جوانسال بیوہ خاتون کے گھر میں گھس کراس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نوجوان کو مہنگی پڑگئی
ڈیرہ اسماعیل خان:جوانسال بیوہ خاتون کے گھر میں گھس کراس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نوجوان کو مہنگی پڑگئی،خاتون کی رپورٹ پر نوجوان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاگیا ،
پنیالہ کے علاقہ وانڈہ عمری کی رہائشی 27 سالہ بیوہ خاتون (ص بی بی ) نے تھانہ نواب میں رپورٹ درج کرائی کہ ملزم احتشام رات کے ڈیڑھ بجے میں میرے گھر کی دیوار پھلانگ کراندر داخل ہوا اور میرے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرکے میرے عصمت پامال کرنے کے درپے ہوا ،
میرے شور شرابہ کرنے کی دھمکی پر وہ وہاں سے بھاگ نکلا ،پولیس نے بیوہ خاتون کی رپورٹ پر نوجوان کے خلاف مقدمہ کرلیا اور کاروائی کے دوران اسے گرفتارکرکے حوالا ت میں بند کردیا ہے ۔
٭٭٭
منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیاگیا ،چارکلو سے زائد چرس برآمد
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس کا ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے گرینڈ آ پریشن جاری ،بین الا ضلاعی منشیات سمگلرز سمیت منشیات کے گھناﺅنے دھندے میں ملوث منشیات فروش گرفتار ،ان کے قبضہ سے 04.141 کلوگرام چرس بر آ مد
،تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سر براہ کیپٹن (ر) واحد محمود کی ہدایات پر منشیات فروشی کے کاروبارمیں ملوث موت کے سوداگروں کے ساتھ آ ہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لےے ضلع بھر میںان کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے کامیاب گرینڈ آ پریشن جاری ہے
انہی آپریشنزکے دوران ایس ایچ او شہید نواب خان ثمر عباس نے بدنام زمانہ منشیات فروش حشمالی خان ولد پوپی خان قوم گنڈھیرخیل سکنہ بدنی خیل جو کہ منشیات فروشی کے گھناﺅنے دھندے میں ملوث تھا کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 04.141 کلوگرام چرس بر آ مد کر کے پابند سلاسل کر دیا ۔
٭٭٭
ڈیرہ پولیس کا سمگلنگ مافیا کے خلاف کریک ڈائون
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس کی بڑی کاروائی سمگلنگ مافیا کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری،120 کلو کشمش اور 20 کاٹن جوس قبضہ پولیس کر کے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا،
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن(ر)واحد محمود کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں امن و امان کے قیام ، انسداد جرائم اور خاص کر سمگلنگ کی روک تھام کے لیے موثر گشت اور ناکہ بندیاں قائم کر کے سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔
اسی چیکنگ کے تسلسل میں ایس ایچ اودرابن عطاءاللہ خان نے بدوران ناکہ بندی بس ڈبہ 066 سے 20 کاٹن جوس اور بس ڈبہ نمبر 961 سے 120 کلو کشمش قبضہ پولیس کر کے کسٹم حکام کے حوالے کیے ۔ اسی طرح ڈیرہ پولیس نے گزشتہ سات ماہ کے دوران 46 عدد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ،15 ٹرک ٹینکر ،04 ٹرک سکریپ،01 کوسٹر ،1284 کلو گرام چائے،
241304 لیٹر ایرانی ڈیزل ،40000 لیٹر ایرانی آئل ،9955 لیٹر ایرانی پیٹرول ،24 کاٹن تھرماس ،12270 کلو گرام کوکونٹ ،4035کلو گرام بادام ،1354 کلو گرام کشمش ،54 بوری چلغوزہ ،121 عدد ٹائر ،45000 کلو سیب ،
199 لیٹر کوکنگ آئل ،2200 کلو تازہ انار ، 38990ڈبی سگریٹ،27 بیگ خشک میوہ ،175 کلو چائنہ نمک ،06 کاٹن سرجیکل میڈیکل آلات ،08 کاٹن سپیئر پارٹس ،05 گٹو سپیئر پارٹس ،03 کاٹن الیکٹرانکس سامان ،
1750 کلو گلیسرین ،20 کاٹن موبل آئل ،01 گٹو کپڑا ،04 بڑے بنڈل غیر ملکی کپڑا ،09 گٹو شاپر ،51678 کلو گرام مونگ پھلی ،06 گٹو چھلی ،04 عدد انورٹر ،11 عدد ہیٹر ،04 عددہیٹر شمسی انورٹر ،89 عدد موبائل ،
09 عدد واٹر پمپ ،07 بوری پان سپاری،13 پیکٹ گٹکا پان،450 کلو خشک دودھ ،288 Dove) (صابن ،20 کاٹن جوس سمیت متفرق سامان جس کی مالیت اربوں روپے بنتی ہیں ۔ جو کہ ملکی خزانے کو نقصان پہنچاتے ہوئے کسٹم ڈیوٹی ادا کیے بغیر سمگل کیا جا رہا تھا ۔کسٹم حکام کو موقع پر ان کے حوالے کر دیا گیا۔
٭٭٭
مدرسہ کے طالبعلم نے اپنے استاد پر چھری سے قاتلانہ حملہ کردیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مدرسہ کے طالبعلم کا اپنے استاد پر چھری سے قاتلانہ حملہ ،استاد بال بال بچ گیا ،شاگرد کے خلاف قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کرلیاگیا ،مدرستہ ریاض الجنةکے مدرس عزیز اللہ ولد سراج دین نے تھانہ ٹاﺅن میں رپورٹ درج کرائی
کہ میں مدرستہ ریاض الجنتہ کا مدرس ہوں جبکہ ملزم فرمان اللہ میرا شاگردہے ،وقوعہ کے روز میں جارہا تھا کہ کورائی بائی پاس کے قریب پہنچنے ملزم فرمان اللہ نے چھری سے میرے اوپر قاتلانہ حملہ کیا لیکن خوش قسمتی سے میں بال بال بچ گیا ،
