افسران سمیت 81 ملزمان کے خلاف ریفرنس میں بریت کی درخواستوں پر وکلاء بحث کے لئے سماعت 25 فروری جبکہ ریفرنس ٹرائل میں شہادتوں کے لیے

سماعت وکیل کے پیش نہ ہونے پر 10 مارچ تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔ریفرنس میں بریت حاصل کرنے کے لیے ایس ایس پی محمود الحسن،ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کنور محمد خان

اور ایس پی میاں عرفان اللّٰہ نے درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔قبل ازیں فاضل عدالت میں نیب ملتان کے مطابق پنجاب کانسٹیبلری کیس میں مبینہ طور پر

ایک ارب 91 کروڑ 33 لاکھ روپے کی کرپشن کرکے قومی خزانے کو ٹیکا لگانے والے ایس پی انویسٹیگیشن و سابق کمانڈنٹس محمد باقر ،ایس ایس پی محمود الحسن،ایس پی میاں عرفان اللّٰہ سینئر آڈیٹر مدثر دریشک، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کنور محمد خان،

اکاؤنٹس آفیسر بھکر قمر محمد خان مگسی،سابق ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ملتان باسط مقبول ہاشمی،ڈیرہ غازی خان کے عارضی اکاؤنٹس آفیسر احمد بخش جسکانی سمیت دیگر شامل ہیں۔

ملزمان کے خلاف الزام ہے کہ انہوں نے افسران کے جعلی دستخط کرکے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا تھا۔

پولیس افسران نے اکاؤنٹ افسروں اور اہلکاروں سے ملی بھگت کی، ملزمان نے جعلی بھرتیاں کرکے تنخواہیں اور جی پی فنڈ نکلوا کر کھا لیا،

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے مقدمہ درج کیا اور ملزمان سے 63 لاکھ روپے کی ریکوری بھی کی،

مقدمہ اینٹی کرپشن سے نیب کو منتقل ہوا نیب کی جانب سے پنجاب کانسٹیبلری کے ذریعے کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام لگا کر ریفرنس تیار کیا گیا،

سرکاری اراضی کی جعلی الاٹمنٹ میں بھی مبینہ طور پر خوردبرد کی گئی،

اراضی الاٹمنٹ میں خورد برد کرنے میں بہاولپور کے محمد بشیر، نذیر احمد اور محمد شبیر شامل ہیں۔ ملزمان نے مقدمہ سے بری کرنے کی بھی درخواست دائر کررکھی ہے۔


ملتان

ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے مرضی کی شادی کرنیوالی لڑکی کو ہراساں و پریشان کرنے سے متعلق درخواست پر ایس ایچ او تھانہ مخدوم رشید کو ہراساں کرنے سے باز رہنے کا حکم دیا ہے۔

فاضل عدالت میں خاتون آمنہ بی بی نے ہراسمنٹ کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اس نے اپنی مرضی سے چند روز قبل پسند کی شادی کرلی تھی

چونکہ والدین اسکی شادی کسی عمر رسیدہ شخص سے کرنا چاہتے تھے اب شادی کرنے پر قریبی رشتے دار جان دشمن بن گئے ہیں

اور طلاق نہ لینے پر شدید نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔جو کہ بلکل غیر قانونی اقدام ہے اس لیے فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ پولیس کو مذکورہ افراد کے ایماءپر ہراساں کرنے سے باز رہنے کا حکم دیا جائے۔


ملتان

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان نے منشیات برآمد ہونے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو اقبالی بیان پر ایک سال پروبیشن پر رہنے کی سزا کا حکم سنایا ہے۔

اس سزا سے ملزم کو سدھرنے کا نادر موقع دیا گیا ہے تاکہ وہ جیل میں پیشہ ورانہ ملزمان کے ساتھ رہنے کی بجائے اپنی زندگی کو معمول پر لائے اور آئندہ ایسے جرم سے باز رہے۔

قبل ازیں فاضل عدالت میں پولیس تھانہ بدھلہ سنت کے مطابق ملزم عبدالشکور کے خلاف گزشتہ سال مقدمہ نمبر 250 درج کیا گیا تھا

جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ملزم کو مشکوک جان کر تلاشی لی گئی جس کے قبضے سے 335 گرام منشیات برآمد ہوئی تھی۔

تاہم ملزم کے اعتراف جرم پر اسے پروبیشن پر بھجوانے کی سزا کا حکم دے دیا گیا ہے۔


ملتان

ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے معمولی رنجش پر شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری ضمانت پر سماعت وکلاء بحث کے لئے 24 فروری تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔

فاضل عدالت میں ملزم واجد خان نے ضمانت کی درخواست قبل از گرفتاری دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ

اس کے خلاف پولیس تھانہ الپہ نے گزشتہ سال مقدمہ نمبر 9 درج کیا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ملزم نے معمولی تنازعہ کی بنیاد پر شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا تاہم ملزم نے گرفتاری کے ڈر سے ضمانت دائر کی اور کہا کہ

وہ بے قصور ہے مقدمہ بدنیتی پر مبنی ہے اس لیے ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔


ملتان

ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہونے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری ضمانت عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کرنے کا حکم دیا ہے۔

قبل ازیں فاضل عدالت میں ملزم دلاور خان نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ

اس کے خلاف پولیس تھانہ قادر پور راں نے گزشتہ سال مقدمہ نمبر 110 درج کیا جس میں موقف اختیار کیا کہ

ملزم سے دوران چیکنگ ایک کلو 400 گرام منشیات برآمد ہوئی تھی مقدمہ کی بنیاد پر پولیس اسے گرفتار کرکے جیل بھجوانا چاہتی ہے

جبکہ مقدمہ بے بنیاد ہے اس لیے ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتار سے باز رہنے کا حکم دیا جائے۔ تاہم عدالت نے ضمانت خارج کر دی ہے۔


ملتان

ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے لین دین کی ادائیگی کے لیے بوگس چیک دینے کے چار سال پرانے مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری ضمانت عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کرنے کا حکم دیا ہے ۔

قبل ازیں فاضل عدالت میں ملزم شیخ فیصل نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ

اس کے خلاف تھانہ کینٹ نے سال 2017 میں مقدمہ نمبر912 درج کیا گیا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ مدعی نے کاروباری تعلقات کی بنیاد پر ملزم کو لاکھوں روپے کا سامان دیا

اور بدلے میں چیک بھی وصول کیا جب مدعی نے چیک بنک میں جمع کرایا تو وہ ڈس آنر کردیا گیا تھا جس پر پولیس اسے گرفتار کرکے جیل بھجوانا چاہتی ہے

جبکہ وہ بے قصور ہے اور مقدمہ بدنیتی پر مبنی ہے اس لیے ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے باز رہنے کا حکم دیا جائے۔


ملتان

ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے شہری کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری ضمانت پر سماعت وکلاء بحث کے لئے 27 فروری تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔

قبل ازیں فاضل عدالت میں ملزم ساجد وغیرہ نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ

اس کے خلاف پولیس تھانہ الپہ نے گزشتہ سال مقدمہ نمبر 724 درج کیا تھا جس میں الزام عائد کیا کہ ملزم نے معمولی تنازع کی وجہ سے دشمنی بنا لی ہے

اور اب جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے جبکہ اس طرح سے ہراساں کرنا غیر قانونی اقدام ہے اس لیے مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جائے

جبکہ مقدمہ مدعی کی بدنیتی پر مبنی ہے اس لیے ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے باز رہنے کا حکم دیا جائے۔


ملتان

ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے واپڈا کی مین لائن میں ڈائریکٹ تار لگا کر بجلی چوری کرنے کے

مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری ضمانت 50 ہزار کے ضمانتی مچلکوں کے عوض کنفرم کرنے کا حکم دیا ہے۔ فاضل عدالت میں ملزم بلاول مختیار نے

درخواست ضمانت قبل از گرفتاری دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اس کے خلاف پولیس تھانہ الپہ نے رواں سال بجلی چوری کرنے کا مقدمہ نمبر 83 درج کیا

جبکہ وہ بے قصور ہے لیکن پولیس اسے گرفتار کرنے کے درپے ہے اس لیے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے باز رہنے کا حکم دیا جائے۔


ملتان

ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت وکلاء بحث کے لیے 26 فروری تک ملتوی کردی ہے۔

فاضل عدالت میں ملزم دانیال رضا نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ

اس کے خلاف پولیس تھانہ چہلیک نے رواں سال مقدمہ نمبر 18 درج کیا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ملزم نے مدعی کے ساتھ لاکھوں روپے کا فراڈ کیا

اور رقم واپس کرنے سے انکاری ہے جس پر پولیس نے مقدمہ درج کیا اور اسے گرفتار کرکے جیل بھجوانا چاہتی ہے

جبکہ مقدمہ مدعی کی بدنیتی پر مبنی ہے اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے باز رہنے کا حکم دیا جائے۔


ملتان

ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے بجلی چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو اقبال جرم پر پروبیشن پر بھجوانے کی سزا کا حکم دیا ہے۔

فاضل عدالت میں پولیس تھانہ شاہ شمس کے مطابق ملزم خادم کے خلاف گزشتہ سال مقدمہ نمبر 488 درج کیا گیا تھا

جس نے بجلی کی مین لائن سے بجلی چوری کرنا تسلیم کیا ہے ملزم نے قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچایا ہے

تاہم عدالت نے ملزم کو اعتراف جرم کے بیان پر پروبیشن پر بھجوانے کی سزا کا حکم دیا ہے۔


ملتان

ماڈل کورٹ برائے صنفی تشدد ملتان نے خاتون کے اغواء میں ملوث ملزم کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ

ملزم کو 5 مارچ تک گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔قبل ازیں فاضل عدالت میں پولیس تھانہ ممتاز آباد کے مطابق ملزم عمران بیگ کے

خلاف سال 2019 میں مقدمہ نمبر 837 زیر دفعہ 365 بی درج کیا گیا تھا عدالت سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد ملزم نے مقدمہ کی پیروی نہیں کی

جس پر عدالت نے ملزم کو بار بار طلب کیا تھا جو پھر بھی پیش نہیں ہوا جس پر عدالت نے ملزم کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔


ملتان

ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے امانت میں خیانت کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری ضمانت پر سماعت وکلاء بحث کے لئے 25 فروری تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔

فاضل عدالت میں ملزم نادر نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اس کے خلاف پولیس تھانہ نیو ملتان نے گزشتہ برس مقدمہ نمبر 985 درج کیا تھا

جس میں الزام عائد کیا کہ ملزم نے بطور امانت رکھوائی ہوئی نقدی رقم اور قیمتی سامان میں خیانت کی ہے

اور واپس کرنے سے انکاری ہے جس پر پولیس نے مقدمہ درج کیا اور اسے گرفتار کرنا چاہتی ہے جبکہ مقدمہ مدعی کی بدنیتی پر مبنی ہے اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے باز رہنے کا حکم دیا جائے۔


ملتان

نیب عدالت ملتان نے میٹرو بس منصوبہ میں مبینہ طور پر ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی کرپشن کرنے کے مقدمہ میں ملوث سرکاری افسران سمیت 20 ملزمان کے خلاف کیس کی

سماعت 17 مارچ تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔اس موقع پر مقدمہ کا ایک گواہ بھی پیش ہوا تاہم ملزمان کے وکیل کی استدعا پر سماعت ملتوی کی گئی ہے

جو آئندہ سماعت پر گواہوں کے بیانات پر جرح کریں گے۔قبل ازیں فاضل عدالت میں نیب حکام کے مطابق ملزمان نے میٹرو بس منصوبہ کے تعمیراتی کام میں مبینہ طور پر ڈیڑھ ارب روپے سے

زائد کی کرپشن کی تھی اب مقدمہ میں سابق چیف انجینئر ایم ڈی اے سمیت 15 سرکاری افسران اور 7 کنٹریکٹرز کے خلاف جاری ہے۔

اس مقدمہ میں دو چینی باشندوں کو عدالت نے اشتہاری قرار دیا ہوا ہے۔ جبکہ باقی 20 ملزمان میں سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر صابر خان صدوزئی، نذیر احمد چغتائی،

خالد پرویز، شاہد نجم، امانت علی،منعم سعید ، ریاض حسین، منظور احمد، جاوید اقبال، رانا وسیم ،محمد مسعود خان، سیف اللّٰہ آبڑو، محمد خان، سلمان خان،

ظہیر خان، محمد عبدالقادر، محمد زاہد ندیم، سید مسعود حسین ، عامر لطیف اور شاہد سلیم شامل ہیں۔ مذکورہ ملزمان کے خلاف 6 اپریل 2019 کو ریفرنس عدالت میں دائر کیا گیا

اور نومبر 2019 کو فرد جرم بھی عائد ہوچکی ہے،ملزمان کے خلاف ایک ارب 53 کروڑ 30 لاکھ سے زائد کی کرپشن کا الزام ہے۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے عثمانی اینڈ کمپنی سے تعلق رکھنے والے پانچ ملزمان فرخ حسن پاشا، فرحان حیدر،محمد سعید،

عامر علی وسان اور حافظ ساجد رفیق قریشی کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے مقدمہ سے بری کردیا تھا۔


ملتان

نیب عدالت ملتان نے سپیڈ بائیک کے نام پر جنوبی پنجاب کے 776 شہریوں سے اربوں روپے بٹورنے کے مقدمہ میں ملوث دو ملزمان کے خلاف ریفرنس میں نیلامی اور گواہوں کی

شہادتیں قلمبند کرنے کے لیے سماعت 24 فروری مقرر کی ہے۔قبل ازیں فاضل عدالت میں نیب ملتان کے مطابق ملزمان اسلم شاد اور اکرم شاد کے خلاف سینکڑوں شہریوں نے شکایات درج کرائی کہ

ملزمان نے مختلف مقامات پر ان کو سپیڈ بائیک کے نام کی موٹر سائیکلیں دینے کے بہانے اربوں روپے بٹورے ملزمان نے قسطوں کی موٹر سائیکلیں فراہم کیں نہ رقم واپس کی،

جس پر ملزمان کے خلاف انکوائری شروع کرکے ریفرنس تیار کیا گیا ہے ۔ملزمان نے کاروبار کے نام پر لوگوں سے رقم ہتھیائی ہے۔

تاہم آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کی شہادتیں قلمبند کی جائیں گی۔


ملتان

لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے سینیئر جج مسٹر جسٹس عاطر محمود نے گزشتہ روز بنچ کے گراسی پلاٹ میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔

فاضل ججز نے ملکی و قومی سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔

اس موقع پر مسٹر جسٹس چوہدری محمد اقبال، مسٹر جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی،

مسٹر جسٹس طارق سلیم شیخ، مسٹر جسٹس جواد حسن اور مسٹر جسٹس فاروق حیدر بھی ہمراہ تھے۔

About The Author