دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

10مارچ2020:آج ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائدنگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

ڈیرہ میں ڈرگ انسپکٹر کی مبینہ ملی بھگت سے شہرومضافاتی علاقوں میں عطائیوں کی بھرمار

ڈیرہ اسماعیل خان :ڈیرہ میں ڈرگ انسپکٹر کی مبینہ ملی بھگت سے شہرومضافاتی علاقوں میں عطائیوں کی بھرمار ،پرائمری اورمڈل پاس عطائی ڈاکٹر مریضوں کی زندگیوں سے کھیلنے میں مصروف ،لوکل ادویات کے استعمال سے شہری خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر اور مضافات میں ڈرگ انسپکٹر کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر مڈیکل سٹورز اور عطائی ڈاکٹرز کی بھر مار سے شہری خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہوکر لقمہ اجل بن رہے ہیں ،ڈ

رگ انسپکٹر پچھلے کئی سالوں سے تعینات ہیں جو چیک اینڈ بیلنس کرنے کی بجائے میڈیکل سٹور ز مالکان وعطائی ڈاکٹرز کو اپنے دفتر طلب کرکے معاملات طے کرلیتے ہیں اور سب اچھا ہے کی رپوٹس افسران کو بھجوا دی جاتی ہے ۔

اگر کوئی شہری کسی میڈیکل سٹور یا عطائی کے خلاف شکایت کرے تو دفتری عملہ عطائی ڈاکٹرومیڈیکل سٹورز مالکان کو کاروائی سے قبل اطلاع کردیتاہے ۔اس طرح عطائی ڈاکٹر اور میڈیکل سٹورز مالکان کاروائی سے قبل ہی مبینہ طور پر معاملے کو رفع دفع کردیتے ہیں ۔

ڈیرہ کے شہریوں کا وزیر اعلی خیبر پختونخوا ،سیکرٹری ہیلتھ سمیت ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیرہ میں کسی فرض شناس ،ایماندار ڈرگ انسپکٹر کو تعینات کیا جائے تاکہ عطائیت کے ساتھ ساتھ غیر رجسٹرڈ میڈیکل سٹورز کا خاتمہ ممکن ہوسکے ۔
٭٭٭
ایک من سے زائد چرس برآمد ہونے مقدمہ میں گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ سید عارف شاہ نے جنوبی وزیر ستان کے علاقہ میں اینٹی نارکاٹکس فورس کی پہلی بڑی کاروائی میں برآمد ہونے والی کروڑوں روپے مالیت کی ایک من سے زائد چرس برآمد ہونے کے پہلے مقدمہ میں گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،

ملزمان کی جانب سے محمد سلیم خان مروت ایڈوکیٹ ،افتخار مروت ایڈوکیٹ اور شہزاد کنڈی ایڈوکیٹ نے درخواست کی پیروی کی ،

تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکاٹکس فورس نے کاروائی کے دوران جنوبی وزیرستان کے قریب تنائی چیک پوسٹ پر ایک مشکوک فیلڈر ٹویوٹا کار کو روکا اور دوران تلاشی کار کے اندر پچھلی سیٹوں پرموجود کروڑوں روپے مالیت کی ایک من سے زائد چرس برآمد کرلی ،ا

ینٹی نارکاٹکس فورس نے4 ملزمان جہانزیب ولد ٹیٹوک خان ، ربنواز ولد حضرت عباس ، بیت اللہ ولد خاندا خان اور فرمان اللہ ولد پیر مالا خان ساکنان تنائی جنوبی وزیرستان کو گرفتار کرلیا۔

تھانہ اینٹی نارکاٹکس فورس ڈیرہ میں ملزمان کے خلاف مقدمہ جرم زیر دفعات 9CNSA.15CNS دائرہونے پر انہیں جیل بھیج دیاگیا ،ملزمان نے عدالت میں ضمانت پررہائی کی درخواست دائر کی ۔

عدالت نے درخواست پر بحث سننے کے بعد چاروں ملزمان کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں فی کس دو لاکھ روپے دونفری ضمانت پررہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،
٭٭٭
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ،ٹرانسپورٹروں کی جانب سے لوٹ مارجاری

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ،ٹرانسپورٹروں کی جانب سے لوٹ مارجاری ،وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو نہ پہنچ سکا ، متعلقہ اداروں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود انٹر سٹی کرایوں میں کمی کرانے کی بجائے خاموشی ا ختیار کرلی،

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے دعوے صرف اعلان کی حد تک رہ گئے ہیں ،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچانے کا اعلان تو کردیاگیا لیکن اس پر عمل درآمد کرانے کےلئے حکومت نے کوئی حکمت عملی نہیں بنائی ،

حکومت کی جانب سے پنائی گئی پالیسی کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں میں پانچ روپے زیادہ یا کم ہونے کی صورت میں انٹر سٹی بس کرایوں میں بھی پانچ پیسے فی کلو میٹر کے حساب سے کم یازیادہ ہوگا،محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے کرایوں میں کمی کا اعلان تو کردیاگیا لیکن اس کا اطلاق کہیں بھی ہوتا نظر نہیں آتا

،ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ تنظیموں کی جانب سے مشاورت کے بعد خاموش رہنے کا فیصلہ کیاگیا ہے اور انٹر سٹی اے سی بسوں کے کرایوں میں بھی کوئی کمی نہیں کی گئی ،

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر انٹر سٹی اے سی بسوں اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کیا جاتا رہا ہے ،گڈز کرایوں میںکمی سے اجناس کی قیمتوںمیں کمی ہونا تھی ،لیکن خیبر پختونخو احکومت نے کوئی اقدامات نہیں کیے ،
٭٭٭
ڈیرہ ٹریفک کے مختلف حادثات کے دوران پانچ سالہ بچہ جاں بحق ،چار افراد شدید زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ ٹریفک کے مختلف حادثات کے دوران پانچ سالہ بچہ جاں بحق ،چار افراد شدید زخمی ہوگئے ،تھانہ یارک کی حدود علاقہ وانڈہ عمری میں ٹریفک کے المناک حادثے میں پانچ سالہ بچہ جاں بحق جبکہ اس کانانا شدید زخمی