مدرس سے وجہ عدوات یہ بیان کی کہ مدرستہ میںکچھ عرصہ سے چوریاں ہورہی تھی جس کا شبہ ملزم پرکیاگیا اور اس سے دس ہزار روپے بھی برآمد کیے گئے۔پولیس نے ملزم کے خلاف قاتلانہ حملہ کا مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی ہے۔
٭٭٭
کار میں پیٹرول ختم ہونے کے بہانے لوگوں سے ہزاروں روپے بٹورنے والے ملزمان گرفتار
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کار میں پیٹرول ختم ہونے کے بہانے لوگوں سے ہزاروں روپے بٹورنے کے الزام میں دو نوسربازوں کے خلاف دھوکہ دہی اور بھکارن ایکٹ مقدمہ درج کرلیاگیا ،
علاقہ چاہ لال والا مریالی کے رہائشی محمد ناصر ولد خادم حسین کھوکھر نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ وہ پاسپورٹ دفتر ڈیرہ کے قریب موجود تھا کہ اس دوران ٹویوٹا کرولا جی ایل آئی پر سوار دو افراد محمد بلال ولد وریام اور جاوید بابو ولد بابو خان قوم راجپوت ساکنا ن بھکر وہاں آئے
اوردھوکہ دہی کے ذریعے میرے سے دوہزار روپے جبکہ وہاں پر موجود دیگر افراد سے رقم مانگ رہے تھے ، کہ ہماری کار میں پیڑول ختم ہوچکا ہے اور ہمارے پاس رقم نہیں ہے ۔ملزمان کی دھوکہ دہی اور نوسربازی کاعلم ہونے پر انہیں قابو کرکے پولیس کے حوالے کردیاگیا ،
پولیس نے ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمہ جرم زیر دفعات 419.420.34 اور 09 بھکارن ایکٹ درج کرکے انہیں حوالات میں بند کردیاہے۔
٭٭٭
لاکھوں روپے مالیت کے چار کلو گرام سے زائد چرس برآمد کرکے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرلیاگیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پنیالہ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے چار کلو گرام سے زائد چرس برآمد کرکے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرلیا ،پولیس نے دو ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ،
ڈی پی او ڈیرہ حافظ واحد محمود کی منشیات فروشوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت پر پنیالہ پولیس نے علاقہ وانڈہ جمال موڑ کے قریب منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرکے ملزم فیضان ولد شاہ بہرام قوم کٹہ خیل سکنہ وانڈہ کریم درکھان کے قبضہ سے تین کلو 81 گرام چرس برآمد کرکے اسے گرفتارکرلیا ،
دوسری کاروائی کے دوران علاقہ بدنی خیل موڑ کے قریب ایک کلو ساٹھ گرام چرس برآمد ہونے پر منشیات فروش حشملی ولد بوٹی خان سکنہ بدنی خیل کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے،
٭٭٭
26 سالوں سے جاری پولیو مہم کے باوجود اس مرض پر قابو نہیں پایا جاسکا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبہ خیبر پختونخوا میں 26 سالوں سے جاری پولیو مہم کے باوجود اس مرض پر قابو نہیں پایا جاسکا،ڈیرہ سمیت ملک بھر میں اب تک پچاس سے زائد پولیو کے کیسز رونما ہوچکے ہیں جو خطرناک ترین صورتحال کی نشاندہی کررہے ہیں ،
خیبر پختونخوا میں پولیو مہم کے لئے کروڑوں روپے کے اخراجات ،سینکڑوں ہیلتھ ورکرز ،پولیس اہلکاروں کی شہادت کے باوجود صوبے میں پولیو مہم پر قابو نہیں پایا جاسکا،ملک میں پولیو وائرس کی شدت سے ستمبر سے دسمبر تک رہتی ہے ،
پولیو وائرس اس وقت دنیا بھر میں صرف پاکستان اور افغانستان میں موجود ہے ،2019 کے دوران پولیو وائرس سے 144 بچے متاثر ہوئے ،خیبر پختونخوا میں رواں سال کے دوران بیس بچے متاثر ہوئے ہیں ، پولیوکیسز میں اضافہ پر عالمی اداروں میں بھی تشویش پائی جاتی ہے ،
ملک میں اس وقت مزید بچوں کی کے لئے تباہ کاریوں کا خطرہ بنا ہوا ہے ،خیبر پختونخوا میں 26 سال سے پولیو مہم جاری ہے لیکن مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جاسکے ،سینکڑوں والدین کو انتظامیہ ،محکمہ صحت ،پولیو قطرے اپنے بچوں کو پلانے کے لئے راضی نہیں کرسکے ،
جس کے باعث خیبر پختونخوا میں پولیو کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
٭٭٭
سرکاری رقوم پرائیویٹ اکاﺅنٹس میں غیر قانونی طور پر رکھنے کا سروے مکمل کرلیاگیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)اسٹیٹ بینک نے خیبر پختونخوا میں سرکاری رقوم پرائیویٹ اکاﺅنٹس میں غیر قانونی طور پر رکھنے کا سروے مکمل کرلیاہے،سابق دور حکومت میں محکمہ خزانہ کے ملازمین کے خلاف بھی اس ضمن میں کاروائی ہوئی تھی ،سرکاری رقوم کے پرائیویٹ اور نجی بینک اکاﺅنٹس میںرکھنے پر پابندی عائد کی جارہی ہے ،
اسٹیٹ بینک ذرائع کے مطابق ملک بھر کے سرکاری ونجی بینکوںمیں 58 ہزار اکاﺅنٹس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور اداروں کے وہ فاضل فنڈز غیر قانونی طور پر جمع ہیں جنہیں مالی سال کی مدت ختم ہونے سے قبل قومی خزانے میں سرنڈر کیا جانا ضروری تھا ،
