دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

پیٹرول کی مصنوعی قلت ،حکومت کے خلاف سازش ،عوام پریشان

ڈیرہ اسماعیل خان : پیٹرول کی مصنوعی قلت ،حکومت کے خلاف سازش ،عوام پریشان ،کمپنیوں کے شرح منافع میں معمولی کمی آئی و مصنوعی بحران پیدا کردیاگیا ،

تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی مصنوعی قلت سے عوام میں حکومتی بحران پیدا کرکے حکومت پر پریشر بڑھانے کی ساز ش جیسے انکشافات نے عوامی حلقوں میں بے چینی بڑھا دی ہے۔

یہ بات بھی سامنے آرہی ہے کہ حکومت کے اندر موجود مافیا کے سرکردہ مشیران نے نرخ کم ہونے کی وجہ سے پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کررکھی ہے ،اصل مقصد عوام میں بحران پیدا کرکے حکومت پر پریشر بڑھانا ہے تاکہ پیٹرول کی قیمتیں دوبارہ اپنی اصل قیمت پر آسکیں ،

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کمپنیوں کے پاس وافر مقدار میں پیٹرولیم مصنوعات موجود ہیں جبکہ قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے کمپنیوں کے شرح منافع میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی تو پورے ملک میں مصنوعی بحران پیدا کرکے حکومت پر پریشر ڈالا جارہاہے

،دوسری جانب پیٹرول بحران کے بعد متذکرہ صورتحال اور روز نئے انکشافات نے عوامی حلقوں میں بے چینی بڑھا دی ہے۔

٭٭٭

 چنگ چی مافیا کی ہٹ دھرمی عروج پر،ٹریفک کا نظام مکمل مفلوج ،ٹریفک پولیس بے بسی کی تصویر

ڈیرہ اسماعیل خان : چنگ چی مافیا کی ہٹ دھرمی عروج پر،ٹریفک کا نظام مکمل مفلوج ،ٹریفک پولیس بے بسی کی تصویر ،تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر میں چنگ چی مافیا نے اپنی ہٹ دھرمی کی رٹ قائم کرتے ہوئے شہر کے تمام مرکزی چوکوں ،سڑکوں پر مکمل قبضہ کررکھا ہے اور جہاں چنگ چی ڈرائیور چاہتے ہیں وہیں اڈہ بنالیتے ہیں

جبکہ سرکاری طور پر قائم اڈہ میں کوئی رکشہ کھڑا کرنے کو تیایر نہیں ،شہر کے تمام بازاروں ،مارکیٹوں ،مرکزی پلازوں ،شاپنگ سنٹرز کے باہر سینکڑوں رکشے بیک وقت جمع ہوجاتے ہیں اور شہریوں کے پیدل گزرنے کی جگہ بھی نہیں چھوڑتے ،

شہریوں کی گاڑیاں کئی کئی گھنٹے رکی رہتی ہیں لین ہٹ دھرم چنگ چی والے ٹس سے مس نہیں ہوتے ،چنگ چی مافیا کا زور اس قدر بڑھ چکا ہے کہ ٹریفک پولیس ان کے سامنے مکمل بے بس ہوچکی ہے اور ٹریفک اہلکار سڑکیں کھلوانے کے لئے بعض دفعہ چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں کی منتیں کرتے دیکھائی دیتے ہیں ۔

بعض چنگ چی رکشہ والوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس ڈیلی کی بنیاد پر حصہ لیتی ہے جس کے بعد ہم کو سواریاں اٹھانے کی اجازت ہوتی ہے جو رکشہ ڈرائیور حصہ نہیں دیتے ان کو قانون کے مطابق بھی چلنے نہیں دیا جاتا۔ 

٭٭٭

ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ میں انتخابی معرکہ آج ہوگا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ میں انتخابی معرکہ آج ہوگا ،دونوں گروپوں کے درمیان سخت اورکانٹے دار مقابلہ متوقع ،دونوں گروپس اپنی کامیابی کے لئے انتہائی پرامید،فتح کا ہما کس کے سر ہوگا فیصلہ آج ہوجائے گا،

ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن ڈیرہ کے انتخابات کے حوالے سے سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ گئیںہیں ،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ میں عہدایداران کے چناﺅ کے لئے آج 13 جون کو میدان سجے گا۔ ،صدارت کے عہدے کے لئے

قیضار خان میانخیل اور رانا محمد ندیم جبکہ جنرل سیکرٹری کے لئے سعید اختر اور تنویر مہدی کے درمیان ون ٹو ون مقابلے کا امکان ہے ، لاک ڈاﺅن کے بعد الیکشن ملتوی کردیئے گئے تاہم الیکشن کی نئی تاریخ جاری ہونے پر ڈسٹرکٹ بار میں الیکشن کے حوالے سے دوبارہ تیزی آگئی،

