دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

راجن پور کی خبریں

راجن پورسے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

حاجی پور شریف

(ملک خلیل الرحمن واسنی)

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا راجن پو رکا طوفانی دورہ،ضلع بھر کی تعمیرو ترقی کے لئے15ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کااعلان

وزیراعلیٰ نے راجن پور کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک ارب روپے سے زائد کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا

تمام پراجیکٹس 2 برس میں مکمل کئے جائینگے، مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کو 8 ارب روپے سے مکمل کیا جائیگا

راجن پورمیں یونیورسٹی بنانے کا اعلان

پیکیج میں گرلز ڈگری کالج روجھان، ڈی ایچ کیوہسپتال میں ٹراما سینٹر، فاضل پور و کوٹ مٹھن میں ریسکیو 1122 سینٹر، داجل و فاضل پور کے رورل ہیلتھ سینٹرز کی اپ گریڈیشن شامل

14 ارب کی لاگت سے جام پور سے کشمور تک 2 رویہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا رواں برس اپریل میں آغاز کر دیا جائیگا

راجن پو رمیں 10 بنیادی مراکز صحت اور 20 سکول بھی بنائے جائینگے،ضلع کی تمام فیملیز کو جون 2021 تک ہیلتھ کارڈ تقسیم کر دیئے جائینگے

مڑنج ڈیم کی فیزیبلٹی سٹڈی دوبارہ شروع، ضلع کا بڑا حصہ سیراب ہوگا، پولیس میں 311 اور باڈرملٹری پولیس میں 111 بھرتیاں کریں گے

لائیوسٹاک سروسز ٹریننگ سنٹر فاضل پور کا افتتاح،رکھ عظمت والا جامپور کیلئے کنٹینر کلینک کا آغاز، 34ویٹرنری کلینکس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا

سیوریج و ڈرینج سکیم اورجنرل بس سٹینڈ راجن پور، کاٹن ریسرچ سب سٹیشن اور تحصیل کمپلیکس روجھان کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، وکلاء،کسانوں اور صحافیوں کے وفود کی ملاقاتیں

وزیر اعلی عثمان بزدار کا راجن پو رمیں پناہ گاہ اورلنگر خانے کا دورہ،وزیراعلیٰ اورپناہ گاہ میں مقیم ایک شخص نے ایک ہی پلیٹ میں کھانا کھایا

وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی راجن پور میں رکن پنجاب اسمبلی سردار فاروق امان اللہ دریشک کی رہائش گاہ آمد، شاندار استقبال، گل پاشی، پر جوش نعرے

راجن پور میں آپکی آمد ہمارے لئے باعث اعزاز ہے،عثمان بزدار کا وزیر اعلیٰ ہوناراجن پور کا بھی اعزاز ہے:سردار فاروق امان اللہ دریشک

وزیر اعلی عثمان بزدارکی کوٹ بہادر میں صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک کی فیکٹری آمد، مقامی لوگوں او رپارٹی ورکرز کی ملاقات

وزیراعلیٰ عثمان بزدارکا راجن پور کے دور افتادہ مقام ماڑی کا دورہ، عثمان بزدارماڑی کا دورہ کرنے والے پہلے وزیراعلیٰ ہیں

73برس میں اس علاقے میں کوئی وزیراعلیٰ نہیں آیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی آمد پر ماڑی کے لوگوں میں خوشی کا سماں

وزیراعلیٰ کا ماڑی کو سیاحتی مقام قراد دینے، باڈر ملٹری پولیس میں بھرتیو ں و کوٹے میں اضافے اور ریسٹ ہاؤس بنانیکا اعلان

علاقے میں 4سمال ڈیم بنائے جائیں گے، لینڈ ریکارڈ سنٹر بھی بنایا جائے گا، واٹر سکیم پر جلد کام شروع ہوگا

کھمبی تا ماڑی روڈ کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر کرینگے،ماڑی کے عوام کے حالات بدل کردکھائینگے، اب اس علاقے میں ترقی ہوگی

