نومبر 2, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ غازیخان کی خبریں

ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازیخان سے تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنرفلائٹ لیفٹیننٹ (ر) طاہر فاروق اور نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کے اعزاز میں سرکٹ ہاوس میں تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر ارشاد احمد،

ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقار علی کھرل سمیت افسران اور مہمان موجود تھے تقریب میں تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ انہیں تحائف بھی دیئے گئے

جبکہ نئے ڈپٹی کمشنر کو خوش آمدید کہا گیا کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہاکہ تبادلہ و تعیناتی سرکاری ملازمت کا حصہ ہے

افسران دوران تعیناتی عوام کی خدمت کو شعار بنائیں اس موقع پر دونوں ڈپٹی کمشنرزاور دیگر افسران نے بھی خطا ب کیا دریں اثناء بلوچ لیوی لائنز ڈیرہ غازیخان میں

تبدیل اورنئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنرز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) طاہر فاروق اور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کو قبائلی فورس کے چاق و چوبند دستے نے

سلامی پیش کی ڈپٹی کمشنرز نے بلوچ لیوی لائنز کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا دریں اثنا ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں افسران نے تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ نئے ڈپٹی کمشنر کو

خوش آمدید کہا ڈپٹی کمشنرز نے کہا کہ سرکاری ملازمت میں کامیابی کیلئے ٹیم ورک ضروری ہے

ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان میں تعیناتی کے دوران افسران اور ملازمین کا مثالی تعاون رہا انہوں نے کہاکہ تبادلے کے باوجود ان کے دل کے دروازے

ڈیرہ غازیخان کے عوام او رملازمین کیلئے ہمیشہ کھلے رہیں گے نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے امید ظاہر کی کہ سرکاری اہداف کی تکمیل کیلئے افسران او ر ملازمین کا مثالی تعاون حاصل رہے گا۔


ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر ڈیر ہ غازیخان کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے چارج سنبھالنے کے بعد مصروف ترین دن گزارا انہوں نے سرکاری دفاتر کے ساتھ پبلک سروس ڈلیوری کے

شعبوں کا اچانک دورہ کیاڈپٹی کمشنر نے رجسٹری برانچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو دفتر کے مختلف شعبوں، محافظ خانہ،

پولیٹیکل اسسٹنٹ آفس، بی ایم پی لائنز، ڈپٹی کمشنر کمپلیکس اور دیگر مقامات کا دورہ کیا

رجسٹری برانچ میں موجود سائلین سے مسائل دریافت کرنے کے ساتھ رجسٹری کے طریقہ کار، ون ونڈو آپریشن اور فراہم سہولیات کا جائزہ لیا۔


ڈیرہ غازیخان

رکن صوبائی اسمبلی پنجاب ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہا ہے کہ گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کچن کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایک اہم منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ کچن گارڈننگ کے فروغ سے گھریلو پیمانے پر تازہ سبزیاں دستیاب ہوں گی انہوں نے کہاکہ

محکمہ زراعت توسیع ڈیرہ غازی خان میں کاشتکاروں اور شہریوں کو رہنمائی دے رہاہے انہوں نے یہ بات گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سرور والی ڈیرہ غازیخان میں

محکمہ زراعت کی طرف سے کچن گارڈننگ کے فروغ کیلئے آگاہی و معلوماتی لیکچرکے دوران کہی

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین نے طالبات کو کچن گارڈننگ کے نمائشی پلاٹ کی کاشت بارے آگاہی دی

سینئر ہیڈمسٹریس اسماء بتول نے کہاکہ سکول میں کچن گارڈننگ کے نمائشی پلاٹ کی کاشت سے گرلز کو سیکھنے کا موقع ملے گا

اوروہ اپنے گھروں میں اسطرح کے پلاٹ لگائیں گی۔


ڈیرہ غازیخان

حضرت محمدؐ خاتم النبین ہیں اور احکامات کی تکمیل آپ نے فرمائی اور روز محشر انبیاء ؑ کی سچائی کی گواہی بھی دیں گے۔اور اُمت محمدالرسول اللہ ؐکی شفاعت بھی فرمائیں گے۔

ہم دیکھیں کہ ہم نے اپنے آپ کو ظاہر و باطن میں کتنا دین اسلام کے مطابق ڈھالا ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہا ر امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و

سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے جلسہ بعثت رحمت عالمؐ کے موقع پرخواتین و حضرات کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ کا ارشا ہے کہ آخر زمانہ میں غزوۃ الہند برپا ہوگا اور اس میں شریک لوگ بلاحساب جنت جائیں گے۔

مجھ سمیت ہر مسلمان کو اللہ کریم یہ توفیق عطا فرمائیں کہ ہم اس میں شامل ہوں اور ہم اپنے اعمال ایسے اختیار کریں جو کہ اتباع رسالتؐ کے مطابق ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ قرآن مجید میں اللہ کریم کا ارشاد ہے کہ

اللہ کا ذکر کثرت سے کریں لسانی ذکر،عملی ذکر سے ذکر کثیر کا حق ادا نہیں ہوتا جب تک ہم اپنے ہر سانس کو دل کی ہر دھڑکن کو اللہ کے نام سے مزین نہ کریں

جب یہ بنیاد مضبوط ہو گی تو ان شاء اللہ دین و دنیا میں راحت کا سبب ہوگا۔مشکلات اور دنیاوی مصائب کے حل کے لیے ذکر اللہ نہ اختیار کیا جائے

بلکہ صرف اور صرف اللہ کی رضا کے حصول کے لیے ذکر اختیار کیا جائے۔اپنی توقعات کا محور صرف اللہ کریم کو رکھیں۔جب ہم خالص نیت سے

یہ عمل اختیار کریں گے تو پھر اس کی رحمت کا نزول بھی ہو گا جو بندہ کو اندھیرے سے نکال کر روشنی کی طرف لے آئے گا۔

پھر نور کی روشنی کی سمجھ آئے گی۔اور یہی وہ ہتھیار ہے جس سے دین اسلام پر استقامت نصیب ہوتی ہے۔

روز محشر سلامتی کا سبب ہو گا۔آخر میں حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مد ظلہ العالی نے اجتماعی دعا فرمائی۔


ڈیرہ غازیخان

مضرصحت خوراک کی فروخت پر پنجاب فوڈاتھارٹی متحرک۔کاروائیوں کا سلسلہ جاری۔کریانہ سٹورز سمیت 8فوڈیونٹس سربمہر،معیاری خوراک عدم فراہمی پر

متعدد فوڈیونٹس کو 95ہزارروپے کے جرمانے عائد،313کو وارننگ نوٹسز جاری،70کلو مضرصحت خوراک، 280ساشے گٹکا برآمد۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈاتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی ڈی جی خان اور بہالپور ڈویژن کے مختلف اضلاع میں ممنوعہ اشیاء کی فروخت

اور قوانین کی خلاف ورزی پرکارروائیاں جاری ہیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے171فوڈپوائنٹس کی چیکنگ کے دوران پنجاب پیور فوڈرولز کی خلاف ورزی پر8فوڈیونٹس سربمہر

جبکہ131کوخوراک کا معیار بہتربنانے کے لیے اصلاحی نوٹسز جاری کیے۔

مظفرگڑھ میں راشد پان شاپ کو گٹکا فروخت کرنے اور غلام فرید کریانہ سٹور کو زائدالمعیادفوڈآئٹمزفروخت کرنے پر سیل کردیاگیا۔

اسی طرح بہاولپور میں اعظم برادرز جنرل سٹور کو گٹکا فروخت کرنے جبکہ رحیم یار خان میں طلحہ بیکرز کوآلودہ واشنگ ایریا ہونے

اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر سربمہر کیاگیا۔ مزید برآں ڈی جی خان میں اسحاق رند کریانہ سٹور،

لیہ میں مغل آٹا چکی، راجن پور میں اختر ٹی سٹال اور حسنین غفار کریانہ سٹور کوگزشتہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے اور لائسنس فیس واجبات کی عدم ادائیگی پر سیل کردیاگیا۔

علاوہ ازیں صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات کی بہتات،ورکرز کے میڈیکل نہ ہونے، ماسک اور گلوز کا استعمال نہ کرنے پر

مظفرگڑھ میں راؤ بابر ٹریڈرز، بہاولنگرمیں شفیق سویٹس اور بہاولپور میں المدینہ کریانہ سٹور کو 10،10ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

مجموعی طور پر کی گئی کارروائیوں کے دوران 675لٹر آئل، 550کلو آٹا، 120کلو تیار نمکو، 395ساشے گٹکا برآمد جبکہ 400لٹر ملاوٹی دودھ اور 70کلو مضرصحت خوراک تلف کی گئی۔

ڈیرہ غازیخان () نیب ملتان کے زیر انتظام گورنمنٹ شہدائےAPS میموریل ہائی سکول ڈیرہ غازی خان میں ڈویژنل لیول کے مضمون نویسی کے مقابلے کا انعقاد ہوا۔

جس کی صدارت محمد رمضان خان لغاری فوکل پرسن نیب ملتان/اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر (ہیڈ کوارٹر) ڈیرہ غازی خان نے کی۔ جس میں مہمان خصوصی محمد نصر اللّٰہ خان سہرانی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری ایجوکیشن ضلع ڈیرہ غازی خان تھے

اور مہمان اعزاز اصغرعباس خان ای ایس ٹی مدرس گورنمنٹ شہدائے APS میموریل ہائی سکول ڈیرہ غازی خان اور مقابلہ کے ججز محمد شہباز اکمل ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول جناح کالونی،

عبدالغفار درانی ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مرھٹہ اور قاری حفیظ اللّٰہEST مدرس گورنمنٹ شہدائےAPS میموریل ھائی سکول ڈیرہ غازی خان تھے۔

پروگرام میں ڈویژن بھر کے مختلف سکولز کے متعدد اساتذہ کرام اور طلباء نے شرکت کی۔ جن میں خصوصاً لیہ سے مہمان اساتذہ کرام ملک بشیر حسین کنیرا اور

چوھدری صادق علی شامل ہوئے۔گورنمنٹ گرلزایلیمنٹری سکول 234/TDA فتح پور ضلع لیہ کی جماعت ہفتم کی طالبہ ملائکہ امیر نے

مضمون نویسی کے مقابلے میں فرسٹ پوزیشن جبکہ گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول جناح کالونی ضلع ڈیرہ غازی خان کے جماعت ہشتم کے

طالب علم محمد محسن نے سیکنڈ پوزیشن کا اعزاز اپنے نام کیا۔اختتام پر طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔


ڈیرہ غازیخان

آر پی اوفیصل رانا کی نتیجہ خیز پروفیشنل پولیسنگ ،9 بچوں کی ماں کو ,,کاروکاری،،قرار دے کر قتل کافیصلہ دینے والے غیر قانونی قبائلی جرگہ کے

,,سرپنج،،اور اس کے ساتھی کی عبوری ضمانت خارج،پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا،غیرقانونی جرگہ منعقد کرنے والے 5 ملزمان پہلے ہی گرفتار ہیں،سرپنچ سمیت 2افراد کی ضمانت خارج ہونے سے مقدمہ کے تمام ملزمان کی گرفتاری

مکمل،سوشل میڈیا پر آر پی او فیصل رانا کو خراج تحسین،،تفصیلات کے مطابق ضلع مظفر گڑھ کے تھانہ کرم داد قریشی کے علاقہ میں غیر قبائلی قانونی جرگہ منعقد ہوا جس میں 9 بچوں کی ماں ماڑنہ بی بی کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا گیا