ایسے وقت میں جب حکومت کو اپنے اثاثے گروی رکھ کر سٹاک مارکیٹ اور بینکوں سے اربو ں روپے کے قرضے لینا پڑرہے ہیں ،اس وقت بھی ان اکاﺅنٹس میں حکومت پاکستان کے دوسوارب روپے سے زائد کا سرمایہ فاضل پڑا ہوا ہے ،
805 بڑے اکاﺅنٹس میں پڑی سرکاری رقم سنگل تریژری اکاﺅنٹس میں منتقل کرنے کا عمل تیس جون 2021 تک مکمل کرلیاجائے گا ،باقی اکاﺅنٹس میں موجودہ رقم سنگل ٹریژ
٭٭٭
محکمانہ کورس لوئر ،انٹر اور اپر کورسز کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو اگلے گریڈ میں ترقیاں رک گئیں
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائرس کے باعث صوبہ بھر کے محکمہ پولیس کے محکمانہ کورس لوئر ،انٹر اور اپر کورسز کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو اگلے گریڈ میں ترقیاں رک گئیں ،کورسز میں صوبے بھر کے سینکڑوں اہلکاروں نے مختلف کورسز میں ترقیوں ے حوالے شرکت کی تھی
تاہم کورونا وباءکے باعث ترقیوں کے لئے کیے جانے والے کورسز ملتوی کردیئے گئے ،کورسز کے ملتوی کرنے کے باعث لوئر ،انٹر اور اپر کورسز کرنے والے سینکڑوں اہلکار واپس اپنے اضلاع میں آگئے تاہم انہیں اگلے گریڈ میں تاحال ترقی نہیں دی گئی ہے ،
پولیس ذرائع کے مطابق ان کے کورسز ادھورے رہ گئے ہیں اور حالات کے بہتر ہونے پر یہ اہلکار اور افسران دوبارہ کورس پرجائیں گے ،کورس مکمل ہونے کے بعد ہی انہیں الگے گریڈ میں ترقی دی جائے گی ،کورونا وائرس کے باعث سینکڑوں اہلکار وں کو قانونی تقاضے مکمل نہ ہونے کے باعث ترقی نہیں دی جارہی ہے ،
تاہم کورسز میں شرکت کرنے والے اہلکاروں اور افسران کے مطابق انہوں نے ایک ماہ سے ایک سال کی تربیت مکمل کرلی ہے اور ترقیاں ہمارا حق ہے تاہم خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے اس ضمن میں کوئی حکمت عملی طے نہیں کی گئی ہے۔
٭٭٭
بیٹریوں کی قیمتوں میں تین سے چھ ہزار روپے تک اضافہ ہوگیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گرمی کا سیزن شروع ہونے کے باعث بیٹریوں کی قیمتوں میں بغیر تیزاب تین سے چھ ہزار روپے تک اضافہ ہوگیاہے ،مختلف کمپنیوں اور مختلف گاڑیوں کی بیٹریوں کی قیمت لاک ڈاﺅن کے بعد خوفناک حد تک اضافہ ہوگیاہے ،
موٹرسائیکل ،رکشہ ،مختلف ساخت کی موٹر گاڑیوں ،سوزوکی ،ویگن ،ڈاٹسن ،مزدے ،بڑے بڑے ٹرالر اور دیگر بڑی گاڑیوں کی ایک ہزا ر سے لے کر ایچ بی 46 ساخت تک کی بیٹریوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ،
لاک ڈاﺅن سے قبل مخصوص کمپنی کی بیٹری کی قیمت سترہ ہزار تین سوروپے تھی جوبیس ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے ،مختلف ساخت او رمختلف کمپنیوں کی بیٹریوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ،
سرکلر روڈ ،ٹانک اڈہ ،بنوں اڈہ سمیت مختلف مقامات پر بیٹری کا کاروبار کرنے والے تاجروں نے پرانے سٹاک کو بھی نئی قیمتوں پر فروخت کرنا شروع کردیاہے اور بیٹریوں کی مد میں کروڑوں روپے کا منافع کمالیاہے۔
٭٭٭
شہری مضر صحت اشیاءخوردونوش استعمال کرنے پر مجبور
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شہری مضر صحت اشیاءخوردونوش استعمال کرنے پر مجبور ،شہری موذی امراض میں مبتلا ہونے لگے ،ڈیرہ شہر اور گردونواح میں ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کی عدم توجہی وناقص کارکردگی کے باعث شہری مضر صحت اشیاءخوردونوش استعمال کرنے پر مجبور ہیں ،شہریوں کا ڈی جی فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کی کمزور گرفت کے باعث ملاوٹ مافیا پوری طرح متحرک ہوچکا ہے جس کی وجہ سے باربی کیو فروخت کرنے والے دکاندار باسی اور بیمار جانوروں کے گوشت سے فوڈ آئٹم تیار کرکے سرعام فروخت کررہے ہیں
جس کے استعمال سے شہری دست ،فوڈ پوائزن ،قے سمیت معدے کی موذی امراض کا شکار ہوکر ہسپتالوں کا رخ کررہے ہیں جبکہ ناقص وغیر معیاری گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کو چیک کرنے والے ادارے ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران نے مکمل لاتعلقی اختیار کررکھی ہے ۔
بیشتر قصابوں نے گندے نالوں پر گوشت لٹکا کر فروخت شروع کررکھا ہے جبکہ گوشت فروخت کرنے والوں کے لئے لازم ہے کہ وہ جالیوں کا استعمال کریں ،گوشت کو مکھیوں ،مچھروں سے محفوظ رکھا جائے جبکہ شہر ومضافاتی علاقوں میں گوشت فروخت کرنے والے قصاب سرعام قانون کی دھجیاں اڑاتے دکھائی دیتے ہیں ،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قصابوں کے ساتھ معاملات طے کررکھے ہیں جس کی وجہ سے ناقص وغیر معیاری گوشت سرکاری نرخوں سے اضافی نرخوں پر فروخت کرکے شہریوں کودونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہاہے۔
شہریوں نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے معیار کو چیک کیا جائے اورمقررہ نرخوں سے زائد نرخوں پر گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں
تاکہ شہری حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق سرکاری نرخوں پر گوشت خرید کراستعمال کرسکیں ۔
٭٭٭
کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کے علاج کے اخراجات آفیشل ویب سائٹ پر جاری کرنے کا حکم
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا میں پرائیویٹ ہسپتالوں کو کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کے علاج کے اخراجات آفیشل ویب سائٹ پر جاری کرنے کا حکم دیاگیاہے،ہیلتھ کیئر کمیشن خیبر پختونخوا کی جانب سے اس ضمن میں باضابطی اعلامیہ جاری کرکے نجی ہسپتالوں کو یہ حکم دیاگیاہے
،ہیلتھ کیئر کمیشن خیبر پختونخوا کے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ کورونا وائرس کی وباءکو خیبر پختونخوا میں حکومت نے ایمرجنسی قرار دیاہے ،اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نجی ہسپتال کورونا وائرس کے ہرمریض کے علاج کے اخراجات نوٹس بورڈ پر بھی لازمی آویزاں کریں ،
٭٭٭
ناقص کارکردگی کے باعث دکانداروں نے مہنگائی میں خود ساختہ اضافہ کردیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی ناقص کارکردگی کے باعث دکانداروںنے مہنگائی میں خود ساختہ اضافہ کردیا ،شہری پریشان ،جی ایس ٹی اور تبدیلی سرکار کا نام استعمال کرکے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جانے لگا ،اشیاءخوردونوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں ،شہری سراپا احتجاج،
تفصیلات کے مطابق شہر وگردونواح میں مہنگائی کا سونامی بے قابو ہوکر غریب ،سفید پوش طبقہ کے گھروں میں داخل ہوچکا ہے ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس حکومت کو ناکام بنانے کے لئے خود ساختہ مہنگائی کرنے والے مافیا کی سرپرستی کررہے ہیں
جس کی وجہ سے بااثر دکانداروں نے من مرضی کے نرخ مقرر کرکے محنت کش طبقہ سے دو وقت کی روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی حکومت گرانفروشوں کی پڑتال اور ان کے خلاف کاروائیاں کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ،
انتظامیہ کرپشن کے خاتمہ میں بھی کوئی کردار ادا نہیں کررہی ،جس سے ثابت ہوتاہے کہ انتظامیہ حکومتی ترجمانی کرنے کی بجائے کرپٹ بدعنوانی ،راشی افسران واہلکاروں کی پشت پناہی میں مصروف ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ بااثر دکانداروں نے جنرل سیلز ٹیکس اور تبدیلی سرکار کا حوالہ دے کر شہریوں کی کھال ادھیڑنا شروع کررکھی ہے ،
انتظامیہ تمام حقائق سے آگاہ ہونے کے باوجود شہریوں کا تماشا دیکھ رہی ہے۔شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان ،وزیر اعلی خیبر پختونخوا ،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ،کمشنر ڈیرہ اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں اضافے کا امکان موجود
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں اضافے کا امکان، حالات بہتر ہونے پر منی بجٹ میں تنخواہیں اور پنشنز بڑھائی جاسکتی ہیں، آئی ایم ایف نے بھی حمایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سالانہ وفاقی بجٹ میں تنخواہوں اور پنشنز میں اضافہ نہ ہونے پر پریشان سرکاری ملازمین کیلئے اچھی خبر آئی ہے کہ وزارتِ خزانہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں آضافے کا عندیہ دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزارتِ خزانہ نے تنخواہیں اور پنشن میں آضافے کے حوالے سے بتایا ہے کہ حالات بہتر ہونے پر اضافہ کیا جائے گا۔ وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ معاشی حالات بہتر ہونے کی صورت میں تنخواہیں اور پنشن بڑھائی جاسکتی ہے جبکہ آئی ایم ایف نے بھی اسکی حمایت کی ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ حالات بہتر ہو جائیں تو حکومت درآمدات میں پانچ فیصد سرچارج لگا کر پیسے اکٹھے کر سکتی ہے جس سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جاسکتا ہے یہ اضافہ منی بجٹ میں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے بھی تنخواہوں اور پینشن میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم حکومت نے تنخواہوں اور پنشن میں کسی قسم کی کٹوتی بھی نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حکومت کی جانب سے اضافہ نہ کیے جانے کے اعلان پر سرکاری ملازمین نے غم و غصے کا اظہار کیا تھا کہ ایسا کر کے سرکاری ملازمین کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے۔
اپویشن نے بھی حکومتی فیصلے کی مخالفت کی تھی اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا تھا کہ ایم ایف کے دباو¿ پر تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنا ظلم ہے۔ تاہم ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے کہنے پر تنخواہیں اور پنشن نہیں بڑھائی تھیں البتہ اب اضافے کا عندیہ دیدیا گیا ہے۔