جبکہ دوسرے واقعہ میں نواب اڈا کے قریب موٹر سائیکل اور چنگ چی رکشہ ٹکر میں3افراد زخمی ہو ئے ،پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کرلیے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں5سالہ بچہ جاں بحق جبکہ 4افراد زخمی ہوگئے۔ پہلے واقعہ میں روزی خان ولد امیر غلام قوم شیخ سکنہ کڑی ملنگ موٹر سائیکل پر اپنے 5سالہ نواسے جواد ولد شاہ بہرام کے ساتھ جارہا تھا کہ وانڈہ عمری روڈ یارک کے قریب تیز رفتار چنگ چی رکشہ نے انہیں ٹکر ماردی ۔

حادثے کے نتیجے میں دونوں نانا اور نواسا سڑک پر گر کر زخمی ہوگئے، اس دوران سڑک پر رفتار ٹرک بچے کے اوپر سے گزر گیا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

یارک پولیس نے زخمی روزی خان کی رپورٹ پر ٹرک ڈرائیور عنایت اللہ سکنہ وانڈہ عمری اور چنگ چی رکشہ ڈرائیور نصر اللہ سکنہ پہاڑ پور کے خلاف مقدمہ درج کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے ریتی ٹرک اور چنگ چی رکشہ کو قبضہ میں لے لیا۔

دوسرے واقعہ میں تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدود نواب اڈا پر چنگ چی رکشہ اور موٹر سائیکل کے تصادم میںموٹر سائیکل پر سوار کفایت اللہ ولد احسان بلوچ سکنہ بھکر، کریم نواز اور چنگ چی ڈرائیور تاج محمد بیٹنی ولد راز گل سکنہ نواب زخمی ہوگئے جن کو ہسپتال داخل کرادیا گیا۔ تھانہ یونیورسٹی پولیس نے اس واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔
٭٭٭
طلباءایڈمشن کے لئے بیان حلفی جمع کرانے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد(تمغہ امتیاز)کی ہدایت پر چیف پراکٹر گومل یونیورسٹی نے سپریم کورٹ کے 10مارچ1993کے فیصلے کولاگو کرتے ہوئے طلباءایڈمشن کے لئے بیان حلفی جمع کرانے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے ۔

نوٹیفکیشن کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے میں داخلہ لینے والے طالب علم اور ان کے والدین /سرپرست ایک حلف نامہ جمع کراوتے ہیں کہ انکا بچہ تعلیمی ادارے میں کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں شامل نہیں ہو گا اور اگر وہ ان سیاسی سرگرمیوںمیں پایا گیا تو بغیر کسی نوٹس کے اس طالب علم کو ایکسپل کر دیا جائے گا ۔

اس ضمن میں ادارے کے سربراہ کافیصلہ حتمی ہو گا اورسپریم کورٹ کے علاوہ کسی اورفورم پر چیلنج نہیں ہوسکتااور گومل یونیورسٹی نے مذکورہ بالا فیصلے کی روشنی میں داخلے کے وقت ہر طالب علم اور اس کے والدین سے اس ضمن میں حلف نامہ لیاہے۔

مگرگزشتہ روز غل غپاڑہ کرنےوالے طلباءجن میں شعبہ ایل ایل بی کے محمد کاشف ‘ضیاءالحق‘محمد شہریار‘خان منیر‘نعیم اللہ ، زرعی فیکلٹی کے شعبہ اگرانمی کے امیر حمزہ، شعبہ کمپیوٹر سائنسز کے حافظ محمد عارف،اسامہ احمد، اور شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے محمد آصف شامل ہیں کے والدین کو باقاعدہ تحریری طورپرمطلع کیا گیا ہے

کہ آپ کے بچے سیاسی سرگرمیاںاوریونیورسٹی کے ماحول کو خراب کرنے میں ملوث ہیں۔ لہٰذاآپ کو مطلع کیا جاتا ہے کہ آپ اپنے بچوں کو سمجھائیں تاکہ مستقبل میں طلباءاور انکے والدین کسی بھی مشکل سے بچ سکیں۔
٭٭٭
ملزمان نے کلہاڑیوں کے وار سے دکاندار کو زخمی کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) پروآ کے علاقے گنجو میں ملزمان نے دوکاندار کوکلہاڑی کے وار سے شدید زخمی ، ملزمان زخمی سے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، باپ روپوش ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پروآ میں علاقہ گنجو کے رہائشی جہانگیر بلوچ ولد غلام شبیر نے رپورٹ درج کرائی کہ میں اپنی دوکان میں سورہا تھا کہ رات گئے ملزمان گل رحمن اور اس کا والد محمد صوفی بلوچ ساکنان گنجو چینی خریدنے کیلئے آئے،

میں نے دروازہ کھولا تو ملزم گل رحمن نے کلہاڑی کے وار کرکے مجھے زخمی کیا اور میری جیب سے میرا بٹوا نکال لیا جس میں میرا قومی شناختی کاڈ، ٹچ موبائل اور دوکان کے سیف سے 25ہزار روپے کی نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

