مارچ 29, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

نواز لیگ کے 30 باغی ایم پی ایز پر مشتمل فارورڈ بلاک کے قیام کی تیاریاں

نشاط ڈاہا نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں نواز لیگ کے اراکین صوبائی اسمبلی کی اکثریت استعفا دینے پر تیار نہیں ہے، نواز لیگ بلف کھیل رہی ہے جس کا اُسے بہت نقصان ہوگا-

نواز لیگ کے 30 باغی ایم پی ایز پر مشتمل فارورڈ بلاک کے قیام کی تیاریاں، نواز لیگ کو استعفا کارڈ کھیلنا مہنگا پڑے گا، فارورڈ بلاک کے ممکنہ سربراہ نشاط خان ڈاہا کی تنبیہ…..

رپورٹ عامر حسینی

مسلم لیگ نواز کے ممکنہ استعفوں کے خلاف حکومتی حلقے متحرک، نواز لیگ کے فارورڈ بلاک کے ممبران کی تعداد بڑھانے کا ٹاسک نشاط خان ڈاہا ایم پی اے کو دے دیا گیا-

30 اراکین رابطے میں ہیں اور وہ کسی صورت استعفا نہیں دیں گے، نشاط خان ڈاہا ایم پی اے کا دعویٰ، چیف منسٹر ہاؤس پنجاب کے قریبی زرایع نے بتایا ہے کہ چیف منسٹر ہاؤس پنجاب میں ایک خفیہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی ڈی ایم میں شامل جماعت مسلم لیگ نواز کی جانب سے استعفا کارڈ کھیلنے کی چال کو ناکام بنانے پر غور کیا گیا-

اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کی بھی نمائندگی تھی- اجلاس میں ایک صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت سے رابطے میں تمام منحرف مسلم لیگی ممبران پنجاب اسمبلی پر مشتمل فارورڈ بلاک کا اعلان ہو جو پنجاب حکومت کی کھل کر حمایت کرے-

اس تجویز پر اتفاق رائے پایا گیا- چیف منسٹر ہاؤس کے قریبی زرایع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس سے بھی اس کی منظوری لے لی گئی ہے-

زرایع کا کہنا ہے کہ سی ایم پنجاب سردار عثمان بزدار نے نواز لیگ کے خانیوال سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے نشاط احمد خان ڈاہا کو دیگر نواز لیگی منحرفین اراکین صوبائی اسمبلی سے رابطہ کرکے باقاعدہ فارورڈ بلاک کا اعلان کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے- ایم پی اے نشاط احمد خان ڈاہا کے ایک قریبی ساتھی نے انکشاف کیا ہے کہ ایم پی اے نشاط ڈاہا نے منحرف لیگی اراکین اسمبلی سے فردا فردا رابطے کیے ہیں اور عنقریب اُن کا اجلاس لاہور بلایا جارہا ہے جہاں مسلم لیگ نواز کا اعلانیہ فارورڈ بلاک بنایا جائے گا-

ایم پی اے نشاط خان ڈاہا سے رابطہ ہوا تو انہوں نے کہا کہ انھیں سی ایم ہاؤس میں ہوئے خفیہ اجلاس کی کوئی خبر نہیں ہے لیکن وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ اُن سے 30 کے قریب مسلم لیگی اراکین صوبائی اسمبلی اُن سے رابطے میں ہیں اور عنقریب لاہور میں اجلاس بلاکر آئیندہ کا لائحہ عمل تیارکیا جائے گا-

نشاط ڈاہا نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں نواز لیگ کے اراکین صوبائی اسمبلی کی اکثریت استعفا دینے پر تیار نہیں ہے، نواز لیگ بلف کھیل رہی ہے جس کا اُسے بہت نقصان ہوگا-

یہ بھی پڑھیے:ٹیپ ریکارڈر اور کچھ آوازیں ۔۔۔عامر حسینی

%d bloggers like this: