نومبر 15, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

 گومل یونیورسٹی ڈیرہ کی تاریخ کا پہلا اہم انقلابی اقدام،ملازمین کی تمام تنظیموں اور گروپ بندیوں پر پابندی عائد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گومل یونیورسٹی ڈیرہ کی تاریخ کا پہلا اہم انقلابی اقدام ،گومل یونیورسٹی ڈیرہ میں پروفیسر اساتذہ ‘ افسران اور ملازمین کی تمام تنظیموں اور گروپ بندیوں پر مکمل طور پر پابند ی عائد کر دی گئی،

گومل یونیورسٹی کو جلد پاکستان کے بہترین اداروںمیں شامل کریں گے اوراس کےلئے خواہ کتنے ہی سخت فیصلے کیوں نہ کرنا پڑےں ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد۔ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی ہدایت پر جاری ہونےوالے نوٹیفیکیشن نمبر

2683/2725/GU/Estt: تاریخ19جو ن 2020 کے مطابق خیبرپختونخوایونیورسٹی ایک 2012اور گومل یونیورسٹی کے سٹیچیوٹس 2016 (ترمیم شدہ) کے مطابق گومل یونیورسٹی کے افسران‘ اساتذہ اور ملازمین کو کسی بھی قسم کی ایسوسی ایشن یا گروپ بندی کی اجازت نہیں ۔

وائس چانسلرنے مزید کہا کہ اگرگومل یونیورسٹی کے طلباءکو کسی قسم کی تنظیموں کی اجازت نہیں دیتا تو ملازمین کو بھی اس کی اجازت نہیں دونگا ۔اگر کوئی بھی افسر، استاد ‘ملازم یا طالبعلم اس قسم کی تنظیموں یا گروپ بندی میں شامل پایا گیا تو گومل یونیورسٹی کے قوانین کے مطابق اس کے خلاف سخت ترین تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

انہی تنظیموں اور گروپس نے اس قدیم مادر علمی کوبہت نقصان پہنچایااور تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیاہے۔جس کی وجہ سے گومل یونیورسٹی کا آج یہ حال ہے اور اس کا سب بڑا نقصان طلباءکے ساتھ ساتھ اس خطے کو بھی ہوا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ گومل یونیورسٹی میں کام کرنےوالوں کی کمی نہیں مگرایسوسی ایشن اور گروپو ںنے ایسے لوگوں کو ہمیشہ پس پردہ رکھا ہے ۔ میں گومل یونیورسٹی کو پاکستان کے بہترین اداروں میں لانا چاہتا ہوں اس کے لئے مجھے خواہ کتنے ہی سخت فیصلے کیوں نہ کرنا پڑےں کرونگا۔

٭٭٭

گرمی کی شدت سے پریشان حال شہریوںنے دریائے سندھ اور نہروں کا رخ کرلیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر اور گردونواح میںگرمی کی شدت میں روز بروزاضافہ ہوتاجارہا ہے جبکہ حبس بھی بڑھ گیا ،گرمی کی شدت سے پریشان حال شہریوںنے دریائے سندھ اور نہروں کا رخ اختیار کرلیا۔

ڈیرہ شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں گرمی کی شدت سے پریشان حال شہریوں کی بڑی تعداد نے گرمی کی تمازت کم کرنے کے لئے دریائے سندھ اور نہروں کا رخ اختیار کرلیا ،جون ،جولائی کے مہنیوں میں عام مہنیوں کی نسبت گرمی عروج پر پہنچ جاتی ہے

جس میں نوجوان شہری ،بزرگ ،بچے دریائے سندھ اور نہروں کی طرف رخ اختیار کرلیتے ہیں ،شہری گرمی کو دور بھگانے کے لئے دریائے سندھ اور قریبی نہروں کے مقام پر ٹھنڈے پانی میں نہانے اور لطف اٹھاتے دکھائی دیتے ہیں جہاں شدید گرمی کے موسم میں سخت ٹھنڈ ک محسوس ہوتی ہے ،