پروآ پولیس نے دونوں ملزمان باپ بیٹے کیخلاف مقدمہ درج کرکے گل رحمان نامی ملزم کو گرفتار کرلیاتاہم دوسرے ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔
٭٭٭
(ریسکیو1122) اہلکاروں کے بچوں کی تعلیم کے لئے رعایتی فیس کی سہولت فراہم کردی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا ایمرجنسی ریسکیو سروس (ریسکیو1122)کے اہلکاروں کے بچوں کیلئے مختلف نجی سکولوں میں تعلیم کے لئے رعایتی فیس کی سہولت فراہم کردی گئی ۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا ڈاکٹر خطیر احمد اور الائیڈ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز کے مابین یاداشتی مفاہمت پر دستخط کرلیے گئے۔ اس موقع پر ڈی جی ریسکیو1122ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ ریسکیو 1122کے اہلکار اپنی جانیں جوکھم میں ڈال کر عوام الناس کی شب وروز خدمت کرتے ہیں

اور ان کی بہترین کارکردگی پورے پاکستان کی سطح پر جانی و مانی جاتی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کی انہی کاوشوں اور محنت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریسکیو انتظامیہ اپنے اہلکاروں اور ان کے اہل و عیال کے روشن مستقبل کیلئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے

جس میں پنجاب گروپ آف کالجز، خیبر پختونخوا میں قائم حدف کالجز، الائیڈ سکولز اور ایفا سکول سسٹم میں ریسکیو اہلکار اپنے بچوں کو ابتدائی طور پر رعایتی فیسوں پر تعلیم حاصل کروا سکتے ہیں۔ ریسکیو1122کے وہ اہلکار جو دوران فرائض شہدا ہوئے انکے بچوں کو ان پرائیویٹ سکولز میں مکمل مفت تعلیم فراہم کی جائے گی،

دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے اہلکاروں کے بچے کو ماہانہ فیس میں 50فی صد (آدھی فیس)معاف کی جائے گی جبکہ ریسکیو1122کے حاضر سروس ملازمین کے لیے ماہانہ فیس میں 25فی صد تک رعائیت دی جائے گی۔

ریسکیو اہلکار صوبے کہ کسی بھی علاقے میں اپنے بچوں کو داخل کراسکتے ہیں جبکہ ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں بھی منتقلی پر کوئی چارجز نہیں لیے جائیں گے۔
٭٭٭
قتل کیس کااہم اشتہاری پولیس کے ہاتھوں گرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)صدر پولیس نے کاروائی کے دوران قتل کیس کے اہم اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر محمد نواز نے پولیو ڈیوٹی کے دوران 18جنوری2020کوقتل کے اہم اشتہاری ملزم صدیق اللہ کنڈی ولد عصمت اللہ کنڈی سکنہ درکی ضلع ٹانک کو گرفتار کرلیا ہے۔
٭٭٭
میگا کرپشن واراضی جعلی انتقالات کیس میں طویل عرصہ سے روپوش بااثر ملزمان کے ایک بار پھر بلاضمانت گرفتاری جاری

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)اینٹی کرپشن کیمپ کورٹ ڈیرہ نے جی پی او چوک ڈیرہ کے قریب اربوں روپے کی اراضی جعلی انتقالات کے ذریعے جعلسازی اور فراڈ کے ذریعے قبضہ مافیا کو اونے پونے داموں فروخت کرنے کے مقدمہ میں

طویل عرصہ سے روپوش بااثر ملزمان کی گرفتاری کے لئے ایک بار پھر ان کے بلاضمانت گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتارکرکے 17 مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،

جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ ،ایڈیشنل سیشن جج I اور ایڈیشنل سیشن جج IV ڈیرہ کی عدالت میں زیر سماعت مقدمات میںبار بار نوٹسز کے باوجود ملزمان کے پیش نہ ہونے پر ان کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے ہیں ، ا

ینٹی کرپشن کیمپ کورٹ ڈیرہ نے بھی مذکورہ جعلی انتقالات کے میگاکرپشن سکنڈل کو وائٹ کالر کرائم قرار دیتے ہوئے ریونیو ڈیرہ کے چاررجسٹرار ز ،تین وثیقہ نویسوں اور دو خواتین سمیت 26 افراد کے خلاف بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے

،تاہم ملزمان کے پیش نہ ہونے پر اینٹی کرپشن عدالت نے ملزمان کے دوبارہ بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملزمان کو گرفتارکرکے انہیں 17 مارچ کو عدالت میں پیش کیا جائے،

کینٹ بورڈ ڈیرہ کی جانب سے بھی جی پی او چوک کے قریب پلاٹ 01 تا14 اور 16.18.20 سروے نمبر80 پر غیر قانونی تعمیرات کوروکنے کے لئے قبضہ مافیا کو نوٹس جاری کردیا ہے،

واضح رہے کہ بورڈ آف ریونیو پشاور کی جانب سے ریونیو ڈیرہ کے تین سابق وایک موجودہ رجسٹراروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمانہ تحقیقات کا آغاز کر کے انہیں نوٹسز جاری جبکہ کمشنر ڈیرہ کو غیرقانونی وثیقہ جات کی منسوخی کے لئے ہدایات جاری رکھے ہیں،

ڈیرہ کے نواحی علاقہ کوکار کے رہائشی ڈاکٹر حضرت خان کی جانب سے سول کورٹ ڈیرہ میں ڈاکٹر حضرت خان بنام حسین جان وغیرہ کے عنوان سے تکمیل معاہدہ کے ساتھ جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ کی عدالت میں استغاثہ دائر کرنے کے علاوہ اینٹی کرپشن عدالت ڈیرہ میں بھی مذکورہ ملزمان کے خلاف استغاثہ دائر کیا گیا

جس میں مستغیث ڈاکٹر حضرت خان نے موقف اختیار کیا کہ جی پی او چوک کے قریب واقع میری ملیکتی پلاٹ 01 تا14 اور 16.18.20 سروے نمبر اسی اور تعمیر شدہ بلاول بنی گالہ ہاﺅس کو محکمہ ریونیو ڈیرہ کی ملی بھگت سے کنٹونمنٹ بورڈ ڈیرہ اور ایم ای او کوہاٹ کی این او سی کے بغیر اپنی ملیکت ظاہر کرکے اس پر غیر قانونی تعمیرات شروع کردی ہیں ،