امیدواروں کی گھر گھر مہم جاری رہی اور مختلف گروپس اور سنیئر وکلاءکی حمایت حاصل کرنے کے لئے چیمبر تو چیمبر کمپین دوبارہ شروع کی گئی ،ڈیرہ بار میں رجسٹرڈ وکلاءووٹر ز کی تعداد ساڑھے پانچ سو سے زائد ہے جو اپنے عہدیداران کے چناﺅ کے لئے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ،

ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کی صدارت کے امیدوار قیضار خان میانخیل ایڈوکیٹ کا شمار ڈیرہ کے سنیئر وکلاءمیں ہواہے ،اس سے قبل بھی وہ دو مرتبہ ڈسٹرکٹ بار کے صدر منتخب ہوچکے ہیں ،قیضار خان میانخیل کا کہنا ہے کہ وہ منتخب ہوکر وکلاءکی توقعات پر پورا اتریں گے اور بار کے وسیع ترمفاد میں موثر اقدامات کیے جائیں گے ،

ان کے مدمقابل صدارت کے دوسرے امیدوار رانا ندیم ایڈوکیٹ ہیں ۔ ،جنرل سیکرٹری کے امیدوار سعید اختر سال 2019 میں جنرل سیکرٹری کا الیکشن لڑے اور کامیاب ہوئے ، ان کا سامنا جنرل سیکرٹری کے دوسرے امیدوار تنویرمہدی ایڈووکیٹ کے ساتھ ہوگا، دونوں گروپس اپنی اپنی کامیابی کے لئے انتہائی پرامید نظر آرہے ہیں تاہم فتح کا تاج کس کس امیدوار کے سر سجتا ہے اس کا فیصلہ آج کے معرکہ میں ہوجائے گا ۔ 

٭٭٭

 لڑائی جھگڑے کے مقدمہ میں ایک بھائی کی عبوری ضمانت منسوخ دوسرے کی کنفرم

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ محمد عاصم نے تھانہ پروآ کی حدود علاقہ جٹہ میں پندرہ سالہ نوجوان کو شرمناک کام پر اکسانے کے جھگڑے میں ڈنڈوں کے وار سے زخمی کرنے کے مقدمہ میں ایک بھائی کی عبوری ضمانت منسوخ جبکہ دوسرے بھائی کی کنفرم کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،

پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل پروآ کے علاقہ جٹہ کے رہائشی سعد علی اشرف ولد محمد اشرف سکنہ جٹہ نے پولیس کو بتایا کہ میں اپنے چچا زاد بھائی کے ہمراہ گورنمنٹ ہائی سکول جٹہ کے قریب پانی بھر رہے تھے کہ اس دوران ملزمان نعمان اور مذمل پسران محمد اکرم ساکنا ن جٹہ ان سے غلط قسم کی باتیں کرنے لگے اور انہیں غلط کام پر اکسانے لگے ،

جس پر ان کے درمیان جھگڑا ہونے پر انہوںنے ڈنڈوں کے وار سے مجھے اور چچا زاد بھائی کو زدوکوب کرکے زخمی کردیا ،دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر عدالت نے ایک ملزم نعمان کی عبوری ضمانت خارج جبکہ دوسرے ملزم مذمل کی عبوری ضمانت میں توثیق کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔ 

٭٭٭

 رہائشی کوارٹرز میں جراثیم کش سپرے کر دیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ریسکیو 1122ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے محکمہ پبلک ہیلتھ کے آفس اور ملحقہ رہائشی کوارٹرز میں جراثیم کش سپرے کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 خیبر پختونخواہ ڈاکٹر خطیر احمد خان کی خصوصی ہدایات پر

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈیرہ کاشف سلام کی نگرانی میں کرونا وائرس سے بچا¶ کے پیش نظر ضلع بھر میں مختلف سرکاری دفاتر، رہائشی علاقوں و دیگر عوامی مقامات پر جراثیم کش اسپرے مہم جاری ہے جبکہ اسی تسلسل میں آج محکمہ پبلک ہیلتھ ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی دفتر اور ملحقہ رہائشی کوارٹرز میں جراثیم کش اسپرے کروا دیا گیا ہے۔

٭٭٭

 منشیات برآمدگی کیس میں ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ محمد عاصم نے چرس برآمد ہونے کے مقدمہ میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرلی ،پولیس ذرائع کے مطابق کینٹ پولیس نے جی پی او چوک سرکلر روڈ کے قریب ملزم محب اللہ ولد حاجی لعل سکنہ نزد زکریا مسجد کو گرفتارکرکے اس کے قبضہ سے ایک سو بیس گرام چرس برآمد کرلی ،

عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت پر بحث سننے کے بعد اسے پچاس ہزار روپے دونفری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔

٭٭٭

فحاشی کے اڈہ سے بدکاری کے الزام میں گرفتار خاتون کی درخواست ضمانت منظور

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ ظفراللہ نے تھانہ کینٹ کی حدود عالیشان ٹاﺅن میں فحاشی کے اڈہ سے بدکاری کے الزام میں گرفتار خاتون کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے ایک لاکھ روپے دونفری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،

پولیس ذرائع کے مطابق کینٹ پولیس نے عوامی شکایات پر عالیشان ٹاﺅن میں عابد علی نامی شخص کے مکان میں قائم فحاشی کے اڈے پر چھاپہ مار کر وہاں موجود خاتون (آ بی بی ) کو دوافراد سمیت گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے آئس نشہ اور بدکاری کی رقم آٹھ سوروپے برآمد ہوئے ،

خاتون نے عدالت میں ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر کی ۔عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے خاتون کو ایک لاکھ روپے دونفری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔

٭٭٭

آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم ڈیرہ سمیت ملک کے چند علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا

تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم بالائی خیبرپختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب اور کشمیر میں بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈیرہ میں بارش کی نوید سنادی ہے جبکہ گزشتہ روز شہر کا موسم گرم رہا۔ جس کے نتیجے میں شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

٭٭٭

 وائس چانسلر گومل یونیورسٹی کی زیر صدارت 101ویں سنڈیکیٹ میٹنگ کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمدکی زیر صدارت 101ویں سنڈیکیٹ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر انکے ہمراہ پروفیسر ڈاکٹرمنصور اکبر کنڈی، وائس چانسلر بہاﺅ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان،

جسٹس(ر) محمد داﺅد،طارق محمود ‘رجسٹرار گومل یونیورسٹی،اقبال اعوان، ڈائریکٹرفنانس گومل یونیورسٹی،پروفیسر ڈاکٹر حلیم شاہ، ڈین فیکلٹی آف سائنسز،ڈاکٹر محمد اقبال، ایسوسی ایٹ پروفیسر،فیکلٹی آف ایگریکلچر،محمد ندیم اختر،نمائندہ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ،

احمد کمال،نمائندہ اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ،مسز شفقت یاسمین، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نمبر1، ڈیرہ ،محمد شکیل ملک، پرنسپل ڈگری کالج درابن، احمد علی،لیکچرر شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن،ریاض بیٹنی،ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی،

گومل یونیورسٹی موجود تھے جبکہ محمد حیات،نمائندہ فنانس ڈیپارٹمنٹ نے آن لائن میٹنگ میں شرکت کی ۔ کورونا وائرس سے بچاﺅ کے حوالے سے ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تمام ممبران کے درمیان سماجی رابطے برقرار رکھا گیا ۔

اس موقع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف اور صرف گومل یونیورسٹی کی ترقی ‘خوشحالی اور خصوصا یہاں کے طلباءکو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرناہے۔ جس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔

گومل یونیورسٹی صوبہ خیبرپختونخوا کی دوسری بڑی اور قدیم درسگاہ ہے جس میں صرف اس خطے اور اس ملک سے ہی نہیں بلکہ دیگر ممالک کے طلباءبھی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ طلباءکے مستقبل اور گومل یونیورسٹی کے ساکھ کو خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دو نگا۔

میٹنگ میںگومل یونیورسٹی کی پرانی فیکلٹیزکو قانونی تحفظ دینے کےلئے بھی اکیڈمک کونسل کے ایجنڈا آئٹم کو منظور کر کے ان کو قانونی حیثیت دےدی گئی۔ میٹنگ میں آن لائن کلاس کی حکمت عملی کو قانونی تحفظ دینے کےلئے گومل کلاس روم آپریشن” ایل ایم ایس “کے ساتھ ساتھ

زوم اپیلیکیشن ‘ ٹیم اوروائٹ بورڈ سافٹ ویئر زکی بھی منظوری کےساتھ ساتھ دیگر اہم فیصلے بھی کئے گئے۔میٹنگ کے اختتام پر وائس چانسلر نے تمام معزز ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ 

٭٭٭

 تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور جنرل بس سٹینڈ پر ڈس انفکشن سپرے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن پہاڑپور کی جانب سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور جنرل بس سٹینڈ پر ڈس انفکشن سپرے کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی ہدایات کے مطابق

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تمام تحصیلوں میں میونسپل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے کورونا وائرس کے تدارک کے سلسلے میں مختلف عوامی مقامات پر سپرے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی تسلسل میں آج تحصیل میونسپل آفیسر پہاڑپور کی نگرانی میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور جنرل بس سٹینڈ پر ڈس انفکشن سپرے کیا گیا۔

