نصرت جاوید
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سے اونچے اور سمندروں سے بھی گہرے دوست -چین -میں ایجادہوکر دُنیا بھر میں چھاچھوگئی۔آسٹریلیا کی ایک کمپنی نے چند ماہ قبل مگر بہت تحقیق کے بعد یہ الزام لگایا کہ مذکورہ Appکی بدولت چینی سرکار اور اس کی انٹیلی جنس ایجنسیاں اسے استعمال کرنے والوں کی ذاتی زندگی کے بارے میں ہر نوعیت کی تفصیلات جمع کررہی ہیں۔
ان میں سے چند معلومات کسی صارف کو ’’بلیک میل‘‘ کرنے کے لئے بھی استعمال ہوسکتی ہیں۔ ٹک ٹاک کو گویا ایک جی بہلانے والی Appنہیں بلکہ چین کا 5th Generationجنگ میں اپنی کامیابی کو یقینی بنانے والا Strategic Weaponٹھہرادیا گیا۔
یہ Appجب ’’ہتھیار‘‘ ٹھہرادی گئی تو امریکی صدر نے اصرار کیا کہ ’’ٹک ٹاک‘‘ کو اس کے ملک میں صرف اسی صورت استعمال ہونے کی اجازت دی جائے گی اگر اس کا مکمل کنٹرول کسی امریکی کمپنی کے سپرد کردیا جائے۔
اس ضمن میں اس نے ایک ڈیڈ لائن بھی طے کردی۔ امریکہ کی ایک عدالت نے مگر امریکہ میں اس کے فیصلے کے خلاف Stay Orderجاری کردیا۔ٹک ٹاک پر لہٰذا امریکہ میں پابندی نہ لگ پائی۔امریکہ میں مقیم چینی نژاد شہری اور وہاں موجود طالب علم ٹک ٹاک کے علاوہ ’’مادرِ وطن‘‘ سے رابطے کے لئے فیس بک کے بجائے چین ہی کی ایجاد کردہ Wechatسے رجوع کرتے ہیں۔
امریکی حکام اس Appکے بارے میں بھی بہت پریشان ہیں۔اس کا استعمال روکنے کی کوئی صورت مگر دریافت نہیں کرپارہے۔ بھارت کی مودی سرکار کو لیکن ’’ٹک ٹاک‘‘ کے اپنے ملک میں استعمال پر پابندی لگانے میں ایک منٹ بھی نہیں لگا۔لداخ کی سرحد پر چینی افواج کے ہاتھوں ہوئی پٹائی نے اس تناظر میں مناسب جواز فراہم کردیا۔چین مگر پاکستان کا جگری یار ہے۔ہماری حکومت ’’ٹک ٹاک‘‘ کو ’’دشمن کا ہتھیار‘‘ ٹھہرانہیں سکتی۔ بنیادی فکر اسے یہ لاحق ہوئی کہ اس کے ذریعے وطنِ عزیز میں ’’فحاشی وعریانی‘‘ پھیل رہی ہے۔ہماری نوجوان نسل گمراہ ہورہی ہے۔
ذاتی طورپر ’’ٹک ٹاک‘‘ نے مجھے اپنی جانب کبھی راغب نہیں کیا۔مجھے شبہ ہے کہ یہ فقط بہت ہی نوجوان لوگوں کو پسند ا ٓتی ہے۔اس کے ذریعے پھکڑپن کی جو گنجائش ہے وہ میرے ذوق کے مطابق نہیں۔’’فحاشی اور عریانی‘‘ کے فروغ کے تناظر میں ٹک ٹاک کے کردار اور اثر کا جائزہ لینے کے قابل نہیں۔ہماری حکومت نے مناسب تحقیق کے بعد ہی لیکن اس پر پابندی لگائی ہوگی۔عالمی سیاست کا ادنیٰ طالب علم ہوتے ہوئے اگرچہ مجھے یہ خدشہ لاحق ہے کہ چینی حکومت کو پاکستان جیسے برسوں پرانے دوست کی جانب سے ’’ٹک ٹاک‘‘ پر لگائی یہ پابندی پسند نہیں آئے گی۔ اشاروں کنایوں میں شاید ہم سے جلد ہی رجوع کی درخواست ہوگی۔