اینٹی کرپشن کیمپ کورٹ ڈیرہ کی جانب سے بار بار کے نوٹسز جاری ہونے کے باوجود ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر اینٹی کرپشن عدالت مذکورہ کرپشن کو وائٹ کالر کرائم قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف بلاضمانت وارنٹ جاری کیے

لیکن مقررہ تاریخ پر ان کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے مذکورہ افراد کے خلاف دوبارہ بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں،دوسری جانب بورڈ آف ریونیو پشاور نے ریونیو ڈیرہ کے چار رجسٹراروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے انہیں چارج شیٹ کرکے ان کے خلاف محکمانہ تحقیقات کا آغاز کردیا

اور اس ضمن میں مذکورہ رجسٹراروں کو نوٹسزبھی جاری کردیئے گئے ہیں ،بورڈ آف ریونیو پشاور کی جانب سے غیر قانونی وثیقہ جات کی منسوخی کے لئے کمشنر ڈیرہ کو بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ،

یادرہے کہ مذکورہ قیمتی اراضی کے جعلی انتقالات کے خلاف دائر مختلف استغاثوںپر جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ ،ایڈیشنل سیشن جج) (Iاور ایڈیشنل سیشن جج IVکی جانب سے بھی ملزمان کے پیش نہ ہونے پر 26 افراد کے خلاف پہلے ہی بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاچکے ہیں ۔
٭٭٭
آل آڈیٹر ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاج اور ہڑتال،پری آڈٹ ٹوکن مکمل بندکردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹ آفس ڈیرہ میں آل آڈیٹر ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاج اور ہڑتال،پری آڈٹ ٹوکن مکمل بندکردیاگیا ،تنخواہوں میں اضافہ ،ٹائم سکیل پوموشن سمیت دیگر مطالبات کی منظوری تک روزانہ ایک گھنٹہ دفاتر میں ہڑتال کرنے کا فیصلہ

،ڈسٹرکٹ اکاﺅنٹ آفس ڈیرہ میں آل آڈیٹر ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاج اور ہڑتال کی گئی ،اس موقع پر آل آڈیٹر ایسوسی ایشن ڈیرہ کے جنرل سیکرٹری تہذیب حسن ،فنانس سیکرٹری محمد نادر کے علاوہ دیگر سٹاف موجود تھا۔

احتجاج کے دوران پری آڈٹ ٹوکن مکمل بندکردیاگیا،مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں 100فیصد اضافہ کیا جائے۔ اگر ہمدردانہ غور نہ ہوا تو جلد احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کر کے سڑکوں پر آئیں گے ،

انہوں نے کہا کہ ہر بار سرکاری ملازمین اور نچلے طبقہ کو قربانی کا بکرا بنایا جاتا ہے جس سے معاشرے کا توازن بگڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے مطالبہ ہے کہ بجٹ کی منظوری سے قبل مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے ،

وہ تمام اشیا جو عام آدمی کے استعمال کی ہیں وہ مہنگی کی جا رہی ہیں۔ مہنگائی کی شرح سے تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ ہونا چاہئے تھا، جو نہیں کیا گیا۔ نئے ٹیکسز کا اضافہ کہاں کا انصاف ہے۔

انہوںنے مطالبہ کیا کہ ملازمین کو ٹائم سکیل پروموشن کے علاوہ سنیئر آڈیٹر کی اپ گریڈیشن کی جائے اور انہیں سیکرٹریٹ الاﺅنس جاری کیاجائے انہوںنے کہا کہ مطالبات تسلیم ہونے تک اکاﺅنٹ آفس ڈیرہ میں ایک گھنٹہ علامتی ہڑتال کی جائے گی،
٭٭٭
انسداد پولیو مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت یا تساہل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ،محمد عمیر

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت یا تساہل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب رواں ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں انسداد پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی سے متعلق منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم، پولیس، لوکل گورنمنٹ سمیت ای پی آئی، ڈبلیو ایچ او، کام نیٹ ، تھرڈ پارٹی مانیٹرز و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پہلے روز کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر حفیظ اﷲ نے بتایا کہ

رواں انسداد پولیو مہم کے پہلے روز کا مقررہ ہدف ایک لاکھ 26ہزار931تھا جس میں سے ایک لاکھ 9ہزار 726پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مکمل کیا گیا ہے جو کہ مقررہ ہدف کا 86فیصد بنتا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ مہم کے پہلے روز ریفیوزل کیسز کی تعداد 705رہی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران تمام افسران و اہلکار اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دیں تاکہ مہم کے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
٭٭٭
پندرہ سالہ نوجوان قتل کیس کے دو ملزمان پولیس کے ہتھے چڑھ گئے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس نے کامیاب کاروائی کے دوران تحصیل پہاڑپور کے علاقہ کوٹجائی میں معمولی تکرار پر پندرہ سالہ نوجوان شان کو چھریوں کے وار سے قتل کرنے کے مقدمہ میں نامزد دو ملزمان بھائیوں عابد اور غلام عباس کو گرفتارکرلیا،

مرکزی ملزم عرفان تاحال مفرور ،مرکزی ملزم سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاریوںکے لئے چھاپے جاری ، پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پہاڑ پور کی حدود میں واقع گاﺅں کوٹجائی میںمعمولی تلخ کلامی پر چھریوں کے وار سے پندرہ سالہ نوجوان شان ولد محمد سعید قوم ماچھی سکنہ کوٹ جائی کو قتل جبکہ اس کے باپ سعید کو شدید زخمی کردیاگیا،