اس موقع پر تحصیل میونسپل آفیسر کا کہنا تھا کہ ٹی ایم اے کی جانب سے تحصیل کے مختلف عوامی مقامات پر ڈس انفکشن سپرے تسلسل سے کیا جا رہا ہے تاکہ حتی الوسع کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کا تدارک کیا جا سکے لہذا لوگوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے

کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ ہم سب ملکر اس آفت کو شکست دینے میں کامیاب ہو پائیں۔

٭٭٭

 اسسٹنٹ کمشنر پہاڑپور آصف کامران کا تحصیل کے مختلف بازاروں اور پہاڑپور اڈہ کا دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) اسسٹنٹ کمشنر پہاڑپور آصف کامران کا تحصیل کے مختلف بازاروں اور پہاڑپور اڈہ کا دورہ۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے معائنہ کیا اور خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں ایک دکان کو سیل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پہاڑپور آصف کامران نے تحصیل کے مختلف بازاروں اور پہاڑپور اڈہ کا دورہ کیا اور کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے تدارک کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے

جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے جائزہ لیااور احتیاطی تدابیر میں غفلت برتنے کی پاداش میں ایک دکان کو سیل کر دیا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ حکومت کی جانب سے وضع کردہ تمام تر

احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

٭٭٭

ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر کراچی ہوٹل کو سیل کرکے منیجر کو گرفتار کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) سٹی پولیس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر کراچی ہوٹل کو سیل کرکے منیجر کو گرفتار کرلیا ،پولیس ذرائع کے مطابق سٹی پولیس نے کاروائی کے دوران

سرکلر روڈ پر واقع کراچی ہوٹل میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے اور ہوٹل کے اندر لوگوں کو کھانے کھلانے کے الزام میں اسے سیل کردیا ،

پولیس نے ہوٹل کے منیجر کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭

غیر قانونی رہائشی چھ افغانی پاشندوں کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) درابن پولیس نے آرمی چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران غیر قانونی رہائشی چھ افغانی پاشندوں کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔

پولیس ذرائع کے مطابق درابن پولیس نے آرمی چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران چھ افغان شہریوں محمدیعقوب ،محبت خان ،محمد ایوب پسران عمر خان ،عبدالمجید ولد محمد نواز ،محمدا سحاق ولد مہراب خان اور آذاد خان ولد سید سردار خان اقوام افغانی ساکنان افغانستان حال رنگ روڈ پشاور کو روکا ،

دوران چیکنگ افغان پاشندے اپنے دستاویزات پیش نہ کرسکے ،پولیس نے تمام ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭

ایک کلو دس گرام چرس ،ایک کلاشنکوف اور بیس کارتوس برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) یارک پولیس نے علاقہ وانڈہ ابو میں ملزم عبدالرشید ولد غلام اکبر سکنہ وانڈہ ابو کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ایک کلو دس گرام چرس ،ایک کلاشنکوف اور بیس کارتوس برآمد کرلیے

،پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے پابند سلاسل کردیاہے۔

٭٭٭

کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان شدید زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) سرکلر روڈ جی پی او چوک کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہوگیا ،کار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ،بستی گھائیانوالی سٹی ڈیرہ کا رہائشی نوجوان محمد اویس ولد مہر بان علی قوم صدیقی موٹرسائیکل پر جارہا تھا کہ

تھانہ کینٹ کی حدود سرکلر روڈ جی پی او چوک کے قریب پہنچنے پر وہ تیز رفتار کار سے ٹکرا کر شدید زخمی ہوگیا ،زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔ کار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔

پولیس نے نامعلوم کارڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی ہے۔

٭٭٭

 بکریاں کھولنے کے تنازع پر ملزمان نے مکان میں گھس کر خاتون کو زدوکوب کرکے زخمی کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) تھانہ یونیورسٹی کی حدود علاقہ پکہ ملانہ میں بکریاں کھولنے کے تنازع پر ملزمان نے مکان میں گھس کر خاتون کو زدوکوب کرکے زخمی کردیا ،خاتون کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ،

پولیس نے دو بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ یونیورسٹی کی حدود علاقہ پکہ ملانہ میں ملزمان نے بکریا ں کھولنے کے تنازع پر مکان میں گھس کر شادی شدہ خاتون (ر بی بی ) زوجہ غلام سبحانی کے مکان میں داخل ہوگئے اور اسے مارپیٹ کرکے زخمی کردیا ،

خاتون کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے ،وجہ عداوت بکریوں کو کھولنے پر تنازع بیان کیاگیا ،پولیس نے خاتون کی رپورٹ پر دونوں بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