پانی کی فراہمی کیلئے لاہور کی طرز پر انڈر گراؤنڈ سٹوریج واٹر ٹینک بنانیکی ہدایت،وزیراعلی سے قبائلی عمائدین اور معززین کی ملاقات

آپکی آمد پر دلی خوشی ہوئی ہے،آپ دھرتی کے سپوت ہیں، ہمیں آپ پر فخر ہے، آپکی قیادت میں ماڑی کی قسمت بدلے گی:قبائلی عمائدین

وزیراعلیٰ کی کوٹ مٹھن شریف میں حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے مزار پر حاضری، ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا، محفل سماع میں شرکت

وزیراعلیٰ کی جام پور میں ایم این اے سردار محمد جعفر خان لغاری کی رہائش گاہ آمد، معززین علاقہ سے ملاقات، سرائیکی میں خطاب

انتظامی ضرورت کے مطابق صوبے میں نئے اضلاع اور تحصیلیں بنائیں گے، اس ضمن میں کمیٹی قائم کردی ہے

جام پورکو ضلع بنانے کا مطالبہ جائز اورمیری خواہش بھی ہے، ترجیحی بنیادوں پرجائزہ لیں گے،ٹی ایچ کیو ہسپتال جامپور کو اپ گریڈ کیاجائیگا


وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آج جنوبی پنجاب کے پسماندہ ضلع راجن پور کا طوفانی دورہ کیا-

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راجن پور کے کے لئے اربوں روپے کے بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کینال ریسٹ ہاؤس میں اراکین اسمبلی،

پارٹی عہدیداران ومعززین علاقہ سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجن پور شہر کی ترقی او رعوام کی خوشحالی کے لئے 15ارب روپے کے پیکیج کااعلان کیا-

وزیراعلیٰ نے راجن پو رمیں پناہ گاہ اور لنگر خانے کا دورہ کیا-وزیراعلیٰ راجن پو رکے دور افتادہ مقام ماڑی بھی گئے

او رماڑی کو سیاحتی مقام قراردینے کا اعلان کیا-وزیراعلیٰ راجن پور میں رکن پنجاب اسمبلی سردار فاروق امان اللہ دریشک کی رہائش گاہ گئے

اور معززین علاقہ سے ملاقات کی – وزیراعلی نے کوٹ بہادر میں صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک کی فیکٹری میں مقامی لوگوں او رپارٹی ورکرز سے ملاقات کی-

وزیراعلیٰ نے کوٹ مٹھن میں حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی-

وزیراعلیٰ عثمان بزدار میں راجن پور میں اراکین اسمبلی، پارٹی عہدیداران ومعززین علاقہ سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ

میں آپ کے پاس ضلع راجن پور کیلئے بڑا ڈویلپمنٹ پیکیج لے کر حاضر ہوا ہوں، جس کے تحت مختلف سیکٹرز کے درجنوں بڑے منصوبے 15 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے۔

یہ تمام تر پراجیکٹس انشاء اللہ آئندہ 2 برس میں مکمل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ضلع راجن پو رکے عوام کیلئے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال نعمت کے مترادف ہے

اور اس پراجیکٹ کو 8 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جبکہ آج یہاں 7 مختلف بڑے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور

سنگ بنیاد رکھا گیا ہے جس کی لاگت تقریباً ایک ارب روپے سے
زائد ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راجن پور کے نوجوانوں کیلئے یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا،اس یونیورسٹی کو 100کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔

راجن پور ڈویلپمنٹ پیکیج میں گرلز ڈگری کالج روجھان، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ٹراما سینٹر، فاضل پور اور کوٹ مٹھن میں ریسکیو 1122 سینٹر،

داجل اور فاضل پور کے رورل ہیلتھ سینٹرز کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔ راجن پور میں سیوریج سسٹم کا مسئلہ بھی حل کیا جائے گا-

شہر کے مرکزی بازاروں میں ٹف ٹائل لگائی جائیں گی۔ جام پور سے کشمور تک 2 رویہ سڑک کی تعمیر علاقے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی،

