خواتین کے تنازع پر مسلح ملزمان نے مخالف کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تحصیل پہاڑپور کے علاقہ کوٹ جائی اڈہ کے قریب خواتین کے تنازع پر مسلح ملزمان نے مخالف کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا ،ملزمان موقع سے فرار ،دو افراد کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیاگیا ،
تحصیل پہاڑپور کے علاقہ کوٹ جائی کے رہائشی محبوب عالم ولد کالو قوم موہانہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ کوٹ جائی اڈہ پر موجود تھا کہ مسلح ملزمان ارشد عرف اچھو ولد غلام یٰسین قوم موہانہ سکنہ کوٹ جائی اور بلال سکنہ حسن شاہ پنجاب نے میرے اوپر فائرنگ کردی جس سے میں زخمی ہوگیا ،
وجہ عدوات خواتین کا تنازع بیان کیاگیا ،پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کرایہ ناموں پر عمل درآمد کروانے میں بری طرح ناکام
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کرایہ ناموں پر عمل درآمد کروانے میں بری طرح ناکام ،صوبائی حکومت کی ہدایایت پر سیکرٹری ڈسٹڑکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ایک ماہ زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود سرکاری کرایے ناموں پر عمل درآمد کروانے میں بری طرح ناکام ،
مسافر ٹرانسپورٹروں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ،سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ،شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ،
تفصیلات کے مطابق گزتہ ماہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے ضلع ڈیرہ میں مختلف روٹس پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں کا تعین کیا اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو جاری کیے گئے کرایے ناموں پر عمل درآمد کرنے کے احکامات جاری کیے ،
ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اضافی کرایے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف کسی قسم کی کاروائی نہیں کررہے ،جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ اتھارٹی کاکارکردگی مشکوک ہوکر رہ گئی ہے ،
مسافروں کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے تین مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کی لیکن ٹرانسپورٹر آج بھی کرایے وصول کرکے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہے ہیں ۔
٭٭٭
ملاوٹ شدہ کھلی سرخ مرچ ،بیسن تیار کرکے فروخت کرنے کا دھندہ نہ رک سکا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شہر وگردونواح میں ملاوٹ شدہ کھلی سرخ مرچ ،بیسن تیار کرکے فروخت کرنے کا دھندہ نہ رک سکا ،بااثر دکانداروں نے راتوں رات امیر ہونے کے چکروں میں شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنا شروع کردیا ہے ،
بچے اور بزرک شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے ،ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داروں نے خاموشی اختیار کرلی ،شہری سراپا احتجاج،تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر اور گردونواح میں ملاوٹ شدہ کھلی مرچیں اور بیسن تیار کرکے فروخت کرنے کا دھندہ عروج پر ہے ،
بااثر مافیا مرچوں میں بھوسا اور بیسن میں رنگ ملاکر دونوں چیزیں دھڑا دھڑ تیار کرکے فروخت کررہاہے۔اس دھندے میں ملوث بااثر افراد راتوں رات امیر ہونے کے چکروں میں شہریوں کی زندگیوں سے گھناﺅنا کھیل ،کھیل رہے ہیں ،
یہی وجہ ہے کہ شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ،موت کے ان سوداگروں کو ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران بے نقاب کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں ،ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران جو کاروائی کا پورا اختیار رکھتے ہیں ،
حقائق سے آگاہ ہونے کے باوجود انہوں نے آنکھیں بندکررکھی ہیں جس کی وجہ سے ملاوٹ مافیا کے حوصلے بلندہورہے ہیں اور وہ دن رات اس مکروہ دھندے میں مصروف ہیں ،ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں ملاوٹ مافیانے مختلف مقامات پر اپنی چکیاں لگا کر مرچیں اور بیسن تیار کرنا شروع کررکھا ہے ،
یہ دھندہ کرنے والے بااثر افراد شہریوں کی زندگیوں سے گھناﺅنا کھیل ،کھیل کر خود کروڑ پتی بن چکے ہیں جس کی وجہ سے بچے ،بزرگ خواتین موذی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ،شہریوں نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا ،
ڈی جی فوڈ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ اس مافیا کے خلاف قانونی کاروائی کرکے مقدمات درج کیے جائیں تاکہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے ملاوٹ مافیا کا محاسبہ ہوسکے ۔
٭٭٭
کورونا وائرس کی صورتحال اور اسکے پھیلاو کے تدارک سے متعلق اقدامات کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر دفتر میں اہم اجلاس
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائرس کی صورتحال اور اسکے پھیلاو کے تدارک سے متعلق اقدامات کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر دفتر میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا
جس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن(ر)حافظ واحد محمود ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم محسوداور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرزسمیت محکمہ صحت و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاو کے تدارک اور اقدامات پر تفصیلی غورو خوص کیا گیا۔صوبائی حکومت کے احکامات اور کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پازیٹیو کیسز کے پیش نظر ایسے تمام علاقوں جہاں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں تیزی سے اضافہ سامنے آ رہا ہے
ان علاقوں کو سمارٹ لاک ڈاون کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاو کا بروقت تدارک ممکن بنایا جا سکے۔ اس حوالے سے پہلے مرحلے میں محکمہ صحت اور تمام متعقلہ محکموں سے مشاورت کے بعد اسلامیہ کالونی، مدینہ کالونی اور گڑھی سدوزئی کے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاو¿ن کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کی ہدایت کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن(ر)حافظ واحد محمود کی جانب سے فوری طور پر مذکورہ علاقوں میں پولیس اہلکار تعینات کر دئیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی غیر ضروری نقل و حرکت کو روکا جا سکے
جبکہ ڈبلیو ایس ایس سی(واسا) اور ٹی ایم اے حکام کو بھی ان علاقوں میں ایس او پیز کے تحت صفائی ستھرائی اور ڈس انفکشن سے متعلق فرائض تفویض کر دیئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے عوام سے اپیل کی ہے
کہ حکومت کی جانب سے وضح کردہ تمام تر احتیاطی تدابیر بالخصوص ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے پر مکمل عملدرآمد کریں کیونکہ کورونا وائرس کا علاج دریافت نہ ہونے کے باعث احتیاطی تدابیر ہی اس وائرس سے نمٹنے کا واحد علاج ہے۔
٭٭٭
ٹرک کے ذریعے 32 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اڑھائی من چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)منشیات کی بھاری کھیپ پکڑی گئی ،ٹرک کے ذریعے 32 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اڑھائی من چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی،ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ،چر س اور ٹرک کو تحویل میں لے لیاگیا ،
کسٹم ذرائع کے مطابق کسٹم حکام نے منشیات کی بھاری کھیپ بلوچستان سے ڈیرہ اسماعیل خان کے راستے صوبہ پنجاب، سندھ اور بیرون ملک سمگل ہونے کی اطلاع پر کاروائی کی ، کسٹم سپرنٹنڈنٹ ڈیرہ امتیاز آفریدی کی قیادت میں
انسپکٹر میاں محمد عدیل اور انسپکٹر ضیاءالرحمن نے کسٹم پولیس ٹیم کے ہمراہ رات گئے ڈیرہ درابن روڈ کلاچی موڑ پر ناکہ بندی کے دوران مشکوک ہینوٹرک نمبر TKS-723کو رکنے کا اشاکیا جس پرٹرک ڈرائیور نے رکنے کی بجائے بھاگنے کی کوشش کی ۔
کسٹم پولیس کی ٹیم نے ٹرک کا پیچھا کیا اور اس کو روکنے کیلئے فائرنگ بھی کی گئی ۔ تعاقب اور فائرنگ کے دوران ڈرائیور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگیا ۔کسٹم حکام کے مطابق ٹرک کے اندر خفیہ خانے بنا کر ان میں چرس کے پیکٹ چھپائے گئے تھے ۔
دوران تلاشی ٹرک سے1080کلو گرام چرس برآمد ہوئی ہے جسکی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت تقریباً تین ارب روپے جبکہ پاکستان میں اسکی قیمت تقریباً 32کروڑ 40لاکھ روپے کے لگ بھگ بنتی ہے ۔ یہ ٹرک بلوچستان کے راستے پنجاب جا رہا تھا۔
ٹرک سے برآمد ہونیوالی چرس کی پیکنگ سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ منشیات پنجاب سے بیرون ملک سمگل کی جانی تھی ۔ کسٹم سپرنٹنڈنٹ امتیاز آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹرک کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کر کے اصل مجرم تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیںاور بہت جلد منشیات سمگلنگ کے اس بین الاقوامی نیٹ ورک کو بے نقاب کرینگے ۔
٭٭٭
محکمہ پولیس کے ریٹائرڈ ملازمین کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)فرنٹیئر ریزرو پولیس ڈیرہ اسماعیل خان آفس میں ایس پی نثارمحمدخان مروت نے محکمہ پولیس سے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو الوداع کیا جن میں سب انسپکٹر اخترعلی خان کو 42سالہ سروس
جبکہ ہیڈ کانسٹیبل عبدالمنان خان کو36سالہ سروس مکمل کر کے پھولوں کے ہار پہنائے اور تحائف پیش کئے گئے۔ اسی طرح نائب قاصد محمدعابد بھی 32سالہ سروس مکمل ہونے پر ریٹائرڈ ہو گئے جسکو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور تحفہ بھی پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی ایس پی ایف آر پی اسد محمود خان، لائن آفسر شاہجہان خان، آر آئی عبدالحلیم خان اور ہیڈ کلرک رمضان شیخ بھی موجود تھے ۔ایس پی ایف آر پی نثار محمد خان مروت نے تمام ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کیلئے آپکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور محکمہ پولیس کے دروازے آپ کیلئے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔
مضر صحت گوشت کی فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف کاروائی
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی ڈائریکٹر حلال فوڈاتھارٹی واصف خان کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی اور لائیوسٹاک کی ٹیموں کی علیٰ الصبح قصابوں اور نجی مذبحہ خانوں کیخلاف کاروائی، کمشنری بازار،مسلم بازار،پوندہ بازار،ظفر آبادکالونی سمیت ملتان روڈ پر گوشت کی مختلف دکانوں کا معائنہ،
غیر معیاری گوشت کی فروخت اور دوکانوں پر جانور ذبحہ کرنے والے تین قصابوں کو ہزاروں روپے کے جرمانے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر حلال فوڈ اتھارٹی واصف خان کی ہدایت پر حلال فوڈ اتھارٹی اور لائیوسٹاک کی ٹیموںنے
جمعرات کے روز علیٰ الصبح کمشنری بازار،مسلم بازار،پوندہ بازار،ظفر آبادکالونی سمیت ملتان روڈ پرقصابوں اور نجی مذبحہ خانوں کیخلاف کاروائی کی۔ حلال فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیوسٹاک کی مشترکہ کاروائی کے دوران گوشت کی مختلف دوکانوں کا معائنہ کیا گیا۔
حلال فوڈ کی ٹیم کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی، غیر معیاری گوشت کی فروخت اور دوکانوں پر جانور ذبحہ کرنے والے تین قصابوں کو موقع پرہزاروں روپے کے جرمانے بھی کئے گئے۔
٭٭٭
سابق لیبر آفیسر شوکت خان کنڈی انتقال کرگئے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سابق لیبر آفیسر شوکت خان کنڈی مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ ان کی نماز جنازہ رتہ کلاچی میں ادائیگی کے بعد رتہ کلاچی قبرستان میںتدفین کردی گئی۔
مرحوم شوکت خان کنڈی تحصیل میونسپل آفیسر ڈیرہ عمر خان کنڈی اورمعروف سماجی شخصیت ا اصغر خان کنڈی کے کزن تھے۔
٭٭٭
موسم گرما میں شہد کی مکھیوں کی خصوصی حفاظت کی جائے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے مگس بانوں کو ہدایت کی ہے کہ موسم گرما میں شہد کی مکھیوں کی خصوصی حفاظت کی جائے۔ گرمیوں میں شہد کی مکھیوں کو پانی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ ایک تو خوراک کو پتلا کرنا مقصود ہوتا ہے اور دوسرا چھتے کو ٹھنڈا رکھنا اشد ضروری ہوتا ہے۔
اس لئے باکسوں کے نزدیک صاف پانی کا انتظام ہونا چاہئے۔پانی کو گدلا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اس سے مکھیاں بیمار ہو سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ چیونٹیوں کے تدارک کیلئے بکس کے پائے پانی بھرے پیالوں میں رکھے جائیں اور ان میں روزانہ تازہ پانی تبدیل کریں۔ جب شہد کا موسم ختم ہونے والا ہو تو آخری بار نچلی منزل میں کافی شہد (تقریباً 10 کلوگرام) مکھیوں کی خوراک کیلئے چھوڑ کر باقی شہد نکال لینا چاہیے
اور فالتو چھتے بچی کھچی خوراک مکھیوں کو کھلا کر باہر نکال لیں اور انہیں خالی بکسوں میں رکھ کر گودام میں سٹور کر لیں۔چھتوں میں موم خور کیڑا پیدا ہونے کے خطرے کے تدارک کیلئے ایک ٹیکہ ڈیشیا یا فاسٹاکین سے ان چھتوں کو دھونی دیں۔
یاد رہے کہ بکس ہوا بند ہو اور خود کو بھی اس کے زہریلے اثرات سے بچانا چاہیے۔ اس دوائی کا عمل دو تین ہفتوں کے بعد دہرائیں۔
٭٭٭
گرمی اپنی انتہاءکو چھونے لگی
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گرمی اپنی انتہاءکو چھونے لگی۔ ڈیرہ میں درجہ حرارت 44 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جس کے باعث سڑکوں پر ہو کا عالم ہے، جبکہ بازاروں میں خریدار بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے گرمی کی لہر کو برقرار رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے ڈیرہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے ،تاہم رواں ہفتہ جون کا گرم ترین ہفتہ رہے گا اور درجہ حرارت مختلف شہروں میں 47 سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
ڈاکٹرز نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ سر اور منہ ڈھانپ کر باہر نکلیں پانی کا استعمال زیادہ کریں اور دھوپ سے بچنے کی کوشش کریں تاکہ مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔
٭٭٭
آم کے باغبان مختلف مسائل سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر آم کے باغبانوں کیلئے خصوصی سفارشات پرعملدرآمد کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ موسمی صورتحال کے باعث آم پر پھول نکلنے اور پھل بننے کا عمل متاثر ہواہے
لہٰذاآم کے باغبان مختلف مسائل سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے دوران ملاقات صحافیوںکو بتایا کہ آم کے ایسے پودے جن پر پھول آچکے ہیں اورپھل بن چکاہو ان کونائٹروجنی کھاد بالکل نہ دی جائے
البتہ پوٹاش والی کھاد اگر پھل کی برداشت کے بعد نہیں ڈالی گئی تو اس وقت ڈالی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے پودے جو ڈائی بیک یا غذائی عناصرکی کمی کا شکارہوں ان میں نائٹروجنی کھاد ڈال کر نئی منزلیں لینے کے بعد فاسفورس اورپوٹاش والی کھادیں ڈال دینی چاہئیں
٭٭٭
پھل کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے باغات میں کھادوں کے مناسب اور متناسب استعمال کی ہدایت
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے ترشادہ پھلوں کے باغبانوں کو پھل کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے باغات میں کھادوں کے مناسب اور متناسب استعمال کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ترشادہ پھلوں کی اچھی پیداوارکیلئے کھادوں کا استعمال بنیادی اہمیت کا حامل ہے‘غذائی عناصر کی کمی بیشی ترشادہ پھلوں کی صحت ‘ نشوونما ‘پیداواراور معیار پر ب±رے اثرات مرتب کرتی ہے۔
انہوں نے ´صحافیوں بتایا کہ پودے کو جن غذائی اجزاءکی ضرورت ہوتی ہے ان میں نائٹروجن سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ نائٹروجن کھاد پودے کی بڑھوتری اور اس کی نشوونما میں بھرپور معاونت فراہم کرتی ہے
علاوہ ازیں نائٹروجنی کھادکا استعمال ترشادہ پھلوں کے پودوں میں کلوروفل بنانے میں بھی معاونت کرتاہے ‘ پھول اور پھل کے بننے‘ پھل کی بڑھوتری اور اس کے معیار کیلئے نائٹروجنی کھادکا بروقت استعمال ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر باغبان کھادوں کا مناسب استعمال کرنے سے غفلت برتیں گے تو انہیں کئی مسائل کا سامنا کرناپڑسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں باغبان حضرات محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی راہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔
٭٭٭
جڑی بوٹیاں ‘سنڈیاں اور بیماریاں فصلات کی پیداوارمیں بہت بڑی کمی کا سبب بنتی ہیں
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا ہے کہ جڑی بوٹیاں ‘سنڈیاں اور بیماریاں فصلات کی پیداوارمیں بہت بڑی کمی کا سبب بنتی ہیں ان کے تدارک کے لئے کیمیائی زہروں کا استعمال ایک موثر علاج ہے
تاہم زہروں کی افادیت او ر مطلوبہ نتائج کے حصول کے لئے ایک خاص حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ زہریں نہ صرف زمین پانی فضاء اور جانداروں کے تمام ایکو سسٹم کیلئے مضرہیں بلکہ ناقص سپرے مشینری اور غلط طریقہ استعمال کی وجہ سے زہر کا کافی حصہ ضائع ہوجاتاہے۔
انہوں نے بتایا کہ کیڑوں اور بیماریوں کی اچھی تشخیص کرکے موزوں دوائی کا انتخاب اور سپرے صبح یاشام کریں۔
٭٭٭
نئی نسل کوپاکستان کی ثقافت اورمذہب کے حوالے سے آگاہی دیناوقت کی اہم ضرورت ہے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کہاہے کہ نئی نسل کوپاکستان کی ثقافت اورمذہب کے حوالے سے آگاہی دیناوقت کی اہم ضرورت ہے ،ان کے لئے یوٹیوب ،انسٹاگرام ،
ٹوئیٹر،فیس بک پراصلاحی فلمیںاورویڈیوزاپ لوڈ کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ آج کل کے والدین بچوں کی ضدکے آگے ہارجاتے ہیںانہیںموبائل خریدکردیتے ہیںہیں ،لیپ ٹاپ ودیگرالیکٹرانکس گیجٹس بچوں کے پاس موجودہیں اوران کے گھروں میں 24گھنٹے انٹرنیٹ چل رہاہوتاہے۔
بچے اپنے کمروں میں کیاکررہے ہوتے ہیں انہیں معلوم نہیں کیونکہ اکثروالدین سوشل میڈیااورانٹرنیٹ استعمال ہی نہیں کرتے۔بچے اس بات کافائدہ اٹھاتے ہیںاوروہ اپنی من مانی شروع کردیتے اوران چیزوں کی طرف چلے جاتے ہیں جوآگے چل کران کیلئے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔
٭٭٭
پاکستان مینٹینینس آف ایسینشل سروسز ایکٹ 1952“ کا اطلاق کردیاگیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کیلئے”پاکستان مینٹینینس آف ایسینشل سروسز ایکٹ 1952“ (Pakistan Maintenance of Essential Services Act 1952) کا اطلاق کر دیا گیا ہے،
یہ ایکٹ11 جون سے نافذ العمل ہے۔ یہ ایکٹ ہر اس وفاقی ادارے کیلئے ہے جس کا کام عوام کو قدرتی آفات اور ہنگامی میں ضروری خدمات فراہم کرنا ہوتا ہے۔
وفاقی حکومت کی باقاعدہ منظوری کے بعد یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ضروری خدمات کی بحالی کا ایکٹ برائے فوڈ سیکورٹی اور معاشرتی زندگی کی بہتری کیلئے لاگو کیا گیا ہے۔ اس ایکٹ کے تحت کارپوریشن کے تمام آپریشنز کسی بھی قدرتی آفت،
ایمرجنسی یا وبائی مرض کے پھیلاو کے ایام میں مکمل طور پر کھلے رہیں گے اور کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں عوام کی خدمت میں مصروف عمل رہیں گے۔
یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن میں اس ایکٹ کو لاگو کرنے کا مقصد کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاو کی صورت میں لاک ڈاﺅن کے دوران پاکستانی شہریوں کو اشیاءخوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کے ذریعے معاشرتی زندگی میں بہتری لانا اور کسی بھی وبائی صورتحال میں فوڈ سیکورٹی مہیا کرنا ہے۔
یاد رہے اس ایکٹ کا دورانیہ 6 ماہ کیلئے ہو گا جو بعد میں حکومتی منظوری سے بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔
٭٭٭
مضر صحت مشروبات کی فروخت، ہزاروں شہریوں کے مختلف امراض میں مبتلا ہونے کے خطرات
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ کے مرکزی گیٹ سمیت شہر بھر میں مضر صحت مشروبات کی فروخت، ہزاروں شہریوں کے مختلف امراض میں مبتلا ہونے کے خطرات، متعلقہ محکمے خاموش تماشائی بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق شدید گرمی اور حبس کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو سامنے رکھتے ہوئے جگہ جگہ ناقص، غیر معیاری اور مضر صحت مشروبات کی فروخت کا دھندہ جاری ہے۔ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال کے مرکزی گیٹ سمیت شہر کے مختلف بازاروں،
ملحقہ آبادیوں، مین شاہراہوں اور دیہی علاقوں میں ان مضر صحت مشروبات کے استعمال سے ہزاروں شہریوں کی قیمتی جانوں پر بدستور خطرات منڈلارہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ فوڈ، صحت سمیت متعلقہ ادارے دفاتر کی حد تک محدود ہیں۔
٭٭٭
کوگل نے ایک مشترکہ رجحانات کی لیڈرشپ رپورٹ ” انسائٹس فار برانڈز“ جاری کردی
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاکستان میں پہلی بار،آن لائن سرچ کمپنی ، گوگل نے صارف کے رجحانات کومدنظر رکھتے ہوئے کہ پاکستان آن لائن کیا تلاش کررہا ہے پر مبنی ایک مشترکہ رجحانات کی لیڈرشپ رپورٹ ” انسائٹس فار برانڈز“ جاری کردی ہے۔