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر علاقہ کوٹجائی میں اراضی میں گدھا چرنے پر وقوعہ رونما ہوا اورتلخ کلامی کے دوران چھوٹے بچوں کی آپس کی لڑائی میں بارہ سالہ بچہ عزیز ولد سعید زخمی ہوگیا ، بچے کا بھائی 15سالہ شان اپنے باپ محمد سعید قوم ماچھی سکنہ کوٹ جائی کے ہمراہ شکایت لے کر مخالف فریق کے گھر گیا

کہ انہوں نے اس کے چھوٹے بھائی عزیز کو کیوں مارپیٹ کرکے زخمی کیاہے،بات بڑھتے تلخ کلامی اور ایک دوسرے کے گریبانوں تک جاپہنچی اور پھر مخالف فریق کے ملزم عرفان نے دیگر دو بھائیوں عابد، عباس پسران رمضان اور جاوید ولد حاکم کے ہمراہ شان اور اسکے والد سعید کو زدو کوب کرکے زخمی کردیا ،

اس دوران ملزم عرفان نے اچانک طیش میں آکر چھریوں کے پے در پے وار سے پندرہ سالہ نوجوان شان پر قاتلانہ حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا ،ارتکاب جرم کے بعد تمام ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ، دونوں باپ بیٹے کو زخمی حالت میں پہاڑپور ہسپتال منتقل کیاگیا

جہاں بیٹے کو شدید زخمات کے باعث ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ بھیجا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئی ہے، پہاڑ پور پولیس نے مقتول کے والد کی رپورٹ پر ملزمان عرفان، عابد، عباس پسران رمضان اور جاوید ولد حاکم کیخلاف مقدمہ جرم زیر دفعات 302.34 ت پ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ،

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) واحد محمود نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ او پہاڑ پور انیس الحسن کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا ۔

پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے چھاپہ زنی کے دوران دو ملزمان عابد اورغلام عباس پسران محمد رمضان کو گرفتار کیا ۔ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
٭٭٭
عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کے چالان بروقت پیش نہ ہونے درجنوں مقدمات التواءکا شکار

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی ماتحت عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کے چالان بروقت پیش نہ کرنے کی وجہ سے درجنوں مقدمات التواءکا شکار ،تفتیشی افسران کی ہٹ دھرمی سائلین کو فوری انصاف فراہم کرنے میں بڑی رکاوٹ بن گئی ،

عدالتوں کی جانب سے روزانہ متعلقہ تفتیشی افسران کو شوکاز نوٹسز ،قابل اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ،ایس ایچ اوز کو شوکاز نوٹسز اور تنخواہیں قرق کرنے کے بھی احکامات جاری کیے جاتے ہیں او رمراسلے متعلقہ افسران کو باقاعدہ طور پر ارسال کیے جاتے ہیں ،

اس کے باوجود زیر سماعت مقدمات کے بروقت چالان تفتیشی افسران پیش نہیں کرتے جس کی وجہ سے عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ،زیادہ تر مقدمات التواءکا شکار ہورہے ہیں ،عدالتوں میں ایسے زیر التواءمقدمات جن کے چالان پیش نہیں کیے جاتے ان مقدمات میں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی جاتی ہے ،

ضلع ڈیرہ کی تحصیلوں ،کلاچی ،درابن ،پروآ ، پہاڑپوراور ضلعی ہیڈ کوارٹر میں بروقت چالان مکمل نہ ہونے کی وجہ سے مقدمات التواءکا شکار ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے زیر سماعت مقدمات نمٹانے میں معزز عدالتوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتاہے ،

شہریوں نے ڈی پی او ڈیرہ سے مطالبہ کیا کہ تفتیشی افسران کو بروقت چالان مکمل کرکے عدالتوں میں جمع کروانے کا پابند بنایا جائے تاکہ زیر سماعت مقدمات بروقت یکسو ہوسکیں ،
٭٭٭
ایک لاکھ 49ہزار 330 حج درخواستیں موصول

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)سرکاری حج سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کے آخری روز تک ایک لاکھ 49ہزار 330 درخواستیں موصول، قرعہ اندازی 12مارچ کو ہوگی، رواں سال پاکستان سے کل ایک لاکھ 80ہزار جبکہ سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 7ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کی تاریخ کے اختتام تک ملک بھر سے کل ایک لاکھ 49ہزار 330حج درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

ملک بھر میں 13 بینکوں کی نامزد شاخوں کے ذریعے حج درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ 6مارچ مقرر تھی تاہم آخری تاریخ میں دو روز کا اضافہ کرکے اسے 8مارچ مقرر کیا گیا تھا۔

سرکاری حج سکیم کے تحت قرعہ اندازی 12مارچ کو ہوگی۔ سرکاری حج سکیم کے تحت اس سال ایک لاکھ 7ہزار جبکہ مجموعی طور پر پاکستان سے ایک لاکھ 80ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
٭٭٭
موسم گرما میں شکر قندی کو ایک اہم نقد آور فصل کے طور پر کاشت کیا جاسکتا ہے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ موسم گرما میں شکر قندی کو ایک اہم نقد آور فصل کے طور پر کاشت کیا جاسکتا ہے جو بہترین مالی منفعت کا باعث بھی بن سکتی ہے نیز شکر قندی کو تھوڑی کھاد اور کم پانی سے بھی اگا کر بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایا جاسکتا ہے

