نومبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

واپڈا نے عطا آباد ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا

تعمیراتی کام کے آغاز کے بعد منصوبہ چار سال میں مکمل ہوگا

واپڈا نے عطا آباد ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) کی پراجیکٹ سائٹ کے دورے پرگفتگو
فزیبلٹی سٹڈی 2021ء میں مکمل ہوگی،

تعمیراتی کام کے آغاز کے بعد منصوبہ چار سال میں مکمل ہوگا

چیئرمین واپڈا کا دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا بھی دورہ،

تعمیراتی کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا
تعمیراتی سرگرمیوں کے ساتھ روزگار کے مواقع مل رہے ہیں،

پراجیکٹ ایریا کے لوگوں کو ترجیح دی جارہی ہے: چیئرمین

24ستمبر 2020ء ……واپڈا نے عطا آباد ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا ہے۔ پراجیکٹ گلگت بلتستان کی اقتصادی اور معاشرتی ترقی کا باعث ثابت ہوگا۔

اِن خیالات کا اظہار چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ) نے آج پراجیکٹ سائٹ کے دورے کے موقع پر کیا،

پراجیکٹ کی مجوزہ سائٹ دریائے ہنزہ پر کریم آباد سے 20 کلو میٹر جبکہ گلگت سے 130 کلو میٹر بالائی جانب واقع ہے۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، جنرل منیجر (ہائیڈرو پلاننگ)

جنرل منیجر پراجیکٹس (نادرن ایریاز) اور دیگر متعلقہ آفیسرز بھی اِس دوران موجود تھے۔

اپنے دورے میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ 50میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا عطا آباد ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ہنزہ اورنگر کی وادیوں میں

بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہوگا۔ جس کی وجہ سے مذکورہ علاقوں میں اقتصادی سرگرمیاں پروان چڑھیں گی اور علاقے میں سیاحت سے متعلق سہولیات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ واپڈا نے پراجیکٹ کی فزیبلٹی سٹڈی تیار کرنے کے لئے دو کروڑ 20لاکھ روپے پر مشتمل درکار فنڈز ہائیڈرو پلاننگ کو جاری کر دیئے ہیں۔

فزیبلٹی سٹڈی کی تکمیل 2021 ء کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے۔ فزیبلٹی سٹڈی اور تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن کے بعد پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔

جس کے بعد چار سال کی مدت میں منصوبہ مکمل ہوگا۔

قبل ازیں پراجیکٹ پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبہ کے ابتدائی سروے کا کام تقریباً مکمل کیا جاچکا ہے۔ جبکہ زلزلہ کے اثرات جانچنے اور

جیالو جیکل میپنگ کے لئے ماہرین پر مشتمل ٹیمیں پراجیکٹ سائٹ پر کام کر رہی ہیں۔

علاوہ ازیں جیو ٹیکنیکل مطالعات اور ہائیڈرو گرافک سروے کا بھی آغاز کیا جاچکا ہے۔ چیئرمین واپڈا نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

گلگت بلتستان کے دورے کے دوسرے مرحلے میں چیئرمین واپڈا نے دیا مر بھاشا ڈیم کا دورہ کیا

اور پراجیکٹ ایریا میں مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔

جنرل منیجر دیا مر بھاشا ڈیم نے چیئرمین کو منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کے بارے میں بریفنگ دی۔

اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ یہ بات اطمینان کا باعث ہے کہ دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے،

جس کی وجہ سے خصوصاًضلع دیا مر کے لوگوں کو ترجیحی طور پر روز گار کے مواقع مل رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ

واپڈا دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے مقامی لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے پرعزم ہے اور پراجیکٹ ایریا کے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی ہمیشہ واپڈا کی ترجیح رہے گی۔

About The Author