٭٭٭
لاکھوں طلبہ و طالبات کو کتب کی ترسیل کا عمل مرحلے وار جاری
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2020ءمیں پیش کئے گئے میٹرک تا پوسٹ گریجویٹ پروگرامز میں داخل لاکھوں طلبہ و طالبات کو کتب کی ترسیل کا عمل مرحلے وار جاری ہے ،
شعبہ میلنگ کے مطابق اب تک میٹرک اور ایف اے پروگرامز کے 2۔لاکھ طلبہ و طالبات کو کتب ارسال کی جاچکی ہیں ،? امید ہے کہ اِن دونوں پروگرامز میں داخل تمام طلبہ کو کتب کی ترسیل کا عمل آئندہ ہفتے مکمل کرلیا جائے گا
جس کے بعد بی اے پروگرامز اور بی ایڈ پروگرام کے طلبہ کو کتب ارسال کی جائیں گی۔
وائس چانسلر ،پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی ہدایت پر تمام پروگرامز میں داخل طلبہ و طالبات کو ترسیل کتب کا عمل یونیورسٹی کے اکیڈمک کیلنڈر میں مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کے لئے شعبہ میلنگ نے
ترسیل کتب کا کام تیز کردیا ہے۔مزید برآں مختلف وجوہ کی بناءپر طلبہ کو غیر موصول شدہ کتب جو واپس موصول ہوئی ہیں ، ا±ن پر بھی تیزی سے کام جاری ہے تاکہ طلبہ کا تعلیمی حرج نہ ہو اور وہ طلبہ جنہوں نے بی ایڈ اور مختلف پوسٹ گریجویٹ پروگرامز میں داخلہ لیا ہے ،
ان کے پتہ کے ساتھ ا±ن کے رابطہ نمبرز بھی درج کردئیے گئے ہیں تاکہ ان کو تعلیمی مواد بروقت مل سکے۔
٭٭٭
جامن کے پودوں کو پانی کی کمی نہ آنے دی جائے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ترجمان محکمہ زراعت نے باغبانوں کوہدایت کی ہے کہ موسم گرماکے پیش نظر باغبان جامن کے پودوں کو پانی کی کمی نہ آنے دیں کیونکہ اگر او ائل عمرمیں پودوں کو ضرورت کے مطابق پانی دستیاب نہ ہوا تو جامن کی پیداوار بری طرح متاثر ہوسکتی ہے۔
ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ باغبان ہر 7سے 10دن کے وقفہ سے جامن کے پودوں کو پانی دیں اور پودوں پر پھول آنے سے قبل ان کی شاخ تراشی کرتے ہوئے بیمارشاخوں کو کاٹ دیاجائے تاکہ پھولوں کی بہتر نموہوسکے۔
انہوں نے بتایاکہ گھریلو مکھیاں‘شہدکی مکھیاں ‘جوئیں اور دوسرے حشرات جامن کی پولی نیشن میں اہم کردار اد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفید مکھی ‘سکیل ‘پتے کھانے والی سنڈی‘ پھل کی مکھی اور لیف مائنرجامن کے پتوں پر حملہ آورہوکر اسے نقصان پہنچاسکتے ہیں۔
٭٭٭
بھنڈی کو ہرقسم کی زمین میں کاشت کیاجاسکتاہے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ بھنڈی کو ہرقسم کی زمین میں کاشت کیاجاسکتاہے تاہم پانی کے بہترنکاس والی میرازمین نہایت موزوں ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ مناسب وترآنے پرزمین کو نرم او ر بھربھرا کرنے کے بعد ہی بھنڈی کی کاشت کی جائے۔
انہوں نے دوران ملاقات صحافیوںکو بتایا کہ بھنڈی کی فصل مختلف طریقوں سے کاشت کی جاسکتی ہے اس کی کاشت کیلئے بہتراگاﺅ کا حامل بیج استعمال کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ جڑی بوٹیوں کے موثرتدارک کیلئے بیجائی کے بعد اگاﺅ سے پہلے سپرے کریں۔ انہوں نے کہا کہ زمین کی ساخت اور موسم کو مدنظررکھتے ہوئے آبپاشی کی جائے‘پھول اور پھل کے مرحلہ پر پانی کی کمی نہ آنے دیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھنڈی کی فصل کاشت کے 45 یا 50 دن بعد چنائی کے قابل ہوجاتی ہے۔
٭٭٭
پیاز اور لہسن کی فصل کو تھرپس سے بچانے کیلئے فوری حفاظتی وتدارکی اقدامات کی ہدایت
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے باعث پیاز اور لہسن کی فصل کو تھرپس سے بچانے کیلئے فوری حفاظتی وتدارکی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے”اے پی پی“کو بتایاکہ آج کل پیازاور لہسن پر تھرپس کے حملہ کا خطرہ موجودہے جس سے پودوں کے پتے چڑمڑ ہوکر آہستہ آہستہ خشک ہوجاتے ہیں اور حملہ شدہ پتے کی سطح چمکیلی ہو جاتی ہے جس سے فصل کو شدیدنقصان پہنچنے اور پیداوارمتاثر ہونے کا خطرہ ہوتاہے۔
انہوں نے بتایا کہ تھرپس کا تدارک اس انداز سے کیاجاسکتاہے کہ کاشتکار فصل کی آبپاشی کرتے رہیں اور پودوں کو سوکانہ آنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ تھرپس کے کیمیائی انسداد کے لئے امیڈاکلوپرڈ250ملی لیٹرکو 100لیٹر پانی میں ملاکرسپرے کرنے سے تھرپس اور پھپھوندی کاخاتمہ ممکن ہوسکتاہے۔
انہوں نے کہاکہ اس بیماری کے طبعی انسداد کے سلسلہ میں کھیتوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھتے ہوئی2سے 3بار گوڈی کرنا بھی مفید ثابت ہوسکتاہے
٭٭٭
کھجور وں کے گچھوں کو اوپرکے حصے پروزن برابر رکھنے کیلئے ایک دوسرے سے الگ کرنے کی ہدایت
