جنوری 8, 2025

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

15اپریل2020:آج ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ، تجزیے اور تبصرے

ضلع بھر میں سینکڑوں سے زائد مزدور بیروزگار ،نوبت فاقوں تک پہنچ گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا لاک ڈاﺅن کے دوران شہر سمیت ضلع بھر میں سینکڑوں سے زائد مزدور بیروزگار ،نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ،حکومت کنسٹریکشن کے کام شروع کرنے کی اجازت دے تاکہ دیہاڑی دار مزدور کے چولہے ٹھنڈے ہونے سے بچ سکیں ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر سمیت ضلع بھر میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاﺅن کو تین ہفتے ہوچکے ہیں اور شہر سمیت ضلع بھر میں تعمیراتی کام بند ہونے سے سینکڑوں سے زائد مزدور بیروزگار ہوچکے ہیں ،حکومتی امداد نہ ملنے سے محنت کشوں کے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے ،

ضلع بھر میں نئی تعمیر ہونے والی سینکڑوں سرکاری ونجی عمارتوں میں کام بند ہونے سے مزدور بیروزگار ہوچکے ہیں ،حکومت کی جانب سے کنسٹرکشن کے کام شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے لیکن ڈیرہ میں پولیس کی جانب سے کنسٹریکشن سے متعلق تعمیراتی میڑیل کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جارہی ،

مزدوروں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حکومت احتیاطی تدابیر اپنانے کے ساتھ تعمیراتی کام شروع کرنے اور متعلقہ دکانوں کوکھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ دیہاڑی دار مزدوروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے سے بچ سکیں ،
٭٭٭
ضلع ڈیرہ میں کورونا وائرس سے زیادہ افواہوں کا بازار گرم ،ضلعی انتظامیہ افواہوں سے پریشان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ضلع ڈیرہ میں کورونا وائرس سے زیادہ افواہوں کا بازار گرم ،ضلعی انتظامیہ افواہوں سے پریشان،مریضوں کی تعداد بارے جتنے منہ ،اتنی باتیں ،ضلعی انتظامیہ افواہوں سے پریشان ،شہریوں سے غیر مصدقہ رپورٹیں پھیلانے سے گریز کی اپیل ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر میں کورونا وائرس سے زیادہ افوہوں نے زور پکڑ رکھا ہے اور ہر شخص مریضوں کی تعداد بارے سنی سنائی باتین پھیلا کر شہر میں خوف وہراس کاماحول بنا رہا ہے ،اس حوالے سے کی علاقے میں سامنے آنے والے مشتبہ کیسوں کو بھی بڑھا چڑھا کر اور کنفرم کیسوں کے طور پر پیش کیا جارہا ہے ،

جس کی وجہ سے عام لوگوں میں زبردست کشمکش پائی جاتی ہے ،اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ بھی افواہوں کے بازار سے سخت پریشانی کا شکار ہے اور ڈی سی ڈیرہ کئی مرتبہ شہریوں سے غیر مصدقہ خبروں کو پھیلانے سے گریز کرنے کی اپیل کر چکے ہیں ،

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے کوئی باقاعدہ لائحہ عمل بنانے کا مطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
مشتبہ کیس کی صورت میں پورے علاقہ کو سیل کرنے کی بجائے مخصوص گھروں کو ہی کورنٹائن کیاجائے گا محمد عمیر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ تفتان سے ابتک 340زائرین ڈیرہ اسماعیل خان آچکے ہیں، جن میں خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد زیادہ ہے، ابتک321زائرین کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں حکومتی ایس اوپیز کے تحت ان کے آبائی علاقوں کو بھجوا دیا گیا ہے۔

محلہ گوسائیانوالہ اور مجاہد نگر سے 3افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کی وجہ سے ان علاقوں اور گھروںکو سیل کیا گیا ہے۔ اب تک ڈیرہ اسماعیل خان کے 30ہزار مستحقین کو احساس کفالت پروگرام کے تحت12ہزار روپے فی کس کے تحت 36 کروڑ روپے کی ادائیگی ہوچکی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاﺅن کی وجہ سے سماجی فاصلوں اور دیگر احتیاطی تدابیر کیلئے عوام خصوصاً علمائے کرام حکومت اور انتظامیہ سے تعاون کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاﺅس ڈیرہ میں میڈیا سے خصوصی نشست کے دوران کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ محسن صلاح الدین، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عارف محمود اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122کاشف سلام سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا کہ کورونا وائرس کے مشتبہ کیسز کی صورت میں مدینہ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں مشتبہ مریضوں کے گھروں سمیت مخصوص گھروں کو قرنطائن قرار دیکر اس علاقہ کو حفاظتی اقدامات کے حوالے سے سیل کیا جاتا ہے تاہم کسیزمنفی آنے پر ان علاقوں کو کھول دیا جاتا ہے،

انہوں نے کہا کہ مدینہ کالونی میں مشتبہ کیسز کی صورت میں اہل علاقہ اور متاثرین کے انتظامیہ سے تعاون اور ذمہ داری کا ثبوت دینے پر نہ صرف ان علاقوں کو فوری طور پر کھول دیا گیا بلکہ متاثرہ علاقوں میں ہرممکن سہولیات فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے بتایا کہ گلی باغ والی میں تنزانیہ سے آنے والی مستورات و مردوں کی26رکنی غیر ملکی تبلیغی جماعت کے افراد میں کورونا وائرس کے شبہ میں مذکورہ علاقہ میں تبیلغی جماعت کے میزبان کے گھر اور ملحقہ مدرسہ کو کورنٹائن قرار دیا گیا تھا

تاہم مذکورہ افراد میں سے صرف ایک فرد کا رزلٹ مثبت آیا جس کے بعد متاثرہ فرد کو آئیسولیشن وارڈ منتقل کرکے باقی ماندہ علاقہ کو کلیئر قرار دیدیا گیا۔ اگر اسی طرح عوام نے ذمہ داری کو ثبوت دیتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون کیا

تو کسی بھی مشتبہ کیس کی صورت میں پورے علاقہ کو سیل کرنے کی بجائے مخصوص گھروں کو ہی کورنٹائن کیاجائے گا کیونکہ حکومت اور انتظامیہ کو عوامی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ کے حوالے سے اس کا دائرہ کار تحصیل سطح تک بڑھا دیا گیا ہے،

گزشتہ روز کلاچی اور درابن میں بھی لوگوں کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے، پہلے مریضوں کے ٹیسٹوں کیلئے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد اور کے ایم یو پشاور ارسال کئے جاتے تھے تاہم اب فیز2کے تحت گومل میڈیکل کالج میں پی سی آر لیبارٹری کو فعال کرکے مقامی سطح پر ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔
٭٭٭
کورونا وائرس سے نبرد آزما ہونے کیلئے ضروری سامان ضلعی انتظامیہ کے حوالے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ویر ترقیاتی تنظیم اور ہیل ویٹس سوئس انٹرکوآپریشن کے تعاون سے کورونا وائرس سے نبرد آزما ہونے کیلئے ضروری سامان جس میں تھرمل گنز، پرسنل پروٹیکٹیو آلات، سینیٹائزرز، ڈس انفیکشن لیکوئیڈ،

32نیبولائزرز، 12ہزار4سوماسک، 200بیڈنگ کٹس، ڈسپوزیبل کراکری، بالٹیاں، لوٹے ،200میٹریس ،600بیڈ شیٹس سمیت دیگر اشیاءشامل ہیں، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر اور اسسٹنٹ کمشنر محسن صلاح الدین کی موجودگی میں ضلعی انتظامیہ کے حوالے کی گئیں۔

سرکٹ ہاﺅس ڈیرہ میں منعقدہ تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے ذمہ داران، ریسکیو1122، محکمہ صحت، محکمہ جیل خانہ جات، اور عدلیہ کے عہدیداران نے شرکت کی۔ تقریب میں تمام ضلعی محکمہ جات کی جانب سے ویر ترقیاتی تنظیم اور ہیل ویٹس سوئس انٹرکوآپریشن کی موجودہ حالات میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کی گئی کاوشوں اور اقدامات کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے ویر ترقیاتی تنظیم(VDO) کے کردار کو سراہا اور کہا کہ مشکل کے ہر دور میں VDOنے اہلیان ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا اور ضلعی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیا۔
٭٭٭
جعلی کرنسی استعمال کرنے کے الزام میں چار افراد گرفتار ، بھاری مقدار میں جعلی کرنسی برآمد کرلی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تھانہ پہاڑپورپولیس نے مختلف کاروائیوں کے دوران جعلی کرنسی استعمال کرنے کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں جعلی کرنسی برآمد کرلی، دو الگ الگ مقدمات درج۔

پولیس ذرائع کے مطابق پہاڑ پور پولیس نے گاﺅں کالا گوڑھ میں گشت کے دوران مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں قابو کرکے انہیں گرفتار کرلیا ،

پولیس نے ملزمان کی تلاشی کے دوران 1ہزار،5سواور 1سو روپے مالیت کے جعلی کرنسی نوٹ9ہزار ایک سو روپے برآمد کرلیے ۔ پولیس نے ملزمان نے ظفر اقبال ولد شیرو قوم قصائی اور امداد حسین ولد اللہ نواز قوم چھینہ سکنائے فتح ڈیرہ اسماعیل خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا،

پولیس نے دوسری کاروائی کے دوران کالا گوڑھ کے علاقہ میں ملزمان ثناءاللہ موچی سکنہ کالا گوڑھ اورعبدالمجید عرف مگا سکنہ کالا گوڑھ سے بھی1 ہزار اور5سو روپے مالیت کی 8ہزار روپے کی جعلی کرنسی برآمد کر لی ،پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں حوالات میں بند کردیا۔
٭٭٭
محکمہ خوراک کے گودام کا خصوصی دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر محمد عمیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر) حافظ واحد محمود نے محکمہ خوراک کے گودام کا خصوصی دورہ کیا اور گندم کے معیار کو چیک کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمود الرحمن ، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر سہیل حبیب اور انسپکٹر سردار جنید خان گنڈہ پور بھی موجود تھے ،

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمود الرحمن نے اس موقع پر مہمانوں کو گندم کی خرید اور گندم کے گوداموں کے حوالے کئے گئے انتظامات بارے بریفنگ کے دوران بتایاکہ محکمہ خوراک ڈیرہ اسماعیل خان نے مقامی کاشتکاروں سے باردانہ کی خرید کا عمل شروع کردیاہے ۔

ڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے کہا کہ اس سال محکمہ خوراک 5لاکھ ٹن گندم خرید کرے گا۔ گندم کی خرید کے دوران اوپن پالیسی اختیار کی گئی ہے تاہم مقامی کاشتکاروں سے ترجیحی بنیادوں پر گندم خریدی جائے گی۔

انہوں نے محکمہ فوڈ کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ گندم کی خرید کے دوران اعلیٰ کوالٹی کی گندم خرید کریں۔ انہوں نے محکمہ فوڈ کے حکام کو کہا کہ اگر انہیں کسی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ انتظامیہ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
٭٭٭
ڈاکٹر ماجد سلیم استرانہ ریجنل ڈیزیز سرویلنس اینڈ ریسپانس یونٹ کا سربراہ مقرر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)صوبائی حکومت نے ڈاکٹر ماجد سلیم استرانہ کو ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کیلئے ریجنل ڈیزیز سرویلنس اینڈ ریسپانس یونٹ کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔

سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخواہ کی جانب سے سے جاری اعلامیہ کے مطابق کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے فیلڈ اپڈامالوجی اینڈ لیبارٹری ٹریننگ پروگرام کی سفارشات پرصوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا میں دو ریجنل ڈیزیز اینڈ سرویلنس ریسپانس یونٹ قائم کئے ہیں

جن میں سے ایک یونٹ مالاکنڈ ریجن کیلئے سوات جبکہ دوسرایونٹ ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم کیاگیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر ماجد سلیم استرانہ کو ڈیرہ ریجن کیلئے ریجنل ڈیزیز سرویلنس اینڈ ریسپانس یونٹ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
٭٭٭
چھاپے کے دوران اشتہاری ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)یارک پولیس نے علاقہ جندر میں چھاپے کے دوران اشتہاری ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ یارک پولیس نے علاقہ جندر میں پولیس کو مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم رحمت اللہ سکنہ جندر کی موجودگی کی اطلاع پر کاروائی میں

اشتہاری ملزم کو گرفتار کرکے اس سے ایک بندوق 12 بور اور 5کارتوس برآمد کرلئے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
٭٭٭
سڑکوں پر فروخت ہونے والے غیر معیاری ماسک کورونا کے پھیلاﺅ کا باعث بننے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سڑکوں پر فروخت ہونے والے غیر معیاری ماسک کورونا کے پھیلاﺅ کا باعث بننے لگے ،شہر سمیت مضافاتی علاقوں کی سڑکوں پر فروخت ہونے والے غیر معیاری ماسک جراثیم روکنے کی بجائے جراثیم پھیلانے کا سبب بننے لگے ،

متعدد شہری یہ ماسک چہرے پر لگا کر چیک کرتے ہیں ،اس طرح ماسک خرید نے والے شہری درجنوں ماسک پر اپنے تجربات کرتے ہوئے جراثیم چھوڑتے نظر آتے ہیں ،سڑکوں پر فروخت ہونے والے زیادہ تر ماسک لنڈے کے کپڑوں کو دھو کر تیار کیے جاتے ہیں

جس کی وجہ سے ایسے ماسک حفظان کے اصولوں پر پورا نہیں اترتے ،شہریوں کو چاہیے کہ معیاری ماسک کا استعمال کریں تاکہ مہلک جراثیموں سے بچا جاسکے ۔
٭٭٭
کورونا کی تشخیص کی دوسری بڑی لیبارٹری مفتی محمود میموریل ہسپتال میں انسٹال کر کے باقاعدہ کام کا آغاز کر دیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا کےخلاف جنگ میں پورے صوبہ خیبرپختونخوا میں گومل یونیورسٹی کا شعبہ گومل سنٹر آف بائیو کیمسٹری اینڈ بائیو ٹیکنالوجی (جی سی بی بی)نے کورونا کی تشخیص کی دوسری بڑی لیبارٹری مفتی محمود میموریل ہسپتال میں انسٹال کر کے باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہاکہ یہ لیبارٹری گومل یونیورسٹی کی طرف سے عوام کےلئے ایک تحفہ ہے ۔ اس لیبارٹری کے قیام میں ڈائریکٹر جی سی بی بی ڈاکٹر بدر‘اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مزمل ‘ڈاکٹر سعد سلمان اور ان کی ٹیم کی دن رات کی محنت اور لگن شامل ہے۔

جو نہ صرف ان کی بلکہ گومل یونیورسٹی کی ملک سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ مفتی محمود میموریل ہسپتال میں اس لیبارٹری کے لگنے سے روزانہ کی بنیاد پر 200سے زائدکورونا ٹیسٹ کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پروائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز الیون کور بریگیڈئیر ڈاکٹر سعید افسر ،

سٹیشن کمانڈرڈیرہ بریگیڈئیر محمدشمریز خان ،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ خیبرپختونخوا ڈاکٹر طاہر ندیم،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر اورضلعی انتظامیہ کا بھی شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے گومل یونیورسٹی کی طرف سے ملک سے محبت کے جذبہ اورعوام کو سہولت کےلئے اس اقدام کو سراہا اوربھرپور تعاون بھی کیا۔
٭٭٭
کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اقدامات سے متعلق اجلاس کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کے دفتر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اقدامات سے متعلق اجلاس کا انعقاد۔ اجلاس میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر شمریز خان کی خصوصی شرکت۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں

تاکہ مقامی سطح پر حاصل کیے گئے سیمپلز کے بروقت نتائج کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے، ڈپٹی کمشنر محمد عمیر۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔

اجلاس میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر شمریز خان کی خصوصی شرکت کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈیرہ، چیئر مین بی او جی ایم ٹی آئی ، ڈین گومل میڈیکل کالج، ہسپتال ڈائریکٹر ، مفتی محمو د،ڈی ایچ کیو، این سٹاپ آفیسر، انچار ج آپریشنل روم ڈی سی آفس سمیت محکمہ صحت ، پولیس و دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ آر این اے ایکسٹریکشن اور پی سی آر کٹس کی مزید ضرورت کے ساتھ ساتھ سٹاف کی ضرورت سے متعلق حکام کو آگاہ کیا جا چکا ہے جبکہ اس سلسلے میں این ڈی ایم اے کی جانب سے بھی معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹنگ مشینوںاور ان مشینوں سے منسلک لوازمات اور حاصل کردہ سیمپلز کو محفوظ رکھنے کیلئے خاطر خواہ انتظامات کیے جائیں ۔ جو مشینیں فعال ہیں انکی فعالیت کو ہر صورت جاری رکھا جائے تاکہ کسی قسم کی رکاوٹ کا اندیشہ نہ رہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سٹیشن کمانڈر شمریز خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے تدارک کیلئے ادارے باہمی تعاون کا مظاہرہ کریں اور روابط کو مضبوط کیا جائے تاکہ کسی بھی نا خوشگوار صورتحال کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
٭٭٭
ضلعی انتظامیہ ڈینگی وائرس سے متعلق بھی باخبر ہے اور ڈینگی وائرس کے تدارک کیلئے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں ،محمد عمیر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ جہاں ایک طرف کورونا وائرس کے تدارک کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں وہیں ضلعی انتظامیہ ڈینگی وائرس سے متعلق بھی باخبر ہے اور ڈینگی وائرس کے تدارک کیلئے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں

لہذا لوگوں کو چاہیے کہ ڈینگی سے بچاﺅ کیلئے وضع کردہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائیںکیونکہ ڈینگی وائرس ایک خاص قسم کے مچھر کے کاٹنے سے انسانی جسم میں منتقل ہوتا ہے اور یہ مچھر اپنی افزئش نسل کیلئے صا ف اور ٹھہرے ہوئے پانی کا استعمال کرتے ہیں

جو کہ عام طور پر گھروں میں پرانے برتنوں، گڑھوں، گملوں وغیرہ میں جمع ہو جاتاہے لہذا لوگوں کو چاہیے کہ اس بات کی تسلی کر لیں کہ گھر کی چھتوں یا صحن وغیرہ میں کہیں بھی صاف پانی موجود نہیں اور اگر پانی موجود ہے تو اسے فوری زائل کر دیں۔

مزید یہ کہ مکمل آستینوں والے کپڑے پہنیں اور طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کے اوقات میں خصوصی پرہیز رکھیں کیونکہ یہ مچھر ان اوقات میں زیادہ موثر رہتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا کہ شہر بھر میں مختلف مقامات پر فیومیگیشن کے مقصد کیلئے متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایات پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں اور فیومیگیشن کا عمل بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں سپیشل وارڈ مختص کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس سے متعلق سرویلنس کے انتظامات کے ساتھ ساتھ لوگوں میں شعور و آگاہی کیلئے سیمینار اور دیگر پروگراموں کا انعقاد کیا جائے کیونکہ کسی بھی بیماری کے تدارک کیلئے اس بیماری سے متعلق شعور و آگاہی بنیادی حیثیت رکھتے ہےں،
٭٭٭
مریضوں کے لئے نجی کلینک کومخصوص اوقات کے لئے کھولنے کی اجازت دی جائے،لطیف الرحمان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈر گسٹ ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صوبائی سنیئر وائس چیئر مین لطیف الرحمان خان نے اپنے بیان میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے کیے اقدامات کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ

جس طرح وفاقی حکومت نے چھوٹے کاروباری طبقے کو ریلیف دینے کے لئے ان کو دکانیں کھولنے کی اجازت دی ہے ،اس طرح مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے نجی کلینک کومخصوص اوقات کے لئے کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ کلینکوں کے ساتھ وابسطہ میڈیکل سٹورز کا کاروبار جو کہ بالکل بند پڑا ہے چل سکے ،

ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے ملازمین کی تنخواہوں ،یوٹیلٹی بلز ،کرایہ جات کی ادائیگی ممکن نہیں رہی جبکہ وہ گھریلو اخراجات کے لئے قرضے لینے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔
٭٭٭
الحاج دل نواز خان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کا سلسلہ جارہی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن گومل یونیورسٹی الحاج دل نواز خان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کا سلسلہ جارہی ہے ،گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان کے صحافیوں ،معززین علاقہ ،علماءکرام ،سرکاری افسران ،سیاسی پارٹی کے رہنماﺅں اور سابق ناظمین اظہار تعزیت کے لئے ان کے گاﺅں بنوں گئے ، جہاں پر ان کی والدہ کی وفات پر اظہارتعزیت کی گئی ۔

اس طرح پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سنیئر رہنماﺅں نے بھی ضلع بنوں میں ان کی رہائش گاہ پر اظہار تعزیت کرتے وہئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر وجمیل عطا فرما۔آمین
٭٭٭
سینی ٹائزر کے چودہ نمونے حاصل کرکے ڈرگ ٹسٹنگ لیبارٹری کو ارسال

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈائریکٹر جنرل ڈرگ اینڈ فارمیسی خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد سلیم خان کی ہدایت پر ڈرگ انسپکٹر کوہاٹ نے سینی ٹائزر کے چودہ نمونے حاصل کرکے ڈرگ ٹسٹنگ لیبارٹری کو ارسال کردیئے ،

جس کی رپورٹ آنے پر بارہ سینی ٹائزر کے نمونے غیر معیاری پائے گئے جبکہ دو کمپنیوں کے سینی ٹائزر کے نمونے مطلوبہ معیار پرپورا اترے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے سنیئر صوبائی نائب صدر حاجی لطیف الرحمٰن نے ٹیلی فونگ گفتگو کے دوران کیا ۔

انہوںنے مذید کہا کہ غیر معیاری سینی ٹائزر فروخت کرنے والے دکانداروں کے خالف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی ،انہوںنے کہا کہ ڈی جی کی ہدایت پر صوبے بھر کے ڈرگ انسپکٹرز نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سینی ٹائزر کے خلاف مہم جاری ہے

جس کے تحت مارکیٹ میں فروخت ہونے والے سینی ٹائزر کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹریز بجھوائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر کے کسی بھی ضلع میں فروخت ہونے والے سینی ٹائزر اگر غیر معیاری پائے گئے تو ان کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی تاکہ عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری سینی ٹائزر مہیا ہوسکیں ۔
٭٭٭
غیر معیاری گولے، قلفیاں کھانے سے بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)موسم کی تبدیلی کیساتھ ہی شہر بھر میں جہاں برف کی مانگ بڑھنے لگی ہے وہاں پر غیر معیاری گولے، قلفیاں کھانے سے بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے ہیں غیر معیاری قلفیاں، گولے، گلی محلوں میں فروخت ہورہے ہیں

جنہیں بچے شوق سے کھاتے ہیں ان کے کھانے سے نزلہ، کھانسی، گلہ خراب کی بیماریاں پھیل رہی ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت فوری طور پر غیر معیاری قلفیاں اور گولے فروخت کرنیوالوں کیخلاف کاروائی کرے تاکہ بچے بیماریوں سے بچ سکیں۔
٭٭٭
بے روزگاری سے تنگ لوگوں نے ریڑھیاں لگانا شروع کردی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) بے روزگاری سے تنگ لوگوں نے بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے کھانے پینے کی اشیاءفروخت کرنے کیلئے ریڑھیاں لگانا شروع کردی ہیں لوگوں کی اکثریت سبزیاں، پھل اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء گلی محلوں میں فروخت کرنے لگے ہیں تاکہ اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں

شہریوں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاو¿ن کی وجہ سے کاروبار نہ ہونے کے باعث مجبوراً ریڑھیاں لگا رہے ہیں تاکہ اپنے بچوں کو باعزت روزگار کما کر دے سکیں۔
٭٭٭
مو یشی پال حضرات گا ئے بھینسوں اور بھیڑ بکر یو ں کو حفاظتی ٹیکے لگوا ئیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)لا ئیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے ضلع بھر کے مو یشی پال حضرات گا ئے بھینسوں اور بھیڑ بکر یو ں کو حفاظتی ٹیکے لگوا ئیں، رو اں ما ہ میں مذ کو ر ہ جا نو رو ں کو متعد ی امراض سے بچا ﺅ کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوا نا ضرور ی ہے،

ا س کے ساتھ ساتھ چا رے میں پا ئے جا نے وا لے مہلک جراثیم جا نو رو ں میں متعد د بیما ریوں اور ا موات کا با عث بن سکتے ہیں، اس لیے جا نوروں کو ا ن کی جسمانی ضرورت سے ز یا دہ چار ہ ہر گز نہ د یا جا ئے اور ترجیحی بنیادوں پر جا نوروں کو حفاظتی ٹیکے لگوا ئے جا ئیں۔
٭٭٭
انگور میں انسانی صحت کیلئے مو زوں کیمکلیز کی مقدار باقی پھلوںسے ز یاد ہ ہوتی ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) زرعی ماہرین نے بتا یا ہے کہ انگو ر تمام پھلوں میں ایک منفر حیثیت کا حامل ہے، انگور میں انسانی صحت کیلئے مو زوں کیمکلیز کی مقدار باقی پھلوںسے ز یاد ہ ہوتی ہے۔ یہ سخت سر د سخت گر م اورمرطو ب آب و ہوا والے موسم کے علاو ہ دنیا کے تمام حصوں میں کا شت ہو تا ہے

انگورہلکی زمین سے لے کر چکنی زمین میں کا شت ہوسکتا ہے لیکن ا چھے نکا س والی ہلکی چکنی ز مین انگور کی کا شت کیلئے بے حد مو زوں ہے۔جب انگورکا پودا ریتلی اورکنکری زمین پر کا شت کی جا ئے تو اسے پت جھڑ وا لے پودو ں کی طرح کھا د دینے کیلئے خاص خیا ل رکھاجا ئے۔ پتھر ی ز مین میں کا شت شدہ انگور کا پھل چکنی زمینوں کی نسبت جلد پک کرتیار ہوجاتا ہے۔ انگورکی کاشت کے مختلف مہینوں میں کی جاسکتی ہے اپریل کے مہینے میں پلاسٹک کی تھیلی والی پو د ے منتقل کیے جاسکتے ہیں

جب پو د ے لگ جائیں تو سیمنٹ کے ساڑھے 7فٹ لمبے پلرکو ڈیڑھ فٹ زمین میں اورباقی 6فٹ زمین سے با ہر رکھیں ایک پودا چھوڑ کر پلر لگائیں پھر 2تاریں او پر والی چھے گیج اورنیچے والی 8گیج کی پلر کے سوراخوںمیں گزا ر کر آخری سر ے پر سٹے پلر کے ساتھ مضبوطی سے باندھ دیں

سٹے پلر ز ساری لائن کی مضبوطی کیلئے استعمال کیے جاتے ہیں انگور کی مختلف اقسام کا شت کی جاتی ہے۔ا ن میں سفید کشمش سندرخانی سرخ کشمش اور ساہبی شامل ہے۔ میدانی علاقوںمیں کا شت کی جا نے وا لی انگو ر کی اقسام میں پرلٹ کنگ رو بی فلیم سیڈ لیس کاڈنیل این ا ے آ ر سی بلیک پھل دار پودوں میں انگور کو سب سے کم پانی کی ضرورت ہوتی ہے

لیکن انگورکو بورلگنے سے ما ر چ تا مئی پھل کا رنگ تبدیل ہونے تک پانی مو سم اور زمین کی ساخت کے مطا بق دیتے رہنا چاہیے ا س کے بعد پھل پکنے سے تقریبا 25دن پہلے پانی کم دینا چاہیے انگو ر کی آپیاشی کیلئے محکمہ آپیاشی کے تعاو ن سے ڈر پ اریگیشن سسٹم سے فائد ہ ا ٹھایاجاسکتا ہے۔

انگورکی کاشت کے سلسلہ میں کھادوں کا استعما ل زمین کی قسم کے مطابق کر ناچاہیے۔ زمین کو گوبر کی کھا د ہر سا ل د ی جا ئے تو کیمیائی کھادوں کی ضرورت کم پڑتی ہے عام طور پر 150گرام این پی کے فی پو دا پھل بننے سے پہلے استعمال کرنے سے پیداوار میں خاطرخوا ہ اضافہ ہو تا ہے۔ انگور کے پودے پر ملی بگ ما ئیٹس دیمک اورویول قسم کے کیڑ ے اوربیماریاں حملے کرتے ہیں۔
٭٭٭
احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا طریقہ کار بغیر کسی پیشگی اعلان کے تبدیل کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)حکومت نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا طریقہ کار بغیر کسی پیشگی اعلان کے تبدیل کردیارقوم موبائل فون اکاﺅنٹس میں منتقل کرنے کی بجائے خصوصی مراکزکے ذریعے تقسیم کرنے سے نہ صرف مستحقین کی عزت نفس مجروح ہورہی ہے بلکہ بڑے پیمانے پر کرپشن کا بھی خدشہ ہے .

ماہرین ۔حکومت کی جانب سے کورونا وائرس لاک ڈاﺅن سے متاثرہ ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کو فی خاندان 12 ہزار روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا گیا اور بدھ 8 اپریل سے شروع ہوگئی تھی. تاہم رقوم کی تقسیم وزیر اعظم کے بار بار اعلان کردہ طریقہ کار کے تحت موبائل فون اکاﺅنٹس میں منتقل کرنے کی بجائے ملک بھر میں سرکاری عمارات میں مراکزقائم کرکے تقسیم کی جارہی ہیں.

ان مراکزمیں شہریوں کی بڑی تعداد اور انہیں کنٹرول میں رکھنے کے لیے پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی موجودگی سے وائرس کے پھیلاﺅ کا خطرمزید بڑھ جاتا ہے ‘اس کے علاوہ مجبور شہریوں کی عزت نفس بھی مجروح ہورہی ہے .

بہت سارے شہری حکومت ان مراکزتک اپنی عزت نفس کی خاطر گئے ہی نہیں ،ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تو کہا تھا کہ انہیں موبائل فون اکاﺅنٹس میں رقوم منتقل کردی جائیں گی جبکہ اب حکومت ایک پھر یو ٹرن لیتے ہوئے اپنی اعلان کردہ طریقہ کار میں ترمیم کرتے ہوئے شہریوں کو رقوم کی وصولی کے لیے احساس پروگرام کے تحت قائم کردہ مراکزمیں بلایا جارہا ہے.

خاتون نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہیں صبح نو بجے بلایا گیا تھا اور تین بجے کے بعد ان کی باری آئی انہوں نے بتایا کہ میڈیا کی رسائی کے ایریا تک تو سب ٹھیک نظر آتا ہے مگر خاص حد کے بعد صرف انہیں ہی جانے کی اجازت دی جاتی ہے جنہیں رقوم کی وصولی کے لیے بلایا گیا ہو

انہوں نے بتایا کہ وہاں نہ صفائی کا خیال ہے عملے میں کچھ افراد نے ڈسپوزیبل دستانے پہن رکھے ہیں مگر شاید وہ صبح سے وہی دستانے پہن کر کھڑا تھا اسی طرح بائیو میٹرک کے لیے رکھی مشینوں کی بھی صفائی کا کوئی انتظام نہیں

انہوں نے کہا کہ یہ درست کے کہ کمروں کے اندر ایک وقت میں سے دو افراد کوہی جانے کی اجازت ہے مگر انتظار گاہ میں بیٹھے لوگوں میں سماجی دوری کے اصول کا کوئی انتظام نہیں اور نہ ہی پینے کے پانی کے لیے ڈسپوزیبل گلاس ہیں .

انہوں نے بتایا کہ ہم تو یہ تصور کرکے گئے تھے کہ ہم30/40منٹ میں واپس آجائیں گے اس لیے اپنا گلاس یا پانی کی بوتل ساتھ نہیں لے گئے مگر حکومت کو تو علم ہے انہوں نے پیغام یہ چند الفاظ کا اضافہ کیوں نہیں کیا کہ آپ اپنے لیے پینے کے پانی یا گلاس کا بندوبست کرکے لائیں.

یاد رہے کہ جب یہ پروگرام شروع کیا گیا تھا توکورونا ایمرجنسی احساس کیش فنڈ کے لیے ایک ایس ایم ایس سروس شروع کی گئی تھی جس کے تحت مستحق افراد کو 4 ماہ کے لیے 12 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا گیا تھا‘

احساس پروگرام کی سربراہ ثانیہ نشتر اور وزیر اعظم بار بار یہ کہتے رہے کہ ایس ایم ایس کے ذریعے بجھوائے گئے شناختی کارڈ نمبر سے نادرا کے ڈیٹا بیس سے چیک کیا جائے گا کہ آیا یہ شخص امداد کا اہل ہے بھی یا نہیںاس مقصد کے لیے نادرا میں ڈبل چیک سسٹم بنایا گیا ہے.

اس کے لیے وفاقی اور وفاقی حکومت کی جانب سے بہت بڑی تشہیری مہم بھی چلائی گئی کہ نادرا میں اس شخص کے متعلق یہ چیک کیا جائے گا کہ اس کے اکاﺅنٹ میں کوئی بڑی رقم تو موجود نہیں یا پھر اس کے نام کوئی جائیداد تو نہیں اس کے بعد اگر وہ شخص اہل ہوگا
تو اگلے سسٹم میں انٹری ہوگی جہاں کوائف کی تصدیق کے بعد اس شخص کو پیغام چلا جائے گا کہ آپ فلاں تاریخ کو بینک سے جا کر پیسے لے سکتے ہیں.تاہم اب حکومت نے یوٹرن لیتے ہوئے اپنے ہی اعلان کروہ طریقہ کار کو بدل دیا جس میں ایک امدادی رقم کی سلپ پر درخواست گزار کی تصویر شائع کرنا

جن میں سے کئی سلپس کی حکومت اور وزیر اعظم کے آفیشل ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر تشہیر کی گئی جبکہ وزیراعظم بار بار کہہ چکے تھے کہ حاجت مندوں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے تشہیرسے گریزکیا جائے گا اور امدادی رقوم ان کے گھروں تک پہنچائی جائیں گی.

ادھر مختلف اداروں کی جانب سے امدادی رقوم میں کٹوتی کی خبریں بھی منظر عام پر آچکی ہیں .وزیراعظم عمران خان نے کہاتھا کہ ہمارے پاس ایک کروڑ 20 لاکھ خاندان رجسٹرڈ ہیں ہم احساس پروگرام کے ڈیٹا کے ذریعے لوگوں کو کیش ٹرانسفر کریں گے

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور یورپ کے تمام مزدور رجسٹرڈ ہیں لیکن پاکستان میں 80 فی صد مزدور رجسٹرڈ نہیں ہیں ہمیں اپنے مزدور طبقے تک پہنچنا ہے .
٭٭٭
آم کی بھر پور فصل کی توقع کی جا رہی ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)امسال آم کی بھر پور فصل کی توقع کی جا رہی ہے کیونکہ گزشتہ برس آم کی فصل موسمی حالات کے پیش نظر بہت کم رہی جس کی وجہ سے اس سال پودوں میں غذائی عناصر کا تناسب زیادہ رہا ہے جس کے نتیجہ میں زیادہ بار آوری ہوئی ہے۔

