دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کون ہیں؟—اعزازسید

اس بار سیکریٹری سیاحت تعیناتی کے دوران انھوں نے اپنے پہلے دور میں تیار کیے گئے منصوبوں کو نکالا اور ان پر عملدرآمد شروع کر دیا۔

’لالا! میں نے تنگ آ کر پرویز خٹک کو لکھ دیا ہے کہ میں اس کے ساتھ کام نہیں کرسکتا۔‘ سگریٹ کا کش لگاتے سیکریٹری داخلہ خیبر پختونخوا نے اس وقت کے انسپکٹر جنرل پولیس احسان غنی کو ان کے گھر کے برآمدے میں گپ شپ لگاتے ہوئے بتایا۔

سیکریٹری داخلہ اور آئی جی میں اتنا بھائی چارہ تھا کہ سیکریٹری داخلہ آئی جی کو ’لالا‘ یعنی بڑا بھائی کہہ کر پکارتے تھے۔

یہ سنہ 2013 کی بات ہے۔

خیبر پختونخوا میں پرویز خٹک وزیراعلیٰ تھے اور سیکریٹری داخلہ کی مختلف امور پر ان سے ٹھن چکی تھی۔

روایت تو یہ ہے کہ صوبے میں تعینات سیکریٹری اپنی نوکری بالخصوص اہم تقرری بچانے کے لیے سر جھکاتے اور وزیراعلیٰ کی ہاں میں ہاں ملا کر کام چلاتے ہیں مگر یہ سیکریٹری داخلہ ٹیڑھے مزاج کے آدمی تھے۔

انھیں اپنے کام میں مداخلت پسند نہ تھی جس پر انھوں نے وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ کام کرنے سے دو ٹوک انکار کر دیا۔ یہ کوئی اور نہیں بلکہ 1990 میں سینٹرل سپیریئر سروس (سی ایس ایس) کے امتحان میں ٹاپ کر کے ڈسٹرکٹ مینیجمنٹ گروپ (ڈی ایم جی جس کا نام تبدیل ہو کر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس یعنی پی اے ایس رکھ دیا گیا) میں شمولیت اختیار کرنے والے اعظم خان تھے۔

اعظم خان

،تصویر کا کیپشناعظم خان کے ساتھ کام کرنے والے ایک سرکاری اہلکار بتاتے ہیں کہ وہ متحرک، ذہین اور نتائج کی پرواہ نہ کرنے والے بے نیاز آدمی ہیں جو اپنا کام بخوبی جانتے ہیں

اعظم خان سی ایس ایس کے 17ویں کامن بیچ سے تعلق رکھتے ہیں اور خیبر پختونخوا کے معروف برن ہال کالج ایبٹ آباد اور قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد جیسے ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم رہے۔

اُس وقت کے آئی جی پولیس خیبر پختونخوا احسان غنی نے اعظم خان کے ساتھ اس ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اعظم خان سے کہا ’مجھے وہ خط دکھاؤ جو تم نے وزیرِ اعلیٰ کو بھیجنا ہے۔‘ اس پر اعظم خان بولے، ’لالا مجھے پتا تھا تم مجھے روکو گے، اس لیے میں خط وزیرِ اعلیٰ سیکریٹریٹ کو بھجوا کر ہی آپ کے گھر آیا ہوں۔‘

اعظم خان کے ساتھ کام کرنے والے احسان غنی بتاتے ہیں کہ اعظم متحرک، ذہین اور نتائج کی پرواہ نہ کرنے والے بے نیاز آدمی ہیں جو اپنا کام بخوبی جانتے ہیں۔

اعظم خان کے سیکریٹری داخلہ کے طور پر استعفے کو وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے پسند نہ کیا، لہٰذا انھیں ’کھڈے لائن‘ تقرری کے طور پر سیکریٹری سیاحت تعینات کر دیا گیا۔ بیوروکریسی کی دنیا میں ’کھڈے لائن‘ کی اصطلاح ایسی تقرری کے لیے استعمال کی جاتی ہے جہاں اختیارات ہوں نہ وسائل۔

اعظم خان کے لیے یہ ایک بڑا چیلنج تھا۔

اعظم خان کچھ عرصہ یہاں تعینات رہے، پھر انھیں ایڈیشنل چیف سیکریٹری فاٹا جیسے مشکل عہدے پر تعینات کیا گیا، اور وہاں کچھ عرصہ تعیناتی کے بعد انھیں دوبارہ سیکریٹری سیاحت خیبر پختونخواہ لگا دیا گیا۔

اس بار سیکریٹری سیاحت تعیناتی کے دوران انھوں نے اپنے پہلے دور میں تیار کیے گئے منصوبوں کو نکالا اور ان پر عملدرآمد شروع کر دیا۔ وہ مشرف دور میں پشاور میں ڈپٹی کمشنر اور اس سے قبل سوات سمیت صوبے کے دوسرے علاقوں میں مختلف حیثیتوں میں خدمات سرانجام دے چکے تھے۔ اس لیے ضلعے کی سطح پر سیاحت کے فروغ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر عملدرآمد کے طریقہ کار سے بھی خوب واقف تھے۔ اس لیے صوبے بھر میں ایک تحریک شروع ہوگئی۔

جہانگیر ترین، عمران خان،

،تصویر کا کیپشنجہانگیر ترین نے بھی شوگر کمیشن کی تحقیقات کے دوران اعظم خان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا

انھوں نے صوبے بھر میں میلے منعقد کروانے شروع کر دیے اور خصوصی طور پر نتھیا گلی کو سیاحت کے لیے پُرکشش بنانے کے لیے اقدامات کیے۔ قسمت کہیے یا کچھ اور کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان گرمیوں میں وقت گزارنے کے لیے نتھیا گلی پہنچے تو انھوں نے علاقے میں لائی جانے والی مثبت تبدیلیاں دیکھیں۔

معلوم کرنے پر انھیں بتایا گیا کہ یہ نئے سیکریٹری سیاحت اعظم خان کے اقدامات ہیں۔ عمران خان کی ہدایت پر اعظم خان انھیں ملے اور انھیں سیاحت کے فروغ کے لیے اپنے ایجنڈے سے آگاہ کیا۔ یہ ملاقات آئندہ آنے والے دنوں میں ہونے والی ایک گہری قربت کا ذریعہ بن گئی۔

یہی وجہ بنی کہ انھیں سیکریٹری سیاحت کے عہدے سے ہٹا کر ایڈیشنل چیف سیکریٹری خیبر پختونخواہ تعینات کردیا گیا جہاں وہ صوبے بھر کی بیوروکریسی کے امور کے لیے چیف سیکریٹری کی معاونت کرنے لگے۔

دوسری طرف مرکز میں مسلم لیگ ن کی حکومت کی بھی ان پر نظر تھی۔ وہاں فواد حسن فواد نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے، جن کی خواہش تھی کہ مرکز میں صرف پنجابی افسران کے بجائے باقی صوبوں کے اچھے افسروں کو بھی موقع دیا جائے۔ اسی تناظر میں انھوں نے وزیرِ اعظم نواز شریف کو چیئرمین سی ڈی اے کے لیے اعظم خان کا نام تجویز کیا۔

اس غرض سے انھوں نے اعظم خان کی نوازشریف سے ملاقات کا انتظام بھی کیا۔

اگست 2017 میں نواز شریف سے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کے لیے اعظم خان کو خصوصی دعوت دی گئی۔ نواز شریف نے اعظم خان کا پرتپاک انداز میں استقبال کیا اور کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ آپ کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے امور چلائیں، آپ کو کوئی اعتراض تو نہیں؟‘

اس پر اعظم خان نے بخوشی یہ خدمات سرانجام دینے کا عندیہ دیا اور وہ اس رسمی ملاقات کے بعد وزیرِ اعظم ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔

فواد حسن فواد بتاتے ہیں ’میرے پاس اعظم خان کے بارے میں موصول ہونے والی تمام اطلاعات مثبت تھیں اور یہی وجہ تھی کہ میں نے اس وقت اپنے ساتھی افسر کاظم نیاز کی مشاورت سے ان کا نام وزیرِ اعظم کو پیش کیا تھا۔‘

دوسری طرف کسی حوالے سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو بھی بھنک پڑ گئی کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اعظم خان کو خیبر پختونخواہ حکومت سے اچکنا چاہتی ہے۔

ان دنوں عمران خان وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سے مایوس تھے کیونکہ پرویز خٹک کے ساتھ دو چیف سیکریٹری محمد ارباب شہزاد اور امجد علی خان چل نہیں پائے تھے جبکہ تیسرے چیف سیکریٹری عابد سعید کے بارے میں بھی اچھی اطلاعات موصول نہیں ہو رہی تھیں۔

عمران خان چیف سیکریٹری کے طور پر اپنے اعتماد کا افسر تعینات کرنا چاہتے تھے۔ انھیں علم تھا کہ اعظم خان اور پرویز خٹک میں باہمی اعتماد کا فقدان ہوگا اور وہ اسے اپنے حق میں استعمال کرنا چاہتے تھے تاکہ لاہور میں بیٹھ کر خیبر پختونخوا کو ریموٹ کنٹرول کیا جاسکے۔

پرویز خٹک، عمران خان
،تصویر کا کیپشنبطور وزیرِ اعلیٰ پرویز خٹک کو بھی اعظم خان کے کام میں مداخلت کی اجازت نہیں تھی اور یہ عمران خان کی سرپرستی کی وجہ سے تھا

موقع اچھا تھا۔ عمران خان نے فوری طور پر اعظم خان سے رابطہ کیا اور انھیں چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کی تقرری کی دعوت دیتے ہوئے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ ان کے کام میں مداخلت نہیں کریں گے۔

اعظم خان نے اس دعوت کو چیئرمین سی ڈی اے کی وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے کی گئی پیشکش پر ترجیح دی، یوں وہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری سے پورے صوبے کے چیف سیکریٹری بن گئے اور ان کے کیریئر کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا جس کے بعد انھوں نے پیچھے مُڑ کر نہیں دیکھا۔

اعظم خان ستمبر 2017 سے جون 2018 تک چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے اور اس دوران صوبے کی ساری بیوروکریسی کو اس بات کا علم تھا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے عملی طور پر زیادہ خودمختار اور بااختیار اعظم خان تھے جن کے معاملات میں وزیرِ اعلیٰ کو بھی مداخلت کی اجازت نہیں تھی۔ یہ سب صرف اور صرف عمران خان کی سرپرستی کی وجہ سے ہی ممکن ہوا۔

ایسا نہیں کہ اتنی اہم تعیناتیوں کے دوران اعظم خان تنازعات کا شکار نہیں رہے۔ سیکریٹری سیاحت کے طور پر مالم جبہ سکینڈل میں ان کا نام شہ سرخیوں میں رہا، جس پر نیب کی تحقیقات عرصہ دراز سے جاری ہیں مگر ابھی تک کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی۔

سنہ 2018 کے عام انتخابات سے قبل بیوروکریسی کی اکھاڑ پچھاڑ کی گئی تو چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا اعظم خان کو مرکز میں سیفران ڈویژن کا سیکریٹری تعینات کر دیا گیا۔ انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد 18 اگست کو عمران خان نے وزیرِ اعظم کی حیثیت سے اپنا عہدہ سنبھالا تو اعظم خان ان کے پہلے سیکریٹری تعینات ہوئے، اور ابھی تک اس عہدے پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم کے ساتھ کام کرتے ہوئے ان کا نام سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے ساتھ پاکستان ٹیلی ویژن کے معاملات پر باہمی اختلافات کی شکل میں سامنے آیا، تاہم فواد چوہدری کی وزارت بدلنے کے بعد یہ معاملہ ٹھنڈا پڑ گیا۔

شوگر کمیشن کی تحقیقات کے دوران تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے وزیرِ اعظم عمران خان سے اختلافات کی خبریں زبان زدِ عام ہوئیں تو انھوں نے بھی وزیرِ اعظم عمران خان پر براہ راست تنقید کے بجائے ان کے سیکریٹری اعظم خان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اقتدار کے ایوانوں میں یہ بات گردش کرتی رہی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے بعض حلقے بھی اعظم خان سے ناخوش رہے ہیں، جس سے وہ خود بھی آگاہ تھے۔

سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ اعظم خان جلد ہی وزیراعظم کے سیکریٹری کا عہدہ چھوڑ کر امریکہ میں ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات سرانجام دے سکتے ہیں۔

اس عہدے پر تعیناتی کے لیے حکومت پاکستان کی طرف سے ورلڈ بینک کو بھیجی گئی سمری میں چار ناموں میں سے ایک نام اعظم خان کا بھی ہے تاہم ان کی اس تعیناتی کا فیصلہ ورلڈ بینک کے حکام ہی کریں گے۔

About The Author