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کھجورکے باغبانوں کو رواں ماہ کے دوران کھجور وں کے گچھوں کو اوپرکے حصے پروزن برابر رکھنے کیلئے ایک دوسرے سے الگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کھجورکی فصل کو گرنے و ٹوٹنے سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیارکرنے کیلئے ضروری اقدامات وسفارشات پر استفادہ کرنے کیلئے بھی کیاگیاہے
تاکہ کھجورکے باغبانوں کو اچھی پیداوار کے حصول میں کسی مشکل کا سامنانہ کرناپڑے۔
ترجمان محکمہ زراعت نے صحافیوں کوبتایا کہ کھجورکے گچھوں کو ایک دوسرے سے الگ کردیناچاہئیے تاکہ اوپرکے حصے پر وزن برابرتقسیم ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ہرگچھے کو شاخ کیساتھ اس طرح باندھ دیناچاہئیے کہ انہیں سہارا مل سکے اور وہ ٹوٹنے یا گرنے سے محفوظ رہ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کھجور کے پھل کے پکنے کے ایام میں پرندے اس کی طرف خاص طورپر راغب ہوتے ہیں جس سے فصل کو نقصان ہوسکتاہے اسلئے باغبان کھجورکے پھل کو پرندوں سے بچانے کے لئے خصوصی تدابیر اختیارکریں۔
٭٭٭
‘صحتمند معاشرے میں انسانی خوراک کے لئے سبزیوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ ہونا چاہئے
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ سبزیاں انسانی خوراک کا اہم ترین حصہ ہیں‘صحتمند معاشرے میں انسانی خوراک کے لئے سبزیوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ ہونا چاہئے کیونکہ سبزیوں میں قدرت نے ایسے ضروری اجزاءرکھے ہیں جن کی جسم کو اشدضرورت ہوتی ہے ‘سبزیوں میں پروٹین لحمیات نشاستہ آئرن وٹامن او ردیگر اجزاء پائے جاتے ہیں۔
انہوں نے صحافیوں کوبتایاکہ سبزیوں کے زیادہ استعمال کوفروغ دینے کے لئے ان کی بروقت اوروافرمقدارمیں فراہمی ضروری ہے جس کیلئے جدید زرعی طریقہ کاشتکاری ٹنل میں سبزیوں کی کاشت وقت کی ضرورت بن چکاہے یہ بھی حقیقت ہے کہ
گزشتہ چندسالوں میں ٹنل میں سبزیوں کی کاشت میں اضافہ ہورہاہے کیونکہ کاشتکار سبزیوں کی ٹنل میں کاشت سے فی ایکڑ زیادہ پیداوارحاصل کرتے ہیں نہ صرف کاشتکار کی اپنی حالت کو مضبوط بنانے بلکہ معاشرے کوتازہ اورکم زرعی ادویات کے استعمال والی سبزیوں کی فراہمی کا ذریعہ ہے۔
٭٭٭
پیلے گودے والے تربوز کے بیج کی تیاری کاکام آخری مرحلے میں داخل ہوگیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت پنجاب کے زیر اہتمام پیلے گودے والے تربوز کے بیج کی تیاری کاکام آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ،مستقبل قریب میں شہریوں کوپیلے گودے والا تربوز میسر ہوگا۔
زرعی ترجمان نے صحافیوں کو بتایاکہ شعبہ تحقیق برائے سبزیات سے منسلک زرعی سائنسدان پیلے رنگ کے گودے کے حامل تربوز کے بیج کی تیاری پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔بہت جلد تربوز کا یہ نیا بیج مارکیٹ میں دستیاب ہو گا۔
اس سے پہلے مارکیٹ میں دستیاب تربوز کے گودے کا رنگ سرخ ہے۔تاھم اب یہ نیا بیج بھی بہت جلد مارکیٹ میں دستیاب ہو گا جو کہ نہ صرف منفرد رنگ کا حامل ہے بلکہ پہلے سے موجود تربوز کے بیج کے مقابلے میں زیادہ ذائقہ دار اور میٹھا بھی ہے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ اس کی اور خاص بات یہ ہے کہ اس کا بیج زیادہ درجہ حرارت کو برادشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔جس کی وجہ سے پھل کی بیرونی سطح ہموار رہتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس منفرد خصوصیات کے حامل بیج کی تیاری کے ابتدائی تحقیقی مراحل مکمل کر لئے گئے ہیں اور اس سے متعلقہ تحقیق اپنے آ خری مراحل سے گزر رہی ہے جس کے بعد اب چند سالوں میں یہ بیج عام کسانوں کو کاشت کے لئے مہیا کر دیا جائے گا۔
٭٭٭
شوگر ملز ایسوسی ایشن نے یوٹیلٹی اسٹورز کو63 روپے کلو چینی دینے سے انکار کردیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شوگر ملز ایسوسی ایشن نے یوٹیلٹی اسٹورز کو63 روپے کلو چینی دینے سے انکار کردیا ہے، وزارت صنعت کی 63 روپے کلو چینی فراہمی کی سفارش کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، تاہم عدالتی حکم پر نان کمرشل صارفین کو70 روپے کلو چینی کی فراہمی پر تیار ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان شوگر ملز ایسو سی ایشن نے وزارت صنعت و پیداوارکو خط ارسال کیا ہے۔
جس میں چینی کی فروخت سے متعلق اپنی شرائط سے آگاہ کیا گیا ہے۔ شوگر ملز ایسو سی ایشن نے واضح کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو63 روپے کلو چینی نہیں دے سکتے۔ وزارت صنعت کی یوٹیلٹی اسٹورز کو 63 روپے کلو چینی فراہمی کی سفارش کی قانونی حیثیت نہیں۔ اسی طرح یوٹیلٹی اسٹورز کو 60 ہزار ٹن چینی دینے کے لیے بھی تیار ہیں، تاہم 63 روپے کلو چینی نہیں دے سکتے۔