اس طرح نوجوان سارا سارا دن پانی میں نہاتے نظر ااتے ہیں جبکہ امیر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے کوٹھیوں ،بنگلوں اور اپنی ارضیوں میں سوئمنگ پول قائم کررکھے ہیں ،اس طرح تازہ پانی حاصل کرنے کے لئے مالکان بورنگ وغیر ہ چلا کر ٹھنڈے پانی کو زخیرہ کرکے نہاتے دکھائی دیتے ہیں

اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے منچلے نوجوان دریا اور نہروں کے پانی میں نہا کر اپنا شوق پورا کرتے ہیں ،شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اگر سرکاری سطح پر دریائے سندھ کے کنارے پر اس طرح کے انتظامات کیے جائیں

جہاں پانی زخیرہ کرکے بچوں کے لئے تالاب بنوائے جائیں جس سے بچوں کے دریا میں ڈوبنے کے خدشات کم ہوسکتے ہیں ،دوسری جانب گرمی اور کورونا کی وبا کی وجہ سے بازاروں میں ہو کا عالم ہے ، جنرل بس سٹینڈ اور دیگر لاری اڈوں پر بھی ویرانی چھائی ہوئی ہے ،

البتہ نہروں پر گرمی سے بچنے کیلئے لوگوں کا رش دیکھنے میں آرہاہے۔ لوگ کی بڑی تعداد گھروں تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔

٭٭٭

 گرمی کی شدت میں اضافہ ، اوپر سے بجلی کی غیر اعلانیہ بدترین لوڈ شیڈنگ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر اور گردوونواح میں گرمی کی شدت میں اضافہ ، اوپر سے بجلی کی غیر اعلانیہ بدترین لوڈ شیڈنگ ، عوام کیلئے وبال و جان بن گئی ، صارفین کاشدید احتجاج ،لوڈشیڈنگ میں کمی کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک طرف شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جس کی وجہ سے عوام پریشان ہے تو دوسری طرف واپڈا ڈیرہ کی جانب سے شہر سمیت دیگر علاقوں میں صبح 4بجے سے 5بجے تک اوررات کے اوقات میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے ،

عوام کا کہنا ہے کہ واپڈا ڈیرہ جہاں دن بھر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرتا رہتا ہے وہ رات کوبھی جاری رہتا ہے جس سے رات کو بھی بزرگ،بچے اور صارفین کو سکون نصیب ہے ،

عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ کا شیڈیول تبدیل کرکے کمی کی جائے بصورت دیگر عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائے گی جس کی ذمہ داری واپڈا حکام پر عائد ہوگی۔

٭٭٭

 آن لائن موبائل گیمز کے حد سے زیادہ استعمال سے نوجوانوں میں خودکشی کا بڑھتا رجحان افسوسناک

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ سمیت ملک بھر میں آن لائن موبائل گیمز کے حد سے زیادہ استعمال سے نوجوانوں میں خودکشی کا بڑھتا رجحان افسوسناک ‘ بچوں میں مقبول آن لائن گیم پب جی آئس سے زیادہ مہلک ڈیجیٹل نشہ بنتی جارہی ہے،

پب جی گیم کی لت، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں خودکشیوں میں اضافہ ہونے لگا ، پب جی اور دیگر آن لائن گیمز پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں بدنام ہو رہی آن لائن گیم پب جی نے پاکستان میں بھی مزید 2 جانیں لے لی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور میں 4 روز کے دوران 2 نوجوان نے ایک ہی طرز پنکھے سے لٹک کر خود کشی کر لی جبکہ چند روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی سولہ سالہ نوجوان نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی تھی ،بتایا گیا ہے کہ یہ نوجوان پب جی گیم کے شوقین تھے۔

بتایا گیا ہے کہ پب جی گیم میں اسلحے کا استعمال ہوتا ہے اور نوجوانوں کو شدت پسندانہ رویے کی جانب راغب کیا جاتا ہے۔ اب اسی صورتحال میں پولیس نے پب جی اور دیگر آن لائن گیمز پر پابندی لگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے پولیس حکام نے کہا ہے کہ بعض آن لائن موبائل گیمز کے حد سے زیادہ استعمال سے نوجوانوں میں خودکشی کا بڑھتا رجحان افسوسناک ہے، بچوں میں مقبول آن لائن گیم پب جی آئس سے زیادہ مہلک ڈیجیٹل نشہ بنتی جارہی ہے۔