آن لائن سرچ ،دورِحاضرکے معاشرے میںصارف کے رجحانات کو جاننے کے لیے ایک اہم اشاریہ ہے۔آن لائن سرچ سے ملنے والی آگاہی تمام کاروباری افراد کیلئے نہایت مفید ہے جو آن لائن اپنے حاضرین کے ساتھ مشغول ہونے کیلئے مختلف طریقے تلاش کررہے ہیں۔
پاکستانی دیگر مقاصد کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ کو ذاتی طور پر دل بہلانے ، ریستورانوں کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنے ، مصنوعات کی تلاش میں معاونت کرنے اورسب سے بڑھ کر حقائق کا ذریعہ بتانے کیلئے انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔
پاکستانیوں کو ان کے اسمارٹ فونز سے الگ نہیں کیا جا سکتا ہے کیوں کہ وہ ہمیشہ ، اپنے اطراف میں، بہترین تجربات اورڈیلز کی تلاش میں رہتے ہیں اور ساتھ ہی، اِن مشکل حالات میں ،مستند معلومات بھی تلاش کرتے رہتے ہیں۔
“یہ بات گوگل ایشیا پیسفک کے انڈسٹری ہیڈ فار ساوتھ ایشیا، فراز اظہر نے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”ہماری تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ صارفین بلند تر نفاست، زیادہ پائیدار اشیاء اور خدمات میں دلچسپی لیتے ہیں اور گزشتہ 12 مہینوں کے دوران، صحتمند تر طرز زندگی کی جانب ان کی رغبت کے اہم محرکات ہیں۔
اِس کے علاوہ ، پاکستان کی مقبول آن لائن ویب سائٹ، یو ٹیوب ، پر بھی لوکل کنٹنٹ پر مشتمل ڈیجیٹل ویڈیو ز کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔“حال ہی میں جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، گوگل نے پانچ ایسے اہم رجحانات کی نشاندہی کی ہے جن سے معلوم ہوتا ہے کہ سرچ کرنے کے لیے پاکستانیوں کا طریقہ کیا ہے اور اس سے،موجودہ ماحول میں ،انسانی نقل و حرکت میں کمی کے اثرات کے بارے میں تجسس کا بھی پتا چلتا ہے۔
٭٭٭
پاکستان میں 21 جون کو مکمل سورج گرہن ہوگا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاکستان میں 21 جون کو مکمل سورج گرہن ہوگا۔رنگ آف فائر کی وجہ سے دن میں مکمل اندھیرا تو چھا ہی جائے گا لیکن موسم پر بھی اس کے اثرات پڑیں گے۔
پچھلے برس 26 دسمبر 2019 کو سورج گرہن کے تقریبا 6 ماہ بعد دوبارہ 21 جون 2020 کورنگ آف فائر یعنی مکمل سورج گرہن ہوگا جو پاکستان میں بھی دیکھا جا سکے گا۔گزشتہ برس دسمبر میں سورج گرہن کے باعث پاکستان میں درجہ حرارت تاریخ میں پہلی بار منفی21 تک گرگیا تھا۔
درجہ حرارت میں ریکارڈ کمی کے باعث ہنزہ جھیل سمیت شمالی علاقہ جات میں پانی کے تمام ذخائر جم گئے تھے۔محکمہ موسمیات کے فور کاسٹنگ آفیسر نے بتایا ہے کہ آنے والے سورج گرہن جون میں ہورہا ہے۔ کیوں کہ یہ گرمی کا مہینہ ہے اور اگر یہ 4 سے 5گھنٹے بھی رہتا ہے تو کولنگ افیکٹ زیادہ نہیں ہوگا۔
آنے والا سورج گرہن پاکستان میں لگ بھگ سوا 6 گھنٹے تک رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہفتے کے آخر میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، شمالی پنجاب اور کشمیر میں بادل برسنے کا امکان ہے جس سے کچھ دنوں کو لئے موسم ٹھنڈا رہنے کے بعد گرمی شروع ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سورج گرہن 21 جون کو صبح 8 بج کر46 منٹ پر شروع ہوکر دوپہر 2 بج کر 34 منٹ پر ختم ہو گا۔ مکمل سورج گرہن کا واضح نظارہ صرف سکھر میں ہوسکے گا جس کو احتیاطی تدابیر کے بغیر برہنہ آنکھ سے دیکھنے کی غلطی ہر گز نہ کی جائے۔
اے وی پڑھو
چُپات – کہاݨی ۔۔۔||وقاص قیصرانی بلوچ
سیت پور کا دیوان اور کرکشیترا کا آشرم||ڈاکٹر سید عظیم شاہ بخاری
موہری سرائیکی تحریک دی کہاݨی…||ڈاکٹر احسن واگھا