جس کے بیج کا خرچ نہ ہونے کے برابر ہے تاہم شکر قندی کے کاشتکار منظور شدہ قسم وائٹ سٹار کا بھی استعمال کریں تاکہ اچھی پیداوار مل سکے۔کاشتکاروں کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ شکر قندی غذائی اعتبار سے بھی انتہائی مفید ہوتی ہے جس میں 30 سے 35 فیصد تک کاربوہائیڈریٹس پائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کاشتکار جن کے پاس وافر سرمایہ نہ ہو وہ بھی انتہائی آسانی کے ساتھ شکر قندی کو کاشت کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شکر قندی کیلئے تھوڑی کھاد اور کم پانی کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کے بیج کا خرچہ بھی نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ اس فصل کی کاشت کیلئے بیلیں کاٹ کر لگائی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاشت کار ماہ اپریل کے دوران بھی فصل کاشت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ سٹار قسم سفید رنگ کی بہترین پیداوار دینے والی انتہائی مفید قسم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایکڑ رقبہ کاشت کرنے کیلئے 180 سے 200 کلوگرام شکرقندی درکار ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریتلی میرا زمین جس میں پانی کے نکاس کا مناسب انتظام ہو وہ شکر قندی کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ثابت ہوسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کاشت کار شکر قندی کی کاشت کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی مشاورت کرسکتے ہیں۔
٭٭٭
ترشاوہ پھلوں کے پودوں کی پیوند کاری کاعمل مارچ و اپریل میں مکمل کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)باغبانوں کو ترشاوہ پھلوں کے پودوں کی پیوند کاری کاعمل مارچ و اپریل میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پیوند کاری بذریعہ چشمہ یا ٹی بڈنگ اور بذریعہ گرافٹنگ کی جاسکتی ہے۔

ماہرین زراعت نے بتایا کہ جب کھٹی کے پودوں میں رس چلنا شروع ہو جائے اور اس کاچھلکا باآسانی اتر جائے تو پیوندکاری انتہائی آسانی سے کی جاسکتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ چشمہ یاٹی بڈنگ کے ذریعے پیوندکاری کے دوران چشمہ بڑھانے سے پہلے روٹ سٹاک کے پودوں کی 30سی40سینٹی میٹر اونچائی تک چھوٹی شاخیں اتار دی جائیں اور چشمے کو شاخ سے تراشنے کے بعد اس سے لکڑی علیحدہ کرلی جائے کیونکہ اس طرح چشمہ چھال کے اندر ٹی کٹ آسانی سے لگ جاتاہے۔

انہوںنے کہاکہ گریپ گروٹ ، میٹھے ،لیموں کے چشمے کے ساتھ کانٹا ہوتاہے اسلئے روٹ سٹاک پر ٹی کی شکل کانشان چاقو کی مدد سے بنایاجاسکتاہے جس کی لمبائی 2سے 3سینٹی میٹر ہونی چاہیے۔

انہوںنے کہاکہ اگر ٹی بڈنگ کے حوصلہ افزاء نتائج حاصل نہ ہورہے ہوں تو ٹی گرافٹنگ سے پیوند کاری کی جاسکتی ہے لیکن اس طریقے کیلئے پیوندی لکڑی کی عمر کم از کم 3ماہ ہونی چاہیے۔

انہوںنے بتایاکہ پیوندی چشمہ کے علاوہ روٹ سٹاک سے پھوٹے ہوئے شگوفے کاٹتے رہناچاہیے ورنہ شگوفے بہت زیادہ بڑے ہو جائیں گے اور اس سے پیوندی چشمے کی نشو ونما پر برااثر پڑے گا۔
٭٭٭
بیر کا پھل غذائیت کے لحاظ سے کسی بھی طرح سیب اور سنگترے سے کم نہیں

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)بیر کا پھل غذائیت کے لحاظ سے کسی بھی طرح سیب اور سنگترے سے کم نہیںجبکہ بیر کو تازہ حالت میں کھانے کے علاوہ جیم ، جیلی، مربہ ، کینڈی بنانے کیلئے بھی استعمال کیاجاتاہے نیز باغبانوں کوپھل کی پیکنگ کے دوران اے، بی ، سی کیٹیگری کا خاص خیال رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ زراعت کے ترجما ن نے بتایاکہ بیر کاپھل زیادہ تر منڈی میں تازہ حالت میں فروخت کیاجاتاہے تاہم اگر حکومت بیر کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرے تو کسان بیر کے پھل سے مزید بہتر منافع کرسکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پھل کی برداشت کے بعد اس کی مناسب درجہ بندی کرتے ہوئے اسے سایہ دار جگہ میں رکھ کر پیک کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ اے کیٹیگری کے پھل میں چمکدار زرد رنگت والا بیر جس کا سائز 35ملی میٹر ہو اور اس پر کسی قسم کا داخ دھبہ نہ ہو شامل ہے۔

انہوںنے کہاکہ غیر یکساں زرد رنگت ، 25 سے 35ملی میٹر جسامت ، کم داغ دھبے اور رگڑ والے بیر کو بی کیٹیگری اور سرخ رنگت والے 25ملی میٹر یا اس سے کم جسامت و داغ دھبوں والے بیر کو سی کیٹیگری میں شمار کیاجاتاہے۔

انہوںنے کہاکہ بیر کی پیکنگ کامناسب طریقہ یہ ہے کہ پھل کو گتے کے ڈبوں یا کریٹوں میں احتیاط سے پیک کیاجائے تاکہ ان کو دور دراز کی منڈیوں تک پہنچانے کے دوران پھل کو نقصان سے بچایاجاسکے۔
٭٭٭
بھربھری ذرخیز زمین میں گلاب کی زیادہ سے زیادہ کاشت کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ماہرین زراعت نے کاشتکاروںکو بھربھری ذرخیز زمین میں گلاب کی زیادہ سے زیادہ کاشت کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار ہائبرڈ ٹی ، روز ، فلوری بنڈا، منی ایچر، بیلدار اقسام کے گلاب کی کاشت سے شاندار مالی منفعت حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ دنیابھر میں گلاب کی 20ہزار سے زائد اقسام کاشت کی جاتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کا سرخ گلاب اپنی خوبصورتی اور خوشبو کے باعث دنیابھر میں پسند کیاجاتاہے جسے کوئین آف فلاروز بھی کہاجاتاہے۔

