نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

مسلم لیگ (ن) وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنیوالے 6 ارکان میں سے تین کو معافی تین کو فارغ کرنے کا فیصلہ

نشاط ڈاہا، چودھری اشرف انصاری اور غیاث الدین کو پارٹی سے نکالنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا

اسلام آباد:

مسلم لیگ (ن) نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنیوالے 6 ارکان صوبائی اسمبلی میں سے تین کو معافی دینے جبکہ تین کو پارٹی سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خانیوال سے نشاط ڈاہا، گوجرانوالہ سے چودھری اشرف انصاری اور نارووال سے غیاث الدین کو پارٹی سے نکالنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا۔

ذرائع سے معلوم ہوا کہ 10 مارچ کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنیوالے تین ارکان اسمبلی خانیوال سے فیصل نیازی، محمد ارشد اور مظفر گڑھ سے اظہر عباس کو ذاتی وضاحت کیلئے آئندہ ہفتے ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ تین ارکان نے عثمان بزدار سے ملاقات ضرور کی لیکن انہوں نے قیادت کیخلاف بیان بازی نہیں کی اس لئے وارننگ دیکر انہیں آئندہ احتیاط برتنے کی ہدایت کی جائے گی

جبکہ نشاط ڈاہا، اشرف انصاری اورغیاث الدین کو ڈسپلنری کمیٹی میں پیش ہو کر وضاحت کا موقع نہیں دیا جائے گا کیونکہ انہوں نے پارٹی میں اپنے لئے کوئی گنجائش نہیں چھوڑی۔

اس سلسلہ میں صوبائی صدر رانا ثنا اللہ اور جنرل سیکرٹری سردار اویس لغاری کو پارٹی صدر شہباز شریف نے لندن سے ہدایات جاری کر دی ہیں،

آئندہ ہفتے قیادت کی ہدایت کے مطابق دونوں قسم کے ارکان کے متعلق فیصلہ کر لیا جائے گا، معافی حاصل کرنیوالے ارکان کو آخری موقع کے ساتھ وارننگ دیکر آئندہ محتاط رہنے کے احکامات جاری کئے جائیں گے۔

About The Author