نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

حکومت کا انسداد پولیو مہم کے از سر نو آغاز کا فیصلہ

رواں برس 2 قومی اور3 ذیلی انسداد پولیومہم چلائی جائے گی

رواں سال ملک میں 58 پولیو کیس، پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز ،حکومت کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد :

ملک میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے انسداد پولیو مہم کے از سر نو آغاز کا فیصلہ کرلیا، رواں برس 2 قومی اور3 ذیلی انسداد پولیومہم چلائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے ملک میں انسداد پولیو مہم کے از سر نو آغاز کا فیصلہ کرلیا ، اس حوالے سے وفاق نے صوبوں سے انسدادپولیو مہم کے از سر نو آغاز پر مشاورت مکمل کرلی ہے، وزیراعظم کی زیرصدارت این سی اوسی پولیومہم کے آغازکی توثیق کر چکی ہے۔

ذرائع وزارت صحت نے کہا ہے کہ رواں سال کی انسداد پولیو مہم کا شیڈول ترتیب دے دیا گیا ہے ، رواں برس 2 قومی اور3 ذیلی انسداد پولیومہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انسداد پولیو مہم کے از سرنوآغاز کا فیصلہ کورونا صورتحال کی بہتری پرہوا ، ملک میں پہلی ذیلی انسداد پولیو مہم 17 اگست سے چلائی جائے گی جبکہ دوسری ذیلی انسداد پولیو مہم 14 ستمبر سے چلائی جائے گی،ذیلی انسداد پولیومہم میں تقریباً 2 کروڑ بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلی قومی انسداد پولیو مہم 19 اکتوبر سے چلائی جائے گی اور دوسری پولیو مہم 23نومبر، تیسری 28 دسمبر سے چلائی جائے گی، قومی انسداد پولیو مہم میں 4 کروڑ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی، مہم میں 2 لاکھ 65 ہزار ورکرز حصہ لیں گے۔

ذرائع وزارت صحت کے مطابق رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم مارچ میں چلائی گئی تھی، کورونا کے باعث مارچ 2020 کے بعد پولیو مہم نہیں چلائی جا سکیں۔

رواں سال ملک میں 58 پولیو کیس سامنے آچکے ہیں، پولیو مہم میں کورونا سے حفاظت کیلئےخصوصی انتظامات کئے جائیں گے، پولیو ورکرز،سیکورٹی اہلکاروں کو کورونا حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں گی جبکہ مہم کیلئے کورونا حفاظتی کٹس صوبے اور این ڈی ایم اے فراہم کریں گے۔

About The Author