انہوںنے کہا ہے کہ پب جی گیم جیسی کچھ آن لائن وار گیمز ایسی ہیں جو کہ پلیئر کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں۔ جنگجو سوچ کی حامل اس گیم کو جب بچہ کھیلنا شروع کرتاہے تو وہ نفسیاتی و دماغی طورپر اس کے ساتھ مکمل وابستہ ہو جاتاہے اور حقیقی دنیا کے ساتھ رابطہ منقطع کرکے پھر جیسا گیم کھلاتی جاتی ہے بچہ اس ٹارگٹ کو حاصل کرنے کیلئے کھیلتا چلا جاتا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ والدین اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں اور انہیں ادبی و تخلیقی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کی کوشش کریں۔

٭٭٭

سماج دشمن عناصر کے خلاف ضلع بھر میں 307سرچ اینڈ سٹرائیک آ پریشنز کے دوران 455مطلوب اشتہار ی گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) نیشنل ایکشن پلان کے تحت ڈیرہ پولیس نے سات ماہ کے دوران سماج دشمن عناصر کے خلاف ضلع بھر میں 307سرچ اینڈ سٹرائیک آ پریشنز کے دوران 455مطلوب اشتہاریوں،2717مشکوک سمیت غیر قانونی مقیم 12افغان باشندوں کو گرفتار کیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ ا سماعیل خان کیپٹن (ر)حافظ واحد محمود کی ہدایت پر سماج دشمن عناصر کے خلاف ضلع بھر میں 307سرچ اینڈ سٹرائیک آ پریشنز کئے گئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ڈیرہ کے پانچ سرکلز سٹی، صدر، پروآ، پہاڑپور اور کلاچی کے علاقوں

میں گزشتہ 7 ماہ کے دوران شہر و مضافاتی علاقوں اور دیہاتوں میں آپریشنل کاروائیوں کے دوران قتل و اقدام قتل،ڈکیتی، راہ زنی اوردیگر سنگین مقدمات میں مطلوب 455اشتہاریوں سمیت2717مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

شہر کے مختلف مقدمات پر مشتبہ و جرائم پیشہ افراد کیخلاف جاری کاروائیوں کے تسلسل میں سفری و شناختی دستاویزات کے بغیر مقیم 12افغان باشندوں کو بھی حراست میں لیکر انکے خلاف متعلقہ تھانہ میں مقدمات درج کر لیے گئے۔

گزشتہ 7 ماہ کے دوران ضلع بھر میں کریک ڈاون کے دوران زیر حراست افراد کے قبضہ سے مجموعی طور پر54کلاشنکوف،13 کالاکوف،108 رائفلز ،1093بندوق،506پستول،2ہینڈ گرنیڈ اور13207مختلف بور کے کارتوس برآمد کیے گئے۔

آپریشنز کے دوران ضلع بھر میں کرایہ کے26583مکانات اور8331مرتبہ ہوٹلز کو چیک کیا گیا جن میں مقیم339غیر رجسٹرڈ افراد اور63ہوٹل کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔ضلع کے20731حساس مقامات5625مرتبہ اڈہ جات اور8023سکولوں کو چیک کرکے143 اہم مقامات،1اڈہ اور 9سکولوں کی سیکیورٹی ایکٹ کے تحت سیکیورٹی نہ ہونے پر مقدمات درج کیے گئے۔

٭٭٭

 پھل اور سبزی فروش صفائی ستھرائی کے نام پر پھلوں کو کیمیکلز سے دھوکر دلکش بنانے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پھل اور سبزی فروش صفائی ستھرائی کے نام پر پھلوں کو کیمیکلز سے دھوکر دلکش بنانے لگے ،سبزی فروش صفائی ستھرائی کے نام پر پھلوں کو کیمیکلز ملے صابن ،شیمپو ،سرف سے دھوکر دلکش بنانے لگے ،

صارفین کو متوجہ کرنے کے لئے پھلوں اور سبزیوں کو مختلف طریقوں سے چمکایا جانے لگا ،ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران خاموش تماشائی ،تفصیلات کے مطابق شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں پھل اور سبزیاں فروخت کرنے والے دکانداروں نے پھلوں اور سبزیوں کو فروخت کرنے کا نیا طریقہ تلاش کرلیاہے۔

شاطر دکانداروں نے سرف ،صابن ،شیمپو اور کیمیکل کے ساتھ سبزیاں ،پھل دھوکر سجادیتے ہیں چمک پیدا ہونے سے شہری اور خاص کر سادہ لوح افراد جوق درجوق سبزیاں اور پھل خرید کر گھروں میں لے جاتے ہیں جس کے استعمال سے بزرگ شہریوں سمیت معصوم بچے موذی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں ۔

صارفین نے ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران سمیت ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ کیمیکل کا استعمال کرکے سبزیاں وپھل فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کاروائی عمل لائی جائے تاکہ شہری موذی امراض سے محفوظ رہ سکیں ،

٭٭٭

واپڈا ڈیرہ حکام نے پشاور ہائیکورٹ کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)واپڈا ڈیرہ حکام نے پشاور ہائیکورٹ پشاور کے رات کے وقت جیل میں لوڈ شیڈنگ نہ کرکے کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے ،سنٹرل جیل ڈیرہ میں رات کے وقت بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف قیدی سراپا احتجاج بن گئے ،حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

،ذرائع کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے واپڈا حکام کو احکامات جاری کئے گئے کہ صوبے بھر کی جیلوں میں سیکورٹی خدشات اور مخدوش حالات کے پیش نظر غروب آفتا ب سے طلوع آفتاب تک رات کے اوقات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے،

تاہم ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع صوبے کی حساس ترین ڈسٹرکٹ سنٹرل جیل ڈیرہ میں واپڈا حکام کی جانب سے اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیاہے ، رات12سے 1بجے، رات2سے3بجے اور علی الصبح 4بجے سے5 بجے صبح تک بجلی کی بندش پر شدید گرمی سے بے حال قیدیوں نے جیل کی بارکوں میں واپڈا اور انتظامیہ کیخلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔

قیدیوں کے احتجاج کی اطلاع پر سپرنٹنڈنٹ جیل بنیامین خان میانخیل فوری طور پر موقع پر پہنچے اور قیدیوں سے مذاکرات کرکے انہیں مسئلہ کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی جس پر قیدیوں نے احتجاج ختم کردیا۔

اس حوالے سے سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ سنٹرل جیل بنیا مین خان میانخیل نے واپڈا پیسکو کے مقامی اور صوبائی ذمہ داران، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سمیت پشاور ہائیکورٹ پشاور کے رجسٹرار کو بجلی کی بندش اور شدید گرمی کے باعث قیدیوں کے مسائل اور سیکورٹی خدشات کے حوالے مذکورہ حکام کو مسئلہ کے حل کیلئے تحریری مراسلہ ارسال کردیا ہے۔

٭٭٭

 اراضی کے تنازعہ پردوگروپوں میں لڑائی جھگڑا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)یارک کے علاقہ وانڈہ میر عالم میں اراضی کے تنازعہ پردوگروپوں میں لڑائی جھگڑا، فریقین کے ایک دوسرے پر اراضیات ، درختوں اور دیگر سامان کو نقصان پہنچانے اور ڈرانے کیلئے ہوائی فائرنگ کے الزامات،

یارک پولیس نے دونوں فریقین کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ یارک کی حدود وانڈہ میر عالم میں فرید، جمشید، اعجاز اور یعقوب سمیت11مسلح افراد نے اراضی کے تنازعہ پر حکیم خان سکنہ میر عالم حال پیزو کی اراضات میں داخل ہوکر اس کے ملکیتی کیکر کے درخت کاٹ ڈالے اور حکیم خان کو ڈرانے کیلئے اس کے گھر پر ہوائی فائرنگ بھی کی۔

دوسری جانب جمشید نامی شخص نے رپورٹ درج کرائی کہ حکیم خان ، ظریف خان سمیت7 افراد نے ہماری اراضیات پر موجود بورنگ میں توڑ پھوڑ کی، ملزمان نے سولر پلیٹس، بورنگ پائپ اور دیگر سامان توڑ دیا اورڈرانے کیلئے ہوائی فائرنگ بھی کی۔

تھانہ یارک پولیس نے حکیم خان کی رپورٹ پر نامزد11ملزمان جبکہ جمشید کی رپورٹ پر7افراد کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے۔

٭٭٭

 محمد فیضان بلوچ نے انٹومالوجی ڈیپارٹمنٹ سے ایم فل کی ڈگری مکمل کر لی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ تعلیمی بورڈ کے سپرنٹنڈنٹ حاجی فضل الرحمن بلوچ کے فرزندمحمد فیضان بلوچ نے فیکلٹی آف ایگریکلچر، گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان سے انٹومالوجی ڈیپارٹمنٹ سے ایم فل کی ڈگری مکمل کر لی۔

اس موقع پر محمد فیضان بلوچ (ایم فل)نے کہا کہ اسسٹنٹ پروفیسر ڈیپارٹمنٹ اف انٹومالوجی، گومل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد مامون الرشید Internal Examinerکی انتھک کوششوں کی وجہ سے یہ سفر پایا تکمیل کو پہنچا۔

ڈاکٹر محمد مامون الرشید کی زیر نگرانی میں اس ڈگری کی تکمیل کسی اعزازسے کم نہیں۔ ڈاکٹر محمد مامون الرشید نے میری ہر موڑ پر رہنمائی کی،موجودہ Covid-19کی صورتحال میں آن لائن ڈیفنس سسٹم کی سہولت کیلئے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی ڈاکٹر افتخار احمد خان (تمغہ امتیاز)کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ میری یہ عظیم کامیابی میرے والدین کی شب و روز دعاوں کا نتیجہ ہے۔ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر/ڈائریکٹر ایڈمن، گومل یونیورسٹی ڈیرہ پروفیسر ڈاکٹر سلیم جیلانی کا بھی بے حد مشکور ہو جنہوں نے ہر مسئلے کو فوری حل کیا اور اس ڈگری کے حصول کیلئے راستے ہموار کئے۔

انہوں نے کہا کہ میں خصوصاً ڈاکٹر اظہر عباس (اسسٹنٹ پروفیسر بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان، بہادر کیمپس لیہ)جو کہ میرے External examiner تھے، کا بہت مشکور ہوں اور ساتھ ساتھ چیئرمین انٹومالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محمد جمشید اقبال اور ڈیپارٹمنٹ کے تمام اساتذہ کرام کا بھی شکر گزار ہوں کہ جن کے تعاون سے یہ کامیابی ممکن ہوئی۔

آخر میں تمام فیملی ممبرز اور دوستوں کا بھی شکریہ جنہوں نے ہر وقت دعاو ں میں یاد رکھا۔

٭٭٭

 نواب کے قریب راہزنی کی وردات

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ یونیورسٹی کی حدود نواب کے قریب راہزنی کی وردات ،نامعلوم مسلح شخص نے اسلحہ کی نوک مپر موٹر سائیکل سوار سے موبائل فون چھین لیا، یونیورسٹی پولیس نے دمہ درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ گومل یونیورسٹی میں محمد احمد مسعود ولد محمد علی سکنہ امین ٹاﺅن نواب نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ وہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ اچانک نامعلوم مسلح راہزن نے اسلحہ کے زور پر اسے روکا اور زبردستی اس سے موبائل فون چھین کر فرار ہوگیا۔

پولیس نے نامعلوم مسلح راہزن کیخلاف مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کردی۔

٭٭٭

 آرتھوپیڈک وارڈ میںجدید ترین اور اسٹیٹ آف دی آرٹ امیج انٹی نسیفیرموبائل ایکسرے مشین نصب کردی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مفتی محمود میموریل ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ کے آرتھوپیڈک وارڈ میںجدید ترین اور اسٹیٹ آف دی آرٹ امیج انٹی نسیفیرموبائل ایکسرے مشین نصب کردی گئی۔