یہ بات لکھنے کے بعد مگر خیال آیا ہے کہ گزشتہ چند مہینوں سے ہمارے ہاں مسلسل قوم کو متنبہ کیا جارہا ہے کہ وطنِ عزیز میں انتشار وخلفشار پھیلانے کے لئے ہمارے ازلی دشمن سوشل میڈیا کو بہت مہارت سے استعمال کررہے ہیں۔ٹویٹر،فیس بک اور یوٹیوب اس ضمن میں دشمنوں کا مؤثر ہتھیار ٹھہرائے گئے ہیں۔
واقعہ اس کے بعد یہ بھی ہوا کہ آٹھ ماہ کی طویل خاموشی کے بعد ’’عدالت سے سزا یافتہ‘‘ نواز شریف نے ان Appsکو لندن میں بیٹھے ہوئے ’’تخریبی پیغامات‘‘ دینے کے لئے تواتر سے استعمال کرنا شروع کردیا۔پیمرا کے قوانین کے تحت چلایا ہمارا ذمہ دار اور محب وطن میڈیا نواز شریف کی جانب سے جاری ہوئے پیغامات کی تشہیر سے گریز کرتا ہے۔
یہ گریز مگر کاآمد ثابت نہیں ہورہا۔ اب 16اکتوبر سے حکومت مخالف جماعتیں جلسے جلوسوں کا آغاز بھی کررہی ہیں۔یقینی بات ہے کہ اپنی تشہیر کے لئے وہ ٹویٹر،فیس بک اور یوٹیوب ہی سے رجوع کریں گی۔ان Appsکو Regulateاور کنٹرول کرنے کے طریقے لہٰذا ہر صورت ’’ڈھونڈنا‘‘ ہوں گے۔
بنیادی مشکل مگر یہ ہے کہ ان Appsکی اجارہ دار کمپنیاں حکومتوں سے بھی طاقت ور ہوچکی ہیں۔کرونا کے دنوں میں نازل ہوئے لاک ڈائون نے بلکہ ان کی اہمیت کو توانا تر بناڈالا ہے۔اب Work From Homeکی ثقافت فروغ پارہی ہے۔بہت تحقیق کے بعد دعویٰ یہ بھی ہورہا ہے کہ شاید کرونا ختم ہونے کے بعد بھی بے تحاشہ دھندوں کے اجارہ دار سیٹھ اپنے ملازموں کے گھر ہی سے کام کرنے کو ترجیح دیں گے۔
اس رویے کی بدولت انہیں دُنیا کے بڑے شہروں میں مہنگے ترین علاقوں میں کثیر المنزلہ عمارتوں میں دفاتر قائم کرنے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔ ان دفاتر کی عدم موجودگی انہیں مزید منافع کے قابل بنائے گی۔کرونا کی وجہ سے اپنی اہمیت کو مسلم ثابت کرنے کے بعد ٹویٹر،فیس بک اور یوٹیوب کی اجارہ دار کمپنیاں مزید مغرور ہوگئی ہیں۔وہ امریکی اور یورپی حکومتوں کو بھی خاطر میں نہیں لارہیں۔ پاکستان جیسے غریب ملکوں کی شکایات پر غور کی ضرورت محسوس نہیں کریں گی۔
غالباََ انہیں اس امر پر آمادہ کرنے کے لئے عمران حکومت کے کسی بہت ہی مفکر مصاحب نے یہ سوچا ہوگا کہ ’’ٹک ٹاک‘‘‘ پرپابندی لگانے سے سوشل میڈیا کا ’’مکوٹھپنے‘‘ کے عمل کا آغاز کیا جائے۔فیس بک یا یوٹیوب کی مالک کمپنیوں سے مذاکرات کرتے ہوئے ہم انہیں بتاسکتے ہیں کہ اپنے ہاں سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لئے ہم نے اپنے انتہائی قریب ملک چین کا لحاظ نہیں کیا تو وہ کس کھیت کی مولی ہیں۔
انہیں ہماری شکایات پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔جو ’’حکمت عملی‘‘ میں فرض کررہا ہوں اگر واقعتا عمران حکومت کے کسی مفکر مصاحب نے بہت سوچ بچار کے بعد اختیار کی ہے تو یہ اپنی سرشت میں قطعاََ بچگانہ ہے۔حکومت کو ٹویٹر،فیس بک اور یوٹیوب پر کامل کنٹرول کے ہرگز قابل نہیں بنائے گی۔پاکستان میں ہزاروں نوجوان ان Appsکے ذریعے روزی کمانے کے عادی ہوچکے ہیں۔تقریباََ ہر دوسرا صحافی بھی اپنا یوٹیوب چینل چلانے کو مجبور ہورہا ہے۔
یوٹیوب کے ذریعے ’’تخریبی پیغام‘‘ کو فروغ دینے والے صحافیوں کو بآسانی بندے کا پتر بننے کو مائل کیا جاسکتا ہے۔یہ سوال مگر اپنی جگہ قائم رہے گا کہ بیرون ملک بیٹھ کر ہمارے لئے مشکلات کھڑی کرتے Content Developersکی بابت کیا حکمت عملی اختیار کی جائے۔
انٹر نیٹ پر کامل پابندی ہی اس کا واحد حل ہے۔ایسی پابندی مگر دورِ حاضر میں ممکن نہیں۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے لئے وزیر اعظم عمران خان صاحب حال ہی میں انٹرنیٹ پر میسر سہولت ہی سے رجوع کرنے کو مجبور ہوئے تھے۔ IMFسے 6ارب ڈالر والے پیکیج کی بقیہ اقساط حاصل کرنے کے لئے ان دنوں مشیر خزانہ اور ان کے معاونین Virtual Meetingsہی کررہے ہوں گے۔
Work From Homeوالی ثقافت آنے والے برسوں میں ایسی ہی ’’ملاقاتوں‘‘ کو ترجیح دے گی۔ ان سے مفرممکن نہیں۔ہماری ’’اقدار‘‘ کو عریانی اور فحاشی سے بچانا یقینا ایک نیک فریضہ ہے۔اسے سرانجام دیتے ہوئے مگر یہ حقیقت بھی یادرکھنا لازمی ہے کہ ہمارے کسان نے چھ مہینوں کی محنت کے بعد جو گندم اُگائی تھی اسے جن داموں پر سرکاری گوداموں میں جمع کرنے کے لئے تقریباََ زورزبردستی اٹھایا گیا تھا اب فقط چھ ماہ بعد بازار میں دُگنے داموں پر میسر ہوتی ہے۔ وہ گندم چکی سے پسواکرگھر لائو تو فی الوقت 3200روپے فی من خرچ کرنا ہوتے ہی۔ اس میں مزید اضافہ لازمی نظر آرہا ہے
۔سردی ابھی پوری شدت سے شروع نہیں ہوئی مگر ’’فارمی انڈہ‘‘ بھی پنجاب کے قصبات میں 15روپے فی نگ ہوگیا ہے۔میری شدید خواہش ہے کہ فحاشی پر کڑی نگاہ رکھنے والے Investigativeصحافت کے حوالے سے جید مشہور ہوئے میرے چند دوست کبھی یہ اطلاع بھی فراہم کریں کہ ایک کلو آٹے کے کتنے پیڑے توے پر پکائی روٹی کے لئے تیار ہوسکتے ہیں۔عام گھر میں اس طرح لگائی روٹی پر کتنی رقم خرچ ہوتی ہے۔
کم از کم چار افراد پر مبنی کنبے کو ہر ماہ کتنی روٹیاں درکار ہوتی ہیں۔ہمارے غریب اور متوسط طبقے کے گھرانوں کو مطلوبہ روٹیاں بآسانی میسر ہیں یا نہیں۔ ٹی وی سکرینوں پر خواتین کے پہنے کپڑوں کو بہت لگن سے ’’پیمائش‘‘ کرنے والے صالح افراد کو کبھی کبھارزندگی کے لئے لازمی شمار ہوتی روٹی کو ’’ماپنے‘‘ کے لئے بھی استعمال کرلینا چاہیے۔
بشکریہ روزنامہ نوائے وقت
اے وی پڑھو
ملتان کا بازارِ حسن: ایک بھولا بسرا منظر نامہ||سجاد جہانیہ
اسلم انصاری :ہک ہمہ دان عالم تے شاعر||رانا محبوب اختر
سرائیکی وسیب کے شہر لیہ میں نایاب آوازوں کا ذخیرہ