اس منصوبے کا رواں برس اپریل میں آغاز کر دیا جائے گا۔ اس کی کل لاگت 14 ارب روپے ہے۔ ضلع راجن پو رمیں روڈ سیکٹر کیلئے خطیر رقم مختص کی ہے

اور اس کیلئے مختلف اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور توسیع کی جائے گی۔انڈس ہائی وے ڈیرہ گجر سے بستی ایوب تا امین چوک 25 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر وتوسیع پر 25کروڑ روپے

لاگت آئے گی- 35کروڑ روپے کی لاگت سے 20کلو میٹر طویل محمد پور سے داجل روڈ کی تعمیرو مرمت کی جائے گی-

کھمبی سے ماڑی پور 30کلومیٹر سڑک کی تعمیر پر25 کروڑروپے صرف ہوں گے-

راجن پور سے حاجی پور 28 کلو میٹر سڑک کی تعمیر پر 30 کروڑروپے لاگت آئے گی-11کروڑ روپے کی لاگت سے 9کلو میٹر فاضل پور سے سکھانی والا روڈ کی تعمیر ہو گی- روجھان سٹی کی9 کلومیٹر طویل سڑک 20 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگی-

داجل سے ہرند 23 کلومیٹر سڑک کی تعمیر ومرمت پر 54 کروڑ 30 لاکھ روپے لاگت آئے گی- 20کلو میٹر سکھانی والا سے براستہ ہرے والا کوٹلہ شیر محمد روڈ کی تعمیر ومرمت پر 28 کروڑ روپے لاگت آئے گی-

انہوں نے کہاکہ راجن پور شہر کو خوبصورت بنانا میرا عزم ہے اور اس کی خوبصورتی کیلئے ایک خطیر رقم سے ایک سکیم شروع کی جا رہی ہے۔

راجن پو رمیں ہسپتال اور یونیورسٹی کے علاوہ 10 بنیادی مراکز صحت اور 20 سکول بھی بنائے جائیں گے۔

ٹرائبل ایریا میں واقع ماڑی کو سیاحت کا مرکز بنایا جائے گا۔ اس کیلئے 500 ملین روپے کا خصوصی پیکیج دیا جا رہا ہے۔علاقے میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے

مختلف محکموں میں تقریباً 600 سرکاری نوکریاں دی جا چکی ہیں – اب اتنی ہی مزید نوکریاں بھی دیں گے۔ یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کے تحت راجن پور کے ہر شہری کو علاج معالجے کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی-

راجن پور ضلع کی تمام فیملیز کو جون 2021 تک ہیلتھ کارڈ تقسیم کر دیئے جائیں گے۔راجن پو رمیں لائیوسٹاک کا فروغ بہت ضروری ہے۔ PMSP کے تحت 90 ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور اسے 62 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔

محکمہ آبپاشی کے زیرنگرانی 4 بڑی سکیموں پر کام شروع کر دیا گیا ہے جس کی کل لاگت 6.3 ارب روپے ہے۔

مورنج ڈیم کی فیزیبلٹی سٹڈی بھی شروع ہے جس سے اس ضلع کا ایک بڑا حصہ سیراب ہوگا۔امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے باڈرملٹری پولیس اور پولیس کی دور حاضر کی

ضروریات کے مطابق کپسیٹی بلڈنگ بھی کی جا رہی ہے- پولیس میں 311 اور باڈرملٹری پولیس میں 111 خالی سیٹوں پر بھرتی شروع کر رہے ہیں –

بلوچ لیویز کا دائرہ بھی راجن پور تک بڑھایا جا رہا ہے۔علاقے میں عوام کیلئے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے 100 ہینڈ پمپ ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیئے گئے ہیں –

یہ ترقیاتی منصوبے راجن پور کے عوام کا حق ہے۔ ہم راجن پو رکے عوام کو ان کا حق لوٹا رہے ہیں۔راجن پور کو بڑے شہروں کے برابر ترقی یافتہ شہر بنائیں گے۔

ماضی میں راجن پور جیسے ضلعوں کو ترقیاتی فنڈز سے محروم رکھا گیا تھا- اب ہم انشاء اللہ ان پسماندہ ضلعوں میں ترقی کا نیا دور شروع کریں گے۔

