اپریل 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں دھماکہ، 3 افراد جاں بحق، 25 زخمی

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مسکن چورنگی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کر لی

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں دھماکے ہونے والے میں 3 افراد جاں بحق اور 25 افراد زخمی ہوئے جبکہ رہائشی عمارت کا ایک حصہ گر گیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے گلشن چورنگی کے قریب ہونے والا دھماکہ گیس لیکج کے باعث ہوا جائے وقوعہ سے دھماکہ خیز مواد کے شواہد نہیں ملے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں 25 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اور قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

گلشن چورنگی کے قریب عمارت میں گیس کے باعث ہونے والے دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ گر گیا اور رہائشی عمارت کی پہلی اور دوسری منزل کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ دھماکے سے پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دھماکے کے بعد قریبی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔

دھماکے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا۔

عینی شاہد بینک ملازم نے کہا کہ دھماکہ پہلی یا دوسری منزل پر 10 بجے کے قریب ہوا اور جس وقت دھماکہ اس وقت بینک میں 17 سے 18 افراد موجود تھے۔

آئی جی سندھ مشتاق مہر نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مسکن چورنگی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کر لی اور زخمیوں کی فوری طبی امداد کا بندوبست کرنے کی ہدایت کر دی۔

مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر سعید غنی کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بھی امدادی کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ واقعہ کو دہشتگردی قرار دینا قبل ازوقت ہو گا۔ متاثرہ عمارت اب رہائش کے قابل نہیں رہی ہے اس لیے اسے توڑا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کراچی دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دُعا کی اور کہا کہ ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

دوسری طرف دھماکے کے قریب ہی ڈسکو بیکری کے سامنے فلاحی ادارے کی گاڑی میں شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔

%d bloggers like this: