مئی 16, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پاکستان میں کرونا وائرس سے اب تک156 صحافی متاثر،3جاں بحق

پی ایف یو جے کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے کیمرا جرنلسٹس اور فوٹو جرنلسٹس سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے بتایا ہے کہ ملک میں اب تک کرونا وائرس سے 3 صحافی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جبکہ 156 متاثر ہیں۔

پی ایف یو جے کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے کیمرا جرنلسٹس اور فوٹو جرنلسٹس سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔

مذکورہ رپورٹ پی ایف یو جے کے کووڈ 19 ریسکیو کمیٹی کے سربراہ ذوالفقار علی مہتو نے مرتب کی ہے اور اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا سے جاں بحق ہونے والے ان 3 صحافیوں میں سے ایک ملتان جبکہ 2 سکھر سے تھے۔ اس کے علاوہ 69 صحافی صحتیاب ہوکر ہسپتال سے گھر لوٹ چکے ہیں جبکہ دیگر اس وقت قرنطینہ میں ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

رپورٹ کے مطابق فیصل آباد، بہاولپور اور رحیم یار خان میں کسی بھی ایک صحافی میں کرونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔ تاہم لاہور میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے اور وہاں 84 صحافی اس وائرس سے متاثر ہوئے، اس کے بعد راولپنڈی اور اور اسلام آباد میں 24، کوئٹہ میں 17، پشاور میں 12، کراچی میں 9، سکھر میں 6، ملتان میں 5 اور گوجرانوالہ اور حیدرآباد میں 2، 2 کیس سامنے آئے۔

ذوالفقار علی مہتو کا کہنا تھا کہ پی ایف یو جے نے ملک بھر میں اور آزاد کشمیر میں پھیلے اپنے یونٹس سے ڈیٹا حاصل کیا۔ آزاد جموں کشمیر میں میڈیا سے تعلق رکھنے والا ایک فرد متاثر ہوا اور وہ صحتیاب ہوگیا لیکن ابھی تک گلگت بلتستان کے علاقے میں صحافیوں میں کوئی کرونا وائرس سے متاثر نہیں ہوا۔

علاوہ ازیں حکومت پنجاب کی جانب سے جرنلسٹس سپورٹ فنڈ سے ہر متاثرہ صحافی کو ایک لاکھ روپے کی امداد کے اعلان کے تناظر میں پی ایف یو جے کی جانب سے متعلقہ حکام کو ڈیٹا بھیجا گیا ہے۔

پی ایف یو جے کی جانب سے سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کرونا سے متاثرہ صحافیوں کو کم از کم ایک لاکھ روپے فراہم کریں۔

%d bloggers like this: