دسمبر 19, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

یومِ الحاقِ جوناگڑھ سرکاری سطح پہ منایا جانا چاہئے۔ نواب آف جوناگڑھ

ہمارے آباء نے عالمی قوانین کے مطابق ریاست جوناگڑھ کا پاکستان کے ساتھ الحاق کیا تھا

اسلام آباد

یومِ الحاقِ جوناگڑھ سرکاری سطح پہ منایا جانا چاہئے۔ نواب آف جوناگڑھ

اسلام آباد میں جوناگڑھ ہاؤس قائم کیا جانا چاہئے۔ نواب آف جوناگڑھ

مسئلہ جوناگڑھ سے متعلقہ تقریبات کا انعقاد حکومتی سطح پہ ہونا چاہئے اور اہم سرکاری عہدیداران کو ان میں شامل ہونا چاہئے۔

یومِ الحاق جوناگڑھ 15 ستمبر اور یومِ سقوطِ جوناگڑھ 9 نومبر کو حکومتی سطح پہ منایا جانا جائے۔ ان خیالات کا اظہار نواب آف جوناگڑھ نواب محمد جہانگیر خانجی نے

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے آباء نے عالمی قوانین کے مطابق ریاست جوناگڑھ کا پاکستان کے ساتھ الحاق کیا تھا

جس پہ بھارت نے طاقت کے بل بوتے پہ غیر قانونی قبضہ کیا۔ ہم ریاستِ پاکستان کے اس آئینی و قانونی حق کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

یومِ الحاقِ جوناگڑھ کی مناسبت سے انہوں نے کہا کہ اس اہم دن کے موقع پہ صدرِ مملکت، وزیراعظم اور دفتر خارجہ کو ریاست مقبوضہ جوناگڑھ کے منصفانہ حل کیلئے

بیانات جاری کرنے چاہئیں اور دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں کو بھی اس موقع پہ آواز بلند کرنی چاہئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حکومت کی جانب سے جوناگڑھ ہاؤس قائم کیا جانا چاہئے۔ نواب آف جوناگڑھ نے میڈیا سے بھی گزارش کی کہ

مسئلہ جوناگڑھ کو اجاگر کرنے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرے اور بالخصوص یومِ الحاق و یومِ سقوطِ جوناگڑھ کے موقع پہ خصوصی پروگرامز اور رپورٹس نشر کی جائیں۔

نواب آف جوناگڑھ نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں جوناگڑھ کمیونٹی کے قریباً تیس لاکھ نفوس آباد ہیں

جن میں زیادہ تر کراچی میں ہیں۔ تاہم جوناگڑھ کمیونٹی کو سماجی و معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ لوگ نواب آف جوناگڑھ کے ہمراہ پاکستان آئے تھے

اور ہم ان کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں انہوں نے حکومتِ پاکستان سے گزارش کی کہ وہ جوناگڑھ کمیونٹی کی سوشل ویلفئیر پہ توجہ دے

اور غربت، بیروزگاری اور دیگر مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرے۔ نواب آف جوناگڑھ نے پاکستان کے حالیہ سیاسی نقشہ میں جوناگڑھ کو اجاگر کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ

جوناگڑھ کیس اقوام متحدہ میں ری اوپن کیا جانا چاہئے۔ مسئلہ کشمیر اور ریاست جو ناگڑھ کی اپنی جداگانہ حیثیت ہے

اور دونوں کو عالمی برادری کے سامنے پیش کیا جاناچاہیے جوناگڑھ اور کشمیر پر بھارتی قبضہ جدید دور میں نوآبادیات کا بدترین ثبوت ہے۔

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے کشمیر اور جوناگڑھ جیسے تصفیہ طلب مسائل کا منصفانہ حل ضروری ہے۔

About The Author