دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ غازیخان کی خبریں

ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان میں انسانی حقوق کے عالمی دن کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طو رپر منایاگیا

ضلع اور تحصیل سطح پر سیمینار اور ریلیوں کا انعقاد کیاگیا

ڈپٹی کمشنر آفس ڈیرہ غازیخان سے کچہری چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں شرکاء نے انسانی حقوق کے تحفظ، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی،بھارتی جارحیت کے خلاف نعروں پر مشتمل بینراٹھائے ہوئے تھے ریلی میں ضلع ڈیرہ غازیخان میں تعینات سرکاری ملازمین،

سول سوسائٹی اور زندگی کے مختلف شعبو ں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی سوشل ویلفیئر کمپلیکس ڈیرہ غازیخان میں سیمینار کا انعقاد کیاگیا مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد حسن رانجھا، سول سوسائٹی کے نمائندہ سید سجاد حسین نقوی، مذہبی تنظیم کے نمائندہ قاری جمال عبدالناصر، اقلیتی تنظیم کے نمائندہ سلیم الیاس کے علاوہ محبوب حسین جھنگوی اور

دیگر نے خطاب کرتے ہوئے انسانی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا. ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چودھری اظہر یوسف، ڈپٹی ڈائریکٹر ملک محمداکرم، سوشل ویلفیئر آفیسر محمد ابراہیم، لاء آفیسر بے نظیر ویمن کرائسز سنٹر ثریا مجید رانا،

ضلعی چیئرمین ہیومن رائٹس کمیٹی حذیفہ قاسمی، شعیب احمد اوردیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت محمدؐ نے پوری انسانیت کیلئے انسانی حقوق کا ابدی او رلافانی پیغام دیا.

انسانی حقوق کی پاسداری نہ کرنے والے معاشرے اخلاقی و سماجی تنزلی کا شکارہو جاتے ہیں مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے لوگ اپنے بنیادی حقوق کیلئے برسوں سے جدوجہدکررہے ہیں. بھارتی حکومت نے کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دی ہیں

عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے علاوہ ازیں تحصیل کوٹ چھٹہ میں بھی اسسٹنٹ کمشنر محمد اسد چانڈیہ کے زیر قیادت ریلی کا انعقاد کیاگیا

جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرا دشریک تھے۔


ڈیرہ غازیخان

مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہاہے کہ والی بال کا کھیل ڈیرہ غازیخان کی شناخت ہے ماضی کی لازوال کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھنے اور کھیل کی بحالی کیلئے

سٹی پارک میں والی بال کا گراونڈ بحال کرادیاگیاہے اس سے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہو گا انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان میں والی بال سب سے زیادہ کھیلی جاتی تھی اور یہاں کے کھلاڑیوں نے قومی ٹیم میں نمائندگی حاصل کی سٹی پارک میں گراونڈ بحال ہونے سے

ایک بار پھر یہاں والی بال گیم کو عروج ملے گا انہوں نے کہاکہ مستقبل قریب میں سٹی پارک کے والی بال گراونڈکو جدید طرز پر بنایا جائے گا

انہوں نے یہ بات سٹی پارک میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور والی بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام انٹر کلب والی بال چیمپئن شپ کے افتتاح کے موقع پر کہی ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطا الرحمن نے کہاکہ

پی ایچ اے کی طرف سے سٹی پارک کی تزئین و آرائش او راپ گریڈیشن سے والی بال کا گراونڈ منہدم ہو گیا تھا

تاہم حکومت پنجاب کی ہدایت پر گراونڈ کو پھر سے آباد کر دیاگیا ہے اس موقع پر سیکرٹری ڈویژنل والی بال ایسوسی ایشن سردار احمد خان اوردیگر موجود تھے

انڈس والی بال کلب نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔


ڈیرہ غازیخان

ڈائریکٹر انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ڈیرہ غازی خان ڈویژن حافظ احمد طارق نے ریجنل دفتر انٹی کرپشن سمیت دیگردفاتر کا اچانک دورہ کرتے ہوئے افسران و اہلکاروں کی حاضری کو چیک کیا