راجن پور میرا دوسرا گھر ہے اوراس کی ترقی میرے دل کے قریب ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کے تمام پسماندہ علاقوں کی یکساں ترقی پاکستان تحریک انصاف کا نصب العین ہے۔

راجن پور کے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی اب حکومت کی ترجیحات میں اولین ہے۔ راجن پو رمیں 804 ترقیاتی منصوبے زیرتکمیل ہیں

اور ان منصوبوں کو تقریباً 20 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب کی ترقی پاکستان تحریک انصاف کے منشو رمیں شامل ہے-

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم ہو چکا ہے اور اب اسے مزید فعال اور بااختیار بنایا جا رہا ہے تاکہ آپ کو اپنے چھوٹے چھوٹے امور کیلئے لاہور کا رخ نہ کرنا پڑے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ نے کینال ریسٹ ہاؤس راجن پور میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کاافتتاح کیااور سنگ بنیاد رکھا-

وزیراعلیٰ نے لائیوسٹاک سروسز ٹریننگ سنٹر فاضل پور کا افتتاح کیا، یہ منصوبہ 8 کروڑ 80لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے-

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رکھ عظمت والا جام پور کے لئے کنٹینر کلینک کا آغاز کیا-وزیراعلیٰ نے 34ویٹرنری کلینکس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا

اوراس منصوبے پر 30کروڑ روپے لاگت آئے گی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیوریج و ڈرینج سکیم کا بھی سنگ بنیاد رکھا،

اس سکیم پر تقریباً 40کروڑ روپے لاگت آئے گی- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کاٹن ریسرچ سب سٹیشن کا بھی سنگ بنیاد رکھا،یہ منصوبہ تقریباً 15کروڑ روپے سے مکمل ہوگا-

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تحصیل کمپلیکس روجھان کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا،یہ کمپلیکس تقریباً 8کروڑ روپے سے مکمل ہوگا-

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے جنرل بس سٹینڈ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا،یہ منصوبہ تقریباً ایک کروڑ 60لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا –

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے راجن پور کے اراکین اسمبلی،پارٹی عہدیداران اورمعززین علاقہ نے ملاقات کی-

وزیراعلیٰ سے راجن پور کے وکلاء برادری، کسان اتحاد کے نمائندوں اور صحافیوں کے وفود نے بھی ملاقاتیں کی او راپنے مسائل سے آگاہ کیا-

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفود کو مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی-اراکین قومی اسمبلی سردار نصر اللہ دریشک، سردار ریاض محمود مزاری،

ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری، ایم پی ایز سردار اویس دریشک، سردار احمد علی دریشک، سردار علی رضا دریشک، سردار فاروق امان اللہ دریشک اور دیگر شخصیات اس موقع پر موجودتھیں –

وزیر اعلی کا راجن پو رمیں پناہ گاہ اورلنگر خانے کا دورہ،وزیراعلیٰ اورپناہ گاہ میں مقیم ایک شخص نے ایک ہی پلیٹ میں کھانا کھایا:

وزیر اعلی عثمان بزدار نے آج راجن پو رمیں پناہ گاہ اورلنگر خانے کا دورہ کیا-وزیراعلیٰ نے پناہ گاہ اور لنگر خانے میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا

اور لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار اورپناہ گاہ میں مقیم ایک شخص نے ایک ہی پلیٹ میں کھانا کھایا-

وزیراعلیٰ نے پناہ گاہ میں آنے والے افراد کے لیے تیار کیے جانے والے کھانے کے معیار کو بھی چیک کیا-

وزیراعلیٰ نے لوگوں سے کھانے کے معیار کے بارے میں پوچھا اورلوگوں کی جانب سے کھانے کے معیار کی تعریف کی-

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبہ بھر میں پناہ گاہوں کا قیام وزیراعظم پاکستان عمران خان کا بے سہارا افراد کے لیے بہترین اقدام ہے-