آرتھوپیڈک ڈی پی ٹی کے سربراہ ، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ گومل میڈیکل کالج اور معروف آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ڈاکٹر سیدمحمد علی شاہ گیلانی نے بتایا کہ تقریبا ایک دہائی سے ڈیرہ کے مریضوں کو مذکورہ سہولت فراہمی کیلئے کوشاں تھے اور اب چیئرمین ایم ٹی آئی ارشد استرانہ،

گومل میڈیکل کالج کے ڈین سرجن ڈاکٹر ارشد علی اور بی او جی کے معززممبران کی کاوشوں سے مفتی محمود میموریل ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ میں آرتھوپیڈک کے مریضوں کیلئے جدید ترین اسٹیٹ آف دی آرٹ امیج انٹی نسیفیر ایکسرے مشین مشین کی تنصیب سے اب مریضوں کوپشاور یا اسلام آباد جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور یہ جدید ترین سہولت انہیں گھر کی دہلیز پر ہی دستیاب ہوگی۔

٭٭٭

خانہ بدوش 4سالہ بچہ دریائے سندھ میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ بھکر روڈ دریا خان پل کے قریب خانہ بدوش 4سالہ بچہ دریائے سندھ میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، ریسکیو1122کے غوطہ خوروں نے بچے کی لاش کو نکال لیا۔

ریسکیو1122کے میڈیا کوآرڈینیٹر اعزاز محمود کی جاری رپورٹ کے مطابق ڈیرہ بھکر روڈ دریا خان پل کے قریب رہائش پذیر خانہ بدوش 4سالہ بچہ آصف ولد فدا حسین دریاسندھ کے کنارے کھیلتے ہوئے اچانک دریا میں گر کر ڈوب گیا اور جاں بحق ہوگیا۔

واقعہ کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کاشف سلام کی ہدایت پر ریسکیو1122کے واٹر ونگ نے فوری سرچ آپریشن کے دوران بچے کی لاش تلاش کرکے ورثاءکے حوالے کردی۔

٭٭٭

فیس ماسک کے استعمال سے ڈاکوﺅں کی پہچان مشکل،قانون نافذ کرنے والے ادارے تذبذب کا شکار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)فیس ماسک کے استعمال سے ڈاکوﺅں کی پہچان مشکل،قانون نافذ کرنے والے ادارے تذبذب کا شکار ،فیس ماسک کے استعمال سے ڈاکوﺅں کی پہچان مشکل ،حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے فیس ماسک کا استعمال لازمی ،قانون نافذ کرنے والے ادارے تذبذب کا شکار ہوگئے ،

تفصیلات کے مطابق فیس ماسک کے استعمال کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد سمیت ڈاکوﺅں کی پہچان کرنا مشکل ہوگیا ہے ،حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے فیس ماسک کے استعمال پر سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں ،

اب کورونا سے بچانے والا فیس ماسک جرائم پیشہ افراد سمیت ڈاکوﺅں نے اپنی شناخت چھپانے کے لئے استعمال کرنا شروع کررکھاہے۔شہر کے مخصوص مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے فیس ماسک پہنے ڈاکوﺅں کی شناخت کسی صورت نہیں کرپاتے جس کا فائدہ ڈاکوﺅں کو براہ راست پہنچ رہا ہے ،

رواں ماہ شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں چوری ،رہزنی ،ڈکیتی کی درجنوں وارداتیں ہوئیں جس میں متعد د وارداتوں میں ڈاکوﺅں نے فیس ماسک کا استعمال کیا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ فیس ماسک سے شناخت کا عمل مشکل ہوا ہے لیکن دیگر طریقوں سے ملزموں کی گرفتاری کاعمل جاری ہے ،

ڈسٹرکٹ پولیس کے دعوے اپنی جگہ لیکن شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں معاشی مشکلات کے باعث جرائم پیشہ افراد کی کاروائیوں میں غیر معمولی اضافہ ہواہے۔

٭٭٭٭٭

About The Author