موافق موسمی حالات نے بھی زیادہ بارآوری میں تقویت دی ہے۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے باغبانوں کو سفارش کی ہے کہ وہ بٹور کی کٹائی جلد مکمل کریںکیونکہ اگر اس عمل میں کسی وجہ سے تاخیر ہو جائے تو پیداوار میں خاطر خواہ کمی ہو جاتی ہے۔

بٹور سے متاثرہ شاخ کو تقریباً 1 فٹ سے لیکر 2 فٹ نیچے تک کاٹیں،کٹے ہوئے بٹور کو باغ سے باہر لے جا کر جلائیںیا زمین میں دبائیں اور کٹائی کے بعد سفارش کردہ سرائیت پذیر پھپھوند کش زہر کا سپرے کریں۔

آم کے باغات میں تیلہ کا حملہ ہونے کی صورت میں سفارش کردہ نئی کیمسٹری کی زہروں کاسپرے کریں۔ جن باغبانوں نے باغات کی ابھی تک آبپاشی نہیں کی وہ فوراً آبپاشی کریںتاکہ پھل موسمی اثرات سے محفوظ رہیں۔

پھل کی نشوونما مکمل ہونے تک آبپاشی ہمیشہ درخت کی چھتری کے نیچے 3/4 حصہ کے وتر کے خشک ہونے پر کریں اورپھل کی برداشت کرنے سے کم از کم 15 دن پہلے آبپاشی روک لیں۔ پھل کے کیرے کو روکنے کے لیے مارکیٹ میں غذائی عناصر سے بھر پور مختلف مرکبات موجود ہیں۔

زنک سلفیٹ بحساب 250 گرام اور یوریا 1 کلو گرام 100 لٹر پانی میں ملا کر سپرے کرنے سے آم کے پھل کے کیرے کو کافی حد تک بچایا جا سکتا ہے۔وسط اپریل کے بعد آم کے باغات میں جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے ہل اور گوڈی کرنے سے اجتناب کریں

البتہ اس دوران جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے ویڈ سلیشر کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔جب مئی جون میں درجہ حرارت بہت زیادہ بڑھنے لگے تو کسی بھی طریقہ سے جڑی بوٹیوں کی تلفی سے اجتناب کریں۔

موسم گرم ہونے پر آم کے درخت کی چھال کے پھٹنے کے عمل کو کم کرنے کے لیے بورڈوپیسٹ بحساب1:1:10 سے ضرور لگائیں ۔
٭٭٭
ملک کے پہلے تعلیمی چینل ”ٹیلی سکول“ نے اپنی نشریات کا باقاعدہ آغاز کر دیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور پاکستان ٹیلی ویژن کے اشتراک سے ملک کے پہلے تعلیمی چینل ”ٹیلی سکول“ نے اپنی نشریات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ملک بھر سے والدین اور طلباءنے تعلیم کی فراہمی کے متبادل ذرائع کے طور پر ٹی وی چینل کے قیام کی حکومتی کاوش کو سراہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز اس چینل کا افتتاح کیا تھا۔ چینل کے قیام کا مقصد کورونا وائرس کی عالمی وباءکے باعث بند ہونے والے پاکستان کے سکولوں کے طلباءکو گھر میں تعلیم کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ چینل نے اپنی نشریات کا آغاز منگل کی صبح 8 بجے کیا جو کہ شام 6 بجے تک جاری رہیں۔

10 گھنٹے کی نشریات میں پہلی جماعت سے 12ویں جماعت تک کا نصاب پڑھایا جا رہا ہے ۔ تعلیمی چینل ”ٹیلی سکول“ کے آغاز کے پہلے روز ہی اس کو عوام اور خاص طور پر طلباء کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی۔

طلباء کا کہنا تھا کہ تعلیمی سال کے آغاز پر ہی ان کے سکول کورونا وائرس کی وباءکے باعث بند کر دیئے گئے۔ اب جبکہ لاک ڈاﺅن کے تین سے چار ہفتے ہو گئے ہیں وہ اپنے گھروں میں بیٹھے بیٹھے تنگ آگئے تھے اور ایسے میں یہ ٹی وی چینل ان کے مثبت مصروفیات کیلئے ایک بہتریں ذریعہ ہے ،

انہوں نے کہا کہ ان کو ٹیلی سکول کی نشریات بہت پسند آئیں، ان نشریات میں بہتر اور آسان طریقے سے چیزوں کو سمجھایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی چینل اس صورتحال میں ایک بہترین کاوش ہے اور اس سے طلباء اور والدین دونوں کو آسانی ہو گِی۔

انہوں نے کہا کہ دیہاتی علاقوں میں باصلاحیت اور تربیت یافتہ اساتذہ کی کمی کا مسئلہ اور بھی سنگین ہے، ٹی وی چینل کی رسائی ہر جگہ ہوتی ہے اس لئے ان علاقوں کے طلباءکو اس سے اور بھی زیادہ فائدہ حاصل ہو گا۔
٭٭٭
ملک بھر میں 24 اپریل کو چاند نظر آنے اور 25 اپریل کو ماہ رمضان پہلے روز کی پیش گوئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات پاکستان نے ملک بھر میں 24 اپریل کو چاند نظر آنے اور 25 اپریل کو ماہ رمضان پہلے روز کی پیش گوئی کی ہے۔ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند جمعہ 24 اپریل کو دکھائی دینے کا قوی امکان ہے،

کیوں کہ 23 اپریل کو چاند افق پر 5 ڈگری سے کم ہوگا۔دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 23اپریل بروزجمعرات کو کراچی میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کریں گے۔

جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس مختلف شہروں میں بیک وقت ہوگے۔ اس موقع پر ملک بھر سے موصول ہونے والے شہادتوں کی روشنی میں چاند کی رویت سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔

جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف پلانیٹری اینڈ ایسٹرو فزکس کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہد قریشی کے مطابق چاند 23 اپریل کی شام دنیا میں کسی مقام سے دیکھا نہیں جا سکتا۔ 24 اپریل کی شام چاند کی عمر 35 گھنٹے اور 32 منٹ ہو گی۔
٭٭٭
خیبر پختونخوا میں کورونا وباءکے معیشت پر اثرات سے متعلق رپورٹ تیار کرلی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا میں کورونا وباءکے معیشت پر اثرات سے متعلق رپورٹ تیار کرلی گئی۔مذکورہ رپورٹ محکمہ ترقی و منصوبہ بندی خیبر پختونخوا نے تیار کی ہے،رپورٹ میں لاک ڈاو¿ن سے متاثرہ کاروباری شعبوں اور منسلک افراد کی تفصیلات بتائی گئیں۔

رپورٹ میں صوبائی حکومت کی جانب سے اب تک کے اقدامات کا بھی ذکر ہے۔رپورٹ کی مدد سے حکومت کو آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے میں بھی مدد ملی گی۔دستاویزات کے مطابق خیبر پختونخوا میں مزدوروں کی تعداد 77 لاکھ ہے جن میں تعمیرات، مینوفیکچرنگ کا شعبہ لاک ڈاو¿ن کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے،

اس کے علاوہ کنسٹرکشن، ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ، سروسز سیکٹر بھی زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ہول سیل ڈیلرز، ڈیلی ویجز مزدور بھی سب سے زیادہ متاثرہ افراد میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ مزدور زراعت، لائیواسٹاک سے وابستہ ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں زراعت، لائیو اسٹاک کا شعبہ لاک ڈاو¿ن سے متاثر نہیں ہوا۔
٭٭٭
آئی ایم ایف کا قرضوں میں فوری ریلیف دینے کا اعلان کردیا، پاکستان شامل نہیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) آئی ایم ایف نے 25ممالک کے قرضوں میں فوری ریلیف دینے کا اعلان کردیا، پاکستان شامل نہیں، تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکل معاشی صورتحال کے پیش نظر 25 ممالک کے قرضوں میں فوری ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے

البتہ ان ممالک میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے۔آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عالمی مالیاتی ادارے کی طرف سے ایک طرح کی مدد ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہمارے ایگزیکٹیو بورڈ نے 25 ممالک کو آئی ایم ایف کے کیٹسٹرافی کنٹینمنٹ اینڈ ریلیف ٹرسٹ کے تحت قرضوں میں ریلیف دینے کی اجازت دے دی ہے۔

یہ آئی ایم ایف کی جانب سے کرونا کی وبا سے پڑنے والے اثرات پر قابو پانے کے لیے ایک طرح کی مدد ہے۔انہوں نے بتایا کہ سی سی آر ٹی اس وقت پانچ سو ملین امریکی ڈالرز کی گرانٹ بطور ریلیف دے سکتا ہے جن میں برطانیہ کی جانب سے 185 ملین ڈالر اور جاپان کی طرف سے دیے گئے سو ملین ڈالر شامل ہیں۔

ان ممالک کے علاوہ چین اور نیدرلینڈز بھی ریلیف کے اس پروگرام میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ س گرانٹ سے ہمارے غریب اور سب سے زیادہ متاثرہ ممبران کو آئی ایم ایف کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے چھ ماہ مل جائیں گے تاکہ وہ اس وبا کے پھیلاو¿ کے پیش نظر اپنے دیگر مالی وسائل پر کام کر سکیں اور طبی اور امدادی کوششوں کو بہتر بنا سکیں۔

افغانستان، یمن، دی گیمبیا، گینی اور ہیٹی سمیت 25 ممالک کو یہ گرانٹ دی جائے گی تاہم ان میں پاکستان شامل نہیں ہے۔ علامی مالیاتی ادارے نے افغانستان، یمن، گیمبیا، گینی اور ہیٹی سمیت 25 ممالک کو
قرض کی ادائیگی کیلئے 6ماہ کا ریلیف دینے کا اعلان کردیا

٭٭٭
ٹیکس گزاروں کو پروفائل اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی،سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس ریفنڈزکی ادائیگی کیلئے ٹیکس گزاروں کو پروفائل اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کردی۔

ایف بی آر کے مطابق ٹیکس گزاروں کو بینک اکاﺅنٹس میں ریفنڈز کی آن لائن ادائیگی کے لئے مرکزی نظام قائم کردیا گیا ہے اس لئے آن لائن ادائیگی کے لئے ٹیکس گزاروں کو ”آئرس پروفائل ”اپ ڈیٹ کریں اور ٹیکس گزار آئرس پروفائل میں دیئے گئے اپنے بینک اکاﺅنٹس کے ساتھ اپنے بینک کا ”آئی بین“بھی فراہم کریں۔

ایف بی آر خودکار نظام کے ذریعے ٹیکس گزاروں کی ریفنڈز کی رقوم ان کے بینک اکاﺅنٹس میں منتقل کرے گا۔
٭٭٭
اوورسیز پاکستانیوں کے عطیات کے لیے نئی ویب سائٹ لانچ کر دی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) کورونا وباءسے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے وزارت اوورسیز پاکستانیز نے اوورسیز پاکستانیوں کے عطیات کے لیے نئی ویب سائٹ لانچ کر دی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اس ویب سائٹ کے ذریعے بیرون ممالک مقیم پاکستانی، کورونا وباء سے متاثر ہ خاندانوں کی کفالت کی ذمہ داری لے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ویب سائٹ وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے بھی اوورسیز پاکستانیوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی۔ اس ویب سائٹ کے ذریعے بیرون ممالک مقیم پاکستانی ایک مخصوص وقت کے لیے کسی خاندان کے راشن کی براہ راست ذمہ داری لے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ،حکومت پاکستان کی ریلیف کوششوں میں مدد کے لیے زیادہ سے زیادہ 10ہزار ڈالرز covid.ophrd.gov.pk ویب سائیٹ کے ذریعے بھیج سکیں گے۔ وزارت اوورسیز کے عہدیدار نے ویب سائیٹ سے متعلق بتا تے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات دینے کے لیے اب اوورسیز پاکستانی ایک کلک کی دوری پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اب باآسانی پے پال کے ذریعے بھی عطیات دے سکتے ہیں۔
٭٭٭٭

About The Author