انہوں نے دفاتر میں آئے سائلین سے ملاقات کرتے ہوئے درخواستوں پر خصوصی احکامات جاری کیے ڈائریکٹر انٹی کرپشن نے سرکاری ریکارڈ،

رجسٹر حاضری،روزنامچہ سمیت دیگر ریکارڈ بھی چیک کیاانہوں نے ہدایت کی کہ انٹی کرپشن کے تمام افسران دفاتر میں آئے شہریوں کی درخواستوں کی میرٹ پر سماعت کریں

انہوں نے دفاتر میں لیٹ آئے افسران سے جواب طلب کرلیا حافظ احمد طارق نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے انٹی کرپشن اپنا بھرپور کردار ادا کر رہاہے شہری محکمہ انٹی کرپشن کا بھرپور ساتھ دیں۔


ڈیرہ غازیخان

الیکشن ڈسٹرکٹ بار2021-22 کے لئے امیدواران کاغذات نامزدگی 14 دسمبر تک جمع کرا دیں، یہ بات چیئرمین الیکشن بورڈ جہانگیر خان وڈانی ایڈووکیٹ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتائی، انہوں نے امیدواران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ

امیدواران پنجاب بار کونسل سے ویریفکیشن کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے ضروری دستاویزات جن میں تجدید شدہ لائسنس پنجاب بار کونسل، تعلیمی اسناد میٹرک تا ایل ایل بی تصدیق شدہ (گزیٹڈ آفیسر) اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے اکاؤنٹ میں

جمع رقم یا الیکشن بورڈ کے آفس سے جاری شدہ فیس کی رسید کے ساتھ 14 دسمبر کو صبح9بجے تا دوپہر1بجے تک چیئرمین الیکشن بورڈ ڈسٹرکٹ بار

ڈیرہ غازی خان کے پاس جمع کرا سکتے ہیں۔ امیدواران کے انتخابات کیلئے الیکشن فیس بحساب عہدہ مقرر کی گئی ہے

جس کے مطابق صدر کے لئے40ہزار، نائب صدر 15 ہزار، جنر ل سیکرٹری 30، لائبریری سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری، فنانس سیکرٹری کی5ہزار،

جبکہ ممبران مجلس عاملہ کی فیس3ہزار روپے ہوگی جہانگیر خان وڈانی نے کہا کہ بقیہ شیڈول بھی جلد جاری کر دیا جائے گا۔


ڈیرہ غازیخان

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ناقص اشیاء کے خلاف کریک ڈاؤن جاری۔ملاوٹی مصالحہ جات کی روک تھام کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی سرگرم عمل۔ٹیم نے دوران چیکنگ ملاوٹی سرخ مرچیں فروخت کرنے پر عاشق مصالحہ جات اور سلطان کریانہ کو سیل کردیا۔

ٹیسٹ کے دوران مرچوں میں مضر صحت رنگ، چاول کے چھلکوں کی ملاوٹ پائی گی۔مصالحہ جات کی زمین پر سٹوریج اور صفائی کے ناقص انتظامات بھی دیکھے گئے۔ دوران کارروائی 195کلو ملاوٹی مرچیں اور 20کلو ناقابل سراغ نمکو برآمد کی گئی۔

رفاقت علی نسوآنہ ڈی جی فوڈاتھارٹی نے بتایاکہ عبداللہ کریانہ سٹور اور کاشی کریانہ سٹور کو لائسنس فیس واجبات کی عدم ادائیگی پر سیل کیا گیا۔

فوڈ اتھارٹی کے قوانین کی خلاف ورزی پر 95 فوڈ پوائنٹس کو وراننگ نوٹسز جاری کیے گئے۔

ملاوٹی مصالحہ جات کے استعمال سے سینے کی جلن اور معدے میں تیزابیت جیسی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔

عوام تک ملاوٹ سے پاک خالص خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا اولین فریضہ ہے۔


ڈیرہ غازیخان

آر پی او فیصل رانا کی طرف سے محکمانہ احتساب کا عمل جاری،محکمانہ انکوائری میں الزام ثابت ہونے پر3پولیس ملازمین کو بر طرف کر دیا،