انہوںنے کہاکہ گلاب کی کاشت کیلئے منتخب کی گئی زمین میں پانی کا اچھا نکاس بھی ہونا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ 6 سے 6.5 تک تعامل والی زمین میں گلاب کے پودے لگانے کیلئے 2مربع فٹ سائز کے گڑھے کھود کر اڑھائی فٹ تک گہرائی رکھنی چاہیے

اور اوپر والی ایک فٹ مٹی الگ جبکہ نیچے والی ایک سے ڈیڑھ فٹ مٹی الگ کرنی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ گڑھے پودے لگانے سے کم از کم ایک ہفتہ قبل کھودنے چاہئیں اورپودالگانے کے بعد گڑھا بھرنے کیلئے اوپر والی ایک فٹ مٹی میں سے 50فیصد مٹی ، 20فیصدگوبر کی کھاد ، 20فیصد پتوں کی کھاد ،10فیصد بھل کاآمیزہ تیارکرنابھی ضروری ہے۔

انہوںنے بتایاکہ گلاب کے پودے مارچ کے پورے مہینہ میں لگائے جاسکتے ہیں تاہم پودے لگانے کاعمل 30مارچ تک مکمل کرلینا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ پودے کا پودے سے فاصلہ 2.5 سے 3فٹ تک رکھاجائے اور گرمیوں میں ہفتہ میں 2 مرتبہ آبپاشی بھی یقینی بنائی جائے۔
انہوںنے کہاکہ مزید معلومات و رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یاماہرین زراعت سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔
٭٭٭
ٹرینوں کے اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرز کلاس کے کرایوں میں 10 فیصد سے 25 فیصدتک کمی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ملک بھر میں چلنے والی تمام ٹرینوں کے اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرز کلاس کے کرایوں میں 10 فیصد سے 25 فیصدتک کمی کر دی گئی۔

اگر کوئی مسافر کسی جگہ آنے جانے کی بیک وقت ٹکٹوں کی ریزرویشن کرواتا ہے تو اسے کرائے میں 25فیصد رعایت ہو گی اور اگر کوئی مسافر کسی جگہ جانے کیلئے صرف ایک طرف کی ٹکٹ کی ریزرویشن کرواتا ہے تو اسے کرائے کی مد میں 10فیصد رعایت ہوگی، مسافروں کو یہ رعایت 8مئی تک حاصل ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ریلوے حکام نے لاہور،اسلام آباد،کراچی اور ملتان سمیت پشاور کے درمیان ریل سے سفر کرنے والے مسافروں کی سہولت کیلئے ملک بھر میں چلنے والی ٹرینوں کے اے سی بزنس اور اے سی سٹینڈرز کلاس کے کرایوں میں خاطرخواہ کمی کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے ریلوے کی تمام ڈویڑنوں کے ریزرویشن دفاتر کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ان ٹرینوں میں فیصل آباد ایکسپریس ٹرین، قراقرم ایکسپریس ٹرین،فیصل ایکسپریس، سبک خرام ٹرین، ملت ایکسپریس ٹرین، شالیمار ایکسپریس،شاہ حسین ایکسپریس، سندھ ایکسپریس، بہاوالدین

ذکریا ایکسپریس ، گرین لائن ، سبک رفتار ، ملتان ایکسپریس، مہر ایکسپریس، تھل ایکسپریس، راوال ایکسپریس، اسلام آباد ایکسپریس، عوام ایکسپریس رحمان بابا ایکسپریس ٹرین، کراچی ایکسپریس ٹرین، موسی پاک اوربزنس ایکسپریس ٹرین شامل ہیں۔
٭٭٭
بارشوں کے نئے سلسلے شروع ہونے کی نوید سنا دی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں کے نئے سلسلے شروع ہونے کی نوید سنا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی نوید سناتے ہوئے بتایا ہے کہ منگل کے روز سے بلوچستان کے راستے پاکستان میں مغربی ہواﺅں کا نیا نظام داخل ہو گیا ، جس سے بارشوں کا ایک بار پھر سے آغاز ہوگا۔ منگل اور بدھ کے روز ملک میں بارشیں ہوں گی۔

امکان ظاہر کیا جار رہا ہے کہ ڈیرہ میں بدھ کو بارش ہو گی جو 3 دن تک جاری رہیں گی۔ ملک میں ہواﺅں کے نئے نظام کے داخل ہونے کی وجہ سے میدانی علاقوں میں سردی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔

دوسری جانب گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں سے کسانوں کو پانی کی بچت ہوگی جبکہ طوفان اور آندھی سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گنے اور آلو کی فصل کی کھدائی متاثر ہوسکتی ہے۔
٭٭٭
ماڈل کورٹس میں مقدمات کی تیز ترین سماعت کا سلسلہ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ملک بھر کی ماڈل کورٹس میں مقدمات کی تیز ترین سماعت کا سلسلہ جاری ہے۔ جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز 444 ماڈل کورٹس نے مجموعی طور پر 376 مقدمات کا فیصلہ سنا یا، 173 ماڈل کریمینل ٹرائل کورٹس نے قتل اور منشیات کے 122مقدمات کا فیصلہ کیا۔

پنجاب میں قتل کی13 اور منشیات کی15، سندھ میں قتل کے 19 اور منشیات کے 18، خیبر پختونخواہ میں قتل کے 7 اور منشیات کے 39، بلوچستان میں قتل کے 3 اور منشیات کے 3 جبکہ اسلام آباد میں قتل کے 2 اور منشیات کے 3 مقدمات کا فیصلہ سنایا گیا۔

ایک مجرم کو سزائے موت اور 14 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی جبکہ دیگر 25 مجرمان کو کل51 سال 35 ماہ 18دن قید اور 9735495 روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی،