٭٭٭

شراب اور چرس برآمد ہونے پر ملزمان گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) کینٹ پولیس نے کوٹلی امام حسین کے قریب کاروائی کے دوران ملزم ساغرعلی ولد مختیار حسین سکنہ اعوان آباد کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے شراب جبکہ ملزم محمد راشد ولد عبدالرحمٰن سکنہ بستی درکھانوالی ڈیرہ کے قبضہ سے چرس برآمد کرلی ،پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں حوالات میں بند کردیاہے۔

٭٭٭

رشتہ کے تنازع پر ملزمان کا مخالف پر جسمانی تشدد

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) رشتہ کے تنازع پر ملزمان نے مخالف کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کردیا ،سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ،

تحصیل پروآ کے علاقہ نائیویلہ میں رشتہ کے تنازع پر شاہ بہرام ولد محمد افضل قوم اعوان سکنہ نائیویلہ کو لاتوں مکوں سے زدوکوب کرنے کے الزام میں

چار بھائیوں سمیت سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔وجہ عداوت رشتہ پر تنازع بیان ہواہے۔ 

٭٭٭

 ناجائز تعلقات کے شبہ میں بائیس سالہ نوجوان قتل

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) تحصیل درابن میں ناجائز تعلقات کے شبہ میں لڑکی کے باپ بھائی نے بائیس سالہ نوجوان کو اندھادھند فائرنگ کرکے موت کی ابدی نیند سلا دیا ،ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرارہونے میں کامیاب ،مقتول کے بھائی کی رپورٹ پر باپ بیٹے کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیاگیا ،

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ درابن کی حدود علاقہ درابن کلاں کے قریب علاقہ تمن میں مسلح ملزمان نے اندھادھند فائرنگ کرکے بائیس سالہ نوجوان محمد وقار ولد ذوالفقار سکنہ شامیر کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرا رہونے میں کامیاب ہوگئے ،

مقتول کی لاش کو ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئی ،مقتول کے بھائی حبیب اللہ نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نظام الدین ولد غلام مصطفی نے اپنے بیٹے محمد فہیم اقوام ڈھولکا ساکنان پنجن شاہ نے اس کے بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کیا ہے ،

وجہ عداوت یہ بیان کی گئی کہ ملزم نظام الدین کو شبہ تھا کہ مقتول کے اس کی بیٹی کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں ۔ پولیس نے مقتول کے بھائی کی رپورٹ پر دونوں ملزمان باپ بیٹے کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭

بس اور موٹرسائیکل میں تصادم ،خاتون موقع پر جاں بحق ،شوہر اور دوبچے شدید زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ چشمہ روڈ شاہ داﺅ اڈہ کے قریب بس اور موٹرسائیکل میں تصادم ،خاتون موقع پر جاں بحق ،شوہر اور دوبچے شدید زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ،

خاتون کے لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے ،پولیس نے شوہر کی رپورٹ پر بس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل پہاڑپور محلہ معاویہ نگر حال کرایہ دار محلہ شیو شاہ سٹی ڈیرہ نصرت علی ولد مبارک علی قوم راجپوت موٹرسائیکل پر اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ پہاڑپور سے ڈیرہ آرہا تھا کہ

تھانہ پہاڑپور کی حدود ڈیرہ چشمہ روڈ پر پرانا چھپری ہوٹل شاہ داﺅ اڈہ کے قریب پہنچنے پر وہ تیز رفتار مسافر بس کے ساتھ ٹکر گئے جس کے نتیجے میں اس کی بیوی(ع بی بی ) موقع پر جاں بحق جبکہ وہ خود اور اس کے دو بچے شدید زخمی ہوگئے ،

زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں خاتون کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئی ہے۔پولیس نے خاتون کے شوہر کی رپورٹ پر بس ڈرائیور کے خلاف ٹریفک حادثے کا مقدمہ درج کرلیا۔

٭٭٭

 راہگیر کو زخمی کرنے کے مقدمہ میں موٹرسائیکل سوار مقدمہ سے بری

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) سنیئر سول جج ڈیرہ احسان الحق نے تھانہ سٹی کی حدود سرکلر روڈ کامرس کالج کے قریب موٹرسائیکل کی ٹکر سے راہگیر کو زخمی کرنے کے مقدمہ میں ملوث موٹرسائیکل سوار حافظ اشعر اللہ عرف انور کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے مقدمہ سے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،