ملازمین پر ایک شہری کو غیر قانونی حراست میں رکھنے کا الزام تھا،شہری کی غیر قانونی حراست میں موت واقع ہو گئی تھی،

تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر محمد فیصل رانا کی طرف سے محکمانہ احتساب کے حوالے سے جزا وسزا کا عمل جاری ہے،

آر پی او کے منعقدہ اردل روم میں فیصل رانا نے ڈی جی خان پولیس کےایک ہیڈ کانسٹیبل اور 2کانسٹیبل محکمانہ انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر محکمانہ رولز کے تحت ملازمت سے برخاست کر دیا،

برطرف ہونے والے ان ملازمین پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک شہری زریاب کو غیر قانونی حراست میں رکھا جس کی دوران حراست موت واقع ہو گئی،

اردل روم میں آر پی او نے پولیس ملازمین کی 3اپیلیں منظور جبکہ 7اپیلیں محکمانہ قواعد کے مطابق مسترد کر دیں،

آر پی او کا کہنا تھا کہ ڈسپلنڈ فورس میں جزا و سزا کا یکساں عمل ہی فورس کو قانون کی حکمرانی اور عمل داری کے حوالے سے پر جوش رکھ سکتا ہے،

انہوں نے کہا کہ ریجنل پولیس کمانڈر کی حیثیت سے چاروں اضلاع کی پولیس ایک خاندان کی طرح ہے تاہم قانون کے محافظوں سے قانون شکنی کا ہو جانا جہاں پر فورس کے مورال کو ڈاؤن کرتا ہے

وہاں پر محکمہ کے سافٹ امیج پر سوالات اٹھتے ہیں،فیصل رانا نے کہا کہ جہاں پر کوئی پولیس والا اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قانو ن شکنی کرے گا

اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہو گی،تاہم اس میں پولیس رولز کے تمام تقاضوں کو ہر صورت پورا کیا جائے گا،

آر پی او نے کہا کہ غیر قانونی حراست نا قابل برداشت تھی،

ناقابل برداشت ہے اور ناقابل برداشت ہی رہے گی اسکے حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی پر مکمل عمل در آمد جاری ہے۔


ڈیرہ غازیخان

ریٹائرڈ بینک آفیسر کا آر پی او کے نام خط،پروفیشنل کمانڈنگ پولسینگ پر خراج تحسین،قانون شکنوں کے خلاف ڈی جی خان ریجن کی پولیسنگ کا ٹیمپو برقرار رکھنے کی

اور پنجاب پولیس کو ویسٹرن پولیس کی طرح دیکھنے کی خواہش کا اظہار، آر پی او فیصل رانا نے شہری کو ملاقات کے لئے بلالیا

تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کی ریجن کے چاروں اضلاع میں قانون شکنوں کے خلاف قانونی کارروائیوں پر عوام کی جانب سے خراج تحسین کا سلسلہ جاری رہتا ہے لیکن گزشتہ روز آر پی او

فیصل رانا کو ڈی جی خان کے رہائشی ریٹائرڈ بینک آفیسر اکبر بلوچ کا خط بذریعہ ڈاک موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ

روجھان سے لیہ تک آپ پورے ریجن میں جرائم کی بیخ کنی میں مصروف ہیں،پولیس کی شاندار کارکردگی کی خبریں روزانہ پڑھنے کو ملتی ہیں،

اکبر بلوچ نے خط میں لکھا کہ آپ سے پہلے تو شائد معلوم ہی نہیں تھا کہ آر پی او بھی کوئی عہدہ ہوتاہے لیکن آ پ جس طرح اس عہدہ پر رہ کر قانون شکنی کے ھوالے سے فعال ترین کام کر رہے ہیں اس سے آر پی او کے عہدہ کی اہمیت کا بھی انداذہ ہو گیا ہے،

شہری نے کہا کہ بچوں اور خواتین کے تحفظ کے لئے آپ نے  قانونی اقدامات اٹھانے کا جو عملی ٹیمپو بنایا ہے اسے برقرار رکھیں،پولیس کی جانب سے عوام کے ساتھ کی گئی زیادتیوں پر بھی نظر رکھیں،شہری کا کہنا تھا کہ

وہ دن کب آئے گا جب پاکستان کی پولیس امیج کے اعتبار سے ویسٹرن پولیس کی طرح ہو گی،آر پی او فیصل رانا نے اپنے سٹا ف کو ہدائت کی کہ شہری کے ساتھ دئیے گئے موبائل فون پر رابطہ کر کے ملاقات کے لئے بلالیا ،

اکبر بلوچ نے آرپی او سے ملاقات کے دوران دوبارہ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی خان ریجن کو ایسے ہی پولیس کمانڈر کی ضرورت تھی قانون شکنوں کے خلاف قانون کی عمل داری کے حوالے سے زبانی جمع خرج کی بجائے

عملی اور نظر آنے والے اقدامات پر یقین رکھتا ہو،جس انداز کا مانیٹرنگ والا کام فیصل رانا کے دور میں ہوا ہے اسکی مثال ڈی جی خان ریجن  کی تاریخ میں نہیں ملتی،اکبر بلوچ نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے فیصل رانا کے نظر آنے والے اقدامات کو یہاں کی

عوام۔ہمیشہ یاد رکھے گی،،فیصل رانا نے قانو ن پرعمل داری کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنے پر شہری کا۔شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ

قانون پسند شہریوں کی طرف سے قابل عمل تجاویز کا ہمیشہ خیر مقدم کیا جائے گا،قانون پسند شہریوں کی پولیس کو حاصل پشتی بانی یہاں کے معاشرتی امن کی ضمانت ہے۔


ڈیرہ غازیخان

پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی کونسل کے ممبر شبلی شب خیز غوری نے کہا ہے کہ بھٹو کا قافلہ نہ رکا ہے اور نہ رکے گا

لاہور کے جلسہ میں ڈیرہ غازی خان سے جیالوں کاقافلہ ضرور شرکت کرے گا سلیکٹڈ اب ریجیکٹڈ ہو چکے ہیں

حکمرانوں کواب جانا ہوگا گرفتاریوں سے خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں پی ڈی ایم کے کارکنان اورعہدیداران حکومتی انتقامی کاروائیوں کا ڈٹ کا مقابلہ کریں گے

اور پورے جوش و جذبہ کے ساتھ لاہور جلسہ کو ہر حال میں کامیاب کرانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں وقف کر تے ہو ئے مل کر گرتی ہوئی دیواروں کو دھکا دیں گے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ان کا کہنا تھا کہحقیقی تبدیلی کے لئے نااہل حکمرانوں کے خلاف نکلنا ہو گا

اب یہ قافلہ حقیقی جمہوریت کی منزل پر پہنچ کر ہی دم لے گا۔حکومتی اوچھے ہتھکنڈے پی ڈی ایم کی تحریک کو دبانے کی ناکام کوشش ہے

حکومت سن لے 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ ہو گا اور ڈنکے کی چوٹ پر ہو گا پیپلز پارٹی کے ورکرز نے ہمیشہ جیلیں صعوبتیں برداشت کیں، ہمارے قائد نے بھی یہی کچھ عملی طور پر کر کے دکھایا اس سے پیپلز پارٹی کبھی نہیں گھبرائی

بلکہ ان کا گراف اوپر ہوا ہتھکڑیاں پیپلز پارٹی کے ورکرز کا زیور ہیں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ملتان جلسہ روکنے کے لئے آمرانہ ہتھکنڈوں کی

بد ترین مثال قائم کی لیکن اس کے باوجود پیپلز پارٹی کے جیالے اپنے قائد چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کے اس بیانیہ پر ڈٹ گئے کہ جلسہ ہو گا

اور ضرور ہو گا اور پوری دنیا نے دیکھا کہ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی پر ان کے بیٹوں کو گرفتار کر کے دباؤ ڈالا گیا

کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے لیکن 30 نومبر کو ملتان میں شاندار جلسہ ہو ا جس پر ہم سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں۔


ڈیرہ غازیخان

آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن(ایپسا) کے مرکزی صدر شبیر احمد ہاشمی کل 12 دسمبر کو ڈیرہ غازی خان کا دورہ کریں گے،