اسی طرح ملک بھر میں قائم 119 سول ایپلٹ ماڈل کورٹس نے مجموعی طور پر 101دیوانی، فیملی اور رینٹ اپیلوں و درخواست نگرانی جبکہ 152 ماڈل مجسٹریٹس عدالتوں نے 153 مقدمات کے فیصلے سنائے۔

تمام عدالتوں نے 397 گواہان کے بیانات قلمبند کیے، مجموعی طور پر 56 مجرمان کو 48 سال 5 دن قید اور 225798 روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
٭٭٭
محکمہ صحت نے کلاس فور ملازمین کی بھرتیوں پر پابندی عائد کردی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے کلاس فور ملازمین کی بھرتیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ سیکریٹری محکمہ صحت کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ پابندی محکمہ صحت کے ذیلی اداروں، پروگرامز اور پراجیکٹس میں گریڈ ایک سے لے کر چار تک کے ملازمین کی بھرتی پر لگائی گئی ہے

تاہم اس پابندی کا اطلاق میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹس (ایم ٹی آئیز) پر نہیں ہوگا۔محکمے کی طرف سے عائد یہ پابندی تاحکم ثانی نفاذ رہے گی۔

یاد رہے گریڈ 5 سے 16 تک کے صحت ملازمین کی تقرری و تبادلوں پر پہلے سے پابندی عائد ہے۔

اس حوالے سے محکمہ صحت کے اعلامیے میں یہ کہا گیا ہے کہ 14 جنوری کو جاری کردہ نوٹیفکیشن تا حال نافذ العمل ہے۔
٭٭٭
روایتی میلہ اسپان و مویشیان ڈیرہ جات میں وزیر اعلی کی آمد متوقع

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان کا روایتی میلہ اسپان و مویشیان اس سال ڈیرہ جات فیسٹیول کے نام سے منعقد کیا جا رہا ہے جس میں وزیر اعلیٰ محمود خان کی آمد متوقع ہے جبکہ دیگر صوبوں کی اعلیٰ شخصیات کو بھی میلے میں مدعو کیا گیا ہے۔

فسٹیول میں نیزہ بازی، ڈاگ ریس، کبڈی، دودہ، سٹون اینڈ سیک لفٹنگ، بیل گاڑی ریس سمیت مختلف علاقائی کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے۔ یہ بات آج کمشنر ڈیرہ محمد جاوید مروت کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس کو بتائی گئی۔

کمشنر آفس کے جرگہ ہال میں منعقدہ اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر امتیاز شاہ، ڈپٹی کمشنر محمد عمیر سمیت تمام محکموں کے مقامی سربراہوں نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے بتایا کہ میلے کے منظم اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں۔

ہر کمیٹی متعلقہ ایونٹ کے بہتر انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے کی نہ صرف ذمہ دار ہو گی بلکہ اس پر آنے والے اخراجات کی شفافیت اور فنڈز کے بے جا ضیاع کو روکنے کی بھی ذمہ دار ہو گی۔

میلے کے تمام اہم ایونٹس کا انعقاد رتہ کلاچی سپورٹس سٹیڈیم اور اس سے ملحقہ میلہ گراﺅنڈ میں ہو گا جبکہ خواتین اور فیملیز کی تفریح طبع کیلئے ٹاﺅن ہال میں مینا بازار کا انعقاد کیا جائیگا۔

اسی طرح سپورٹس کمپلیکس میں مختلف سرکاری محکموں اور پرائیویٹ آرگنازائزیشن کو معلوماتی سٹالز لگانے کی دعوت دی گئی ہے جہاں پر وہ اپنی خدمات اور مصنوعات کے بارے میں لوگوں کو معلومات فراہم کر کے اپنی تشہیر بہتر انداز میں کر سکیں گے۔

اسی طرح فسٹیول کے دوران تلاوت کلام پاک ، نعت خوانی اور قومی ترانوں کا مقابلہ بھی منعقد کیا جائیگا ۔ تمام ایوینٹس میں اول، دوم اور سوم آنے والے افراد کو انعامات سے نوازا جائیگا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ اس سال کا ہمارا ڈیرہ جات فسٹیول نئے نام اور نئے تھیم کے ساتھ ماضی سے ہٹ کر نئے جوش اور جذبے سے منایا جا رہا ہے۔صوبائی حکومت نے اس ایونٹ کو شاندار طریقے سے منانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری ہیں

اور اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور چیف سیکرٹری کاظم نیاز خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں لہذا ہم سب کا فرض بنتا ہے کہ اس میلے کو نہایت تزک و احتشام سے منعقد کر کے نہ صرف ڈیرہ کی عوام بلکہ تمام ملحقہ اضلاع اور ڈویژنوں کی عوام کیلئے بہترین تفریحی ، ثقافتی پروگرام اور کھیلوں کا انعقاد کر کے ایک قابل تقلید مثال قائم کریں ۔

انہوں نے کہا کہ میلے ٹھیلے ، کھیلوں کے مقابلے اور دیگر صحتمند تفریحی پروگرام ہماری ثقافت کا حصہ ہیں جس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر ہم گھٹن اور مادہ پرستی کے اس ماحول میں خوشگوار تبدیلی لا سکتے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر سید امتیاز شاہ نے کہا کہ ایسی تقاریب کا انعقاد فقط ٹیم ورک سے ہی ممکن ہے لہذا ہر محکمے کا فرض بنتا ہے کہ وہ میلے کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحتیں اور ذرائع بروئے کار لائیں۔

انہوں نے محکمہ پولیس کی جانب سے سیکورٹی اور دیگر خدمات کی فراہمی کی مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے توقع کا اظہار کیا کہ دیگر تمام محکمے بھی وہ تمام ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں گے جو ان کو تفویض کی گئی ہیں۔
٭٭٭٭٭

About The Author