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پناہ گاہوں میں سہولیات کو مزید بہتر کیا جائے-پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کا دائرہ کار ہر ضلع تک بڑھا رہے ہیں –
وزیراعلیٰ کی راجن پور میں رکن پنجاب اسمبلی سردار فاروق امان اللہ دریشک کی رہائش گاہ آمد، شاندار استقبال، گل پاشی، پر جوش نعرے:

وزیراعلیٰ عثمان بزدارکا راجن پور میں رکن پنجاب اسمبلی سردار فاروق امان اللہ دریشک کی رہائش گاہ پر شاندار استقبال کیا گیا- کارکنوں نے گل پاشی کی اور عثمان بزدار زندہ باد کے

پر جوش نعرے لگائے -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا -وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے معززین علاقہ نے ملاقات کی-

سردار فاروق امان اللہ دریشک نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بلوچی پگ اور سرائیکی اجرک پہنائی-سردار فاروق امان اللہ دریشک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ

راجن پور میں آپ کی آمد ہمارے لئے باعث اعزاز ہے۔عثمان بزدار کا وزیر اعلیٰ ہوناراجن پور کا بھی اعزاز ہے-

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ راجن پور کے لوگو ں کے ساتھ محبت کا رشتہ ہے

اوراس رشتے کو مرتے دم تک نبھاؤں گا-راجن پور کے عوام کو ان کاحق دینے آیا ہوں –

ترقی کا سفر چند مخصوص شہروں سے نکل کر پنجاب کے پسماندہ علاقوں تک پہنچ چکا ہے-اب ترقی راجن پور جیسے پسماندہ ضلع کاحق ہے-
وزیر اعلی کی کوٹ بہادر میں صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک کی فیکٹری آمد، مقامی لوگوں او رپارٹی ورکرز کی ملاقات:

وزیر اعلی عثمان بزدارسے آج کوٹ بہادر میں صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک کی فیکٹری میں مقامی لوگوں او رپارٹی ورکرز نے ملاقات کی-

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی ہدایات دیں – وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ

آج اپنے لوگوں سے مل کر دلی خوشی ہوئی ہے- راجن پور کی ترقی میرے دل کے بہت قریب ہے-راجن پور کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیاہے

اوراس ترقیاتی پیکیج پر عملدرآمد کی خودمانیٹرنگ کروں گا-انہوں نے کہاکہ

فلاح عامہ کی سکیموں کو اپنی نگرانی میں مکمل کراؤں گا- راجن پو رکو ترقی یافتہ شہر بنانے کے لئے وسائل کی کمی آڑے نہیں آنے دیں گے
وزیراعلیٰ کا راجن پور کے دور افتادہ مقام ماڑی کا دورہ، عثمان بزدارماڑی کا دورہ کرنے والے پہلے وزیراعلیٰ ہیں:وزیراعلیٰ عثمان بزدار آج راجن پور کے دور افتادہ مقام ماڑی گئے –

عثمان بزدارماڑی کا دورہ کرنے والے پہلے وزیراعلیٰ ہیں -73برس میں اس علاقے میں کوئی وزیراعلیٰ نہیں آیا -وزیراعلیٰ کی آمد پر ماڑی کے لوگوں میں خوشی کا سماں دیدنی تھا-ماڑی 5ہزار فٹ بلندی پر واقع پرفضا مقام ہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ماڑی کو سیاحتی مقام قراد دینے، باڈر ملٹری پولیس میں بھرتیو ں اور
کوٹے میں اضافے اور ماڑی میں ریسٹ ہاؤس بنانے کا اعلان کیا- وزیراعلیٰ نے کہاکہ علاقے میں 4سمال ڈیم بھی بنائے جائیں گے-

علاقے میں لینڈ ریکارڈ سنٹر بھی بنایا جائے گا-ماڑی میں واٹر سکیم پر جلد کام شروع ہوگا-کھمبی تا ماڑی روڈ کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر کریں گے-ماڑی میں سیاحت کا بہت پوٹیشنل ہے-ماڑی میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی بہتر بنا کر ٹورازم کو فروغ دیں گے-

ماڑی کی محرومیاں ختم کریں گے- ماڑی کے عوام کے حالات بدل کردکھائیں گے-یہ میرا علاقہ ہے اب اس علاقے میں ترقی ہوگی

انہوں نے کہاکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت علاقے میں 6 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے-کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت فورٹ منرو ماسٹر پلان کے لئے 31ملین روپے رکھے گئے ہیں –

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لئے 77.13ملین روپے مختص کئے گئے ہیں -فورٹ منرو سے ماڑی تک20کلو میٹر لنک روڈ کی تعمیر کے 436 ملین روپے مختص کئے ہیں –

ہارٹیکلچر اور علاقے کی خوبصورتی کے لئے 99ملین روپے رکھے ہیں -نیشنل ہائی وے سے فورٹ منرو تک لنک روڈ کی تعمیرکے لئے288.65ملین روپے رکھے ہیں –

علاقے میں 10سڑکیں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ 8سڑکیں زیر تعمیر ہیں -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پانی کی فراہمی کے لئے لاہور کی طرز پر انڈر گراؤنڈ سٹوریج واٹر ٹینک بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ حکام انڈر گراؤنڈ سٹوریج واٹر ٹینک بنانے کاجائزہ لیں –

وزیراعلیٰ کو کوہ سلیمان کے علاقوں کے مجوزہ پراجیکٹس کے بارے میں بریفنگ دی گئی- ڈی جی کوہ سلیمان اتھارٹی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو علاقے میں جاری ترقیاتی سکیموں پر ہونے

والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی-وزیراعلی عثمان بزدارسے ماڑی میں قبائلی عمائدین اور معززین علاقہ نے بھی ملاقات کی-

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قبائلی لوگو ں سے حال احوال دریافت کیا-قبائلی عمائدین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ

آپ کی آمد پر دلی خوشی ہوئی ہے-آپ دھرتی کے سپوت ہیں اور ہمیں آپ پر فخر ہے-یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں ماڑی کی قسمت بدلے گی-

سردار حسنین بہادر دریشک نے کہاکہ عثمان بزدار ماڑی آنے والے پہلے وزیراعلیٰ ہیں – ماڑی کے لوگ عثمان بزدار کا دل کی گہرائیوں سے خیر مقدم کرتے ہیں –

صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک،چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سردار احمد علی دریشک،چیف گورچانی ٹرائب شائق حیدر،

سعید گورچانی، اخترحسن گورچانی،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-
وزیراعلیٰ کی کوٹ مٹھن میں حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے مزار پر حاضری، ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا، محفل سماع میں شرکت:

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آج کوٹ مٹھن میں حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے مزار پر حاضری دی اور مزار پر چادر چڑھائی- وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی -وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے محفل سماع میں شرکت کی-

وزیراعلیٰ نے کہاکہ حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کے مزار پر حاضری دیرینہ خواہش تھی -بزرگان دین نے محبت،پیار اوربھائی چارے کو فروغ دیا-

بزرگان دین کی خدمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں –
وزیراعلیٰ کی جام پور میں ایم این اے سردار محمد جعفر خان لغاری کی رہائش گاہ آمد، معززین علاقہ سے ملاقات، سرائیکی میں خطاب:

وزیراعلیٰ عثمان بزدار راجن پور کے دورے کے دوران آج جام پور میں ایم این اے سردار محمد جعفر خان لغاری کی رہائش گاہ پر گئے-

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے معززین علاقہ نے ملاقات کی-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے معززین علاقہ او رمیڈیا سے گفتگو کی-

وزیر اعلی عثمان بزدار نے جامپور میں سرائیکی میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جامپور آکر بہت خوشی ہوئی-محروم علاقوں کی ترقی پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے-

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ وعدہ کے مطابق قائم کردیا-33 فیصد بجٹ صرف جنوبی پنجاب کی ترقی پر خرچ ہو گا-اس سال دسمبر تک صوبہ ہر شہری کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت میسر ہوگی-

انہوں نے کہاکہ راجن پور کے شہریوں کو اپریل تک ہیلتھ سہولیات میسر آئیں گی- راجن پور ضلع میں 20 ارب روپے سے 804 منصوبوں پر کام جاری ہے-

ٹی ایچ کیو ہسپتال جامپور کو اپ گریڈ کیاجائے گا اور کارڈیک سہولتیں فراہم کریں گے-جامپور میں سپورٹس گراؤنڈ بنایا جائے گا-انہوں نے کہاکہ

انتظامی ضرورت کے مطابق صوبے میں نئے اضلاع اور تحصیلیں بنائیں گے اور اس ضمن میں کمیٹی قائم کردی ہے-جام پورکو ضلع بنانے کا مطالبہ جائز ہے،

ترجیحی بنیادوں پرجائزہ لیں گے-جامپور کوضلع کا درجہ دینا میری بھی خواہش ہے،جلد عملدرآمد کی کوشش کریں گے-

سابق ایم این اے مینا جعفر لغاری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور لغاری قبیلے
کی طرف سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خوش آمدید کہا-

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ ہیں اور ہمارا پورا تعاون ان کے ساتھ رہے گا-

صوبائی وزیر آبپاشی سردار محسن خان لغاری نے سپاس نامہ پیش کیا

او رکہاکہ مصروفیات میں سے وقت نکالنے پر وزیر اعلی عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہیں


جام پور

( وقائع نگار)

وزیر اعلی ا پنجاب کی جام پور آمد پر لغاری ھاوس کے سامنے جامپور کے سینکڑوں نوجوانوں کا پی ٹی آئی کے راھنما سعد اللہ قریشی کی قیادت میں مظاھرہ جامپور کو ضلع بنانے کا

مطالبہ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی ا پنجاب عثمان خان بزدار ھیلی پیڈ سے انڈس ھائی وے چوٹی چوک پر واقع ایم این اے سردار جعفر خان لغاری کی رھائش گاہ پہنچے تو روڈ کی

دونوں جانب کھڑے نوجوانوں نے یکدم پلے کارڈ جن پر جامپور ضلع بناو اور جام پور کو یونیورسٹی دو جام پور کو سوئی گیس دوکے مطالبات درج تھے لہرا کر نعرے بازی شروع کردی

ڈی پی او راجن پور سمیت پولیس اھلکار ان مظاھرین کوروڈ سے ھٹاتے رھے مگر جونہی وزیر اعلی ا اپنا خطاب مکمل کر کے روانہ ھونے لگے

تو سینکڑوں کی تعداد میں نوجوانوں جن میں اجمل خان لنڈ جاوید کھوکھر زبیر بھٹہ اور دیگر شامل تھے یکدم روڈ پر پھر سے نعرہ بازی شروع کر دی

اور وزیر اعلی ا نے گاڑی سے ھاتھ لہرا کر انہیں اس مسلے پر غور کرنے کی یقین دھانی کروائی جبکہ وہ قبل ازیں اپنے خطاب میں بھی نئے اضلاع اور نئی تحصیلوں کے قیام کا عندیہ دے چکے تھے

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ فنکشنل ھوتے ھی نئے ضلعی و تحصیل سطح کے انتظامی یونٹ بنائے جائیں گے

وزیر اعلی ا نے تحصیل ھیڈ کوارٹر ھسپتال کا وزٹ کرنا تھا مگر وہ وھاں نہ گئے

اسی طرح جام پور میں الیکٹرانک میڈیا اور قومی اخبارات کے مقامی نمائندوں سے ایک روز قبل تصاویر شناختی کارڈز اور ان کے اداروں کے

جاری کردہ اتھارٹی کارڈز کی کاپیاں منگوا نے کے باوجود سیکیورٹی پاس جاری نہیں کئیے گئے

ذرائع کا کہنا ھے کہ انتظامیہ کو ھدایات جاری کی گئی تھیں کہ

جو لسٹ لغاری ھاوس سے جاری کی جائے صرف ان صحافیوں اور شہریوں کو سیکیورٹی پاس جاری کیے جائیں ۔

About The Author