پولیس ذرائع کے مطابق سال 2017 کے دوران تھانہ سٹی کی حدود سرکلر روڈ پر کامرس کالج کے قریب تیز رفتار موٹرسائیکل سوار حافظ اشعر اللہ عرف انور ولد گوہر رحمٰن سکنہ گڑھی سدوزئی کی ٹکر سے سڑک کراس کرتے ہوئے راہگیر سکندر علی عزیز ولد خادم حسن قوم تھہیم سکنہ حال کرایہ دار گلی مشین والی سٹی ڈیرہ شدید زخمی ہوگیا ،

پولیس نے موٹرسائیکل سوار کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ،مقدمہ کی باقاعدہ سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے 07 شہادتیں عدالت میں پیش کی گئی ،دوران بحث استغاثہ کے گواہوں ،شہادتوں اور دستیاب ریکار ڈ میں کھلا تضاد پایاگیا ،

عدالت نے مقدمہ کی سماعت مکمل کرکے موٹرسائیکل سوار کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے مقدمہ سے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔ 

٭٭٭

پولیس مقابلے کے دوران خطرنا دہشت گرد مارا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) محکمہ انسداد دہشت گردی پولیس ڈیرہ کی ضلع ٹانک کے علاقہ برہ خیل پل کے قریب خطرناک دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن ،آپریشن کے دوران پولیس کو دہشت گردی کے سنگین مقدمات میں مطلوب انتہائی خطرناک دہشت گرد صمید اللہ مارا گیا ،

دہشت گرد کے قبضہ سے دوہینڈ گرنیڈ ،کلاشنکوف اور بھاری مقدار میں ایمونیشن برآمد کرلیاگیا ،پولیس ذرائع کے مطابق خفیہ اداروں کی جانب سے علاقہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر محکمہ انسداد دہشت گردی پولیس نے ضلع ٹانک کے علاقہ برہ خیل پل کے قریب گرینڈ آپریشن کیا ،

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے پولیس پر بھاری ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی گئی ،پولیس نے بھی جواب فائرنگ اور دونوں جانب فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ،آپریشن کے دوران پولیس کو انتہائی مطلوب خطرنا ک دہشت گرد صمید اللہ ولد ولی جان قوم محسود سکنہ جنوبی وزیر ستان ماراگیا ،

پولیس نے ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے قبضہ سے دو ہینڈ گرنیڈ ،کلاشنکوف اور بھاری مقدار میں ایمونیشن برآمد کیا ،پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گرد صمید اللہ خفیہ ایجنسی کے کرنل مجیب کے شہید ہونے کے واقعہ سمیت دیگر سنگین مقدمات میں طویل عرصہ سے انتہائی مطلوب تھا ۔

٭٭٭

پیشہ ور بھکاریوں نے شہر اورگردونواح کے علاقوں میں ڈیرے ڈال لئے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) جنوبی پنجاب اور دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں پیشہ ور بھکاریوں نے ڈیرہ اسماعیل خان شہر اورگردونواح کے علاقوں میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں جن میں بڑی تعداد خواتین کی ہے

یہ پیشہ ور بھکاری خریداری کیلئے بازاروں اور مارکیٹوں کا رخ کرنے والوں کے پیچھے پڑجاتے ہیں اور لوگوں کو شدید ذہنی اذیت سے دوچار کرتے ہیں بالخصوص خواتین کو ان پیشہ ور بھکاریوں کی وجہ سے شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان بھکاریوں کے کچھ گروہ جو خواتین پر مشتمل ہیں جیب تراشی اور خواتین کے پرس کاٹنے کی وار دا توںمیں بھی ملوث ہیں۔ شہریوں نے مقامی انتظا میہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ان پیشہ ور بھکاریوں کیخلا ف کاررروائی کی جائے اور بازاروںمیں پولیس گشت کو موثر بنایاجائے

تاکہ یہ پیشہ ور بھکاری لوگوں کو اپنی وار دا توں کا نشانہ نہ بناسکیں اورخریداروں بالخصوص خواتین کو ذہنی اذیت سے نجات ملے۔

٭٭٭

 پیٹرول بحران آئندہ تین روز میں ختم ہوجائے گا ،وفاقی وزیر کی پشاور ہائی کورٹ کو یقین دہانی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) پیٹرول بحران آئندہ تین روز میں ختم ہوجائے گا ،وفاقی وزیر کی پشاور ہائی کورٹ کو یقین دہانی جو ذخیرہ اندوزی کررہا ہے اس کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں اور پیٹرول کے ذخائر پکڑ کر مقدمات درج کئے گئے ہیں،

وفاقی وزیر پیٹرولیم عمر ایوب نے کہا ہے کہ پیٹرول بحران سے پیدا شدہ صورتحال آئندہ تین روز میں بہتر ہو جائیگی ، وہ جمعرات کے روز پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ، انھوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی تکالیف کا پوری طرح احسا س ہے اور پیٹرول بحران سے نمٹنے کیلئے تمام توانائیاں برائے کار لائی جا رہی ہیں ،

انھوں نے کہا کہ جو ذخیرہ اندوزی کررہا ہے اس کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں اور پیٹرول کے ذخائر پکڑ کر مقدمات درج کئے گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ مافیا عوام تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات پہنچنے نہیں دے رہا ،

انھوں نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ اس طاقتور مافیا پر ہاتھ ڈالا گیا ہے اور حکومت اپنی کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچائے گی ،۔انھوں نے کہا کہ پیٹرول کی مانگ میں30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔قبل ازیں وفاقی وزیر عمر ایوب پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر جمعرات کے روز پشاور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے ،

ان کی پیشی پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے پیٹرول اور آٹا بحران سے متعلق کیس کی سماعت کے تناظر میں ہوئی ،اس دوران جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیے کہ عوام تکلیف میں ہیں ، حکومت کی جانب سے بے فائدہ میٹنگز کی جارہی ہیں جبکہ مسئلہ حل نہیں ہورہا ،

ساتھ ہی ساتھ پٹرول پمپس پر ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔انھوں نے ریمارکس دئے کہ پہلے آٹے کا مسئلہ پھر پٹرول کا مسئلہ حکومت ایکشن کیوں نہیں لے رہی،وفاقی وزیر نے عدالت کو یقین 

دلایا کہ آئندہ تین روز میں بحران حل ہو جائے گا جس کے بعد کیس کی سماعت 17جون تک ملتوی کر دی گئی۔

٭٭٭

 رواں برس2020ءکا پہلا سورج گرہن21 جون اتوار کو لگے گا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھرمیںرواں برس2020ءکا پہلا سورج گرہن21 جون اتوار کو لگے گاجسے یورپ کے جنوب مشرق، براعظم ایشیا، شمالی آسٹریلیا، براعظم افریقہ، انڈونیشیا، بحر الکاہل اور پیسفک کے ملکوں میں دیکھا جاسکے گا۔

سورج گرہن پاکستانی وقت کے مطابق صبح پونے نو بجے لگے گا اور 9بجکر 48 منٹ پر سورج کو مکمل گرہن لگنا شروع ہوگا جبکہ 11 بجکر 40 منٹ پر یہ اپنے عروج پرہوگا اور ایک بجکر 30منٹ پر مکمل گرہن ختم ہوناشروع ہوجائے گا

جو 2بج کر 30منٹ پرختم ہوگا۔سورج گرہن کا دورانیہ پانچ گھنٹے چالیس منٹ تک ہوگا۔

٭٭٭

شرائط کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ نہ رکھنے پر 6 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو 4 کروڑ روپے جرمانہ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے لائسنس کی شرائط کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ نہ رکھنے پر 6 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو 4 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ اوگرا ترجمان کے مطابق اٹک پٹرولیم، پوما، گیس اینڈ آئل اور حسکول کو 50، 50 لاکھ روپے،

شیل پاکستان اور ٹوٹل پاکستان لمیٹڈ کو ایک ایک کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔اوگرا نے 3 جون کو ان کمپنیوں کو پٹرولیم مصنوعات کا مطلوبہ ذخیرہ نہ رکھنے پر اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا۔

ترجمان اوگرا کے مطابق جن کمپنیوں کو جرمانہ عائد کیا گیا ہے وہ 30 دن کے اندر ادائیگی کی پابند ہوں گی تاہم 50 فیصد جرمانہ ادا کرکے نظرثانی کی درخواست دائر کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پٹرول پمپوں کو باقاعدگی کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کو یقینی بنائیں۔

دریں ثناءاوگرا نے تین مزید آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی اظہارِ وجوہ کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں جن میں بی ای انرجی، بائیکو اور اسکر شامل ہیں۔

٭٭٭

 خدمت مراکز، لائسنسنگ دفاتر اور پولیس دفاتر میں بغیر ماسک شہریوں کو سروسز فراہم نہ کیں جائیں،ڈی پی او ڈیرہ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمو د کی جانب سے کورونا ایس او پیز پر بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے ،خدمت مراکز، لائسنسنگ دفاتر اور پولیس دفاتر میں بغیر ماسک شہریوں کو سروسز فراہم نہ کیں جائیں۔

تمام پولیس دفاتر، خدمات مراکز، لائسنسنگ سنٹرز پر بغیر ماسک کوئی سہولت نہیں ملے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ ڈیرہ پولیس کی طرف سے خدمت مراکز میں مختلف سروسز فراہم کیں جا رہی ہیں۔ڈی پی او آفس ڈیرہ سمیت دیگر تمام پولیس دفاتر اور تھانوں میں اس سے پہلے ہی بغیر ماسک ملازمین اور سائلین کا داخلہ بند ہے۔