تاہم ماڑنہ بی بی کے حاملہ ہونے کی وجہ سے اسے قتل کرنے کا فیصلہ بچے کی پیدائش تک ملتوی کر دیا گیا ،اسی دوران اس قبیح اور انتہائی غیر قانونی اقدام کی اطلاع آر پی او فیصل

رانا کو ملی جنہوں نے پروفیشنل پولیسنگ کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے تھانہ کرم داد قریشی میں غیرقانونی قبائلی جرگہ منعقد کرنے پر سرپنچ نذر خان،مخان خان آدم خان،روزی خان ،کالے خان ،

عیسی اور نیامت کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ،پولیس نے سرپنچ نذر خان اور مخان خان کے علاوہ مقدمہ کے دیگر 5 ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر لیا،

نذر خان اور مخان خان نے عدالت سے عبوری ضمانت کروا لی،جس کی روبکار پولیس کو بذریعہ ڈاک موصول ہوئی،فیصل رانا نے ڈی پی او مظفر گڑھ کو ہدایت کی کہ جن 2 مرکزی ملزمان نے عبوری ضمانت کروائی ہے

شواہد پیش کرکے عدالت سے ضمانت خارج کروائی جائے،آرپی او نے ضلع راجن پور نقل مکانی کرنے والی ماڑنہ بی بی کے خاندان اور جھنگ منتقل ہونے والی ماڑنہ بی بی کی سیکورٹی کے لئے بھی فول پروف انتظامات کئے

،وہ روزانہ ان انتظامات کو چیک کرتے ہیں، آر پی او کے ان اقدامات کے حوالے سے ملکی و غیر ملکی میڈیا میں نمایاں خبریں شائع و نشرہوئیں ادھر مظفر گڑھ پولیس نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں ثبوت پیش کئے جس کے بعد معزز عدالت نے

غیر قانونی قبائلی جرگہ کے سرپنچ نذر خان اور مخان خان کی غیر قانونی جرگہ منعقد کرنے کے مقدمہ میں عبوری ضمانت خارج کر دی،

پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا،جس کے بعد اس مقدمہ میں نامزد تمام ملزمان گرفتار ہو گئے، آر پی او فیصل رانا نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ جن ملزمان کی عبوری ضمانت خارج ہوئی ہے

قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے انہیں مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے،انہوں نے کہا کہ ریاست کے قانون کے متوازی بنائے جانے والا ہرخود ساختہ قانون کو ریاستی قانون کی طاقت سے ختم کر دیا جائے گا،

انہوں نے ہدایت کی کہ تھانہ تونسہ ضلع ڈی جی خان میں ماڑنہ بی بی کے مبینہ مقتول آشنا نور شاہ کو قتل کرنے والے ملزمان کو فوری گرفتارکیا جائے،آر پی او فیصل رانا نے کہا کہ میں نے اس وقوعہ کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا ہے ،

پولیس ایسے ٹھوس اور ناقابل تردید شواہد اکٹھے کرے جس کی بنا پر عدالت سے ملزمان کو ایسی کڑی سزا دلوائی جا ئے جو معاشرے کے لئے عبرتناک ہو تاکہ کسی کو غیر قانونی ،قبیح اور ریاست کو چیلنج کرنے والے اقدامات کی ہمت نہ ہو،،

سوشل میڈیا پر جنوبی پنجاب کے صارفین نے پروفیشنل پولیسنگ پر آرپی اوفیصل رانا کوشاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے صارفین کا کہنا تھا کہ جس طرح فیصل رانا نے راولپنڈی میں بطور سی پی او بچوں کو بدفعلی کا نشانہ بنانے