وہ ایپسا کے سابق جنرل سیکرٹری ضلع ڈیرہ غازی خان بلال احمد میرانی مرحوم کے گھر جائیں گے وہاں ان کی فیملی سے بلال میرانی کی ناگہانی وفات پر اظہار تعزیت

اور فاتحہ خوانی کریں گے اس کے بعد پاکستان بھر کے سکولز کی بندش کے خلاف

احتجاجی پریس کانفرنس اور ضلعی عہدیداران کے اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔


ڈیرہ غازیخان

چوٹی زیرین کے علاقہ میں پٹھانوں کی جھگیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

بستی جل کر راکھ ہو گئی۔ ریسکیو 1122نے آگ پر قابو پا لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ کے نزدیک چوٹی زیریں پل نمبر 13 کے قریب قائم خانہ بدوشوں پٹھانوں کی جھگیوں میں اچانک آگ لگ گئی

آگ لگنے سے تقریبا آدھی کے قریب بستی جل کر خاکستر ہوگئی۔

واقع کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی امدادی ٹیمیں اور ایس ایچ او چوٹی موقع پر پہنچ گئے۔

اور آگ پر قابو پالیا۔

تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ غریب پٹھانوں کی جمع پونجی جل کرخاک ہوگئی۔


ڈیرہ غازیخان

دہشت گردی اور ڈکیتی معہ قتل و اقدام قتل جیسے متعدد سنگین مقدمات میں ملوث ڈڈا گینگ کے دو ممبران نے جرائم کی دنیا چھوڑ کر خود کو اسلحہ سمیت پولیس کے حوالے کر دیا

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر ڈیرہ غازیخان چوہدری علی محمد نے بتایا کہ منظور عرف منظوری ڈڈا جوکہ چند روز قبل دوران پولیس مقابلہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا تھا

کے دیگر قریبی ساتھی اور بھائی عبداللہ عرف دلی اور محمد بلال جن پر متعدد مقدمات دہشت گردی، قتل و اقدام قتل اور ڈکیتی معہ قتل کے مقدمات درج ہیں

نے جرائم کی دنیا چھوڑ کر خود کو پولیس تھانہ صدر ڈیرہ غازیخان کے حوالے کر دیا ایس ایچ او تھانہ صدر علی محمد نے بتایا کہ

سرنڈر کرنے والے ملزمان محمد بلال ولد غلام یسین قوم ڈڈا سکنہ چھابری زیریں اور عبداللہ عرف دلی ولد کریم بخش قوم ڈڈا سکنہ چھابری زیریں جو کہ

منظورا ڈڈا کا بھائی اور ایک ساتھی ہے ان پر دہشت گردی قتل و اقدام قتل اور ڈکیتی معہ قتل جیسے کئی سنگین مقدمات درج ہیں

نے ڈڈا گینگ کو خیر باد کہتے ہوئے جرائم کی دنیا کی چھوڑ کر خود کو اسلحہ سمیت قانون کے حوالے کر دیا۔

ایس ایچ او تھانہ صدر علی محمد نے کہا کہ ڈی ایس پی سٹی سعادت علی کی نگرانی میں جرائم پیشہ عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا رہا ہے

اور ڈی پی او عمر سعید ملک کی ہدایت پر عوام الناس کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں ڈسٹرکٹ پولیس ڈیرہ غازیخان کی بہتر حکمت عملی کے تحت عوام الناس میں خوف و ہراس برپا کرنے والے

جرائم پیشہ عناصر اپنے گینگز کو چھوڑتے ہوئے خود کو سرنڈر کر رہے ہیں۔ یاد رہے اس سے قبل ضلع پولیس ڈیرہ غازیخان کی کامیاب حکمت عملی کے تحت لادی گینگ کے

ارکان بھی جرائم کی دنیا چھوڑ کر سرنڈر کر چکے ہیں۔ڈی ایس پی سٹی سعادت علی نے کہا کہ

اگر دیگر کسی گینگز میں ملوث جرائم پیشہ عناصر جرائم کی دنیا چھوڑ کر خود کو سرنڈر کرنا چاہے تو بلا خوف خود کو پولیس کے سرنڈر کر سکتا ہے

سرنڈر کرنے والے ملزمان کے خلاف بھی قانون کےمطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

About The Author