اہلکاروں اور سائلین کا آفس داخلہ کے لئے ہاتھ دھونا بھی لازم قرار دیا گیا ہے۔ ا سی طرح کھانسی، نزلہ اور بخار ہونے کی صورت میں بھی کسی فرد کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے کورونا وباءسے بچا جا سکتا ہے۔

٭٭٭

 گرمی کی شدت میں اضافہ ، درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، شہری پریشان

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ اور اسکے گرد نواح میں گرمی کی شدت میں اضافہ ، درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، شہری پریشان ، ٹھنڈے مشروبات کی مانگ میں اضافہ،برف و دیگر اشیائ کے ریٹ بڑھ گئے ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر اور اسکے گردونواح میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث ڈیرہ کا درجہ حرارت 41سے47 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ، محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی میں آئندہ ہفتے مزید اضافے کا امکان ہے اور درجہ حرارت47 سینٹی گریڈ سے متجاوز کر سکتا ہے

، ڈیرہ میں شدید گرمی کے باعث لوگ گھروں میں محبوس ہو گئے ہیں جبکہ ،سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم دیکھائی دیا،ڈیرہ میں گرمی بڑھنے کے باعث برف و ٹھنڈے مشروبات کی مانگ میں بے تحاشہ اضافہ ہونے کیساتھ ریٹ بھی بڑھا دیئے گئے ہیں۔

٭٭٭

زائرین کو آرام کے بعد گاڑیوں میں آبائی علاقوں کو روانہ کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) رتہ کلاچی سپورٹس کمپلیکس قرنطینہ سنٹر میںتفتان بارڈر سے آنے والے 38زائرین کی مہمان نوازی،ناشتہ اور آرام کے بعد گاڑیوں کو ڈس انفیکشن کر کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیاگیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی ہدایات پر نور عالم خان محسود ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر،حاجی نصیر احمد سٹی قانونگو،مشتاق پٹواری سمیت ضلعی انتظامیہ ،ٹی ایم اے،ریسکیو 1122،

محکمہ صحت کے ڈاکٹرز ،ٹیکنیکل سٹاف اور پولیس کی ٹیموں نے کورنٹائن سنٹر رتہ کلاچی سٹیڈیم میں خصوصی انتظامات کے تحت آنے والے 38زائرین کے مہمان نوازی کی۔ زائرین نے کورنٹائن سنٹر میں کچھ وقت آرام کیا

جبکہ انتظامی ٹیموں نے زائرین کو ناشتہ اور دیگر سہولیات بہم پہنچائیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے والے 38زائرین کا تعلق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے تھا جن میں ضلع کرم سے 16،آزاد کشمیر9 ،ہری پور سے 5،پشاور سے 7اور کوہاٹ سے 1زائر شامل تھا،

جن کو ضلعی انتظامیہ کے خصوصی انتظامات کے تحت مہمان نوازی کے بعد اپنے اپنے علاقوں کو روانہ کر دیا گیا۔

٭٭٭

شہری دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا،لاش کی تلاش جاری

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) شہری دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا، ریسکیو 1122 اور مقامی غوطہ خوروں کی کوششوں کے باوجود تاحال لاش نہ مل سکی۔

ریسکیوذرائع کے مطابق تھویا سیال کا رہائشی 42سالہ مرگی کا مریض جہانزیب عرف اورنگزیب نامی شخص ڈیرہ تعلیمی بورڈ کے قریب دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا، واقعہ کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو 1122 کاشف سلام کی ہدایت پر

ریسکیو1122کے غوطہ خوروں اور مقامی افراد نے لاش کی تلاش کیلئے کاروائیاں شروع کردیں تاہم 24گھنٹے گزرنے کے بعد بھی لاش نہ مل سکی جس کی تلاش کیلئے آپریشن آخری اطلاعات تک جاری تھا۔

٭٭٭

 مجلس عزاءمیں لوگوں کے اجتماع پر امام بارگاہ سیدعلیاں کے متولی کیخلاف مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)پہاڑ پور پولیس نے دفعہ144کیخلاف ورزی اور مجلس عزاءمیں لوگوں کے اجتماع پر امام بارگاہ سیدعلیاں کے متولی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پہاڑپور پولیس نے کورونا وائرس کے باعث لگائی گئی

دفعہ144کی خلاف ورزی اور مجلس عزا کے پروگرام کے دوران 5سے زائد افراد کے اجتماع و حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر امام بارگاہ سید علیاں کے متولی سید نصیر الحسن شاہ کیخلاف188/33NDMAکی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

About The Author