خط میں متن میں مزید کہا گیا کہ عبوری عدالتی حکم کے تحت 70 روپے کلوچینی فراہمی پر تیار ہیں۔ گھریلو استعمال کیلئے نان کمرشل اداروں کو70 روپے کلو چینی دینے کو تیار ہیں۔ لہذا وفاقی حکومت چینی70 روپے کے حساب سے اٹھانے کے انتظامات کرسکتی ہے۔ جبکہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ انتظامات کو حتمی شکل دینے تک شوگر ملز نان کمرشل صارفین کو ازخود 70 روپے کلو چینی دے گی۔
دوسری جانب وزارت صنعت وپیداوار نے یوٹیلٹی سٹورز اور دیگر ریٹیل شاپس پر صارفین کو 70روپے فی کلو کے حساب سے چینی فروخت کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں ، وزارت کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک رٹ پٹیشن میں حکم کی روشنی میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نام ایک خط لکھا گیا ہے
جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے نان کمرشل صارفین کو 70 روپے فی کلو کے حساب سے چینی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔پاکستان شوگر ملزایسوسی ایشن کے چیئرمین کے نام خط میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے گیارہ جون دو ہزار بیس کے حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن وغیرہ کے نام ایک رٹ پٹیشن میں دیئے گئے فیصلے کی کاپی بھی منسلک کی گئی ہے
جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم جاری کیا ہے کہ نان کمرشل صارفین کو ستر فی کلو گرام کے حساب سے چینی فروخت کی جائے گی اور یہ کہ پاکستان شوگر ملزف ایسوسی ایشن اور وفاقی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ آئندہ سماعت تک چینی دستیاب ہوگی اور نان کمرشل صارفین کو ستر روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت کی جائے گی۔
٭٭٭
آئندہ چند روز میں شدید گرمی پڑنے کی پیشنگوئی کردی گئی
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات نے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں آئندہ چند روز میں شدید گرمی پڑنے کی پیشنگوئی کردی۔میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں4 سی6ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پہاڑی علاقوں میں3سی5ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے۔
ڈیرہ میں پیر کو درجہ حرارت47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے میدانی علاقوں میں اگلے چند روز میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ تین چار روز میں بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا
جبکہ پیر سے بدھ تک میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں4 سی6ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پہاڑی علاقوں میں3سی5ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے۔
۔محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیرہ میں گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔
٭٭٭
کورونا مریضوں کی آئسولیشن سے متعلق نئی گائیڈلائن جاری
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) خیبرپختونخواءحکومت نے کورونا مریضوں کی آئسولیشن سے متعلق نئی گائیڈلائن جاری کردی، اگر3 دن خشک کھانسی، بخار اور سانس کا مسئلہ نہ ہو تو مریض صحتیاب تصورکیا جائے،گنجان آباد علاقوں، مدارس، ہاسٹل، جیلوں، ہیلتھ ورکرز کا ٹیسٹ مثبت آنے پر2 مزید ٹیسٹ ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخواءحکومت نے کورونا مریضوں کی آئسولیشن سے متعلق نئی گائیڈلائن پر مشتمل نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت اگر3 دن خشک کھانسی، بخار اور سانس کا مسئلہ نہ ہو تو مریض صحتیاب تصورکیا جائے۔
گنجان آباد علاقوں، مدارس، ہاسٹل، جیلوں، ہیلتھ ورکرز کا ٹیسٹ مثبت آنے پر2 مزید ٹیسٹ ہوں گے۔ احکامات وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اسلام آباد کی نئی گائیڈلائن کی روشنی میں جاری کیے گئے ہیں۔
خیبرپختون خواء حکومت نے کورونا مریضوں کی آئسولیشن سے متعلق نئی گائیڈلائن نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ واضح رہے حکومت کی جانب سے لاک ڈاو¿ن اٹھانے سے کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، جس کے بعدحکومتی شخصیات، سیاستدان، ڈاکٹرز، ہیلتھ ورکرز، سماجی اور شوبز کی شخصیات بھی وائرس کا شکار ہوچکی ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
شدید گرمی کے دوران لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کردیا گیا،چار سے دس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پیسکوڈیرہ اسماعیل خان نے شدید گرمی کے دوران لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کردیا ،پیسکو ڈیرہ کی جانب سے نیا شیڈول جاری ، مسلم بازار فیڈر پر4گھنٹے جبکہ دیگر فیڈرز پر 8سے10گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوگی۔
پیسکو ڈیرہ اسماعیل خان نے گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی ضلع بھر میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیاہے، پیسکو ڈیرہ کی جانب سے جاری شدہ نئے شیڈول کے مطابق مسلم بازار فیڈر پر سب سے کم 4گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوگی
جبکہ ڈی او مل، باران آباد، ڈگری کالج، سٹیII، توپانوالہ، سی آر بی سی، کینٹII، کمشنری بازار، مریالیII، ٹاﺅن ہال، کینٹI اورمریالیIIفیڈرز پر8گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوگی ۔ اسی طرح صدر، انڈس، شیخ یوسفI، یونیورسٹی،
سگو، ڈی ڈی اے، سٹیI، قیوم نگر، شیخ یوسفII، کوٹلہ حبیب، منیز آباد، گومل اور مندھراں فیڈرز پر10گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جائے گی۔
٭٭٭
عوام کی سہولت اور ریلیف کیلئے70روپے فی کلو چینی کی فراہمی شروع
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) عدالت عالیہ کے حکم پر المعز شوگر انڈسٹریزنے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اورضلع ٹانک میں عوام کی سہولت اور ریلیف کیلئے70روپے فی کلو چینی کی فراہمی شروع کردی، ڈیرہ اسماعیل خان میں المعز شوگر انڈسٹریزکی جانب سے 5سنٹرز اور ٹانک میں ایک سنٹر قائم کردیا گیا ہے
جہاں پر دو کلو چینی کا پیکٹ شہریوں کو 70روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کیا جارہا ہے، شہری اس سہولت سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے ان مراکز ضرورت کے مطابق ایک یا دو پیکٹ چینی خرید سکتے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں حقنواز پارک، شور کوٹ، پہاڑ پور، المعز شوگر انڈسٹری اور رنگپور کے مقامات پر یہ مراکز قائم کردیئے گئے ہیں ،
اسی طرح ٹانک میں بھی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ یہ چینی ان مراکز پر صبح9بجے سے شام 5بجے تک دستیاب ہے۔ عوامی حلقوں نے المعز شوگر انڈسٹریز کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے کہ وہ مہنگائی کی پسی عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے
اور دیگر شوگر ملوں سے بھی المعز شوگر انڈسٹریز کی تقلید کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
٭٭٭
ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر شاہجہان خان کی اہلیہ مختصر علالت کے بعد بقضائے الٰہی وفات پا گئیں
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گورنمنٹ سکول ڈیرہ اسماعیل خان کے ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر شاہجہان خان کی اہلیہ مختصر علالت کے بعد بقضائے الٰہی وفات پا گئیں ۔ مرحومہ کی نماز جنازہ ادائیگی کے بعد آبائی قبرستان میں تدفین کردی گئی۔
اس موقع پرپروفیسر(ر)سید احمد شاہ بخاری اور آل جوڈیشل ایمپلائیز یونین ڈیرہ اسماعیل خان کے صدر نوید الرحمان خان بلوچ نے ہیڈ ماسٹر(ر) شاہجہان خان سے ان کی اہلیہ کی وفات پر مرحومہ کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
٭٭٭
مویشیوں میں پراسرار بیماری پھوٹ پڑی ،مویشیوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) مویشیوں میں پراسرار بیماری پھوٹ پڑی ،مویشیوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری، روزانہ کی بنیاد پر درجنوں جانورپر اسرار بیماری سے مر نے لگے ، محکمہ لائیو سٹاک حکام فوری طور پر ایمرجنسی بنیادوں پر ویٹرنری ڈاکٹرز کی ٹیمیں بھیجی جائیں، اہل علاقہ کا اعلیٰ حکام سے مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے متصلہ ضم شدہ قبائلی تحصیل درازندہ کے علاقے کھوئی بہارہ اور گرد و نواح میں گزشتہ کئی روز سے مویشی پر اسرا بیماری کی وجہ سے ہلاک ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے اہلیان علاقہ کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ۔
اہلیان علاقہ نے الزام عائد کیا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیمیں گزشتہ روز علاقے میں آئی تھیں مگر جانوروں کے ساتھ تصاویریں کھینچ کر واپس چلے گئے جس پر اہلیان علاقہ میں شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے کیونکہ اہلیان علاقہ کے اکثر لوگ مویشی پال کر اپنا گزر بسر کر رہے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق نامعلوم پراسرار بیمارے کے باعث ایک دن میں درجنوں مویشی ہلاک ہو رہے ہیں۔ اہلیان علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کھوئی بہارہ اور مضافاتی علاقوں میں محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیموں کو ایمرجنسی بنیادوں پر بھیجا جائے تاکہ مویشیوں میں پھیلی پر اسرا بیماری کو کنٹرول کیا جا سکے۔
اے وی پڑھو
سیت پور کا دیوان اور کرکشیترا کا آشرم||ڈاکٹر سید عظیم شاہ بخاری
موہری سرائیکی تحریک دی کہاݨی…||ڈاکٹر احسن واگھا
محبوب تابش دے پرنے تے موہن بھگت دا گاون