والے انٹرنیشنل ڈارک ویب کے سرغنہ سہیل ایاز کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا اور عدالت سے مجرم کو 3 بار سزائے موت3 بار عمر قید اور 66 سال مذید قید کی عبرتناک سزا ملی اسی طرح غیر قانونی جرگہ منعقد کرنے والوں کو بھی پولیس کے ٹھوس شواہد کی بنا پر عدالت سے عبرتناک سزا ملے گی


ڈیرہ غازیخان

تھانہ سخی سرور کی حدود میں لڑکے کے ساتھ زیادتی، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان عمر سعید ملک کا زیادتی کے واقعہ کا نوٹس، ملزم گرفتار،تھانہ سخی سرور پولیس کو جمعہ خان نے اطلاع دی کہ اس کے بھتیجے کو ورغلا کر یاسین نامی شخص نے

زیادتی کی ہے اور فرار ہو گیا ہےایس ایچ او تھانہ سخی سرور واجد حسین نے جمعہ خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے

قانونی کاروائی شروع کر دی ڈی پی او عمر سعید ملک کی ہدایت پر ایس ایچ او واجد حسین پر مشتمل ٹیم نے فرار ہونے والے ملزم یایسن کو گرفتارکر لیا

پولیس نے ملزم یایسن کو گرفتارکر کے حوالات میں بند کر دیا ہے ملزم یایسین نے 13 سالہ لڑکے عبدالصمد کو ورغلا کر ساتھ لے گیا

اور اسے زیادتی کی ملزم یاسین کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس مزید قانونی کاروائی عمل میں لا رہی ہے۔


ڈیرہ غازیخان

جنوبی پنجاب کے سیاحتی مقام فورٹ منرو میں تھانہ کھر نے کاروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی غیر ملکی نان کسٹم پیڈ سامان کی سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔

بلوچستان سے پنجاب آنے والے ٹرک سے لاکھوں روپے مالیت کا غیر ملکی بھارتی سامان پکڑ لیا ہے۔

جنوبی پنجاب کے سیاحتی مقام فورٹ منرو میں تھانہ کھر بارڈر ملٹری پولیس ایس ایچ او امیر حمزہ لغاری نے کمانڈنٹ حمزہ سالک کی ہدایت پر بین الصوبائی

غیر ملکی بھارتی سامان کی سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا بلوچستان سے پنجاب آنے والے ٹرک سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان پکڑ لیا ہے

غیر ملکی بھارتی سامان کو بلوچستان سے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ ایس ایچ او تھانہ کھر امیر حمزہ لغاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ

قانونی پروسیس مکمل ہونے کے بعد نان کسٹم پیڈ سامان کو کسٹم حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

نان کسٹم پیڈ سامان میں بھارتی رتنہ پان مصالحہ خشک دودھ ہیٹر میوہ جات وغیرہ شامل ہیں


ڈیرہ غازیخان

انجمن تاجران صدر بازار کے جنرل سیکرٹری محمد وجاہت ثاقب قریشی اور محمد انیس کے والد سینئر صحافی،کالم نگار رئیس عدیم قریشی طویل علالت کے

بعد گزشتہ روز انتقال کر گئے مرحوم کی نماز جنازہ گھنٹہ گھر گول باغ میں ادا کی گئی جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں،تاجروں،وکلاء اور شہریوں کی کثیر

تعداد نے شرکت کی اور مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے درس قرآن آج بروز بدھ صبح 9بجے بلاک بی کے شمالی چوک میں ہو گا۔


ڈیرہ غازیخان

انجمن تاجران ریلوے روڈ کے صدر ملک محمد رفیق کی والدہ ماجدہ گزشتہ روز انتقال کر گئیں

مرحومہ کی نماز جنازہ ملاقائد شاہ میں ادا کی گئی نماز جنازہ میں تاجروں شہریوں،وکلاء اور منتخب عوامی نمائندوں نے شرکت کی

مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کل بروز جمعرات صبح 9بجے

نوری جامع مسجد بلخ سرور سٹی با المقابل ٹیچنگ ہسپتال ادا کی جا ئے گی۔

About The Author